Tag: silakot

  • مسیحی برادری ملکی ترقی اور خوشحالی میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے، فردوس عاشق

    مسیحی برادری ملکی ترقی اور خوشحالی میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے، فردوس عاشق

    سیالکوٹ : معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مسیحی برادری ملک کی ترقی اور خوشحالی میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے، کرسمس پر حکومت کی طرف سے مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ حکومت اقلیتوں کو ہر شعبہ میں یکساں مواقع فراہم کررہی ہے۔

    نئے پاکستان کی تعمیر میں مسیحی برادری بھرپور کردارادا کرے گی، اسلام امن، محبت اور درگزر کرنے کی تعلیم دیتا ہے، مذہبی ہم آہنگی مسلمانوں کے عقیدے کا حصہ ہے۔

    ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قائد اعظم نے تمام شہریوں کو بلاتفریق آزادی اور تحفظ کی ضمانت دی تھی، حکومت اقلیتوں کے حقوق کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی۔

    وطن عزیز کے پرچم میں سفید رنگ اقلیتوں کی ترجمانی کرتا ہے، پاکستان میں اقلیتوں کو تحفظ حاصل ہے، مسیحی بھائیوں کی ترقی کیساتھ ملکی دفاع میں بھی قابلِ قدر خدمات ہیں۔

    مسیحی برادری کی خدمات کو کبھی بھی فراموش نہیں کیاجاسکتا، نئے پاکستان میں تمام اقلیتی نمائندوں کوساتھ لیکر چل رہےہیں۔

  • سیالکوٹ : خوفناک ٹریفک حادثہ، ایک ہی خاندان کے 6افراد جاں بحق

    سیالکوٹ : خوفناک ٹریفک حادثہ، ایک ہی خاندان کے 6افراد جاں بحق

    سیالکوٹ : ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان کے چار سالہ بچی سمیت6افراد جاں بحق ہوگئے، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے حادثے کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ میں پسرور روڈ پر خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے، دو گاڑیوں کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں چھ افراد جاں بحق ہوگئے، متوفیان کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔

    اطلاعات کے مطابق تین افراد نے موقع پر ہی دم توڑ دیا جبکہ تین افراد اسپتال پہنچ کر دوران علاج دم توڑ گئے، متوفیان کی لاشیں لواحقین کے حوالے کردی گئیں۔

    اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں35سالہ محمد یعقوب،38سالہ محمد فاروق30 سالہ رضیہ مظفر،14سالہ صدف ذوالفقار چار سالہ فضیلت مظفر، سفیان علی اور24سالہ ڈرائیور بھی شامل ہیں۔

    علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پسرور کے قریب ٹریفک حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے حادثے کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔