سیالکوٹ (28 اگست 2025): پنجاب کے شہر سیالکوٹ میں 48 گھنٹوں کے دوران 512 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔
ڈی سی صبا اصغر نے آج جمعرات کو بتایا کہ اڑتالیس گھنٹوں کے دوران پانچ سو بارہ ملی میٹر کی بارش ہوئی ہے، جس سے اربن ایریاز میں بہنے والے 3 نالوں سے پانی اوور فلو ہو رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق سیالکوٹ میں پہلی بار اس قسم کا سیلاب آیا ہے، اربن ایریاز میں گزشتہ روز کشتیاں چلائی گئی ہیں، ایسے حالات میں سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ڈی سی سیالکوٹ نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے 9 ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں، لیکن کچھ لوگ اپنے گھروں کو نہیں چھوڑنا چاہتے، ایک ریلیف کیمپ میں 25 خاندان آئے، پھر ان کے رشتہ دار آئے اور انھیں لے گئے۔
صبا اصغر نے بتایا کہ دریائے چناب میں پانی کی سطح تھوڑی کم ہوئی ہے، اور پہلے جیسا خطرہ نہیں رہا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے ضلع سیالکوٹ میں ایمرجنسی نافذ کر دی تھی، اور تمام اسکولوں اور کالجز میں چھٹی کا اعلان کیا تھا۔
پنجاب میں سیلاب 25 جانیں نگل گیا
واضح رہے کہ شدید بارشوں اور بھارت کی جانب سے آنے والے دریاؤں میں بہت زیادہ پانی چھوڑے جانے کے سبب صوبہ پنجاب میں سیلاب سے 25 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
پنجاب کے دریاؤں میں اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے، دریائے راوی، چناب اور ستلج میں سیلابی صورت حال سے کئی اضلاع شدید متاثر ہوئے ہیں، پانی دیہات اور بستیوں میں داخل ہو گیا ہے، شہر بھی زیر آب آ گئے، صوبے میں تاریخ کا بد ترین سیلاب پچیس جانیں بھی نگل گیا ہے۔
گوجرانوالہ ڈویژن میں سیلاب سے 15 افراد جاں بحق ہوئے، کمشنر گوجرانوالہ نے بتایا سمبڑیال میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد جان سے گئے، گجرات میں سیلاب کے باعث 4، نارووال میں 3، حافظ آباد میں 2 اور گوجرانوالہ میں 1 شخص جان سے گیا۔