Tag: showbiz

  • آج کل اداکاری نہیں بلکہ دکھاوے کا دور ہے، توقیر ناصر

    آج کل اداکاری نہیں بلکہ دکھاوے کا دور ہے، توقیر ناصر

    کراچی 12 جولائی 2025: پاکستان کے سینئر اداکار توقیر ناصر نے موجودہ شوبز انڈسٹری کے رجحانات پر تنقید کے نشتر برساتے ہوئے کہا ہے کہ آج کے ڈراموں میں خلوص، سچائی اور جذبات کی بجائے ظاہری خوبصورتی اور دکھاوے کو زیادہ اہمیت حاصل ہے۔

    توقیر ناصر کا نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ماضی کے فنکار اپنے کرداروں سے جذباتی طور پر جُڑے ہوتے تھے اور ان کی اداکاری میں فطری انداز اور سچائی کی عکاسی ہوتی تھی، اس کے برعکس آج کل کی اداکاری میں اصل جذبات کی بجائے میک اپ اور سرجری سے بنائے گئے خدوخال نمایاں ہو رہے ہیں۔

    سینئر اداکار نے اداکاراؤں میں بڑھتے ہوئے پلاسٹک سرجری کے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مصنوعی حسن نے ان کے چہروں کو مصنوعی جیسا بنا دیا ہے۔ جبکہ ماضی کی اداکارائیں سادگی پسند تھیں اور قدرتی طور پر خوبصورت ہوا کرتی تھیں۔

    اُنہوں نے کہا کہ پہلے ڈائریکٹر سیٹ پر موجود رہتے تھے اور فنکاروں کی رہنمائی کرتے تھے کردار میں ڈھلنے میں اداکاروں کی رہنمائی کرتے تھے جبکہ اب زیادہ تر صرف مانیٹر پر نظر رکھتے ہیں جس سے اداکاری کا معیار متاثر ہو رہا ہے۔

    اس سے قبل توقیر ناصر شوبز انڈسٹری کی نوجوان اداکاراؤں ہانیہ عامر اور سجل علی کے کام کی تعریف بھی کرچکے ہیں۔

    شاہ رخ خان نے میرے کردار کو ہُو بہُو نقل کیا، توقیر ناصر

    ماضی کے نامور اداکار نے ایک شو میں اپنے کریئر، تجربات اور شوبز میں آن والی تبدیلیوں سے متعلق کھل کر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ پرانے زمانے میں کام کرنے والے اسٹارز زیادہ بہتر تھے کیونکہ وہ اپنے کام کے حوالے سے بہت فکرمند رہتے تھے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ اس وقت بھی ہماری انڈسٹری میں کچھ اچھے اور باصلاحیت فنکار ہیں، ہانیہ عامر اور سجل علی بھی ان اداکاروں میں شامل ہیں جو باصلاحیت ہیں۔

  • ’یہ کرلو تمہیں کام مل جائے گا‘ مہربانو نے شوبز کے ڈارک سائیڈ کو بے نقاب کردیا

    ’یہ کرلو تمہیں کام مل جائے گا‘ مہربانو نے شوبز کے ڈارک سائیڈ کو بے نقاب کردیا

    پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و رقاصہ مہربانو نے شوبز انڈسٹری کے ڈارک سائیڈ کو بے نقاب کردیا ہے۔

    مہر بانو ایک اداکارہ، مصنفہ اور ڈانسر ہیں، انہوں نے چند ہی ڈراموں میں کام کیا ہے اور وہ پاکستان کے کچھ بہت ہی فنی پراجیکٹس سے منسلک رہی ہیں جن میں سرمد کھوسٹ اور صبا قمر کی کملی شامل ہیں۔

    حال ہی میں مہربانو نے نجی ٹی وی کے مزاحیہ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی۔

    شو میں دورانِ گفتگو انہوں نے بتایا کہ تمام شعبوں کا ایک ڈارک سائیڈ ہوتا ہے اسی طرح شوبز کا بھی ایک بہت بڑا  ڈارک سائیڈ ہے، ایسے نوجوان لڑکے اور لڑکیاں ہیں جنہیں سیٹ پر ہراساں کیا جاتا ہے، کیمرے کے سامنے اور پیچھے اس طرح کے واقعات عام ہیں۔

    اداکارہ مہربانو نے انکشاف کیا کہ کئی بار ایسا بھی ہوتا ہے کہ کسی کی جانب سے یہ پیشکش بھی کی جاتی ہے کہ یہ کرلو تو تمہیں کام مل جائے گا، طاقتور افراد کی طرف سے اداکاروں پر کام کے لیے دباؤ بھی ڈالا جاتا ہے۔

    مہر بانو نے مزید کہا کہ شوبز ایک ایسی دنیا ہے جہاں حسین چہرے اور پرکشش شخصیات موجود ہوتی ہیں، اسی لیے اس کا تاریک پہلو بھی بہت نمایاں ہے اور  بہت لوگ اس کا نشانہ بھی بنتے ہیں۔

  • اداکار شوٹنگ میں دیر سے کیوں پہنچتے ہیں؟ دلچسپ گفتگو

    اداکار شوٹنگ میں دیر سے کیوں پہنچتے ہیں؟ دلچسپ گفتگو

    کسی بھی کام کیلئے وقت کی پابندی بہت اہمیت کی حامل ہوتی ہے، چاہے وہ دفتر آنا ہو، اسکول پہنچنا ہو، دکان ہو یا کسی تقریب میں جانا ہو۔

    وقت کی پابندی کا خیال رکھنا ہر ایک کے لئے فطری عمل نہیں ہے، پابندی کرنے والے لوگ معاشرے میں اپنا علیحدہ مقام رکھتے ہیں اور لوگ ان کے اس عمل کی پیٹھ پیچھے بھی تعریف کرتے ہیں۔

    اپنے کام میں وقت کی پابندی کی اہمیت کے حوالے سے اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں ماضی اور حال کے ٹی وی اور فلم کے نامور اداکاروں نے اپنے تجربات اور واقعات ناظرین سے شیئر کیے۔

    ماضی کی فلموں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے والی اداکارہ نشو نے کہا کہ جب ہم سیٹ پر جایا کرتے تھے تو ٹائم کا بہت خیال رکھتے تھے، کام اتنا تھا کہ سونے کا ٹائم ہی نہیں ملتا تھا۔

    انہوں نے اپنے بارے میں بتایا کہ ایک فلم کی شوٹنگ سے رات دو ڈھائی بجے گھر  پہنچ کر پھر دو گھنٹے بعد 5سے سات بجے والی دوسری شوٹنگ میں پہنچنا ہوتا تھا جسے میں پوری ایمانداری سے کرلیا کرتی تھی۔

    اداکارہ نشو نے کہا کہ ایک بار میں 15 منٹ دیر سے پہنچی تو اداکار مرحوم محمد علی اسٹوڈیو میں ٹہل رہے تھے مجھے دیکھتے ہی انہوں نے کہا کہ اگر تم اپنی کامیابی کا تسلسل چاہتی ہو تو وقت کی پابندی کا لازمی خیال رکھنا۔

    اس موقع پر اداکار جاوید شیخ نے کہا کہ میں  نےکبھی اپنے کام میں سستی کا مظاہرہ نہیں کیا بلکہ سیٹ پر مقررہ وقت پر  پہنچ جاتا ہوں، ان کا کہنا تھا کہ میں اکثر اپنے جونئیرز کو بھی یہی کہتا ہوں کہ ہر کام میں وقت کی پابندی کا ضرور خیال رکھیں۔

    ٹی وی اداکار اسامہ کا کہنا تھا کہ لڑکیاں سیٹ پر پہنچنے میں زیادہ ٹائم لگاتی ہیں کیونکہ انہیں میک اپ بھی کرنا ہوتا ہے لیکن اس کے برعکس لڑکے دس  15منٹ سے زیادہ لیٹ نہیں ہوتے۔

  • خوبرو اور باصلاحیت اداکارہ نے شوبز انڈسٹری کو الوداع کہہ دیا

    خوبرو اور باصلاحیت اداکارہ نے شوبز انڈسٹری کو الوداع کہہ دیا

    کراچی: پاکستانی ماڈل و اداکارہ نے اچانک شوبز انڈسٹری کو خیرباد کہہ کر مداحوں اور ساتھی فنکاروں کو ورطہ حیرت میں مبتلا کردیا، اچھی خبر نہ سننے کے باوجود دوستوں اور مداحوں نے عائشہ خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق اداکارہ عائشہ خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر شوبز انڈسٹری کو چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مداحوں اور چاہنے والوں کا شکریہ جنہوں نے مجھے ہمیشہ سراہا اور کام کی تعریف کرتے ہوئے میرے حوصلے کو بڑھایا۔

    عائشہ خان نے کہا کہ اپنی زندگی کے اگلے مرحلے کی جانب قدم رکھتے ہوئے بہت فخر اور اطمینان محسوس کررہی ہوں اور آپ سے درخواست کرتی ہوں کہ اپنی دعاؤں میں ضرور یاد رکھیے گا۔

    اپنے کیریئر کے بارے میں انہوں نے کہا کہ شوبز کے سفر میں اچھے اور باصلاحیت لوگوں ملاقات ہوئی جن سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا، میں نے ہمیشہ اپنے کام کو پیشہ وارانہ ذمہ داریاں سمجھتے ہوئے نبھایا۔

    مزید پڑھیں: فلم جوانی پھر نہیں آنی نے باکس آفس پر نیا ریکارڈ قائم کردیا

    واضح رہے کہ عائشہ خان نے کریئر کا آغاز 2003 میں کیا اُن کا پہلا  ڈرامہ ‘تم یہی کہنا’ سرکاری ٹی وی سے نشر ہوا تھا، جس کے بعد اداکارہ نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور  انڈسٹری میں اپنی فتح کے جھنڈے لہرائے۔

    عائشہ خان نے  گزشتہ برس اے آر وائی کے بینر تلے بننے والی فلم ’جوانی پھر نہیں آنی میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے جبکہ اداکارہ کا ایک ڈرامہ ’میری ننھی پری‘ اے آر وائی ڈیجیٹل پر جاری ہے۔ اداکارہ کے یوں اچانک انڈسٹری چھوڑنے پر جہاں کچھ لوگ شکوک و شبہات کا شکار ہیں وہی بہت سے لوگوں نے اُن کے بہترین اور روشن مستقبل کے لیے دعا بھی کی۔

    ساتھی فنکار اظفر رحمان کا کہنا ہے کہ عائشہ خان نے ایک بہترین اداکارہ ہیں، ان کے مستقبل کے لیے دعاگو ہوں، انڈسٹری میں ان کی کمی محسوس ہوگی،  اداکارہ طوبیٰ صدیقی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عائشہ میں تمھارے ساتھ اور کام کرنا چاہتی تھی مگر اب کیا کہہ سکتی ہوں، جہاں بھی جاؤں خوش و آباد اور مسکراتی رہو۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • شہزاد نواز کی پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت

    شہزاد نواز کی پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت

    کراچی: پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال نے فنکاروں کی پارٹی میں شمولیت کے موقع پرکہا ہےکہ’ہم ایسی جمہوریت چاہتے ہیں جس میں عوام کو بنیادی حقوق فراہم کیے جائیں‘۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، متحدہ قومی موومنٹ کی تادمِ مرگ بھوک ہڑتال پر تنقید کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ یہ بھوک ہڑتال لندن سے شروع ہونی چاہیے تھی‘‘۔

    پاک سرزمین پارٹی سے سربراہ نے کہا کہ ’’آج کا دن ہمارے لیے بہت بڑا دن ہے، دنیا میں جہاں بھی کہیں پاکستانی ہیں وہ ہم سے رابطہ کر کے پی ایس پی کا حصہ بن رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ آج شوبز سے تعلق رکھنے ولے شہزاد نواز دیگر فنکاروں کے ہمراہ پاکستان بچانے کی اس تحریک کا حصہ بن رہے ہیں‘‘۔

    مصطفی کمال کا کہنا تھاکہ ’’ہماری پارٹی دو لوگوں سے شروع ہوئی تھی مگر ہر گزرتے دن کے ساتھ ہمارے قافلے میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور لوگ وطن کی بقاء کے لیے قافلے میں شامل ہورہے ہیں‘‘۔

    مصطفیٰ کمال نے کہاکہ ’’جانور کے مرنے پر مذمتی ٹکر چلوانے والے بھارتی وزیر اعظم کے بیان پر کیوں خاموش بیٹھے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ دیگر سیاسی پارٹیوں سے ہمارے اختلافات ہیں اور رہیں گے تاہم جن لوگوں کو ہم سے اختلاف ہے وہ بھی رکھیں یہی جمہوریت کا حسن ہے تاہم اس تمام تر صورتحال کے باوجود ہم اپنے سفر کو جاری رکھیں گے  کیونکہ  ہم کسی سے دشمنی نہیں چاہتے‘‘۔

    چیئرمین پاک سرزمین نے کا کہنا تھاکہ ’’ملک بہت نازک صورتحال سے گزررہا ہے اور ہمیں اس کو نکالنے کے لیے ایک فارمولا طے کرنا ہوگا، ہم ایسی جمہوریت چاہتے ہیں جس میں عوام کو بنیادی حقوق فراہم کیے جائیں‘‘۔

    اس موقع پر پاک سرزمین پارٹی کے رہنماؤں کی جانب سے شوبز سے تعلق رکھنے والے شہزاد نوازکو پارٹی میں شمولیت پر مبارک باد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا، اس موقع پر شہزاد نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’22 کروڑ عوام مایوسی کا شکار نہیں بلکہ صرف چند لوگ مایوس ہیں، مجھے اپنے وطن سے بہت پیار اور پاکستانی ہونے پر فخر ہے‘‘۔

    شہزاد نواز کا مزید کہنا تھا کہ ’’پاکستان کو ایسے لوگوں کی ضرورت ہے جو ملک میں انتشار کو ختم کریں اور عوام کو جوڑتے ہوئے اس کی بہتری کے لیے اقدامات کریں، یہ تمام خوبیاں ہم نے پاک سرزمین پارٹی میں دیکھیں اسی وجہ سے ہم آج اس کا باقاعدہ حصہ بن رہے ہیں‘‘۔

  • اداکارہ نرگس کا شوبز میں واپسی کا اعلان

    اداکارہ نرگس کا شوبز میں واپسی کا اعلان

    لاہور: فلم اور تھیٹر کی معروف اداکارہ نرگس نے طویل عرصہ بعد ایک مرتبہ پھر شوبز میں واپسی کا اعلان کر دیا ہے۔

    تین سال قبل دنیائے شوبزکو خیر باد کہہ کر کینیڈامنتقل ہونیوالی اداکارہ نرگس نے رواں ماہ وطن واپس آ کراپنی شوبز سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

     اداکارہ نے اے آروائی نیوز کو بتایا ہے کہ وہ فلم اور تھیٹر دونوں شعبوں میں اپنے فن کے جوہر دکھانوے پاکستان آرہیں ہیں جبکہ اس دوران ٹی وی اور فلم کے شعبوں میں ذاتی پروڈکشنز بھی کریں گی۔

    وہ آئندہ ماہ پاکستان واپس آ کر ہدایتکار پرویز رانا کی نئی فلم میں بطور ہیروئن پرفارم کریں گی جبکہ اس کے ساتھ ہی ان کی تھیٹر ڈراموں میں آمد بھی متوقع ہے۔

  • سینئرشوبز صحافی شیخ لیاقت علی کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد

    سینئرشوبز صحافی شیخ لیاقت علی کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد

    کراچی : ہفت روزہ رنگ و روپ کی جانب سے ایک شام معروف شوبزصحافی شیخ لیاقت کے نام سے منائی گئی، تقریب کے مہمان خصوصی ہفت روزہ رنگ و روپ کے چیف ایڈیٹر ملک یعقوب نور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں شیخ لیاقت کی صحافتی خدمات کا ذکر کہاں سے شروع کروں ان کی تحریروں کو جب دیگر اخبارات میں دیکھا تو پتہ چلا کہ شوبز کی صحافت میں  یہ انمول ستارہ چمک رہا ہے۔

    اس سے قبل کہ صحافت کے اس تابناک ستارے کی روشنی کم ہو تی ہم نے ان کی عزت و تکریم کیلئے ان کےاعزاز میں ایک شام کا اہتمام کیا۔اور اس خوبصورت شام کو منانے کا سہرا ہفت روزہ رنگ و روپ کے ایڈیٹر محمد شاکر کے سر ہے۔

    ملک یعقوب نور نے کہا کہ گلوکا سلیم ضیاء سے لے کر مہدی حسن تک ،سنتوش کمار سے لے کر محمد علی اور ندیم تک ،موسیقار خورشید انور سے لے کر نثار بزمی تک ، ان سب کی زندگی کے سفر نامے شیخ لیاقت علی نے لکھ کر خود کو عظیم صحافی منوا لیا ہے، مجھے امید ہے کہ ان کی شاندار تحریریں رنگ و روپ کا آئندہ بھی حصہ بنیں گی۔

    ایڈیٹرمحمد شاکر نے اپنے خطاب میں کہا کہ شیخ لیاقت نے ہم صحافیوں اور نوجوان نسل کو شوبز کی تاریخ سے روشناس کرایا ہے، سینیئر صحافی سلیم احمد صدیقی نے کہا کہ شیخ لیاقت نے بڑی محنت سے آرٹس کونسل میں ہونے والی اردو کانفرنس کے پچھتّر پروگراموں کی کوریج کی۔

    یہ ان کی اردو سے محبت کا واضح ثبوت ہے۔ اے آر  وائی کے سینیئر کاپی ایڈیٹر م ش خ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہفت روزہ رنگ و روپ  میں اے آر  وائی کے پروگراموں کو شائع کر کے ملک یعقوب اور محمد شاکر نے ہمیں اپنی محبتوں کا مقروض بنا لیا۔

    انہوں نے کہا کہ شیخ لیاقت علی شوبز کی صحافت کے ایوانوں کے شہزادے ہیں۔ ان کی خدمات کا سلسلہ نہ ختم ہونے والا ہے، م ش خ نے اپنی تقریر کا اختتام اس شعر سے کیا۔،

    نہ جانے کون دعاؤں میں یاد  رکھتا ہے
    میں ڈوبتا ہوں سمندر اچھال دیتا ہے

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ لیاقت علی نے کہا کہ آج کی تقریب میں جس  طرح فنکاروں ، صحافیوں اور شاعروں نے شرکت کی ہےا س سے مجھےبہت حوصلہ ملا۔

    میں ملک یعقوب اور محمد شاکر کا بے حد مشکور ہوں کہ انہوں  نے میرے اعزاز میں شام کا انعقاد کیا ، اور اپنے اللہ کا جتنا شکر ادا کروٓں کم ہے کہ اس نے مجھے عزت بخشی، تمام حاضرین کا شکریہ ادا کر تا ہوں۔

    تقریب سے عرفان علی،شاہد سردار، رضوان حیدر برنی ، صغیر احمد انور بیگ،  مرزا اکبر بیگ نواب حسن صدیقی گلوکار محمد افراہیم، امجد رانا، طیبہ محمود، عابد شیر، خرم جنید ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

  • اداکارہ نرگس نے دوبارہ شوبز میں واپسی کا اعلان کردیا

    اداکارہ نرگس نے دوبارہ شوبز میں واپسی کا اعلان کردیا

    لاہور : شوبز کی دنیا کو ہمیشہ کیلئے خیر باد کہہ کر کینیڈا منتقل ہوجانے والی اداکارہ نرگس نے فلم انڈسٹری میں واپسی کا اعلان کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بیک وقت تھیٹر اور فلم کے شعبوں میں اپنا لوہا منوانے والی اداکارہ نرگس نے طویل عرصہ بعد فلم انڈسٹری میں واپسی کا اعلان کیا ہے۔

    وہ آئندہ ماہ پاکستان واپس آ کر ہدایتکار پرویز رانا کی نئی فلم میں بطور ہیروئن پرفارم کریں گی جبکہ اس کے ساتھ ہی ان کی تھیٹر ڈراموں میں آمد بھی متوقع ہے۔

    اس حوالےسے پنجابی فلموں کے معروف ہدایتکار پرویز رانا نے اے آروائی نیوز کو بتایا ہے کہ نرگس ماضی کی طرح اس مرتبہ بھی ان ہی کی فلم سے کم بیک کرنے پاکستان آرہی ہیں۔

    انہوں  نے کہا کہ وہ آئندہ ماہ سے نرگس اور شان کے ہمراہ اپنی نئی فلم کی شوٹنگز کا آغاز کریں گے۔