Tag: Sindh Governor

  • گورنر سندھ کا اپنی 5 ماہ کی تنخواہ سیلاب متاثرین کو عطیہ کرنے کا اعلان 

    گورنر سندھ کا اپنی 5 ماہ کی تنخواہ سیلاب متاثرین کو عطیہ کرنے کا اعلان 

    کراچی(29 اگست 2025): گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سیلاب متاثرین کے لیے اپنی 5 ماہ کی تنخواہ عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سیلاب متاثرین کے لیے بڑا اقدام کرتے ہوئے اپنی 5 ماہ کی تنخواہ سیلاب متاثرین کو عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ مشکل گھڑی میں ہر طرح سے سیلاب متاثرین کیساتھ کھڑا ہوں، سیلاب متاثرین کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لاؤں گا۔

    گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی امداد کیلئےگورنر ہاؤس میں سیل قائم کررہا ہوں، جلد امدادی سامان کے ٹرک سیلاب متاثرہ اضلاع  میں روانہ ہوجائیں گے۔

    اس سے قبل گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ملک بھر میں سیلابی صورتحال کے باعث اے پی سی بلانے کا مطالبہ کیا تھا، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا تھا کہ ملک کی مجموعی صورتحال پر آل پارٹیز کانفرنس بلانی چاہئے، سب کو سر جوڑ کر بیٹھنا چاہئے، وزیراعظم تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو بلائیں۔

    کامران ٹیسوری نے کہا کہ سیاست سے بالاتر ہو کر مسائل کا حل نکالنا ہوگا، آبی ذخائر میں اضافہ کرنا ہوگا، بڑے ڈیمز بنانے سے متعلق فیصلہ کرنا ہوگا، پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہے، اگلے سال مزید بارشوں کی توقع کی جا رہی ہے، مشکل کی گھڑی میں سیلاب متاثرین کے ساتھ ہیں۔

    گورنر سندھ کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کے تاجر، شہری پنجاب کے متاثرین کی مدد کیلئے آگے آئیں، پنجاب کے متاثرین کیلئے امدادی سامان کے دو ٹرک روانہ کریں گے۔

  • خصوصی اینٹی نارکوٹکس عدالتوں کا قیام، گورنر سندھ نے بل پر دستخط کر دیے

    خصوصی اینٹی نارکوٹکس عدالتوں کا قیام، گورنر سندھ نے بل پر دستخط کر دیے

    کراچی: گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے خصوصی اینٹی نارکوٹکس عدالتوں کے قیام کے لیے ایک بل پر دستخط کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں خصوصی اینٹی نارکوٹکس عدالتوں کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، اس سلسلے میں گورنر سندھ نے اہم ترین بل پر دستخط کر دیے ہیں۔

    اینٹی نارکوٹکس فورس بل کے ذریعے قانون سازی سے اینٹی نارکوٹکس کی خصوصی عدالتوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا، جس کے بعد مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے اینٹی نارکوٹکس فورس مزید فعال کردار ادا کر سکے گی۔

    کامران ٹیسوری نے اس سلسلے میں کہا یہ قانون سازی وقت کی اہم ضرورت ہے، منشیات فروش ہمارے معاشرے کے نوجوانوں کو نشے کا عادی بنا رہے ہیں، خصوصی عدالتوں کے قیام سے منشیات فروشی کی روک تھام میں مدد ملے گی۔

    واضح رہے کہ کراچی سمیت پورے پاکستان میں ڈرگ کارٹلز منظم انداز میں آئس نشے سمیت مختلف اقسام کے نشے کو بڑے پیمانے پر پھیلا رہے ہیں، ان منشیات فروشوں کا ایک بڑا ہدف یونیورسٹیاں بھی ہیں، جہاں طلبہ کو آئس نشے میں مبتلا کیا جا رہا ہے۔

  • گورنر سندھ کا قرعہ نسرین جلیل کے نام نکل آیا

    گورنر سندھ کا قرعہ نسرین جلیل کے نام نکل آیا

    کراچی: سندھ کا نیا گورنر کون ہوگا؟ قرعہ نسرین جلیل کے نام نکل آیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم رہنما نسرین جلیل کو گورنر سندھ کےلئے نامزدکردیاگیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے ایم کیو ایم کی رہنما نسرین جلیل کو گورنر سندھ مقرر کرنے کی سمری صدر مملکت عارف علوی کو ارسال کردی ہے۔

    نسرین جلیل صدر عارف علوی سے منظوری کے بعد گورنر کے عہدے کا حلف اٹھائیں گیی اس کے ساتھ ہی وہ دوسری خاتون گورنر کا اعزاز بھی اپنے نام کرینگی اس سے قبل رعنا لیاقت علی خان 1973 میں سندھ کی گورنر بنی تھیں۔

    اس سے قبل ایم کیو ایم نے گورنر سندھ کے لئے پانچ نام وزیراعظم شہباز شریف کو بھیجے تھے، گورنر سندھ کے لئے بھیجے گئے ناموں میں نسرین جلیل کے علاوہ، عامرخان، عامر چشتی، وسیم اختر اور کشور زہرہ کے نام شامل تھے۔

    نسرین جلیل لاہور میں پیدا ہوئیں، ان کے والد ظفر الحسن برطانوی دور میں لاہور کے ڈپٹی کمشنر رہے اور بعد ازاں کئی اہم عُہدوں پر فرائض انجام دیئے۔

    نامزد خاتون گورنر دو دفعہ سینیٹ کی رُکن منتخب ہوئیں اور کئی کمیٹیوں کی چیئرپرسن بھی رہیں۔ وہ ایم کیو ایم کی ڈپٹی کنوینر رہنے کے علاوہ ایک متحرک کارکن کا کردار بھی بخوبی نبھاتی رہیں۔ انہیں کچھ عرصے کیلئے جیل کی ہوا بھی کھانی پڑی۔

  • گورنرسندھ کا مستعفی ہونے کا اعلان

    گورنرسندھ کا مستعفی ہونے کا اعلان

    گورنر سندھ عمران اسماعیل نے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف کے وزیراعظم بنتے ہی مستعفی ہوجاؤں گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے استعفیٰ لکھ کر رکھ لیا ہے اور شہباز شریف کے وزیراعظم بنتے یہ مستعفی ہوجاؤں گا اور اپنا استعفیٰ صدر مملکت کو بھجوا دونگا۔

    عمران اسماعیل کا مزید کہنا تھا کہ میں نے پیکنگ شروع کردی ہے اور دو روز میں گورنر ہاؤس سے منتقل ہوجاؤں گا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں قومی اسمبلی کے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

    فیصلے کے بعد سابق وزیراعظم عمران خان سمیت اراکین اسمبلی نے اپنے استعفے اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوادیے۔

    مزید پڑھیں: ‘عمران خان نے اسمبلی سے استعفیٰ دے دیا’

    بعد ازاں نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لیے قومی اسمبلی میں اجلاس میں پی ٹی آئی اراکین نے وزیراعظم کے انتخاب کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا اور ایوان سے باہر آگئے۔

  • حلیم عادل شیخ کے کمرے سے سانپ برآمد: وزیراعظم کو تمام حالات اور واقعات سے آگاہ کر دیا گیا

    حلیم عادل شیخ کے کمرے سے سانپ برآمد: وزیراعظم کو تمام حالات اور واقعات سے آگاہ کر دیا گیا

    کراچی : گورنر سندھ عمران اسماعیل نے حلیم عادل شیخ کے کمرے سے سانپ برآمدہونے کے واقعے کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کو تمام حالات اور واقعات سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کے کمرے سے سانپ برآمدہونے پر اظہارتشویش کرتے ہوئے کہا اس واقعےکی سختی سے مذمت کرتا ہوں، سندھ حکومت کا اپوزیشن کیخلاف رویہ بدترین مثال ہے۔

    عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس صوبائی حکومت کی آلہ کار بنی ہوئی ہے ، آئی جی سندھ بنیادی فرائض ترک کر کے سیا سی مہرا بن گئے ہیں ، وزیر اعظم پاکستان کو تمام حالات اور واقعات سے آگاہ کر دیا گیا۔

    یاد رہے ترجمان محمد علی بلوچ نے بیان میں کہا تھا کہ قائدحزب اختلاف حلیم عادل شیخ کے کمرے میں سانپ نکل آیا، ناشتہ دینے کے لئے جانے والے ملازم نے سانپ دیکھ کر اطلاع دی تاہم بعد میں کمرے میں موجودسانپ کو مار دیا گیا۔

    بعد ازاں ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے حلیم عادل شیخ کے کمرے سے زہریلے سانپ کے نکلنے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

  • گورنرسندھ  کا دوسرا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت ، دعاؤں کی درخواست

    گورنرسندھ کا دوسرا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت ، دعاؤں کی درخواست

    کراچی : گورنرسندھ عمران اسماعیل کا دوسرا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا ،عمران اسماعیل نے تمام چاہنے والوں سے دعاؤں کی درخواست کردی ، وہ  27 اپریل سے قرنطینہ میں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گورنرسندھ عمران اسماعیل کا دوسرا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا، ، عمران اسماعیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دوسرا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ میری توقعات کے برخلاف ایک بار پھر میری رپورٹ مثبت آئی ہے۔ میں ان تمام لوگوں کا شکرگزار ہوں جنہوں نے میرے لئے دعا کی۔

    ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد عمران اسماعیل نے تمام چاہنے والوں سے دعاوَں کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اللہ مجھے اس بیماری سے لڑنے کی طاقت اور ہمت دی اور میں صحت یاب ہوں گا۔

    خیال رہے کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل میں 27 اپریل کو کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہوئی تھیں، بعد ازاں کرونا وائرس ٹیسٹ کروانے پر وہ مثبت نکلا تھا جس کے بعد گورنر سندھ نے خود کو قرنطینہ کرلیا تھا۔

    عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ میری والدہ آئی تھیں اور ہم نے مل کر افطار کیا، والدہ کے جانے کے بعد بخار ہوا جس کے بعد ٹیسٹ کروانے کا سوچا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے گورنر سندھ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ان کی صحتیابی کی دعا بھی کی تھی۔

  • عمران اسماعیل نے گورنر سندھ کا حلف اٹھا لیا

    عمران اسماعیل نے گورنر سندھ کا حلف اٹھا لیا

    کراچی: پی ٹی آئی کے سینئر رہنما عمران اسماعیل نے گورنرسندھ کےعہدے کا حلف اٹھا لیا، وہ صوبے کے 33 ویں گورنر ہیں.

    حلف برداری کی تقریب گورنرہاؤس میں منعقد ہوئی، چیف جسٹس سندھ علی احمد شیخ نے عمران اسماعیل سے حلف لیا۔

    حلف برداری کی تقریب میں اسپیکراسمبلی آغاسراج درانی نے بھی شرکت کی۔

    یاد رہے کہ 2018 کے عام انتخابات میں عمران اسماعیل صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 111 سے منتخب ہوئے تھے۔ عمران اسماعیل نے صوبائی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہوتے ہوئے اپنا استعفیٰ سیکریٹری اسمبلی کوبھجوا دیا ہے۔


    مزید پڑھیں: عمران اسماعیل کو آنے سے منع نہیں کیا، خود ہی ناراض ہوکر گئے، ترجمان مزار قائد


    حلف برداری سے قبل عمران اسماعیل نے اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ صوبے کا گورنرہوں، مخصوص شہر کا نہیں، کوشش کروں گا کہ سب کوساتھ لے کرچلوں۔

    نامزد گورنرسندھ کا کہنا تھا کہ پانی کا مسئلہ حل کرنا میری اولین ترجیح ہے، صوبائی اورفیڈرل حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کروں گا۔

  • عمران اسماعیل آج گورنر سندھ کےعہدے کا حلف اٹھائیں گے

    عمران اسماعیل آج گورنر سندھ کےعہدے کا حلف اٹھائیں گے

    کراچی : وزیراعظم عمران خان کی جانب سے نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل آج عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل کی حلف برداری کی تقریب آج شام 6 بجے گورنر ہاؤس میں منعقد ہوگی۔

    چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی شیخ عمران اسماعیل سے ان کے عہدے کا حلف لیں گے، وہ سندھ کے 33 ویں گورنر ہوں گے۔

    حلف برداری کی تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، صوبائی کابینہ کے ارکان، تحریک انصاف کے کراچی سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی وصوبائی اسمبلی، سینیٹرز، ایم کیو ایم اور جی ڈی اے کے ارکان صوبائی اسمبلی کو مدعو کیا گیا ہے۔

    نامزد گورنرعمران اسماعیل کے اہل خانہ، عزیزواقارب، سرکاری افسران سمیت دیگر اہم شخصیات تقریب میں شریک ہوں گے۔

    عمران اسماعیل گورنرکی حیثیت سے حلف اٹھانے کے بعد 28 اگست کی صبح 10 بجے مزار قائد پرحاضری دیں گے۔

    عمران اسماعیل سندھ کے33ویں گورنرمقرر

    خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے 24 اگست کو عمران اسماعیل کو گورنرسندھ مقررکردیا تھا اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا تھا۔

    عمران خان نے گورنرسندھ کے لئے عمران اسماعیل کے نام کی منظوری دے دی

    واضح رہے کہ رواں ماہ 11 اگست کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے گورنرسندھ کے لیے عمران اسماعیل کے نام کی منظوری دی تھی۔

  • نیب قوانین کے خاتمے کے بل پر گورنر سندھ کے اعتراضات

    نیب قوانین کے خاتمے کے بل پر گورنر سندھ کے اعتراضات

    کراچی: گورنر سندھ محمد زبیر نے سندھ اسمبلی سے منظور نیب قوانین کے خاتمے اور کیپٹو پاور پلانٹ سبسڈی کے 2 بل واپس بھجوا دیے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ محمد زبیر نے اعتراضات لگا کر دونوں بلوں کے مسودے واپس بھجوا دیے۔

    گورنر کی جانب سے اعتراض میں کہا گیا ہے کہ نیب کے خاتمے کا بل آئین اور قومی احتساب بل 1999 سے متصادم ہے۔

    گورنرسندھ نے خیبر پختونخواہ اسمبلی سے پیش احتساب ایکٹ کا بھی حوالہ دیا۔

    ان کا کہنا ہے کہ صوبائی اسمبلی وفاق سے متصادم قانون بناتی ہے تو وفاقی قانون لاگو ہوتا ہے۔ سندھ اسمبلی بل کا از سر نو جائزہ لے اور اسے مسترد کرے۔

    گورنر کا کہنا تھا کہ کرپشن معمولی معاملہ نہیں ہے، اس کا خاتمہ ریاست کی اولین ترجیحات میں سے ہے۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل سندھ اسمبلی میں نیب آرڈیننس منسوخی کا بل اپوزیشن کے شدید احتجاج کے باوجود منظور کرلیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں: سندھ اسمبلی میں نیب آرڈیننس منسوخی کا بل منظور

    بل کی منظوری کے موقع پر صوبائی وزیر قانون ضیا لنجار کا کہنا تھا کہ ہم نیب آرڈیننس کو وفاق کی طرف سے سندھ کے معاملات میں مداخلت سمجھتے ہیں۔ نیب عزت دار افراد کی ساکھ کو نقصان پہنچاتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں ایسا کوئی قانون نہیں جہاں مقدمہ، سزا اور ضمانت ایک ہی ادارہ کرے۔

    واضح رہے کہ نیب آرڈیننس منسوخی بل کی منظوری سے نیب کا سندھ میں صوبائی حکومت کے ماتحت اداروں اور افسران کے خلاف کارروائی کا اختیار ختم ہوجائے گا اور نیب سندھ صرف وفاقی اداروں میں کرپشن کے خلاف کارروائی کر سکے گا۔

    بل کے منظوری کے بعد نیب سندھ حکومت یا اس کے ذیلی اداروں میں کرپشن سے متعلق کسی معاملے میں تحقیقات نہیں کر سکتی بلکہ یہ کام صوبائی محکمہ اینٹی کرپشن کرے گا۔

    محکمہ قانون سندھ کی جانب سے تیار کیے گئے مجوزہ بل کے مسودے کے مطابق اس کا اطلاق پورے سندھ پر فوری طور پر کردیا گیا تھا۔