Tag: sindh and punjab

  • سپریم کورٹ: سندھ ، پنجاب بلدیاتی الیکشن شیڈول آج ہی جمع کرانے کا حکم

    سپریم کورٹ: سندھ ، پنجاب بلدیاتی الیکشن شیڈول آج ہی جمع کرانے کا حکم

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے سندھ اور پنجاب کے بلدیاتی الیکشن کیلئے جمع کرایا گیا انتخابی شیڈول مسترد کرکے آج ہی نیا شیڈول جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ سماعت دس مارچ تک ملتوی کردی گئی ہیں۔

    سپریم کورٹ میں بلدیاتی انتخابات کے کیس میں عدالت نے سندھ اور پنجاب کے حوالے سے جمع کرائے گئے شیڈول کو مسترد کرتے ہوئے آج ہی نیا شیڈول جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

    عدالت نے اسلام آباد میں انتخابات کیلئے شیڈول دس مارچ تک جمع کرانا کی ہدایت کی جبکہ عدالت نے کے پی کے اور کنٹونمنٹ بورڈ میں انتخابات کیلئے دیا گیا نیا شیڈول منظور کرلیا ہے۔

    سماعت کے دوران جسٹس ایس خواجہ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ جمع کرایا گیا انتخابی شیڈول مناسب نہیں، انتخابات میں ایک دن بھی تاخیر ہونے نہیں دینگے۔

    گزشتہ روز سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ الیکشن ہو یا کرکٹ کسی میدان میں بھارت کا مقابلہ نہیں کرسکتے، سپریم کورٹ نے خیبرپختونخوا میں ستمبر میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول قبول کرلیا تھا

    کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات پچیس اپریل اور خیبرپختونخوا میں تیس ستمبر کو ہوں گے۔۔ جسٹس جواد ایس خواجہ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ مقررہ وقت پرانتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، جسے نبھانے میں وہ ناکام رہا، انڈین الیکشن کمیشن انتخابات سے دو ماہ قبل پورا بھارت بند کر کے انتظام سنبھال لیتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ الیکشن ہو یا کرکٹ کسی میدان میں انڈیا کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔ بیلٹ پیپرچھاپنےکےحوالےسےپرنٹنگ کارپوریشن کےعذر پر طنزیہ کہا کہ بیلٹ پیپر بنگلہ دیش سے چھپوالیں،انہوں نے تجویز دی کہ الیکشن کمیشن اپنا پریس خود لگالے۔

  • محرم الحرام، سندھ اور پنجاب میں فوج طلب کرنے کا فیصلہ

    محرم الحرام، سندھ اور پنجاب میں فوج طلب کرنے کا فیصلہ

    کراچی : سندھ پولیس نے محرم الحرام میں سیکیورٹی کیلئے فوج سے مدد کی درخواست کی ہے اور مراسلہ محکمہ داخلہ کو بھیج دیا ہے، دوسری جانب حکومتِ پنجاب نے بھی محرم کے دوران حساس اضلاع میں رینجرز اور فوج طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

    ایڈیشنل آئی جی آپریشنز سندھ نے محکمہ داخلہ کو سمری ارسال کی ہے، جس کی کاپی اے آروائی نیوزکو حاصل ہوگئی ہے، اس خط میں درخواست کی گئی ہے کہ محرم الحرام کے دوران پاک فوج کے جوانوں کو اسٹینڈ بائے رکھا جائے اور ضرورت پڑنے پران کی مدد حاصل کی جائے۔

    سندھ پولیس نے سیکریٹری داخلہ سے کراچی کے تین زونز میں پاک فوج کی مدد حاصل کرنے کی درخواست کی ہے، مراسلے میں ساوتھ زون میں نو سو فوجی، ایسٹ زون میں فوج کی چار کمپنیاں اور ویسٹ زون میں تین کمپنیاں فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

    مراسلے میں حیدرآباد میں ایک کمپنی ، ڈسٹرکٹ دادو کیلئے پچاس فوجی جوان،لاڑکانہ کیلئے چار سو فوجی اور سکھر میں فوج کی پانچ کمپنیاں فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

    دوسری جانب پنجاب حکومت نے محرم الحرام کے دوران لاہور، ملتان، مظفرگڑھ، فیصل آباد، راولپنڈی، ڈیرہ غازی خان سمیت صوبے کے حساس اضلاع میں رینجرز اور پاک فوج کے دستوں کو طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    نو اور دس محرم کو حساس اضلاع میں موبائل فون بند کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔

  • بلدیاتی الیکشن، سندھ اور پنجاب کو قانونی کام مکمل کرنے کیلئے 30اکتوبرتک مہلت

    بلدیاتی الیکشن، سندھ اور پنجاب کو قانونی کام مکمل کرنے کیلئے 30اکتوبرتک مہلت

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نے سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کیلئے قانونی کام مکمل کرنے کیلئے 30اکتوبر تک مہلت دیدی جبکہ خیبر پختون خوا حکومت کی انتخابات کیلئے ابتدائی اقدمات کرنے کی ایک ماہ مہلت کی درخواست بھی عدالت نے قبول کرلی ہے۔

    چیف جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں عدالت کے تین رکنی بنچ کے سامنے بلدیاتی انتخابات کے مقدمے میں اٹارنی جنرل سلمان اسلم بٹ نے کہا ہے کہ وفاق نے اس حوالے سے دو آرڈیننس جاری کردیئے ہیں، جن میں ایک حلقہ بندیوں کا اختیار الیکشن کمیشن کو دینے جبکہ دوسرا ووٹر فہرستوں کی تیاری کا ہے۔

    پنجاب حکومت کے وکیل رزاق اے مرزا نے عدالت کو بتایا کہ بلدیاتی انتخابات کے قانون میں ترمیم کے حوالے سے ایک آرڈیننس جاری کردیا ہے، جسے صوبائی اسمبلی میں بھی پیش کیا جائے گا، عدالت کو سندھ حکومت کے وکیل میر قاسم نے بتایا کہ بلدیاتی قانونی کا بل تیار کرلیا ہے، آج اسمبلی میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔

    الیکشن کمیشن کے وکیل اکرم شیخ نے عدالت کو بتایا کہ خیبر پختون خوا میں بلدیاتی الیکشن کیلئے بائیو میٹرک نظام اور دیگر ابتدائی اقدامات کرنے کیلئے چار سے پانچ ماہ کا وقت چاہیے ہوگا، اس حوالے سے صوبائی حکام کی الیکشن کمیشن کے حکام سے ملاقات ہوئی ہے۔

    چیف جسٹس نے الیکشن کمیشن اور خیبر پختون حکومت کے حکام کو کہا کہ اس کیلئے ایک ماہ میں اقدامات مکمل کرلیں اور رپورٹ پیش کریں، جس کے بعد الیکشن کمیشن صوبے میں الیکشن کی حتمی تاریخ کا اعلان کرے گا، عدالت نے سندھ اور پنجاب حکومتوں کے حکام کو قانونی کام 30اکتوبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔

    عدالت میں الیکشن کمیشن کے وکیل نے اپنی ایک درخواست کے ذریعے استدعا کی کہ حلقہ بندیوں کا اختیار ملنے کے بعد اس کام کو مکمل کرنے کیلئے 45دن کی مہلت کے سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظرثانی کی جائے اور چھ ماہ کا وقت دیا جائے۔

    چیف جسٹس نے کہاکہ پنجاب اور سندھ میں قانون سازی مکمل ہونے کے بعد اس درخواست کو بھی سنا جائے گا، سماعت 30اکتوبر تک ملتوی کردی گئی ہے۔