Tag: SINDH LAUNCHES FREE MORTUARY VAN SERVICE

  • سندھ بھر میں مفت میت وین سروس کا آغاز

    سندھ بھر میں مفت میت وین سروس کا آغاز

    کراچی : سندھ حکومت نے اسپتالوں سے میتوں کی منتقلی کے لئے میت گاڑی سروس شروع کرنے کا آغاز کردیا، اب شہریوں کو میت منتقلی کیلئے ایمبولینس نہیں میت گاڑی دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ کے محکمہ صحت نے وعدے کے مطابق سندھ بھر میں مفت میت وین سروس کا آغاز کردیا ہے، وزیرصحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے مفت میت وین سروس کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ انٹیگ ریٹڈ ایمرجنسی اینڈ ہیلتھ سروسز اس سروس کو آپریٹ کرے گی، سروس کے آغاز میں سندھ بھر میں مجموعی طور پر 25 میت وینز استعمال کی جائیں گی۔

    ذرائع کے مطابق25میت وینز میں سے 8 کراچی،5 حیدرآباد ریجن، میرپورخاص، شہید بینظیر آباد میں ہوں گی جبکہ سکھر اور لاڑکانہ ریجن میں 3، 3 میت وین فراہم کی جائیں گی۔

    عوام اس سہولت سے مستفید ہونے کیلئے مذکورہ مفت میت وین سروس 1122 ڈائل کرکے پورے سندھ سے حاصل کرسکتے ہیں، صوبے میں اپنی نوعیت کی یہ پہلی سروس ہوگی۔

    واضح رہے کہ چھوٹے شہروں سے کراچی یا حیدرآباد جیسے بڑے شہروں میں علاج کے لیے آنے والے افراد کے لواحقین کو ایک بڑا خرچ اس وقت برداشت کرنا پڑتا ہے جب ان کے پیارے دنیا سے چلے جاتے ہیں اور میت آبائی علاقے کو واپس لے جانے کے لیے نجی ایمبولینس سروس کے ڈرائیور بھاری کرایہ مانگتے ہیں۔