Tag: sindh laboratory

  • بوتلوں کی جعلی رپورٹ : سندھ لیبارٹری کے چیف ایگزامنر ڈاکٹر زاہد انصاری معطل

    بوتلوں کی جعلی رپورٹ : سندھ لیبارٹری کے چیف ایگزامنر ڈاکٹر زاہد انصاری معطل

    کراچی : شرجیل میمن کی شراب کی بوتلوں کی جعلی رپورٹ تیار کرنے پر سندھ لیبارٹری کے چیف ایگزامنر، پیتھالوجسٹ اور ڈائریکٹر ڈاکٹر زاہد انصاری کو عہدے سے معطل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے اے آر وائی نیوز کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے شرجیل میمن کی شراب کی بوتلوں کا کیمیکل معائنہ کرنے والے چیف کیمیکل ایگزامنر سندھ لیبارٹری ڈاکٹر زاہد انصاری کو معطل کردیا۔

    اس حوالے سے محکمہ سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن نے نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق ڈاکٹر زاہد انصاری کو محکمہ صحت میں رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    سندھ حکومت کے نوٹی فکیشن کے مطابق ڈاکٹر زاہد انصاری نے غیر روایتی طریقہ کار کے تحت کیمیکل معائنہ کیا جس کے بعد انہیں چیف کیمیکل ایگزامنر کے عہدے سے معطل کردیا گیا ہے جب کہ انہیں سیکریٹری سندھ بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کے عہدے سے بھی ہٹا دیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں: شرجیل میمن کے کمرے سے ملنے والی بوتلوں کی ایگزامن رپورٹ مسترد

    علاوہ ازیں شرجیل میمن کیس میں دو جیلروں کو معطل کردیا گیا، معطل افسران میں اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ مجاہد خان اور نسیم شجاع شامل ہیں، دونوں افسران کو سب جیل میں لاپرواہی برتنے پر معطل کیا گیا۔

  • شرجیل میمن کی شراب کی بوتلوں کی ٹیسٹ رپورٹ جعلی ثابت، سرعام ٹیم نے بھانڈا پھوڑ دیا

    شرجیل میمن کی شراب کی بوتلوں کی ٹیسٹ رپورٹ جعلی ثابت، سرعام ٹیم نے بھانڈا پھوڑ دیا

    کراچی : شرجیل میمن کے کمرے سے برآمد ہونے والی شراب کی بوتلوں سے متعلق جھوٹی رپورٹ کا بھانڈا سرعام ٹیم نے پھوڑ دیا، سندھ لیبارٹری میں شہد یا زیتون کے تیل کا کوئی ٹیسٹ ہوا ہی نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز چیف جسٹس کے ضیاءالدین اسپتال کے دورے کے موقع پر پی پی رہنما شرجیل میمن کے کمرے سے برآمد ہونے والی شراب کی بوتلوں کی ٹیسٹ رپورٹ جھوٹی ثابت ہوگئی۔

    اس حوالے سے سر عام ٹیم سندھ لیبارٹری پہنچی اور عملے سے رپورٹ کی بابت سوالات کیے، جس پر عملے نے آئیں بائیں شائیں کی، ٹیم سرعام نے مشینیں دکھانے کا کہا توجھوٹ پکڑا گیا۔

    اس دوران انکشاف ہوا کہ لیبارٹری رپورٹ میں جن ٹیسٹوں کا ذکر کیا گیا ہے ان کیلئے مشینری لیبارٹری میں سرے سے موجود ہی نہیں ہے، ادارے کے پاس نہ تو کوئی ٹیسٹنگ مشین ہے اور نہ ہی اس حوالے سے مطلوبہ کیمیکل موجود ہے۔

    سندھ لیبارٹری میں شہد یا زیتون کے تیل کے ٹیسٹ سے متعلق لیبارٹری حکام کا موقف تھا کہ ایک دن پہلے مشینیں درست تھیں آج خراب ہیں۔ یہاں ایک بات اور سامنے آئی کہ یہ لیب قتل، زیادتی، منشیات، ملاوٹ سمیت ہر رپورٹس بھی جعلی بناتی ہے۔

    واضح رہے کہ شرجیل میمن کے کمرے سے برآمد ہونے والی بوتلیں ٹیسٹ کیلئے سندھ لیبارٹری بھیجی گئی تھیں۔ دوسری جانب تحقیقاتی کمیٹی نے بھی شواہد ضائع کیے جانے کا شبہ ظاہر کر دیا، کیمٹی نے کیمیکل ایگزامینیشن کی رپورٹ کو مشکوک قرار دے کر دوبارہ کیمیکل جانچ کی سفارش کی ہے۔