سیالکوٹ : وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ بھٹو کے نام پر سندھ کو لوٹنے والوں کے دن ختم ہونے والے ہیں، پہلی بار پاکستان میں الیکشن ہوا ہے سلیکشن نہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، سانحہ ساہیوال سے متعلق اپنی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ سانحہ ساہیوال اور ماڈل ٹاون کےحالات مختلف ہیں۔
ماڈل ٹاؤن واقعے میں اس وقت کے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف انصاف کے راستے میں رکاوٹ تھے جبکہ سانحہ ساہیوال میں فوری جے آئی ٹی بنائی گئی اور ذمہ داران کےخلاف فوری کارروائی کی گئی، انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لئے ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر استعفیٰ انصاف کےتقاضوں کو پورا نہ کرنے پر مانگا گیا تھا، سانحہ متاثرین سالوں تک انصاف مانگتے رہے لیکن سانحہ ماڈل ٹاؤن واقعے کی ایف آئی آر تک نہیں کاٹی گئی بلکہ سانحہ میں ملوث افراد کو مزید ترقیاں دی گئیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے حالیہ بیان سے متعلق ایک سوال کے جواب میں اسد عمر نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ فکر نہ کریں یہ ملک کبھی نہیں ڈوبے گا، ذوالفقار علی بھٹو کے نام پر سندھ کو لوٹنے والوں کے دن اب جلد ختم ہونے والے ہیں، سندھ کو ڈبونے والوں کا احتساب ہو کر رہے گا، انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ کا نام لیے بغیر کہا کہ اب جذباتی نعروں سے آپ بچنے والے نہیں ہیں۔
وزیرخزانہ نے کہا کہ پہلی دفعہ پاکستان میں الیکشن ہوا ہے سلیکشن نہیں، پی ٹی آئی حکومت کے آنے سے پوری دُنیا کا اعتماد پاکستان پر بحال ہوا ہے۔
سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے رخ کر رہے ہیں، اعتماد کی وجہ سے ہی دوست ممالک کی طرف سے امداد مل رہی ہے، دوست ممالک کی جانب سے اب تک ڈیڑھ بلین ڈالر کی امداد ملی۔
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے سیالکوٹ ایئرپورٹ سے نئی ایئر لائن چلانے کی منظوری دے دی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ تاجر برادری مزید تجاویز پیش کرے، حکومت سنجیدگی سے غور کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سیالکوٹ کی تاجر برادری کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے سیالکوٹ ایئرپورٹ سے نئی ایئر لائن چلانے کی منظوری دے دی۔ سیال ایئر لائن سیالکوٹ کی تاجر برادری کے تعاون سے شروع ہوگی۔
ایئر لائن کے چیئرمین فضل جیلانی اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر برائے سول ایوی ایشن میاں محمد سومرو بھی موجود تھے۔
فضل جیلانی نے ایئر لائن سروس کے آغاز میں حکومتی معاونت پر وزیر اعظم کاشکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ تاجر برادری کا ایئر لائن سروس کے آغاز کا فیصلہ خوش آئند ہے، سیالکوٹ سرمایہ کاری کا اہم مرکز بن رہا ہے،مزید سہولتیں دیں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت بزنس کمیونٹی کے لیے جامع منصوبہ بندی کر رہی ہے، ایئر لائن کے آغاز سے خطے میں روزگار اور کاروباری سرگرمیاں بڑھیں گی۔ تاجر برادری مزید تجاویز پیش کرے، حکومت سنجیدگی سے غور کرے گی۔
سیال ایئر لائن کے چیئرمین فضل جیلانی کا کہنا تھا کہ ایئر لائن آئندہ برس آپریشنل ہوجائے گی، حکومتی سرپرستی فراہم کرنے پر وزیر اعظم کے مشکور ہیں،۔
سیالکوٹ : ڈاکوؤں نے بربریت کی انتہا کردی، بزرگ خاتون پر بدترین تشدد کرتے ہوئے کانوں سے سونے کی بالیاں نوچ لیں، پولیس روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حدود کے تنازع پر ہی لڑتی رہی۔
تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ کے علاقے اقبال ٹاؤن میں نامعلوم مسلح افراد نے گلی سے گزرنے والی ایک عمررسیدہ خاتون کو لوٹنے کی کوشش کی ۔
خاتون کی جانب سے معمولی مزاحمت پر ڈاکو طیش میں آگئے اور تنہا بزرگ خاتون کو زمین پر گرا کر بری طرح مارا پیٹا اور کانوں سے بالیاں نوچ لیں، جس سے بزرگ خاتون زخمی ہوگئی۔
مسلح افراد لوٹ مار کے بعد موقع واردات سے باآسانی فرار ہوگئے، قابل ذکر بات یہ ہے کہ پولیس اطلاع ملنے پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور اپنی حدود کا مسئلہ قرار دے کر دوسرے علاقےکی پولیس کو مطلع کیا گیا لیکن پولیس کی روایتی ہٹ دھرمی اور حدود کے تنازع کی وجہ سے چوبیس گھنٹے گزرنے تک واردات کا مقدمہ درج نہیں ہوسکا تھا۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق بعد ازاں اے آر وائی نیوز کی خبر پر ڈی پی اوسیالکوٹ نے واقعے کا نوٹس لیا اور تھانہ حاجی پورہ میں دو نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کیخلاف واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
عمران خان نے کہا کہ 20 لاکھ آبادی والے سنگاپور کی 330 ارب ڈالر برآمدات ہیں، آج ہمیں انفارمیشن ٹیکنالوجی کےفروغ کی ضرورت ہے، ملک کی آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے، جب کہ وسائل کم ہو رہے ہیں.
وزیراعظم نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ سیالکوٹ میں یہ پہلی یونیورسٹی بن رہی ہے ہم نے آنے والی نسلوں پرسرمایہ کاری نہیں کی، مشکل حالات میں حکومت سنبھالی ہے، جلدان مشکل حالات سے نکل جائیں گے.
سیالکوٹ : ایک اورشہری کے جعلی اکاؤنٹ سے کروڑوں روپے کی ٹرانزیکشن کا انکشاف ہوا، اکاؤنٹ سے مجموعی طور پر 7 کروڑ 44 لاکھ 76 ہزار 322 روپے کی ٹرانزیکشن کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ کے رہائشی نوجوان مذاکر حسین شاہ کے جعلی اکاؤنٹ میں کروڑوں روپے کی ٹرانزیکشن سامنے آ گئی، اس کا انکشاف اس وقت ہوا جب وہ اکاؤنٹ کھلوانے بنک گیا۔ اسے بتایا گیا کہ لاہور میں اس کے نام سے پہلے ہی اکاؤنٹ چل رہا ہے۔
نوجوان نے بینک سے اسٹیٹمنٹ حاصل کی تو معلوم ہوا کہ اس اکاؤنٹ سے کروڑوں روپے کی ٹرانزیکشن ہوئی ہے، 75 صفحات پر مشتمل اس اسٹیٹمنٹ کے مطابق اس اکاؤنٹ سے مجموعی طور پر 7 کروڑ 44 لاکھ 76 ہزار 322 روپے کی ٹرانزیکشن ہوئی ہے۔
اکاؤنٹ میں سوات، مینگورہ اور کراچی سے بھاری رقوم منتقل کی گئیں۔
اکاؤنٹ 7 جولائی 2013 کو اوپن کیا گیا جبکہ 22 اکتوبر 2014 کو بند کر دیا گیا، بینک نے شہری کے اکاؤنٹ کے غلط استمعال کا تصدیقی لیٹر بھی جاری کر دیا۔
متاثرہ نوجوان نے 4 ماہ قبل ایف آئی اے کو درخواست دی، اس کے باوجود کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی، خدشہ ہے کہ اکاؤنٹ دہشت گردی کے لئے استعمال نہ کیا گیا ہو ا، متاثرہ نوجوان اس تمام عرصہ میں بیرون ملک مزدروی کر رہا تھا۔
یاد رہے چند روز قبل کراچی کے علاقے کورنگی ڈھائی نمبر کی رہائشی ایک خاتون ثروت زہرا کے جعلی بینک اکاؤنٹ کا انکشاف ہوا تھا، جس میں کروڑوں روپے کی ٹرانزیکشن کی گئی، زہرا نامی خاتون ملازمت کے پیشے سے وابستہ ہیں۔
اس سے قبل حیدرآباد کے رہائشی پردیپ کمار کے اکاؤنٹ میں چار کروڑ 99 لاکھ 54 ہزار 432 روپے جبکہ شہر قائد کے رہائشی فالودہ فروش عبدالقادر کے اکاؤنٹ میں 2 ارب روپے کی موجودگی کا انکشاف ہوا تھا۔
راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے ادارے (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ سیالکوٹ سیکٹر میں ایک اور پاکستانی شہری بھارتی درندگی کا نشانہ بن گیا۔
تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے سیالکوٹ سیکٹر میں ایک اور پاکستانی شہری شدید طور پر زخمی ہو گیا۔
[bs-quote quote=”رینجرز نے فلیگ میٹنگ کا مطالبہ کر دیا” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]
آئی ایس پی آر نے کہا کہ سکھیال گاؤں کا محمد حنیف بھارتی فائرنگ سے شدید زخمی ہوا، زخمی شہری کو سیالکوٹ سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی بلا اشتعال فائرنگ پر رینجرز نے فلیگ میٹنگ کا مطالبہ کر دیا ہے، میٹنگ میں ورکنگ باؤنڈری پر سیز فائر کی خلاف ورزی کا معاملہ اٹھایا جائے گا۔
خیال رہے کہ رواں برس بھارت 150 سے زاید مرتبہ سیز فائر کی خلاف ورزی کر چکا ہے۔ دفترِ خارجہ نے اپنی ایک بریفنگ میں بتایا تھا کہ بھارت کی جانب سے مسلسل بھاری ہتھیار استعمال کیے جارہے ہیں۔
بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے قریب وزیرِ اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کے ہیلی کاپٹر پر بھی بلا اشتعال فائرنگ کی تھی لیکن خوش قسمتی سے کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔
ڈسکہ: پنجاب کے شہر سیالکوٹ میں ایک تیز رفتار کار درخت سے جاٹکرائی جس کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوس ناک واقعہ سیالکوٹ کے ضلع ڈسکہ میں پیش آیا جہاں ایک تیز رفتار کار درخت سے ٹکرا گئی جس کے باعث 4 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ دو زخمی ہیں۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حادثے میں زخمی ہونے والے دونوں افراد کو سول اسپتال ڈسکہ منتقل کردیا گیا ہے، جہاں انہیں بروقت طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ مذکورہ حادثہ تیز رفتار ی کے باعث پیش آیا، کارروائی مکمل ہونے کے بعد لاشوں کو ورثا کے حوالے کر دیا جائے گا۔ اس سے قبل بھی سیالکوٹ میں کار درخت سے ٹکرانے کے باعث لوگوں کی اموات ہوچکی ہیں۔
خیال رہے کہ جون 2016 میں سیالکوٹ کی تحصیل پسرور میں تیزرفتار کار درخت سے ٹکرانے کے باعث 4 افراد جاں بحق ہوئے تھے، سیالکوٹ سے آنیوالی کار مالی پور اسٹاپ پر درخت سے جاٹکرائی تھی۔
واضح رہے کہ گذشتہ سال دسمبر میں پنجاب کے شہر خوشاب میں کار اور مسافر بس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوئے تھے، جبکہ جاں بحق ہونے والوں میں دو خواتین بھی شامل تھیں۔
سیالکوٹ : سابق وزیرخارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں کا اپنا صوبہ کھنڈر بن چکا ہے، عدم برداشت پی ٹی آئی کی سیاست کا کلچر ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ میں شہباز شریف فلائی اوور کے افتتاح پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ صوبے میں وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی قیادت میں جو ترقی ہوئی اس کی مثال نہیں ملتی، لاہور سیالکوٹ موٹروے کا منصوبہ رواں سال دسمبر میں مکمل ہوجائے گا۔
خواجہ آصف نے خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں کا اپنا صوبہ کھنڈر بن چکا ہے، اصل تبدیلی تو ہم لے کر آئے ہیں، ہمارے بے مثال کاموں کا مقابلہ سندھ اور کے پی والے نہیں کر سکتے اب تو مخالفین بھی ہمارے کاموں کی تعریف کر رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاست میں پرتشدد اورعدم برداشت کی کوئی گنجائش نہیں لیکن عدم برداشت پی ٹی آئی کی سیاست کا کلچر ہے اور یہ بات ان کی تربیت میں شامل ہے جو پاکستان کے لیے بہت بڑا خطرہ ہے، یہاں تو دانیال عزیر کو تھپڑ مارنے والے کو بھی شاباش دی گئی اس سے زیادہ افسوسناک بات اور کیا ہو گی۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ کراچی میں امن وفاقی حکومت کی کاوشوں سے ہوا، 5سال قبل جو لوڈشیڈنگ کا عذاب تھا، اس کا خاتمہ کردیا گیا۔
علاوہ ازیں سیالکوٹ میں خواجہ آصف نے شہبازفلائی اوور کی تعمیرات کا جائزہ لیا، پراجیکٹ منیجر نے خواجہ آصف کو منصوبے سے متعلق بریفنگ بھی دی جس میں بتایا گیا کہ یہ منصوبہ جون 2018 میں مکمل ہو گا،96کروڑ روپے کی لاگت سے تیارہونے والا 26سو فٹ لمبا اور57فٹ چوڑا پل تاخیر کا شکار تھا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔
سیالکوٹ : بھارتی فوج نےسیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری پر آباد ی کو نشانے پر رکھ لیا، بلااشتعال فائرنگ سے تین بچے اور خاتون شہید جبکہ دس افرادزخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر ایک بار پھر فائر بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سیالکوٹ میں ورکنگ باؤنڈری پر بلااشتعال فائرنگ کی، فائرنگ سے 3بچے اور خاتون شہید جبکہ 10 افراد زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے جان بوجھ کرشہری آبادی کو نشانہ بنایا جارہا ہے، پنجاب رینجرز نے موثر انداز میں بھارتی چیک پوسٹس کو نشانہ بنایا۔
ترجمان کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سےفائرنگ کاسلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
واضح رہے کہ رواں برس بھارتی فوج کی جانب سے متعدد بار لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی جاتی رہی ہے، بھارت اپنے داخلی اور سیاسی کشیدگی اور کشمیر میں جاری ظلم و بربریت سے توجہ ہٹانے کے لیے مسلسل لائن آف کنٹرول پر شہری آباد کو نشانہ بنا رہا ہے، جس میں اب تک متعدد افراد شہید اور کئی زخمی ہوچکے ہیں۔
یاد رہے کہ 11 اپریل بھارتی فوج کی جانب سے کھوئی رٹہ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی تھی، جس کے نتیجے میں تین خواتین سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے تھے۔
اس سے قبل 27 فروری کو کوٹلی، آزادکشمیر اور نکیال سیکٹر پر بھارتی فوج کی جانب سے بلا اشتعال گولہ باری کی گئی، جس کے نتیجے میں 13سالہ زین شہید ہواجبکہ 23 فروری کو بلا اشتعال فائرنگ سے 19 سالہ نوجوان شہید ہوگیا تھا۔
اٹھارہ جنوری کو بھارت نے ورکنگ باؤنڈری پر بلا اشتعال فائرنگ کی اور کندن پور، سیالکوٹ اور چپراڑ سیکٹرز پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا، جس کے نتیجے میں 2 خواتین شہید جبکہ 5 شہری زخمی ہوگئے تھے جبکہ اس واقعے میں 3 خواتین بھی زخمی ہوئی تھیں۔
قبل ازیں 15 جنوری کو بھی بھارتی فوج نے ورکنگ باؤنڈری کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کوٹلی سیکٹر پر مارٹر گولے فائر کیے تھے جس کے نتیجے میں 4 پاکستانی جوان شہید ہوگئے تھے، جس کے بعد پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی تھی جس کے نتیجے میں 3بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔
سیالکوٹ : سابق اور تاحیات نااہل وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ مخالفین نوازشریف کو مائنس کرتے کرتے تھک گئے مگر وہ پلس ہوتا جارہا ہے، اب جے آئی ٹی کے خلاف عوام کی جے آئی ٹی بنے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف کوایک نہیں 4،4بار اسی مقدمے میں نااہل کیاجارہاہے، نوازشریف کو مائنس کرنے کی کوشش کی گئی تو وہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہوکر سامنے آتے ہیں۔
نواز شریف کو بیٹے سے محض تنخواہ نہ لینے پر نااہل کرکے وزیراعظم ہاؤس سے نکالا گیا، انتقام کی آگ ٹھنڈی نہیں ہوئی تو زندگی بھر کیلئے نااہل کردیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ نے نوازشریف کو خواجہ آصف جیسا بیٹا دیا ہے، ہم سب کو خواجہ آصف پر فخر ہے، خواجہ آصف نے اپنی پارٹی کا ہر وقت ساتھ نبھایا اور ڈٹ کر کھڑا رہا، گلی گلی میں نظر آرہا ہے کہ آپ خواجہ آصف سے کتنی محبت کرتے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ یہ کس کو دھوکہ دے رہے ہیں کہ نااہلی کی مدت تاحیات نہیں ہے، نااہلی کی مدت صرف اس وقت تک ہے جب تک فیصلے دینےوالے کرسیوں پر بیٹھے ہیں، مخالفین نے نوازشریف کو روکنے کیلئے30سال لگا دیئے، روک سکو تو روک لو، جسے عوام نہ روکے اسے کوئی نہیں روک سکتا۔
جلسے میں خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ جے آئی ٹی نے جتنے الزامات لگانے تھے لگا لیے اب جے آئی ٹی کے خلاف عوام کی جے آئی ٹی بنے گی، نواز شریف کے خلاف گواہی دینے والا واجد ضیا ہی ان کی بے گناہی کی گواہی دے گیا، واجد ضیا نے عدالت میں میرے سامنے کہا کہ بیٹے سے تنخواہ لینے کا کوئی ثبوت نہیں ہے، عوام اب سوال پوچھے گی کہ نوازشریف کو کوئی ثبوت نہ ملنے پر بھی نااہل کیوں کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کی سزا نے مجھے مشرف کا دور یاد دلا دیا،2008کے الیکشن میں بھی نوازشریف کو اہل کرکے انتخابات سے باہر رکھا گیا تھا، نواز شریف کو مشرف نے دو بار عمر قید کی سزا سنائی تھی، ان کو ہتھکڑیاں لگائی گئیں، ملک سے 10سال کیلئے جلاوطن کیاگیا۔
ایک ڈکٹیٹر نے کہا تھا نوازشریف تاریخ کا حصہ بن گیا ہے۔ منتخب نمائندوں کو سنائی گئیں سزائیں آج تاریخ کے کوڑے دانوں میں پڑی ہیں، نواز شریف کو2بار عمر قید کی سزا سنانے والے آج کہاں ہیں؟ آنکھیں کھول کر دیکھو نوازشریف آج بھی کروڑوں دلوں پر راج کررہا ہےاور ڈکٹیٹر آج ملک سے باہر بیٹھا ہے اور واپس نہیں آسکتا۔
مریم نواز نے کہا کہ ملک میں 70سال سے عوام کے نمائندوں کے ساتھ ایسا ہی کچھ ہوتا آرہا ہے، نوازشریف کی آواز پر عوام نے لبیک کہا ،اب کی بارقوم جاگ رہی ہے، سازشیوں نے سوچا بیٹے سے تنخواہ لگانے کے الزام پر نوازشریف ملک چھوڑ کر چلا جائیگا، نوازشریف سازش کے خلاف کھڑا ہوگیا، نوازشریف نے کہا نہ میں جھکوں گا، نہ میں بکوں گا نہ میں ڈروں گا۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور مریم نواز کو جیل ہوجائے مگر عوام سچ جان چکی ہے، نوازشریف کو ہتھکڑی لگا کر جیل میں ڈال دو، عوام کا ساتھ ہو تو پرواہ نہیں۔
مریم نواز نے شرکاء سے پوچھا کہ ہاتھ اٹھا کر گواہی دو کیا نوازشریف کے خلاف ایک پیسے کی بھی کرپشن ثابت ہوئی؟ جس کے جواب میں شرکاء نے نہیں کا نعرہ لگایا۔
آصف زرداری اور عمران خان نے لکیر کے اس پار کھڑے ہوکر ہاتھ ملالیا ہے، سینیٹ کے الیکشن میں عمران خان نے تیر پر مہر لگائی تھی، آصف زرداری نے کہا عمران خان ہمارے آگے بک چکا ہے، عمران خان سیالکوٹ آئے تو اس نعرے سے استقبال کرنا عمران زرداری بھائی بھائی۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف نوازشریف آپ کے ووٹ کی عزت کےلئے لڑ رہا ہے تو لکیر کے دوسری طرف سازشی اور مہرے کھڑے ہیں۔ نوازشریف کیخلاف سازش کرنیوالے سن لیں، فیصلے کی گھڑی آرہی ہے،2018میں ن لیگ، شیر اور نوازشریف کو بارش کے قطروں کی طرح ووٹ پڑے گا، مخالفین سن سن لو نوازشریف کو روک سکو تو روک لو۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔