Tag: سندھ

  • "ہم نے سندھ میں 100 سے زائد ڈیم بنائے ہیں”

    "ہم نے سندھ میں 100 سے زائد ڈیم بنائے ہیں”

    صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ہم نے سندھ میں 100 سے زائد چھوٖٹے ڈیم بنائے ہیں، ورلڈبینک نے ہماری کارکردگی کو سراہا ہے۔

    ناصر حسین شاہ نے ڈیمز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ورلڈبینک نے سندھ حکومت کی کارکردگی کو سراہا ہے، سندھ حکومت نے سُپرفلڈ سے نمٹنے کی تیاریاں کررکھی ہیں، سندھ میں زیادہ سے زیادہ 6 سے 7 لاکھ کیوسک کا ریلا آئےگا، 6 سے 7 لاکھ کیوسک کا ریلا آرام سے گزر جائےگا۔

    ناصرحسین شاہ نے کہا کہ غیرمتوقع بارشوں کے پیش نظر تیاریاں پوری کررکھی ہیں، ریلیف کیمپس تیار کرلیے ہیں، حساس اسپاٹس پر نظر ہے، کوشش ہے کہ کچے سے لوگوں کا انخلا کردیں۔

    یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے نئے صوبوں کی بھی حمایت کردی

    انھوں نے کہا کہ بھاشا، داسو ڈیم بنانے کےلیے ہم سب حاضر ہیں، بھاشا، داسو ڈیم بنانے کے کام کو تیز کرنا چاہیے، ورلڈ بینک سمیت دیگر سے رابطہ کرنا چاہیے۔

    سندھ کے صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ کالا باغ ڈیم کو تینوں صوبوں نے مسترد کردیا ہے، اگر ایک ڈیم متنازع ہے تو دیگر ڈیمز بنانے میں کیوں تاخیر کی گئی۔

    ناصرشاہ کا سندھ کی صورتحال سے متعلق کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ نے سیکیورٹی سے متعلق متعلقہ حکام سے رابطہ کیا ہے، وزیراعلیٰ سندھ کی کورکمانڈر اور ڈی جی رینجرز سے بات ہوئی، کچے میں سیلاب آیا تو ڈاکو باہر آئیں گے، انتظار کررہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ افواہیں پھیلتی ہیں تو لوگ ذخیرہ اندوزی شروع کردیتے ہیں، اشیا خورونوش کی ذخیرہ اندوزی اور قیمتوں کو مانیٹر کررہے ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/india-flood-rail-released-enters-pakistani-territory/

  • ممکنہ سیلاب کا خدشہ ،  سندھ  کے حساس اضلاع کیلئے امدادی سامان روانہ

    ممکنہ سیلاب کا خدشہ ، سندھ کے حساس اضلاع کیلئے امدادی سامان روانہ

    کراچی : ممکنہ سیلاب کے پیش نظر سندھ کے حساس اضلاع کیلئے امدادی سامان روانہ کردیا گیا ، سامان میں مچھردانی، میٹرس، فرسٹ ایڈکٹس، کولرز، پورٹ ایبل ٹوائلٹ، ترپال، خیمے و دیگر سامان شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر اضلاع میں امدادی سامان روانہ کرنا شروع کر دیا ہے۔

    پی ڈی ایم اے ترجمان نے بتایا کہ حساس قرار دیے گئے اضلاع میں ابتدائی طور پر پسکھر، لاڑکانہ اور شکارپور کے لیے امدادی سامان بھیج دیا گیا ہے، جبکہ نوشہروفیروز، گھوٹکی اور کشمور کے لیے سامان جلد روانہ کیا جائے گا۔

    امدادی سامان میں مچھر دانیاں، میٹرس، ہائجین کٹس، فرسٹ ایڈ کٹس، پانی کے کولرز، پورٹ ایبل ٹوائلٹس، ترپال، خیمے اور دیگر ضروری اشیاء شامل ہیں۔

    مزید پڑھیں : سندھ میں سیلاب کا ممکنہ خطرہ، بیراجوں کی مانیٹرنگ

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بروقت اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں، دریاؤں کی صورتحال اور ممکنہ خطرات کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطہ برقرار ہے۔

    خیال رہے سندھ میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر صوبائی حکومت کا ارین اینڈ فلڈ ایمرجنسی مانیٹرنگ سیل متحرک ہوگیا، بیراجوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

    حکام کے مطابق آئندہ 4 روز تک پنجند سے پانی کا ریلا گڈو بیراج کے مقام پر پہنچے گا جس کے بعد مزید سطح بلند ہونے کا امکان ہے، 4 سے 5 ستمبر کے درمیان بڑا ریلا پہنچے گا۔

  • 2 یا 3 ستمبر کی رات سیلاب سندھ میں داخل ہوگا

    2 یا 3 ستمبر کی رات سیلاب سندھ میں داخل ہوگا

    کراچی (31 اگست 2025): سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ 2 یا 3 ستمبر کی رات سیلاب سندھ میں داخل ہوگا، صوبے میں 16 لاکھ افراد سیلاب سے متاثر ہو سکتے ہیں۔

    شرجیل میمن کے مطابق سیلاب سے نمٹنے کے لیے تیاریاں کر لی گئی ہیں اور 102 حساس مقامات پر مشینری پہنچا دی گئی ہے، صدر زرداری اور بلاول بھٹو خود صورت حال کی نگرانی کر رہے ہیں۔

    دریا کنارے آبادیوں سے نقل مکانی شروع ہو چکی ہے، کچے کے علاقے سے بڑی تعداد میں لوگوں کا انخلا ہو گیا، سینئر وزیر نے کہا کوئی نہیں چاہتا کہ اپنے گھر چھوڑ کر امدادی کیمپوں میں رہیں، تاہم عوام سے اپیل ہے کہ سیلاب والے علاقوں سے نکل جائیں۔

    انھوں نے کہا انتظامیہ کی پوری توجہ انسانی جانوں کو بچانے پر ہے، گدو بیراج 12 لاکھ کیوسک تک ریلا برداشت کر سکتا ہے، توقع ہے اتنا ہی پانی آئے گا جتنا بیراج برداشت کر سکتے ہیں۔

    سیلاب : ایک گھر سے 13 جنازے، صوابی سانحے کا دلخراش واقعہ

    ادھر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سیلابی صورت حال کی مانیٹرنگ کے لیے مقرر وزرا سے رابطہ کر کے ہدایت کی ہے کہ منگل اور بدھ کی رات دریائے سندھ میں سیلاب کا خدشہ ہے، اس لیے دریا کنارے بندوں کے نہری نظام کی کڑی نگرانی کی جائے۔ وزیر اعلیٰ سندھ صوبائی وزرا کے ساتھ آج صبح گدو بیراج کا دورہ بھی کریں گے۔

    خیال رہے کہ اگلے دو سے تین روز تک مزید بارشیں ہوں گی، ڈی جی پی ڈی ایم اے نے پنجاب کے دریاؤں میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا ہے، اور کہا کہ دو سے تین ستمبر کے دوران دریاؤں کے بالائی حصوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے، بارش کے بعد راوی، ستلج اور بیاس میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

    اگلے چوبیس گھنٹوں میں دریائے چناب میں ہیڈ تریموں کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہوگا، جب کہ ہفتے تک 10 لاکھ کیوسک کا ریلا سندھ پہنچے گا۔

  • بڑی خبر، موٹر سائیکل اور چھوٹی بڑی گاڑیوں کی نمبر پلیٹ اب ذاتی ملکیت ہوگی

    بڑی خبر، موٹر سائیکل اور چھوٹی بڑی گاڑیوں کی نمبر پلیٹ اب ذاتی ملکیت ہوگی

    کراچی (24 اگست 2025): صوبہ سندھ کے شہریوں کے لیے بڑی خبر ہے کہ اب موٹر سائیکل اور چھوٹی بڑی گاڑیوں کی نمبر پلیٹ ذاتی ملکیت ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومتی ذرائع نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے محکمہ ایکسائز کی ایک سمری پر دستخط کیے ہیں، جس کے مطابق اب گاڑیوں کی نمبر پلیٹ شہریوں کی ذاتی ملکیت ہوا کرے گی۔

    محکمہ ایکسائز سندھ کے مطابق موٹر سائیکل، کار اور تمام بڑی گاڑیوں کی نمبر پلیٹ شناختی کارڈ سے منسلک کر دی گئی ہے، گاڑی فروخت کرنے پر پہلا مالک اپنی پلیٹ اتار لے گا، اور پلیٹ جس این آئی سی پر رجسٹرڈ ہوگی وہی نمبر پلیٹ کا مالک ہوگا۔

    کراچی میں نئی نمبر پلیٹ لگوانے کے لیے مزید مہلت مل گئی

    گاڑی خریدنے والا اپنی نمبر پلیٹ پر گاڑی آن لائن رجسٹرڈ کرائے گا، اگر اسے سرکار کو واپس کرنی ہے تو وہ دفتر جا کر رجسٹریشن منسوخ کرائے گا۔

    حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے چوری اور دہشت گردی سمیت دیگر جرائم کی روک تھام میں کمی ہوگی، وفاق سمیت چاروں صوبائی حکومتیں میں رجسٹرڈ گاڑیوں کا ڈیٹا بھی شیئر کر دیا گیا۔

    گاڑی یا موٹر سائیکل کی ملکیت کیسے تبدیل کروائیں؟ مکمل طریقہ کار جانیئے

  • سندھ میں بارش کے دوران آندھی اور بجلی  گرنے کی پیشگوئی

    سندھ میں بارش کے دوران آندھی اور بجلی گرنے کی پیشگوئی

    کراچی (18 اگست 2025): آج سے 22 اگست تک سندھ بھر میں تیز بارشوں کا امکان ہے اس دوران اربن فلڈنگ آندھی اور بجلی گرنے کے بھی امکانات ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات نے موسم سے متعلق نئی پیشگوئی جاری کی ہے۔ اس کے مطابق ملک بھر میں مون سون کا طاقتور سسٹم اثر انداز ہوچکا ہے۔ اس نئے سسٹم کے تحت آج سے 22 اگست تک بارشوں کا امکان ہے۔

    مون سون کے اس نئے سسٹم کے تحت سندھ میں موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری پیشگوئی کے مطابق صوبے میں آندھی کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کا امکان اور نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے جب کہ بارش کے ساتھ آندھی چلنے اور بجلی گرنے کے خدشات بھی موجود ہیں۔

    آج سے شروع ہونے والے مون سون سسٹم کے تحت جیکب آباد، شکارپور، لاڑکانہ، قمبر، شہداد کوٹ، گھوٹکی، سکھر، کشمور اور نوشہروفیروز میں بارش متوقع ہے، جس کا سلسلہ 22 اگست تک جاری رہ سکتا ہے۔

    اس کے علاوہ دادو، میرپورخاص، شہید بے نظیر آباد، حیدر آباد میں وقفے وقفے سے ان پانچ دنوں کے دوران بارش کا امکان ہے جب کہ جامشورو، ٹنڈو محمد خان، ٹھٹھہ، سجاول میں بھی بادل برس سکتے ہیں۔

    محکمہ موسمیات نے اسی دوران تھرپارکر میں بھی درمیانی اور تیز شدت کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

    کراچی میں بھی آج سے 22 اگست تک بادل برسیں گے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بھارتی راجستھان پر موجود سائیکلونک سرکولیشن کے اثرات 18 اگست کی شام یا رات تک کراچی میں داخل ہوں گے، جس کے نتیجے میں شہر میں بارشوں کا آغاز ہوگا۔

    موسم کا حال بتانے والوں نے کہا آج شہر میں ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش متوقع ہے جبکہ 20 اور 21 اگست کو گرج چمک کے ساتھ تیز اور موسلادھار بارشوں کا امکان ہے، وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ 22 اگست تک جاری رہ سکتا ہے۔

  • سندھ بھر میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ

    سندھ بھر میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ

    کراچی(11 اگست 2025): 14 اگست کے موقع پر سندھ بھر میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار نے سندھ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آزادی خوشی کاموقع ہے اس موقع پر فائرنگ کرنا غلط عمل ہے۔

    ضیاالحسن لنجار کا کہنا تھا کہ خوشی کے موقع پر شہری فائرنگ سے گریز کریں، 2 دن کیلئے دفعہ 144 بھی نافذ کی جائے گی تاکہ خوشیوں کو منایا جا سکے۔

    ضیا لنجار نے مزید کہا کہ سندھ حکومت یوم آزادی کو بھرپور طریقے سے منا رہی ہے، مختلف شہروں میں سرکاری اور غیر سرکاری تقریبات جاری ہیں۔

    دوسری جانب کراچی پولیس کی جانب سے ہوائی فائرنگ کےحوالے سے آگاہی پیغام جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ 14 اگست کے موقع پر ہوائی فائرنگ سے اجتناب کیا جائے، ہوائی فائرنگ پر اقدام قتل کے تحت کارروائی کی جائے گی، اپنی خوشیوں کو غم میں تبدیل نہ کریں۔

    https://urdu.arynews.tv/kpk-section-144-imposed-in-13-districts/

    اس کے علاوہ خیبرپختونخوا کے 13 اضلاع میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ڈبل سواری اور اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی، اس حوالے سے محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا نے اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔

    جس میں کہا ہے کہ دفعہ 144 کے تحت چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر لگائی گئی ہے جس کا اطلاق ایک ہفتے کیلئے ہوگا۔

  • نارا کینال مگرمچھ کا خاتون پر حملہ، وائلڈ لائف کا کہنا ہے مارش کروکوڈائل جارحانہ برتاؤ نہیں کرتا

    نارا کینال مگرمچھ کا خاتون پر حملہ، وائلڈ لائف کا کہنا ہے مارش کروکوڈائل جارحانہ برتاؤ نہیں کرتا

    سکھر (10 اگست 2025): نارا کینال صالح پٹ کی حدود میں خاتون پر مگرمچھ کے حملے کے واقعے کے بعد وائلڈ لائف ڈویژن کی سربراہی میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو اس واقعے کی تحقیقات کرے گی۔

    سندھ وائلڈ لائف نے بتایا کہ صالح پٹ میں مگرمچھ کے حملے میں متاثرہ خاندان سے بات کرنے جب ٹیم سکھر اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ گئی تو معلوم ہوا کہ فیملی اسپتال عملے کو اطلاع دیے بغیر وہاں سے جا چکی تھی، اب ٹیم شواہد جمع کرے گی اور نہر کے مخصوص حصے کی اسکریننگ کرے گی، متاثرہ خاندان سے ملاقات اور میڈیکل رپورٹ کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

    وائلڈ لائف حکام کے مطابق نارا کینال کے کناروں پر جھگیاں اور غیر قانونی مکانات قائم ہیں، ماضی میں کینال میں بچی پر حملے کی خبر غلط ثابت ہوئی تھی۔

    انھوں نے کہا کہ دنیا میں مگرمچھوں کی 18 اقسام موجود ہیں، اور ان میں سے 6 ایشیا میں پائی جاتی ہیں، سندھ کا مقامی مگرمچھ مارش کروکوڈائل کہلاتا ہے، یہ دریائے نیل کے مگرمچھ سے مختلف برتاؤ رکھتا ہے، سائز میں چھوٹا اور مزاجاً کم جارحانہ ہوتا ہے۔


    سکھر میں شوہر نے بیوی کو مگرمچھ کے جبڑے سے نکال لیا


    حکام کا کہنا ہے کہ دریائے نیل اور کھارے پانی کے مگرمچھ جارحانہ برتاؤ رکھتے ہیں لیکن مارش کروکوڈائل پورے جانور کو گھسیٹنے جیسا رویہ نہیں رکھتا، یہ مردہ جانور کا گوشت کھانے کو ترجیح دیتا ہے۔

    وائلد لائف حکام کے مطابق مارش کروکوڈائل اپنے علاقے میں دراندازی پر ہی اشتعال میں آتا ہے، اگر اسے خوراک نہ ملے تو کئی مہینے بھوکا رہ سکتا ہے، یہ تیز بہاؤ سے بچنے کے لیے آہستہ پانی والے علاقوں میں رہتا ہے، اور دن کا بڑا حصہ خشکی پر یا اپنے بل میں گزارتا ہے۔

  • سندھ میں خواتین ورکرز کے ساتھ اور کس کو ای بائیکس ملیں گی؟

    سندھ میں خواتین ورکرز کے ساتھ اور کس کو ای بائیکس ملیں گی؟

    کراچی (10 اگست 2025): ورکرز ویلفیئر بورڈ سندھ نے خواتین کے ساتھ ساتھ اقلیتی محنت کشوں کو بھی ای بائیکس دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سیکریٹری رفیق قریشی نے کہا ہے کہ سندھ کی اقلیتی برادری کے لیے بڑی خوش خبری ہے، محکمہ ورکرز ویلفیئر بورڈ سندھ نے خواتین کے ساتھ اقلیتی برادری کے صنعتی محنت کشوں کو بھی الیکٹرک بائیکس دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    سیکریٹری محنت رفیق قریشی نے کہا بورڈ کی منظوری سے ایس ای سی پی کی منظور شدہ شریعہ کمپلائنٹ سکوک بانڈز میں 3 ارب روپے کی سرمایہ کاری کرنے جا رہے ہیں تاکہ محنت کشوں کو مزید سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ حادثاتی ہیلتھ انشورنس اسکیم میں محنت کشوں کو سالانہ 7 لاکھ روپے کی ہیلتھ انشورنس کے ساتھ ملک کے 270 اسپتالوں میں علاج میسر ہوگا۔

    فلیٹس کی بجائے ورکرز کے لیے مکمل سولرائزڈ گھر تعمیر کیے جائیں گے، ورکرز ویلفیئر بورڈ کے ماتحت اسکولوں کو بھی سولرائز کیا جا رہا ہے، سال میں 2 باربچوں کو اسکول یونیفارم دیا جائے گا۔

    سیکریٹری محنت رفیق قریشی نے مزید کہا کہ ورکرز ویلفیئر بورڈ کے تمام شعبوں کو ڈیجیٹلائز کر رہے ہیں، تاکہ محنت کشوں کو منصفانہ طور پر سہولیات فراہم کر سکیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر ڈیتھ گرانٹ کی رقم 7 سے 10 لاکھ اور شادی گرانٹ کی رقم 3 سے 5 لاکھ روپے کر رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا یہ اقدامات ورکرز ویلفیئر بورڈ سندھ کی جانب سے محنت کشوں کے حقوق اور فلاح و بہبود کے لیے ایک نئی امید اور روشن مستقبل کی ضمانت ہیں، جو نہ صرف محنت کش طبقے کے معیارِ زندگی کو بہتر بنائیں گے بلکہ تعلیم، رہائش، صحت اور توانائی کے شعبوں میں پائیدار ترقی کی راہ بھی ہموار کریں گے۔

  • سندھ میں کن خواتین کو مفت الیکٹرک بائیکس دی جائیں گی؟

    سندھ میں کن خواتین کو مفت الیکٹرک بائیکس دی جائیں گی؟

    کراچی (05 اگست 2025): ورکرز ویلفیئر بورڈ نے رواں مالی سال کا بجٹ منظور کر لیا، جس میں محنت کشوں کے لیے 7 لاکھ کی حادثاتی ہیلتھ انشورنس، 270 اسپتالوں میں مفت علاج کی سہولت، اور خواتین کے لیے مفت الیکٹرک بائیکس کی فراہمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر محنت و افرادی قوت و چیئرمین ورکرز ویلفیئر بورڈ سندھ شاہد تھہیم کی زیر صدارت ورکرز ویلفیئر بورڈ کا 33 واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکریٹری محنت رفیق قریشی، کمشنر سندھ ریونیو بورڈ، آجر و اجیر نمائندوں، فنانس ڈیپارٹمنٹ کے نمائندے اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔

    سیکریٹری رفیق قریشی نے بریفنگ میں بتایا کہ گزشتہ بجٹ میں کئی اہم اہداف مکمل کیے گئے ہیں، 10 ہزار صنعتی خواتین ورکرز کو ای بائیکس کی فراہمی سے متعلق اسکیم بھی منظور کر لی گئی ہے، حادثاتی ہیلتھ انشورنس اسکیم کا اجرا کر دیا گیا، اور لیبر کالونیوں اور تعلیمی اداروں کی بحالی، اور صنعتی کارکنوں میں سلائی مشینوں کی تقسیم سے متعلق اسکیم بھی منظور کر لی گئی۔

    نئے بجٹ میں ایکسیڈینٹل ہیلتھ انشورنس اسکیم بھی متعارف کروائی گئی ہے، جس میں محنت کشوں کو سالانہ 7 لاکھ روپے تک کی ہیلتھ انشورنس حاصل ہوگی، جس سے پورے ملک میں 270 اسپتالوں میں علاج ممکن ہوگا۔ وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت کے مطابق ڈیتھ گرانٹ کی رقم 7 سے 10 لاکھ روپے اور شادی گرانٹ کی رقم بھی 3 سے 5 لاکھ روپے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔


    اسکیم کے تحت طلبہ و طالبات کو الیکٹرانک بائیکس اور پنک اسکوٹیز ملیں گی


    گورننگ باڈی نے فیصلہ کیا کہ اب فلیٹس کی بجائے ورکرز کے لیے مکمل سولرائزڈ گھر تعمیر کیے جائیں گے، ہاؤس لون اور کار لون ایک بار جب کہ بائیک لون دو بار حاصل کیے جا سکیں گے، شرط یہ ہے کہ پہلے یہ سہولت استعمال نہ کی ہو، جب کہ ہر پہلو ڈیجیٹلائزڈ ہوگا۔

    ہر مزدور اور اُس کے اہل خانہ کا ڈیٹا نادرا اور ای او بی آئی سے منسلک ہو کرڈیجیٹائز ہوگا، ورکرز ویلفئیر بورڈ ایس ای سی پی کی منظور شدہ شریعہ کمپلائنٹ سکوک بانڈز میں 3 ارب روپے کی سرمایہ کاری کرے گا، اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ ورکرز ویلفیئر بورڈ کے ملازمین کے لیے صحت کی سہولیات پر اخراجات کے لیے باقاعدہ معیار مقرر کیا جائے کیوں کہ موجودہ نظام کے اخراجات کی کوئی حد مقرر نہیں، سندھ حکومت کی پالیسی کے تحت سب کے لیے یکساں ہیلتھ انشورنس کا نظام بنایا جائے گا۔

    موجودہ بجٹ میں اسکولوں کی سولرائزیشن کا منصوبہ بھی شامل کیا گیا ہے اور ہر سال بچوں کو 2 مرتبہ یونیفارم دیے جائیں گے، اور تمام تعلیمی اداروں کو ڈیجیٹلائز کیا جائے گا۔

    کمشنر سندھ ریونیو بورڈ نے انکشاف کیا کہ 53 برسوں میں ایف بی آر نے مزدوروں کے فنڈز کی مد میں مجموعی طور پر 350 ارب روپے جمع کیے، جب کہ سندھ کو صرف 22.5 ارب روپے فراہم کیے گئے، ہم نے ڈیجیٹلائزیشن سے 87 بلین جمع کیے ہیں۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ کا وزیر اعظم کو ارسال کیا گیا باضابطہ خط بھی اجلاس میں پیش کیا گیا جس میں اس غیر منصفانہ تقسیم پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔

  • 6 ماہ میں غیرت کے نام پر سندھ میں کتنی خواتین قتل ہوئیں؟

    6 ماہ میں غیرت کے نام پر سندھ میں کتنی خواتین قتل ہوئیں؟

    حیدرآباد (04 اگست 2025): صوبہ سندھ میں گزشتہ صرف 6 ماہ کے دوران 21 ایسی خواتین کے قتل کا انکشاف ہوا ہے جنھیں غیرت کے نام پر زندگی سے محروم کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ویمن ایکشن فورم کی جانب سے صنفی بنیاد پر تشدد کے واقعات پر مبنی رپورٹ جاری کی گئی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ نصف سال کے دوران غیرت کے نام پر سندھ میں 21 خواتین کو قتل کیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق سندھ بھر میں چھ ماہ میں مجموعی طور پر قتل ہونے والی خواتین کی تعداد 133 ہے، جب کہ صوبہ بھر میں اس دوران 90 جنسی زیادتی کے کیسز بھی رپورٹ ہوئے۔


    راولپنڈی : جرگے کے حکم پر لڑکی کے قتل کے دل دہلا دینے والے واقعے میں اہم پیشرفت


    ویمن ایکشن فورم کی رپورٹ کے مطابق سندھ بھر میں 6 ماہ کے دوران 36 خود کشی کے واقعات رونما ہوئے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ غیرت کے نام پر قتل صرف قبائلی علاقوں میں نہیں بلکہ کراچی میں بھی ہوئے۔

    واضح رہے کہ ان دنوں ملک کے مختلف شہروں اور دیہات میں متعدد ایسے افسوس ناک واقعات رونما ہوئے ہیں جن میں خواتین یا جوڑوں کو غیرت کے نام پر بے دردی سے قتل کیا گیا، ان میں بلوچستان کے علاقے ڈگاری میں 19 جولائی کو پیش آیا واقعہ سر فہرست رہا، جس میں بانو نامی خاتون اور احسان اللہ نامی شخص کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا، اور جس کے دردناک مناظر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔