Tag: SIFC

  • آٹو مینوفیکچرنگ کے لیے ایس آئی ایف سی کا مثبت کردار

    آٹو مینوفیکچرنگ کے لیے ایس آئی ایف سی کا مثبت کردار

    اسلام آباد: آٹو مینوفیکچرنگ کے لیے ایس آئی ایف سی کے مثبت کردار کے باعث آٹو مینوفیکچررز کے لائسنس بحال ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایس آئی ایف سی کی مداخلت پر تمام آٹو مینوفیکچررز کے لائسنس بحال کر دیے گئے ہیں، 3 آٹو مینوفیکچررز کے لیے امپورٹ لائسنس اکتوبر کے آخر میں معطل کیے گئے تھے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ تمام آٹومینوفیکچررز کے لیے خام مال منگوانے میں اب کوئی رکاوٹ نہیں ہے، ایس آئی ایف سی ملک میں سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے متحرک ہے، اور گاڑیوں کی ایکسپورٹ کے لیے مختلف امور کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

    حکام کے مطابق افریقہ اور وسطی ایشیا کے ملکوں میں گاڑیوں کی ایکسپورٹ کے لیے سہولیات پر غور کیا جا رہا ہے، ایس آئی ایف سی نے گاڑیوں کی ایکسپورٹ کے لیے تجاویز بھی طلب کر لی ہیں۔

    نگراں وزیر اعظم کے دورہ ازبکستان میں بھی گاڑیوں کی ایکسپورٹ سے متعلق بات چیت ہوگی، نگراں وزیر صنعت گوہر اعجاز ازبکستان میں پاکستان کی ایکسپورٹ سے متعلق امور پر گفتگو کریں گے۔

  • پاکستان میں 70 ارب کی غیرملکی سرمایہ کاری متوقع

    پاکستان میں 70 ارب کی غیرملکی سرمایہ کاری متوقع

    کراچی : آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی کاروباری شخصیات سے ملاقاتوں اور اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے قیام کے بعد پاکستان میں 70 ارب ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری متوقع ہے۔

    کاروباری طبقے نے اس امکان کو ملک کیلئے مثبت اور خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف سے کاروباری طبقے کی ملاقاتوں اور اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل قائم ہونے کے بعد پاکستان میں جلد ہی 70 ارب ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری متوقع ہے جس سے معیشت ٹریک پر چڑھ جائے گی۔

    کاروباری برادری کے مطابق ڈالر کی قیمت میں کمی کی طرح بجلی اور پیٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔

    کاروباری طبقے نے کہا کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل کے تحت بڑے پیمانے پر غیر ملکی سرمایہ کاری آنے سے ملک میں لاکھوں افراد کو نہ صرف روزگار ملے گا بلکہ زرمبادلہ ذخائر میں بھی اضافہ ہوگا۔

  • ملکی معاشی ترقی کا ایک اور تابناک باب رقم ہونے کے قریب

    ملکی معاشی ترقی کا ایک اور تابناک باب رقم ہونے کے قریب

    اسلام آباد: ملکی معاشی ترقی کا ایک اور تابناک باب رقم ہونے کے قریب ہے، پاکستان کے روشن مستقبل کی جانب سفر کو تیز تر کرنے کے لیے کل اسلام آباد میں بڑا آئی ٹی سیمینار منعقد ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ایس آئی ایف سی کا اہم جز آئی ٹی ملکی معاشی انقلاب کی جانب تیزی سے کوشاں ہے، اس سلسلے میں اسلام آباد میں 20 جولائی کو ایک بڑے آئی ٹی سیمینار کا انعقاد کیا جائے گا۔

    سیمینار میں بین الاقوامی مندوبین اور سرمایہ کار بھی شرکت کریں گے، گورنر اسٹیٹ بینک، چیئرمین ایف بی آر اور خلیجی ممالک، چین اور یورپی یونین کے سفارت کار اور آئی ٹی کے شعبے سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیات کی شرکت بھی متوقع ہے۔

    سیمینار کا بنیادی مقصد پاکستان میں آئی ٹی شعبے کی استعداد اور صلاحیتوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے، تاکہ ملکی سرمایہ کاری کو دوام بخشا جا سکے، سیمینار کا انعقاد اسپیشل انوسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کے زیر اہتمام معاشی ترقی کے بحالی منصوبے کی ایک کڑی ہے۔

    6 لاکھ سے زائد آئی ٹی ملازمین، 30 سے زائد آئی ٹی پارک اور 190 ممالک میں آئی ٹی برآمدات کی بدولت پاکستان آئی ٹی شعبے میں نمایاں ابھرنے والے ممالک کا درجہ رکھتا ہے، پاکستان میں آئی ٹی شعبے سے منسلک برآمدات کی پیداواری قیمت دیگر ممالک کے مقابلے میں 70 فی صد کم ہے۔

    آئی ٹی شعبے میں انقلاب ملکی معیشت کے دیگر شعبوں میں بھی ترقی کا باعث بنے گا، سیمینار کے اختتام پر چند اسٹارٹ اپس منصوبوں کا افتتاح بھی کیا جائے گا۔