Tag: sindh apex committee meeting

  • ایپکس کمیٹی اجلاس: اسٹریٹ کرمنلز پر دہشت گردی کی دفعات لگانے کی سفارش

    ایپکس کمیٹی اجلاس: اسٹریٹ کرمنلز پر دہشت گردی کی دفعات لگانے کی سفارش

    کراچی: سندھ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں رینجرز نے راہزنی و معمولی جرائم میں ملوث اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف دہشت گردی کی دفعات لگانے کی سفارش کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں رینجرز جانب سے دی گئی اسٹریٹ کرائم پر تفصیلی بریفنگ میں اہم انکشافات سامنے آئے۔

    بریفنگ کے مطابق دہشت گرد، جرائم پیشہ گروہ کا سب سے مضبوط نیٹ ورک سینٹرل جیل سے چلایا جارہا تھا۔

    رینجرز بریفنگ میں بتایا گیا کہ کراچی میں زیادہ تر وارداتیں ٹریفک جام اور لوڈ شیڈنگ والے علاقوں میں ہوتی ہیں۔ غلط پارکنگ کی وجہ سے بھی اسٹریٹ کرمنلز کو واردات کا موقع ملتا ہے۔ شہر میں نصب 2 ہزار 8 سو 41 کیمروں میں سے 250 خراب ہیں۔

    بریفنگ کے مطابق چوری کے موبائل خریدنے والے دکاندار کرمنلز کے سہولت کار ہیں۔ چوری شدہ گاڑیوں کے پارٹس خریدنے والوں کے خلاف کارروائی کی ضرورت ہے۔ مارکیٹس میں کیمرے لگا کر جرائم کی شرح کم کی جا سکتی ہے۔

    رینجرز نے بریفنگ میں بتایا کہ ان کی جانب سے 5 سو 50 مختلف مقامات پر چیکنگ کی جاتی ہے۔ رینجرز کی نفری جہاں ہوتی ہے اسٹریٹ کرمنل رخ بدل لیتے ہیں۔ جب بھی رینجرز کے اختیارات ختم ہوئے جرائم میں اضافہ ہوا۔ اسٹریٹ کرائم کی سب سے زیادہ وارداتیں جون 2012 میں ہوئیں۔

    دوسری جانب ایپکس کمیٹی میں پیش کی گئی پولیس رپورٹ میں بتایا گیا کہ شہر میں 80 ہزار سے زائد منشیات فروش ہیں۔ 70 فیصد اسٹریٹ کرمنل منشیات کے عادی ہیں۔

    یاد رہے کہ 2 روز قبل سندھ ایپکس کمیٹی کے اجلاس کی صدرات آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کی تھی۔

    اس موقع پر اجلاس میں پائیدار امن کے لیے مستقل کوششیں کرنے پر اتفاق کیا گیا اور ہائی پروفائل دہشت گردوں کے جیل سے فرار ہونے کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ اجلاس میں سندھ رینجرز، پولیس اور کراچی کور کی کارکردگی کو بھی سراہا گیا۔


  • سندھ ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس آج وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہو رہا ہے

    سندھ ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس آج وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہو رہا ہے

    کراچی : سندھ ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس آج وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہورہا ہے، اجلاس میں وزیراعلیٰ، کورکمانڈر اور ڈی جی رینجرز سندھ شریک ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی آپریشن کو منطقی انجام تک کیسے پہنچایا جائے؟ ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس آج ہوگا، وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والی بیٹھک میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ، کور کمانڈر کراچی ،ڈی جی رینجرز شریک ہوں گے جبکہ آئی جی پولیس ، ہوم سیکریٹری ،چیف سیکریٹری اور متعلقہ اداروں کے سربراہ بھی شرکت کریں گے۔

    اجلاس میں ٹارگٹ آپریشن کی شروع دن سے لیکراب تک کی کارکردگی کاجائزہ لیا جائے گا اوراس بات بھی گفتگو ہوگی کہ آنے والے دنوں میں آپریشن کو کس طرح بھر پور انداز میں جاری رکھا جائے ۔

    اجلاس میں پہلی مرتبہ گورنر سندھ بیمار ہونے کی وجہ سے شرکت نہیں کریں گے۔


    مزید پڑھیں : کراچی کو دنیا کا پُرامن ترین شہر بنایا جائے گا،وزیراعلیٰ سندھ


    یاد رہے کہ گزشتہ ایپکس کمیٹی نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت کراچی میں پائیدار امن کیلئے تمام ترضروری اقدامات کا فیصلہ کیا گیا تھا، جس کے تحت اسٹریٹ کرائم میں ملوث مجرموں اور منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاوٴن شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا تھا۔

    اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا تھا کہ دہشت گردوں ،ٹارگٹ کلر،بھتہ خوروں اور اغوا برائے تاوان میں ملوث مجرموں کے خلاف آپریشن کے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آئے ہیں، جاری آپریشن میں مجرموں ،مافیا اور کالعدم دہشتگرد تنظیموں کی ریڑھ کی ھڈی توڑ دی گئی ہے،مگر اس کا یہ بھی مطلب نہیں ہے کہ ہدف حاصل کرلیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ سندھ کے نئے گورنر ریٹائرڈ جسٹس سعید الزماں صدیقی تاحال مقامی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

    سرکاری ذرائع اور معالجین کا کہنا ہے کہ کہ گورنر کی طبیعیت اب بہتر ہے، انہیں سینے میں انفیکشن کے باعث سانس لینے میں دقت کا سامنا تھا جس کے باعث 79 سالہ گورنر سندھ کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہان طبیعت کی بحالی کے بعد وی آئی پی روم میں منتقل کردیا گیا تھا۔