Tag: sibi blast

  • ارض وطن کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کریں گے: وزیر اعظم

    ارض وطن کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کریں گے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے سبی میں خودکش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کے مذموم ایجنڈے کا حصہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سبی میں خودکش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے بلوچستان کانسٹیبلری کے اہلکاروں کی شہادت پر غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    وزیر اعظم نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دہشت گردی ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کے مذموم ایجنڈے کا حصہ ہے، ارض وطن کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر دے۔

    خیال رہے کہ آج صبح سبی میں، کوئٹہ سبی قومی شاہراہ کمڑی پل پر پولیس کی گاڑی کے قریب خودکش دھماکا ہوا، دھماکے میں 9 پولیس اہلکار شہید جبکہ 11 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

    ایس ایس پی کے مطابق دھماکا موٹر سائیکل سوار خود کش حملہ آور نے کیا، زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال سبی منتقل کیا جا رہا ہے۔

    وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو نے سبی میں حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

  • سبی:  بارودی سرنگ دھماکہ، 15سالہ نوجوان جاں بحق

    سبی: بارودی سرنگ دھماکہ، 15سالہ نوجوان جاں بحق

    سبی : لہڑی کے علاقے تنیہ میں بارودی سرنگ کے دھماکہ میں 15سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق لیویز فورس کے مطابق سبی علاقے لہڑی کے گوٹھ تنیہ میں پندرہ سالہ نبیل تالاب سے گھر کیلئے پانی بھرنے موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ موٹر سائیکل سڑک کے کنارے نصب بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی۔

    جس سے زوردار دھماکہ ہوا اور موٹر سائیکل سوار موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

    دھماکے فوری بعد لیویز فورس موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور لاش کو سول ہسپتال سبی منتقل کردیا گیا ہے ۔

    دوسری جانب لہڑی لیویز نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔