Tag: showcase notice

  • "شوکاز دینے والوں کی کوئی حیثیت نہیں” قمرزمان کائرہ

    "شوکاز دینے والوں کی کوئی حیثیت نہیں” قمرزمان کائرہ

    لاہور : پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں شوکاز دینے کا کسی کے پاس کوئی اختیار نہیں، میں اسے ردی کا کاغذ بھی نہیں سمجھتا۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں لیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کوئی ایک جماعت نہیں ہے شوکاز کا جواب دینا ہی نہیں بنتا۔

    قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پی ڈی ایم کی جانب سے شوکاز جاری کرنا غیرذمہ داری کا مظاہرہ ہے، اس معاملے پر ہماری جماعت کیا فیصلہ کرتی ہے ابھی مجھے معلوم نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کا 26مختلف پوائنٹس پراتفاق ہے، کیا پیپلزپارٹی نے کسی بھی ایک پوائنٹ سے انحراف کیا ہے؟،بنیادی نکتہ یہ تھا کہ ریلیاں اور جلسے جلوس ہوں گےاور تحریک عدم اعتماد ہوگی۔

    پی پی رہنما نے کہا کہ پنجاب میں ن لیگ نے پی ٹی آئی سے مل کر بندر بانٹ کی، ہم نے کوئی اعتراض نہیں کیا۔ ہم استعفے دینے کی بات پر تیار ہیں ،پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ میں استعفوں سے پہلے عدم اعتماد پر اتفاق ہوا تھا۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ چاہتی ہے کہ تحریک عدم اعتماد چھوڑ کر اسمبلیوں سے استعفے دیئے جائیں جبکہ ہم کہتے ہیں کہ استعفے آخری آپشن ہے پہلےدیگر پوائنٹس مکمل کیے جائیں۔

    قمرزمان کائرہ نے کہا کہ موجودہ چیئرمین سینیٹ کیخلاف عدالت گئے جہاں ہمارے خلاف فیصلہ آیا، اب ہم اپیل پر جارہے ہیں امید ہے اس بار فیصلہ ہمارے حق میں آئے گا۔

    پی پی رہنما نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے معاملے میں ڈاکہ ڈالا گیا ہے جس کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں، مولانا فضل الرحمان بیمار ہیں تو راجہ پرویز اشرف نائب صدر ہیں، شاہد خاقان عباسی کس حیثیت سے گفتگو کررہے ہیں۔

    واضح رہے کہ پی ڈی ایم کےسربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے سینیٹ الیکشن میں بلوچستان عوامی پارٹی سے ووٹ لینے پر پیپلزپارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا۔

  • سی اے اے نے28 پائلٹس کے لائسنس معطل کرکے شوکاز نوٹس جاری کردیئے

    سی اے اے نے28 پائلٹس کے لائسنس معطل کرکے شوکاز نوٹس جاری کردیئے

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی نے جعلی طریقے سے حاصل کیے گئے28سے زائد پائلٹس کے لائسنس معطل کرکے شوکاز نوٹس جاری کردیئے۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے پی آئی اے سمیت مختلف نجی ایئرلائن کے 28سے زائد پائلٹس کے لائسنس معطل کرکے بعض کو شوکاز نوٹس جاری کردیئے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ قواعد و ضوابط سے ہٹ کر پائلٹس نے یہ لائسنس حاصل کئے تھے، پائلٹس نے اے ٹی پی ایل لائسنس کے حصول کیلئے مبینہ طور پر امتحان میں جعل سازی کی گئی تھی۔

    مشتبہ اے ٹی پی ایل کے حامل پائلٹس کو فوری طور پر لائسنس کے استعمال سے بھی روک دیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق پائلٹس کے پاس موجود اصل لائسنس بھی فوری طور پرسی اے اے کے شعبہ لائسنسز میں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    جواب نہ دینے کی صورت میں پائلٹس کے خلاف ضابطے کی کارروائی کے ساتھ متعلقہ پائلٹس کو وارننگ بھی جاری کردی گئی، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے گزشتہ روز 12پائلٹس کے لائسنس معطل کئے تھے، مجموعی طور پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے28پائلٹس کے لائسنس معطل کئے ہیں۔

    اے آروائی نیوز نے گزشتہ دنوں پائلٹس کے لائسنس سے متعلق خبر نشر کی تھی، واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے پی آئی اے سمیت دیگر ایئر لائنز کے پائلٹس کے لائسنس کی ازسر نو جانچ پڑتال کا عمل بھی جاری ہے۔