Tag: sidney

  • قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی وطن واپسی کا سفر شروع ہو گیا

    قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی وطن واپسی کا سفر شروع ہو گیا

    کراچی: قومی ٹیم سڈنی سے دبئی پہنچ گئی آج رات سے کھلاڑیوں کی وطن واپسی کا سفر شروع ہو گیا، پی سی بی نے کھلاڑیوں کی حفاظت کیلئے لاہور پولیس سے مدد مانگ لی۔

     کراچی پہنچنے والے کھلاڑیوں میں کرکٹر شاہد آفریدی،سرفراز احمد اوسہیل خان شامل ہیں، کھلاڑی ائیرپورٹ پر پرستاروں سے مل کر گھر کے لئے روانہ ہوگئے۔

    اس موقع پر شاہد آفریدی نے ایئرپورٹ پر شائقین کرکٹ سے معذرت بھی کی، انہوں نے کہا کہ وہ ناقص کارکردگی پر قوم سے شرمندہ ہیں ۔

    اس سے پہلے قومی کرکٹ ٹیم طویل سفر طے کرنے کے بعد سڈنی سے دئبی پہنچی تھی، دیگر کھلاڑیوں اور آفیشلز کا پیر کو وطن واپس پہنچنے کا امکان ہے۔

    پی سی بی نے کھلاڑیوں کے خلاف کسی ممکنہ ردعمل سے بچنے کے لئے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سے رابطہ کرکے سیکیورٹی کا مطالبہ کیا تھا۔

    ڈی آئی جی آپریشنز نے یقین دہانی کرائی تھی کہ ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

    ایئرپورٹ کے اندر اے ایس ایف جبکہ ائیرپورٹ کے باہر پولیس کمانڈو موجودہونگے، کھلاڑیوں کے اہلخانہ کو ائیرپورٹ آنے سے منع کردیا گیا تھا۔

    دوسری جانب قومی ٹیم کےوکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کا گھرپہنچنے پر والہانہ استقبال کیا گیا، جہاں شائقین کرکٹ اوراہل محلہ نے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاورکیں۔ سرفرازاحمدنےگھرکی بالکونی میں آکرشائقین کاشکریہ اداکیا۔

  • نیوزی لینڈ چھ مرتبہ سیمی فائنل میں پہنچ کر ناکام

    نیوزی لینڈ چھ مرتبہ سیمی فائنل میں پہنچ کر ناکام

    سڈنی: نیوزی لینڈ کی ٹیم عالمی کپ کی تاریخ میں ساتویں بار سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہے۔لیکن کیوی ٹیم تاحال فائنل نہیں کھیل سکی ۔

    کیا قسمت اس بار نیوزی لینڈ کا ساتھ دے گی؟ چھ بارسیمی فائنل میں آئی اور چھ بار ہی ہارگئی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم انیس سو پچھتر سے ورلڈکپ جتنےکا انتظار کررہی ہے۔

    ہر بار گروپ میں بڑی بڑی ٹیموں کو دھول چٹانے کے بعد نیوزی لینڈ نے ہمیشہ ہی سیمی فائنل میں آکر مارکھائی ،پہلا سیمی فائنل انیس سو پچھتر میں کھیلا دوسرا انیس سو اناسی میں توبانوے میں پاکستان کے سامنے آیا۔

    ننانوے میں بھی شاہینوں نے کیویز کا خواب تار تارکیا ۔دو ہزار سات، دوہزار گیا رہ میں لنکن ٹائیگر سے مارکھائی اور ورلڈکپ جیتنے کا خواب مزید طویل ہوگیا۔

    مگر چالیس سال کا انتظار اس بار ختم ہوسکتا ہے۔ پورے ایونٹ میں ناقابل شکست رہنے والی ٹیم نیوزی لینڈ سیمی فائنل میں  جنوبی افریقہ سے مدمقابل ہے جوچوکرز کے نام سے مشہور ہے۔

  • شاہین ٹولیوں کی شکل میں پاکستان پہنچیں گے

    شاہین ٹولیوں کی شکل میں پاکستان پہنچیں گے

    سڈنی : ورلڈ کپ کے کوارٹر میں شکست کے بعد قومی ٹیم سڈنی سے پاکستان کیلئے روانہ ہوگئی ، آج رات سے کھلاڑیوں کی وطن واپسی کا سفر شروع ہوجائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی ٹیم کیلئے ورلڈ کپ تلخ یادوں کے بعد ختم ہوگیا،کوارٹرفائنل ہار کر شاہینوں کا ورلڈ کپ میں سفر تمام ہوا۔

    قومی ٹیم نے ابتدائی دو میچز ہارنے کے بعد شاندار کم بیک کیا، زمبابوے، یو اےای ، جنوبی افریقہ اور آئرلینڈ کو شکست دیکر ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچی، لیکن قمست نے ساتھ نہ دیا اور ٹیم ٹورنامنٹ سے ناک آؤٹ ہوگئی۔

    ورلڈ کپ میں سفر ختم ہونے کے بعد قومی ٹیم سڈنی میں ایک روز آرام کے بعد وطن واپسی کیلئے روانہ ہوگئی ، کھلاڑی ٹولیوں کی شکل میں براستہ دبئی کراچی اور لاہور پہنچیں گے۔

    پہلے مرحلے میں آفریدی، سرفراز احمد ، سہیل خان رات نو بجے فلائٹ نمبر ای کے چھ سو دو کے ذریعےکراچی پہنچیں گے، جبکہ دوسرا گروپ پیر کی صبح لاہور اترے گا، یونس خان کچھ روز قیام کے بعد پاکستان آئیں گے۔

  • ورلڈ کپ: قومی ٹیم کل وطن واپس روانہ ہوگی

    ورلڈ کپ: قومی ٹیم کل وطن واپس روانہ ہوگی

    سڈنی : پاکستان کرکٹ ٹیم کا ورلڈ کپ میں سفر ختم ہوگیا۔ قومی ٹیم کل سڈنی سے وطن واپس روانہ ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو ہرا کر واپسی کا ٹکٹ تھمادیا۔ گرین شرٹس نے میگا ایونٹ میں ابتدائی دو میچز ہارنے کے بعد زمبابوے، یو اے ای، جنوبی افریقہ اور آئرلینڈ کو شکست دے کر آخری آٹھ ٹیموں میں جگہ بنائی۔

      پا کستان اورآسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے کوارٹر فائنل میں  قسمت نے اس کا ساتھ نہیں دیا۔ اورقومی ٹیم چار مرتبہ کی سابق ورلڈ چیمپئین آسٹریلوی ٹیم سے میچ ہارکر ایونٹ سے باہر ہوگئی۔

    ورلڈ کپ میں اپنا سفر ختم ہونے کے بعد قومی ٹیم کل سڈنی سے وطن واپسی کے لئے روانہ ہوگی۔

    آسٹریلیا سے ورلڈ کپ کوارٹرفائنل ہارنے کے بعد پاکستانی ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار کھلاڑی شاہد آفریدی کا ون ڈے کیرئیر بھی ختم ہوگیا ہے۔

    کپتان مصباح الحق نے دوہزار دو میں نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے کیرئیر کا آغاز کیا، دو ہزار سات کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کے ٹک ٹک مصباح نے جارحانہ انداز اپنایا اور ٹیم کو فائنل میں پہنچایا۔ مگر قسمت نے ساتھ نہ دیا۔

    دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار کھلاڑی شاہد آفریدی کاانیس سو چھیانوے میں نیروبی میں طلوع ہونے والا سورج ایڈیلیڈ کے میدان میں غروب ہوگیا، اپنے دوسرے ہی ون ڈے میں تیز ترین سینچری بناکر آفریدی دنیائے کرکٹ پر چھاگئے۔

  • پہلا کوارٹرفائنل : سری لنکا اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں کل ٹکرائیں گی

    پہلا کوارٹرفائنل : سری لنکا اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں کل ٹکرائیں گی

    سڈنی : کرکٹ ورلڈ کپ کا ناک آؤٹ مرحلہ کل سے شروع ہورہا ہے،پہلے میچ میں سری لنکا اور جنوبی افریقہ کا ٹکراؤ سڈنی میں ہوگا۔

    کرکٹ ورلڈ کپ کا سنسنی خیز مرحلہ بدھ سے شروع ہوگا ،کوارٹر فائنل میں پہلا مقابلہ سابق عالمی چیمپیئن سری لنکا اور جنوبی افریقہ کا ہے جو سر دھڑ کی بازی لگانے کیلئے سڈنی میں آمنے سامنے ہونگے۔

    حالیہ ایڈیشن میں سری لنکن بیٹسمین کمار سنگاکارا اور تلکارتنے دلشن رنز کے انبار لگارہے ہیں، سنگاکارا،دلشن پروٹیاز کے اے بی ڈی ویلیئرز اور ہاشم آملہ بھی کسی سے کم نہیں،

    دونوں آخری گیند تک لڑنا بخوبی جانتے ہیں۔ بولنگ کے شعبے میں پرویٹاز کو سبقت حاصل ہے ،لیکن سری لنکن ٹیم میں مالنگا شامل ہیں۔

    سری لنکا کو ناک آوٹ مرحلے کا وسیع تجربہ ہے تو پروٹیاز کی جان نکلتی  ہے۔ چوکر ز کا ٹیگ ہٹانے کے لئے ڈویلیرز الیون کو دباؤ سے باہر نکل کر کھیلنا ہوگا۔

    ورلڈ کپ ایڈیشنز میں دونوں ٹیمیں چار مرتبہ مدمقابل آچکی ہیں۔ پروٹیاز نے دو میں کامیابی سمیٹی،ایک میں سری لنکا فاتح رہا اور ایک میچ بے نتیجہ ثابت ہوا ہے۔

    کرکٹ ورلڈ کپ کےکوارٹر فائنل راؤنڈ میں جو جیتا وہ ٹاپ فور میں جگہ بنائے گا۔جو ہارا وہ گھر جائے گا

  • انگلینڈ نے افغانستان کو نو وکٹوں سے شکست دے دی

    انگلینڈ نے افغانستان کو نو وکٹوں سے شکست دے دی

    سڈنی : ورلڈ کپ میں اپنے آخری میچ میں انگلینڈ نے افغانستان کو نو وکٹوں سے شکست دے دی۔ انگلش ٹیم پہلے ہی کوارٹرفائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہے۔

    سڈنی میں بارش نے انگلینڈ اور افغانستان کے میچ کا مزہ پھیکا کردیا۔ انگلینڈ نے ٹاس جیت کر افغانستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ میچ کے دوران وقفے وقفے سے ہونےو الی بارش نے کھیل متاثر کیا۔

    افغانستان نے چھتیس اعشاریہ دو اوورز میں ایک سو گیارہ رنزبنائے تھے کہ میچ بارش کے سبب روک دیا گیا۔

    کھیل دوبارہ شروع ہوا تو انگلینڈ کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت پچیس اوورز میں ایک سو ایک رنز کا ہدف ملا۔ جو انگلش ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

  • ورلڈکپ: سری لنکن ٹیم کو جھٹکہ،دنیش چندی مل ایونٹ سے باہر

    ورلڈکپ: سری لنکن ٹیم کو جھٹکہ،دنیش چندی مل ایونٹ سے باہر

    سڈ نی : ورلڈ کپ کوارٹرفائنل سےقبل سری لنکن ٹیم کو بڑا دھچکا لگ گیا۔ ان فارم بیٹسمین دنیش چندی مل انجری کے باعث میگا ایونٹ سے باہر ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ میں سری لنکن ٹیم کوارٹرفائنل میں پہنچ چکی ہے لیکن ٹیم کے ان فارم بیٹسمین دنیش چندی کوارٹرفائنل میں ایکشن میں دکھائی نہیں دیں گے۔

    چندی مل آسٹریلیا کے خلاف میچ کے دوران ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوگئے تھے اور اب وہ میگا ایونٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔ سری لنکن بورڈ نے چندی مل کی جگہ کوشل پریرا کو اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔

    علاوہ ازیں بھارتی ٹیم کے کپتان مہیندر سنگھ دھونی  نے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔ دھونی نے ورلڈ کپ میں مسلسل نو میچ جیت کر سابق کپتان سارو گنگولی کو پیھچے چھوڑدیا ہے۔

    اس کے علاوہ جنوبی افریقی اوپنر کوانٹن ڈی کوک کی فارم سلیکٹرز کیلئے تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے۔ کوارٹرفائنل میں ڈی کوک کو کھلایا جائے یا نہیں سلیکٹرز یہ فیصلہ نہیں کرپارہے۔ کوانٹن ڈی کوک اب تک ابتدائی پانچ میچز میں ٹیم کے لئے کچھ خاص پرفارم نہیں کرسکےہیں۔

  • آسٹریلیا نے سری لنکا کو 64 رنز سے شکست دیدی

    آسٹریلیا نے سری لنکا کو 64 رنز سے شکست دیدی

    سڈنی : آسٹریلیا نے سری لنکا کو دلچسپ مقابلے کے بعد چونسٹھ رنز سے شکست دے دی، گلین میکس ویل میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ سڈنی میں  کینگروز نے لنکن ٹائیگرز کا شکارکیا۔

    آسٹریلیا نے سری لنکا کو رنز کے پہاڑ تلے دبا کر آؤٹ کلاس کردیا۔  آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کی تو اوپنرز نے کپتان کے فیصلے کی لاج نہ رکھی۔

    اکتالیس رنز کے وارنر اور فنچ پویلین جا بیٹھے۔اسمتھ اور کلارک نے ایک سو چونتیس رنز کی شراکت قائم کرکے میچ میں کم بیک کیا، اسمتھ باہتر اور کلارک اڑستھ پر آؤٹ ہوئے۔

    اختتامی لمحات میں بلے بازوں نے بولرز پر خوب ہاتھ صاف کیے، میکس ویل، واٹسن اور ہیڈن نے جم کر پٹائی لگائی۔ ہدف کے تعاقب میں سری لنکا نے بھی خوب مقابلہ کیا۔

    دلشان نے ایک اوور میں چھ چوکے جڑ کر جونسن کے چودہ طبق روشن کردئیے۔ کمار سنگاکارا نے مسلسل تیسری سنچری بناکرریکارڈ بنا لیا۔

    دونوں کے آؤٹ ہوتے ہی وکٹیں خزاں کے پتوں کی طرح گرتی رہیں۔سری لنکن ٹیم مقررہ اوورز کھیلے بغیر تین سو بارہ رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ میکسویل کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

  • ورلڈ کپ : آسٹریلیا کا سری لنکا کو تین سو ستتر رنز کا ہدف

    ورلڈ کپ : آسٹریلیا کا سری لنکا کو تین سو ستتر رنز کا ہدف

    سڈنی : کرکٹ ورلڈ کپ میں آسٹریلیا نے سری لنکا کو جیت کیلئے تین سو ستتر رنز کا ہدف دے دیا۔ سڈنی میں جاری پول اے کےاہم میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

    آسٹریلوی اوپنر ٹیم کو اچھا آغاز دینے سے قاصر رہے، وارنر نو اور ارون فنچ چوبیس رنز بناکر آؤٹ ہوئے، کپتان مائیکل کلارک نے اسٹیون اسمتھ کے ساتھ مل کر ایک سو چونتیس رنز کی شراکت قائم کی۔

    کلارک اڑستھ اور اسمتھ بہتر رنز بناکر پویلین لوٹے۔ اننگز کے اختتامی لمحات میں گلین میکسویل نے طوفانی باری کھیلتےہوئے کیرئیر کی پہلی اور ورلڈ کپ کی تاریخ کی دوسری تیز ترین سنچری بنائی۔

    شین واٹسن سرسٹھ رنز بناسکے۔ سری لنکا کی جانب سے ملنگا ور تھسارا پریرا نےدو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ آسٹریلیا کے گلین میکس ویل نے اکیاون گیندوں پر سنچری جڑ کر رواں ورلڈ کپ میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ اے بی ڈی ویلیئرز سے چھین لیا۔

    دھواں دھار بلے بازگلین میکس ویل لنکن ٹائیگرز پر جم کر برسے۔ سڈنی میں میکس ویل نے چوکوں اور چھکوں کی بارش کردی۔

    وکٹ پر آتے ہی میکس ویل کا میٹر گھوم گیا، مار مار کر لنکن بولرز کو نانی یاد دلادی۔ میکس ویل کے لاٹھی چارج سے کوئی نہ بچ سکا، یاکرز کے بادشاہ لاستھ ملنگا بھی میکس ویل کو خاموش نہ کراسکے۔

    میکس ویل نے طوفانی باری کھیلتے ہوئے چھبیس گیندوں پر نصف سنچری بنائی اور پھر اکیاون گیندوں پر سنچری داغ کر ورلڈ کپ کی تاریخ میں دوسری تیزترین سنچری بنانے کااعزاز اپنے نام کیا۔

    میکس ویل کی طوفانی اننگز میں دس چوکوں اور چار فلگ شگاف چھکوں سے سجی تھی۔

  • جنوبی افریقہ کے ہاتھوں ویسٹ انڈیزکو دو سو ستاون رنز سے شکست

    جنوبی افریقہ کے ہاتھوں ویسٹ انڈیزکو دو سو ستاون رنز سے شکست

    سڈنی : ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کے چار سو نو رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم33.1 اوورمیں  ایک سو اکیاون رنز بنا سکی، کالی آندھی کو دو سو ستاون رنز سے عبرت ناک شکست کا سامنا ۔

    تفصیلات کے مطابق بولنگ کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم  بیٹنگ میں بھی ناکام رہی ۔ چار سو آٹھ رنز کے ہدف کے سامنے کالی آندھی ہانپ گئی۔ ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم33.1 اوورمیں  ایک سو اکیاون رنز بنا  کر پویلین لوٹ گئی ۔

    ورلڈ کپ میں پہلی ڈبل سنچری کرنے والے گیل بھی فیل ہوگئے۔ صرف تین رنزبناکر پویلین لوٹ گئے۔ جس کے بعد ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں کی لائن لگ گئی۔ ایک کے بعد ایک جاتا رہا، بیٹسمینوں نے تو چل میں آیا کی پالیسی اختیار کرلی۔

    وکٹیں گرتی رہیں اورمشکلات بھی بڑھتی رہیں۔اے بی ڈی ویلیئرمین آف دی میچ قرار پائے۔ ساؤتھ افریقہ کے کپتان نے اپنی کپتانی کا حق ادا کرتے ہوئے چھیاسٹھ بولوں پر آٹھ چھکوں اور سترہ چوکوں کی مدد سے شاندار ایک سو باسٹھ رنزاسکور کئے۔

    عمران طاہر نے پینتالیس رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں، ویسٹ انڈیز نے ہارکر بھی ریکارڈ بنانے کا اعزاز برقرار رکھا۔اور دو سو اٹھاون رنز سے ورلڈ کپ کی ریکارڈ شکست سے دوچار ہوئی۔

    اس سے قبل جنوبی افریقہ کی پہلی وکٹ تو اٹھارہ رنز پر گری جس کے بعد آملہ اور ڈیو پلیسی نے مل کراسکور ایک سو پینتالیس تک پہنچایا ۔

    آملہ نے پینسٹھ ۔ ڈیوپلیسی نے باسٹھ ،روزوں نے اکسٹھ رنز بنائے۔ ڈی ویلیئر وکٹ پر آئے تو حریف بولرز کو حواس باختہ کردیا اور چھیاسٹھ گیندوں پر ایک سو باسٹھ رنز بنا ڈالےاوراسکور چار سو آٹھ رنز تک پہنچا دیا۔

    جنوبی افریقہ کی اننگز میں گیارہ چھکے اور تیس چوکے شامل تھے۔ جنوبی افریقہ کا یہ عالمی کپ کا دوسرا اور موجودہ ورلڈ کپ کا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔

    ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے ۔ جیسن ہولڈر نے دس اوورزمیں ایک سو چار رنز دیئے ۔ آخری دس اوورز میں جنوبی افریقہ نے ایک سو اٹھاون رنز بنائے۔