Tag: Sikh Marriage Bill

  • پاکستان سکھوں کی شادیاں رجسٹرڈ کرنے والا پہلا ملک بن گیا

    پاکستان سکھوں کی شادیاں رجسٹرڈ کرنے والا پہلا ملک بن گیا

    لاہور : پاکستان دنیا بھر میں سکھوں کی شادیاں رجسٹرڈ کرنے والا پہلا ملک بن گیا، پنجاب اسمبلی نے سکھ میرج رجسٹریشن بل منظور کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی نے سکھوں کی شادی کی رجسٹریشن کا قانون آنند کراج ایکٹ منظور کرلیا ہے، پنجاب اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس میں اقلیتی رکن سردار رمیش سنگھ اروڑا نے بل پیش کیا تھا۔

    اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خان کی زیر صدارت اجلاس میں مذکورہ بل متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا، مذکورہ بل کا نام ’’ آنند کراج ایکٹ ‘‘ رکھا گیا ہے، جس کے بعد پاکستان سکھ شادیاں رجسٹر کرنے والا پہلا ملک بن گیا، اس قانون کے مطابق شادی کیلئے سکھ لڑکے یا لڑکی کی کم از کم عمر 18 سال رکھی گئی ہے۔

    اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سکھ رہنماؤں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے ہمیں شناخت نہیں دی بلکہ پاکستان نے تسلیم کرلیا۔

    جنرل سیکریٹری گردوارہ پربندھک کمیٹی گوپال سنگھ کا کہنا ہے کہ یہ سب سکھ پنجابی بھائی چارے کا نتیجہ ہے، اس موقع پر پیپلز پارٹی اورتحریک انصاف نے سینیٹ انتخابات میں جیت پر مٹھائی تقسیم کی۔

     اس کےعلاوہ پنجاب اسمبلی میں بہاول پور ڈویلپمنٹ اتھارٹی،نارووال، سیالکوٹ، تیان جن، چولستان یونیورسٹیوں سمیت سات بل منظور کرلئے گئے۔مختلف رپورٹس بھی ایوان میں پیش کی گئیں۔ بعد ازاں اسمبلی کااجلاس جمعرات کی صبح دس بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

  • پنجاب اسمبلی: سکھ برادری کی شادیوں کو قانونی حیثیت دینے کے لیے بل پیش

    پنجاب اسمبلی: سکھ برادری کی شادیوں کو قانونی حیثیت دینے کے لیے بل پیش

    لاہور: صوبہ پنجاب کی اسمبلی میں سکھ برادری کو شادی کرنے کا قانونی اختیار دینے کے لیے بل پیش کردیا گیا۔ قانون کی منظوری کے بعد پاکستان دنیا کا پہلا ملک بن جائے گا جہاں آباد سکھ اقلیت اپنے مذہب کے مطابق رشتہ ازدواج میں منسلک ہوسکے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں سکھ رکن سردار رامیش سنگھ آروڑہ کی جانب سے سکھوں کو شادی کرنے کے قانونی اختیار کے حوالے سے سکھ میرج ایکٹ بل پیش کردیا گیا۔

    ایوان سے باہر گفتگو میں سردار رامیش سنگھ آروڑہ کا کہنا تھا کہ اس قانون سازی سے پاکستان دنیا کا پہلا ملک بن جائے گا جہاں آباد سکھ اقلیت اپنے مذہب کے مطابق رشتہ ازواج میں منسلک ہو سکے گی۔

    پاکستان مسلم لیگ ن سے تعق رکھنے والے رامیش سنگھ پنجاب اسمبلی کے پہلے سکھ رکن ہیں۔

    دوسری جانب قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے پنجاب اسمبلی میں متحدہ اپوزیشن کے اجلاس کے بعد اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مالی بے ضابطگیوں کے اسکینڈل کو پوری شدت کے ساتھ ایوان میں اٹھایا جائے گا۔ حکومت کو مجبور کریں گے کہ اس پر بحث کے لیے 2 روز مختص کیے جائیں۔

    اجلاس میں حکومتی رکن نگہت ناصر کی جانب سے صوبے بھر میں عطائیت، تعویز گنڈے اور جادو ٹونے کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاﺅن کرنے کی قرارداد کو بھی کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔