Tag: sindh police

  • محکمہ سندھ پولیس اور بلدیات میں غیرقانونی بھرتیاں، ایم کیو ایم عدالت پہنچ گئی

    محکمہ سندھ پولیس اور بلدیات میں غیرقانونی بھرتیاں، ایم کیو ایم عدالت پہنچ گئی

    کراچی : سندھ حکومت کے محکمہ پولیس اور بلدیاتی اداروں میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے عدالت میں پٹیشن جمع کرادی۔

    مذکورہ پٹیشن ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما کنور نوید جمیل کی جانب سے ایڈووکیٹ سلمان مجاہد بلوچ نے جمع کرائی۔ پٹیشن میں چیف سیکریٹری سندھ، سیکریٹری داخلہ اور سیکریٹری سندھ پبلک سروس کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔

    ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے سندھ پولیس میں براہ راست35ڈی ایس پیز کی تعیناتی کو چیلنج کیا گیا ہے۔ عدالت کے جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو نے کہا کہ درخواست قابل سماعت ہونے پرعدالت کو مطمئن کیا جائے۔

    پٹیشن میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ان بھرتیوں کے عمل کوعدالت اپنے فیصلوں میں پہلے ہی غیرآئینی قرار دے چکی ہے،300 سندھ پولیس کے انسپکٹرز20سال سے اپنی ترقی کا انتظار کررہے ہیں۔

    درخواست کے متن میں لکھا گیا ہے کہ سینیارٹی اور میرٹ کو نظرانداز کرکے براہ راست غیرقانونی طریقے سے بھرتیاں کی گئیں۔

    سال2013میں محکمہ بلدیات میں412افراد کو براہ راست بھرتی کیا گیا تھا، گریڈ16اور17میں بھرتی غیرقانونی ہیں۔

    سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی کے انتخابی حلقہ کے115افراد کو گریڈ17میں غیرقانونی طور پر بھرتی کیا گیا۔

    ایم کیو ایم نے اپنی پٹیشن میں کہا کہ سندھ حکومت کا یہ عمل آئین کی مکمل خلاف ورزی ہے، بھرتیوں کا مذکورہ طریقہ کار بوگس اور سندھ سول سرونٹ ایکٹ کے منافی ہے۔

  • عادی جرائم پیشہ افراد کی ضمانتیں دینے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

    عادی جرائم پیشہ افراد کی ضمانتیں دینے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

    کراچی: صوبہ سندھ میں عادی جرائم پیشہ افراد کی ضمانتیں دینے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے، جرائم پیشہ افراد کی ضمانتیں دینے والوں کو گرفتار کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق عادی جرائم پیشہ افراد کی ضمانتیں دینے والوں کے خلاف پولیس ایکشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    کراچی پولیس چیف نے ہدایت کی ہے کہ جرائم پیشہ افراد کی ضمانتیں دینے والوں کو گرفتار کیا جائے، ضمانت پر ملزم غائب ہوا تو بھی گرفتاری ضامن کی ہوگی۔

    ایڈیشنل آئی جی کو دی گئی ہدایت میں کہا گیا ہے کہ دفعہ 216 کے تحت ملزم کی ضمانت کے خلاف مقدمہ درج ہوگا۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل کراچی پولیس میں موجود کالی بھیڑوں کے خلاف بھی کارروائی شروع کی گئی تھی۔

    اس دوران ایس ایچ او ماڈل کالونی انیس ابڑو کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا، ایس ایچ او انیس ابڑو منشیات کا دھندہ کرتا تھا۔

  • دوسروں کا ویکسین سرٹیفکیٹ چیک کرنے والے خود ٹیکہ نہ لگوا سکے

    دوسروں کا ویکسین سرٹیفکیٹ چیک کرنے والے خود ٹیکہ نہ لگوا سکے

    کراچی : سندھ پولیس کے متعدد افسران وجوانوں کو کورونا ویکسین نہیں لگی، محکمہ پولیس کے جو ملازمین ویکسین نہ لگوا سکے انہیں کسی قسم کی سہولت یا مراعات نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس کے افسران وجوانوں کی کورونا ویکسی نیشن تاحال مکمل نہ ہوسکی، اس سلسلے میں اے آئی جی ویلفیئر نے صوبے کے تمام افسران کو خط لکھ دیا ہے۔

    خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس سے متعلق ملنے والے فنڈز مکمل ویکسی نیشن کروانے والے افسران واہلکاروں کو ہی ملیں گے۔

    کورونا وائرس: ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کے خدشات اور مشکلات کیا ہیں؟ -  BBC News اردو

    اس کے علاوہ غیر ویکسین شدہ اہلکاروں اور افسران کو وبا میں مبتلا یا انتقال کی صورت میں کسی قسم کی مالی امداد نہیں ملے گی۔

    اے آئی جی ویلفیئر کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کورونا میں مبتلا افسر و اہلکار کو10ہزار امداد ملے گی، وبا سےانتقال کرجانے والے اہلکار کے لواحقین کو5لاکھ روپے امداد ملےگی۔

  • سندھ پولیس کا اہلکار جمیل کلہوڑو کیلئے نقدی انعام اور تعریفی سند دینے کا اعلان

    سندھ پولیس کا اہلکار جمیل کلہوڑو کیلئے نقدی انعام اور تعریفی سند دینے کا اعلان

    سکھر :سندھ پولیس نے اہلکار جمیل کلہوڑو کیلئے نقدی انعام اور تعریفی سند دینے کا اعلان کردیا ، ایڈیشنل آئی جی ڈاکٹرکامران فضل نے کہا کہ پولیس اہلکارجمیل کلہوڑوسندھ پولیس کا فخر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ریلوے اسٹیشن پر پولیس کانسٹیبل کا مسافرکی جان بچانے کے معاملے پر وزیراعظم کی جانب سے ویڈیو شیئر کرنے کے بعد پولیس اہلکار کیلئے انعامات کا اعلان کردیا۔

    سندھ پولیس نے اہلکار جمیل کلہوڑو کیلئے نقدی انعام اور تعریفی سند دینے کا اعلان کردیا ، ایڈیشنل آئی جی ڈاکٹرکامران فضل نے کہا کہ پولیس اہلکارجمیل کلہوڑوسندھ پولیس کافخر ہے، سندھ حکومت کو نقدی انعام کےساتھ تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کیلئے خط لکھا ہے۔

    پولیس اہلکار کیلئے خیرپور کے شہریوں کیجانب سے بھی انعامات کےاعلان کئے گئے ہیں۔

    خیال رہے وزیراعظم عمران خان نے 23مارچ یوم پاکستان پرکانسٹیبل جمال کلہوڑو کو قومی اعزاز دینے کا فیصلہ کرلیا، پولیس اہلکارجمال کلہوڑونےریلوےٹریک پر گرنے والے شخص کی جان بچائی تھی۔

  • سندھ پولیس کے نام سے سوشل میڈیا پر جعلی اکاوٴنٹس کا انکشاف

    سندھ پولیس کے نام سے سوشل میڈیا پر جعلی اکاوٴنٹس کا انکشاف

    کراچی : سندھ پولیس کے نام سے سوشل میڈیا پر جعلی اکاوٴنٹس کے انکشاف کے بعد آئی جی سندھ مشتاق مہرایف آئی اے سائبر کرائم ونگ سے سفارش کی ہے کہ تمام جعلی اکاوٴنٹس کو بلاک کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس کے نام سے سوشل میڈیا پر جعلی اکاوٴنٹس کا انکشاف ہوا، اس حوالے سے آئی جی سندھ مشتاق مہر نے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو خط لکھا۔

    آئی جی سندھ مشتاق مہر نے خط میں کہا کہ سوشل میڈیا پر سندھ پولیس کے لوگو اور نام سے جعلی اکاوٴنٹس ہیں، جعلی اکاوٴنٹس فیس بک، ٹوئٹر ، انسٹاگرام ، یوٹیوب پر بنائے گئے، ان تمام اکاوٴنٹس کو غیر مجاز نامعلوم افراد آپریٹ کر رہےہیں۔

    مشتاق مہر کا کہنا تھا کہ تمام اکاوٴنٹس کا سندھ پولیس سے کوئی تعلق نہیں، جعلی اکاؤنٹس سے پولیس کی غیر مصدقہ خبر کو مصدقہ سمجھاجاتاہے اور غیر مصدقہ خبر کی وجہ سے لوگ غلط فہمی کا شکار ہوتے ہیں۔

    خط میں آئی جی سندھ نے کہا لیٹر کیساتھ غیرقانونی اکاؤنٹس کی فہرست بھی بھیجی جا رہی ہے ، مطالبہ ہے کیا کہ تمام جعلی اکاوٴنٹس کو بلاک کیا جائے اور اکاؤنٹ بنانیوالے عناصر کیخلاف تحقیقات کی جائیں۔

  • سندھ پولیس ہیڈ کوارٹر میں ویکسی نیشن نہ کروانے والے اہلکاروں کا داخلہ بند

    سندھ پولیس ہیڈ کوارٹر میں ویکسی نیشن نہ کروانے والے اہلکاروں کا داخلہ بند

    کراچی: سندھ پولیس ہیڈ کوارٹر میں کرونا ویکسی نیشن کے بغیر پولیس ملازمین اور مہمانوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کرونا وائرس کی چوتھی لہر کے پیش نظر سندھ پولیس ہیڈ کوارٹر میں بغیر ویکسی نیشن داخلے پر پابندی عائد کردی گئی۔

    جاری کردہ حکم نامے کے مطابق پابندی کا اطلاق مہمانوں سمیت تمام پولیس ملازمین پر ہوگا، کرونا وائرس کیسز میں مسلسل اضافے کے باعث داخلے پر پابندیاں لگائی گئی ہیں۔

    حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سینٹرل پولیس آفس میں دفاتر میں ضروری ملازمین کو ہی بلایا جائے، دفاتر میں حاضری 50 فیصد تک رکھی جائے۔

    سی پی او میں قائم دفاتر کے سربراہان کو حکم پر عملدر آمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کردی گئی ہے۔

  • کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزیاں، سندھ پولیس کو نیا ٹاسک مل گیا

    کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزیاں، سندھ پولیس کو نیا ٹاسک مل گیا

    کراچی: سندھ حکومت نے صوبے میں کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر پولیس کو بھی کارروائی کا اختیار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے ترمیمی نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، جس کے تحت سندھ میں کرونا ایس او پی کی خلاف ورزیوں پر پولیس کو کارروائی کا اختیار دے دیا گیا ہے، نوٹی فیکیشن کے مطابق پولیس انسپکٹر اورایس ایچ او سندھ وبائی امراض ایکٹ کی شق تین کے تحت کارروائی کر سکیں گے، ایس او پیز کی خلاف ورزی پرنوٹس کا اجرا اورہدایات دے سکیں گے۔

    No photo description available.

    محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری ترمیمی نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ د کانوں،فیکٹریوں اور دفتروں میں ایس او پیز کی خلاف ورزی ہوئی تو پولیس انسپکٹر کارروائی کرسکےگا، اس سے قبل کارروائی کااختیارڈپٹی کمشنراوراسسٹنٹ کمشنرکو حاصل تھا۔

    سندھ میں کرونا وائرس کی صورت حال

    دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں کرونا وائرس کی صورتحال سے متعلق بیان جاری کیا ہے، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں صوبے بھر میں مزید اٹھارہ سو سینتالیس کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ چھتیس افراد اس وبا کے باعث انتقال کرگئے، جس کے بعد صوبے میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد چھ ہزار ستاون ہوگئی۔

    یہ بھی پڑھیں: کورونا کی چوتھی لہرشدت اختیار کرنے کا خدشہ، تمام سرکاری اسپتالوں میں الرٹ جاری

    مراد علی شاہ نے بتایا کہ سندھ کےاٹھارہ سو سینتالیس نئےکیسزمیں سے تیرہ سو بیالیس کا تعلق کراچی سےہے، ضلع شرقی میں422،وسطی 206،کورنگی میں 237، ضلع جنوبی میں339،ملیر117،غربی میں 21نئےکیسزرپورٹ ہوئے، گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 325 افراد نے کرونا کو شکست دی، جس کے بعد صوبے میں صحتیاب افراد کی مجموعی تعداد333102ہوگئی۔

  • سندھ پولیس عوام سے بھتہ لینے میں مصروف ہے، عامر خان

    سندھ پولیس عوام سے بھتہ لینے میں مصروف ہے، عامر خان

    کراچی : متحدہ قومی مووومنٹ کے مرکزی رہنما عامر خان نے کہا ہے کہ سندھ کے شہری علاقے خصوصا کراچی جہاں پانی کی شدید قلت ہے اور سندھ حکومت فخر سے حکومت کر رہی ہے اور پولیس عوام سے بھتہ لینے میں مصروف ہے۔

    کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے میں بیروزگاری اپنی انتہا کو پہنچ چکی ہےشہر کراچی میں ٹرانسپورٹ کے نام پر ایک بس تک نہیں چلائی گئی، جس طرح صوبوں کو ڈسٹرکٹس بنانے کا اختیار ہے، اسی طرح وفاق کو مزید صوبے بنانے کا اختیار ہونا چاہیے۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ کے دیہی علاقوں سے لوگوں کو لاکر شہروں میں تعینات کر دیاجاتا ہے،کیا کراچی کے لوگ پاکستان کے شہری نہیں ہیں اندرون سندھ میں پولیس کے جوان شہید ہو رہےہیں اور سندھ کے حکمراں محو خواب ہیں۔

    عامر خان کا کہنا تھا کہ صوبے میں مقامی پولیسنگ کا نظام لایا جانا چاہیے،محکمہ پولیس میں شہر کے باہر سے بھرتی شدہ لوگ بھتہ خوری میں ملوث ہیں،
    جعلی ڈومیسائل کے ذریعے شہر کے لوگوں کا حق مارا جارہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ عدالتوں میں ہماری پٹیشنز سسک رہی ہیں، ہماری کہیں کوٸی سنواٸی نہیں ہو رہی این ایف سی پر بات کرتے ہیں مگر پی ایف سی پر کوٸی بات نہیں کرتے آئین میں تبدیلی لائیں اور صوبوں کو مزید صوبے بنانے کا دیا گیا اختیار واپس لیا جاۓ۔

    متحدہ رہنما نے کہا کہ ہم نے27 مئی کو احتجاجی ریلی کا اعلان کیا ہوا ہے ہم اس ریلی کو لاک ڈاون کے خاتمے تک ملتوی کرتے ہیں۔لاک ڈاٶن کے اختتام کے بعد سندھ کے ہر شہر میں احتجاج ہوگا، اگر پھر بھی مسائل حل نہ ہوۓ تو وزیراعلی ہاٶس کاگھیراٶ کیا جائےگا۔

    عامر خان نے مزید کہا کہ گزشتہ 13 برسوں سے سندھ میں ایک ایسی حکومت مسلط ہے کہ اس نے سندھ کے شہری علاقوں کو کھنڈر میں تبدیل کردیا
    کراچی شہر جو پورے پاکستان کو چلا رہا ہے اسے چند ارب روپے دیکر سندھ حکومت سمجھتی ہے کہ یہ شہر ترقی کرے گا۔

    سندھ حکومت سندھو دیش کی حامی ہے، مردم شماری  میں کراچی کے لوگوں کوصحیح گنا نہیں جاتا جس پر ایم کیو ایم نے ہی شدید احتجاج کیا، ٹینکر مافیا کا یہاں راج ہے، لوگ پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔

  • سندھ پولیس کی پہلی ہندو ڈی ایس پی

    سندھ پولیس کی پہلی ہندو ڈی ایس پی

    کراچی: سندھ پولیس میں پہلی بار خاتون ہندو ڈی ایس پی کا تقرر کرلیا گیا، منیشا اس چیلنجنگ شعبے میں آ کر دیگر ہندو لڑکیوں کے لیے مثال قائم کرنا چاہتی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق 26 سالہ منیشا روپیتہ سندھ پولیس کی پہلی ہندو خاتون ڈی ایس پی بن گئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام شام رمضان میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اپنی ابتدائی اور ثانوی تعلیم جیکب آباد سے حاصل کی اس کے بعد وہ کراچی آگئیں۔

    منیشا کے مطابق سنہ 2019 میں انہوں نے پبلک سروس کمیشن کا امتحان دیا اور جب ان کا رزلٹ آیا تو وہ یقین نہیں کر پارہی تھیں کہ وہ کامیاب ہوگئی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ خواتین کے لیے خیال کیا جاتا ہے کہ وہ زیادہ چیلنجنگ شعبہ نہ اپنائیں اور میڈیکل کا شعبہ ان کے لیے بہترین سمجھا جاتا ہے، لیکن وہ اس ٹرینڈ کو بدلنا چاہتی تھیں۔

    منیشا کا کہنا تھا کہ وہ دیگر ہندو لڑکیوں کے لیے مثال قائم کرنا چاہتی تھیں کہ وہ کسی بھی شعبے میں اپنا نام بنا سکتی ہیں۔

  • کراچی میں موٹرسائیکل نہ ہٹانے پر پولیس اہلکار کا نوجوان پر تشدد

    کراچی میں موٹرسائیکل نہ ہٹانے پر پولیس اہلکار کا نوجوان پر تشدد

    کراچی: شہر قائد کے علاقے محمود آباد میں موٹر سائیکل نہ ہٹانے پر پولیس اہلکاروں نے نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے محمود آباد کشمیر کالونی میں پولیس اہلکاروں نے موٹرسائیکل نہ ہٹانے پر نوجوان پر بہیمانہ تشدد کیا، اے آر وائی نیوز پر شہری کے تشدد کی خبر نشر ہونے پر پولیس نے ایکشن لے لیا۔

    ذرائع کے مطابق پولیس اہلکاروں نے 4 اکتوبر کے روز نوجوان اسامہ کو راستے سے بائیک جلدی نہ ہٹانے پر تشدد کا نشانہ بنایا تھا، پولیس اہلکاروں کی نوجوان پر تشدد کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس نے تفتیش کے بعد نوجوان پر تشدد میں ملوث ایک اہلکار حارث نیازی کو گرفتار کرلیا، تشدد میں ملوث دیگر اہلکاروں کی تلاش جاری ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنانے والے اہلکاروں کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    مزید پڑھیں: پولیس کا نوجوان پر بدترین تشدد، تھانے سے باہر پھینک دیا

    واضح رہے کہ چند ماہ قبل ایبٹ آباد میں پولیس گردی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جہاں تھانہ ڈونگا گلی پولیس نے نوجون کو بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد حالت غیر ہونے پر تھانہ سے باہر پھینک دیا تھا۔

    متاثرہ شخص کا کہنا تھا کہ پولیس نے مجھے زخمی حالت میں تھانے سے باہر پھینکا، اس دوران مقامی افراد گاڑی میں ڈال کر اسپتال منتقل کیا۔

    متاثرہ شخص کا کہنا تھا کہ پولیس سے تشدد کرنے کی وجہ پوچھتا رہا لیکن انہوں نے کچھ نہیں بتایا اور تشدد کا نشانہ بناتے رہے، انہوں‌ نے وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان سے انصاف کی اپیل کی تھی۔