Tag: sialkot-lynching-case

  • سانحہ سیالکوٹ میں گرفتار 89  ملزمان پر فرد جرم عائد

    سانحہ سیالکوٹ میں گرفتار 89 ملزمان پر فرد جرم عائد

    لاہور : انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سانحہ سیالکوٹ میں گرفتار 89 ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کی جج نتاشہ نسیم نے کوٹ لکھپت جیل میں سماعت کی، اسپشل پراسیکیوٹر عبدالرؤف وٹو اور دیگر پیش ہوئے۔

    عدالت نے سانحہ سیالکوٹ میں گرفتار 89 ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔

    بعد ازاں عدالت نے کیس کے گواہان کو طلب کرتے ہوئے سماعت چودہ مارچ تک ملتوی کر دی۔

    پراسکیوشن نے 40 گواہاں کو چالان کا حصہ بنایا گیا ہے، پراسیکیوشن کے مطابق واقعے کی ویڈیوز اور ڈیجیٹل شواہد ، ڈی این اے شواہد ،چشم دید گواہان اور فرانزک شواہد کو چالان کا حصہ بنایا گیا ہے۔

    پراسیکیوشن نے بتایا کہ پریانتھا کمارا کو ہجوم سے بچانے والا فیکٹری منیجر کو بطور گواہ شامل کیا گیا ہے جبکہ فیکٹری سے 10 سی سی ٹی وی فوٹیجز فرانزک کے لیے بھیجی گئیں، موبائل فوٹیجز کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور 55 سے زائد ملزمان کے موبائل برآمد کیے گیے۔

    اس سے قبل سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کے قتل کیس میں انسداددہشت گردی عدالت میں دوسرا چالان جمع کروایا گیا تھا ، دوسرا چالان اسپیشل پراسیکیوٹرحافظ اصغر کی منظوری کے بعدجمع کروایا۔

  • پریانتھا کمارا قتل کیس :  گرفتار 79  ملزمان کا مزید14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

    پریانتھا کمارا قتل کیس : گرفتار 79 ملزمان کا مزید14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

    گوجرانوالہ: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پریانتھا کمارا قتل کیس میں گرفتار 79 ملزمان کا مزید چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے 31 جنوری کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کی انسداددہشت گردی عدالت میں پریانتھا کمارا قتل کیس کی سماعت ہوئی ، پولیس نے 79 ملزمان کو عدالت میں پیش کیا۔

    پولیس نے عدالت کو بتایا 7ملزمان کو پہلے ہی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کر دیا گیا ہے، آج پیش کئےگئے79 ملزمان میں ایک اورملزم کی گرفتاری ہوئی ہے۔

    عدالت نے تمام 79 ملزمان کا مزید چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا اور تمام ملزمان کو 31 جنوری کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔

    یاد رہے پولیس نے سانحہ سیالکوٹ کے ابتدائی چالان میں 85ملزمان کونامزد کیا تھا جبکہ 10 سے 12 مرکزی ملزمان قرار دیئے گئے تھے ، مرکزی ملزمان میں متعدد فیکٹری کے ملازمین شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ سیالکوٹ میں واقع لیدر فیکٹری میں کام کرنے والے غیرملکی مینیجر پریانتھا کو ملازمین نے توہین مذہب کا الزام لگا کر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا کر ہلاک کیا اور پھر لاش کو چوک پر نذر آتش کردیا تھا۔

  • سانحہ سیالکوٹ  میں ملوث 26 ملزمان  15 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    سانحہ سیالکوٹ میں ملوث 26 ملزمان 15 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    گوجرانوالہ: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سانحہ سیالکوٹ میں ملوث 26 ملزمان کو 15روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ، پیشی کے بعد سخت سیکیورٹی میں ملزمان کو واپس سیالکوٹ روانہ کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ سیالکوٹ میں ملوث 26 ملزمان کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا ، انسداد دہشت گردی عدالت کی جج نتاشہ نسیم نے سماعت کی۔

    دوران سماعت پولیس نے عدالت سےملزمان کےجسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، جس کے بعد اے ٹی سی نے ملزمان کو 15 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

    ملزمان کی پیشی پرسیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے اور پیشی کے بعد سخت سیکیورٹی میں ملزمان کو واپس سیالکوٹ روانہ کر دیا گیا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ سری لنکن شہری قتل کیس میں ملزمان کے مختلف کردار سامنے آئے ، عدالت میں پیش کیے جانے والو ں میں ملزمان میں فرحان ادریس، طلحہ عرف باسط احتشام ، جنید ، صبوربٹ،راحیل عرف چھوٹا بٹ،عمران ، عثمان ،عبدالرحمان،شعیب ،شاہ زیب ،تیموراورناصر شامل ہیں۔

    یاد رہے سیالکوٹ میں گزشتہ روز غیر ملکی مینجر قتل کیس میں ابتک ایک سو بیس افراد کو پولیس نے حراست میں لیا جبکہ موبائل ڈیٹا کے ذریعے ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    دوسری جانب غیر ملکی مینجر پریانتھا کی پورسٹ مارٹم رپورٹ بھی موصول ہو چکی ہے، جس میں دماغ کی ہڈی ٹوٹنے کی وجہ سے موت کی وجہ بتائی گئی ہے۔

    واضح رہے سیالکوٹ میں واقع وزیرآباد روڈ پر قائم لیدر فیکٹری میں گزشتہ 9 برس سے مینیجر کے عہدے پر کام کرنے والے سری لنکن شہری کو مشتعل ملازمین کے ہجوم نے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کیا اور پھر لاش کو آگ لگا دی تھی۔

  • سیالکوٹ واقعہ، گزشتہ بارہ گھنٹے میں   مزید 7 ملزمان گرفتار

    سیالکوٹ واقعہ، گزشتہ بارہ گھنٹے میں مزید 7 ملزمان گرفتار

    لاہور : پنجاب پولیس نے سیالکوٹ واقعے میں ملوث مزید7ملزمان کو گرفتار کرلیا ، گرفتاریاں سی سی ٹی وی فوٹیج اور موبائل کالز ڈیٹا کی مدد سے کی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ سیالکوٹ میں ملوث افراد کے خلاف پولیس کا ایکشن جاری ہے ، مزید سات ملزمان کوگرفتارکرلیا گیا ، جس کے بعد ملزمان کی کل تعدادایک سو اکتیس ہوگئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی تفتیش سائنٹفک انداز سے کی جارہی ہے، ملزمان کی گرفتاری سی سی ٹی سی فوٹیج اور موبائل کالز ڈیٹا سے گزشتہ بارہ گھنٹے میں عمل میں آئی ۔

    اب تک کی تحقیقات کے مطابق ایک سو چوبیس زیرحراست افراد میں سے چھبیس ملزمان کا مرکزی کردار سامنے آیا ہے جبکہ زیر حراست افراد میں سے اشتعال پھیلانے اور تشدد میں ملوث افراد کی نشاندہی کرنے کا عمل جاری ہے۔

    ترجمان پنجاب پولیس نے اپنے بیان میں کہا وزیراعلی اور آئی جی پنجاب تحقیقات کو مانیٹر کر رہے ہیں، وزیراعلی پنجاب نےپراسیکیوشن کا ٹاسک سیکرٹری پراسکیوشن کوسونپا ہے۔

    یاد رہے تھانہ اگوکی میں سیالکوٹ واقعے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا ، مقدمے میں انسداد دہشت گردی،اقدام قتل کی دفعات شامل کیں تھی ، اس کے علاوہ مقدمے میں قتل کی منصوبہ بندی، نعش کی بےحرمتی سمیت دیگردفعات بھی شامل ہیں۔

    ایف آئی آرمیں800سے900نامعلوم ملزمان کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔