Tag: Sindh Solid Waste

  • سندھ سالڈ ویسٹ چند مخصوص مقامات سے کچرا اٹھا رہا ہے، آڈٹ رپورٹ میں کئی انکشافات

    سندھ سالڈ ویسٹ چند مخصوص مقامات سے کچرا اٹھا رہا ہے، آڈٹ رپورٹ میں کئی انکشافات

    کراچی: سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ خطیر اخراجات کی مدد سے کراچی میں محض چند مخصوص مقامات سے کچرا اٹھا رہا ہے، جاری آڈٹ رپورٹ میں اس سلسلے میں کئی انکشافات کیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آڈیٹر جنرل نے ایس ایس ڈبلیو ایم بی کے حوالے سے ایک امپیکٹ آڈٹ رپورٹ جاری کی ہے، آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے کراچی کے کورنگی اور وسطی اضلاع کے حوالے سے یہ امپیکٹ آڈٹ کیا ہے۔

    آڈٹ رپورٹ کے مطابق سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ گھر گھر سے کچرا اٹھانے کے اسکوپ کو پورا نہیں کر سکا، بورڈ صرف چند مقررہ مقامات سے ہی ان اضلاع میں کچرا اٹھا رہا ہے، اور خطیر اخراجات کے باوجود گھر گھر سے کچرا اٹھانے کی ذمہ داری پوری نہیں کی گئی۔

    ناقص کارکردگی کو دیکھتے ہوئے رپورٹ میں کچرا اٹھانے کے اخراجات میں کمی لانے کی سفارش کی گئی ہے، رپورٹ میں تجویز دی گئی ہے کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ ہر گھر سے کچرا اٹھانے کو یقینی بنائے۔

    کورنگی میں یومیہ 1575 اور وسطی میں 1920 ٹن سے زائد کچرا پیدا ہوتا ہے، سال 2022 میں سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے کورنگی وسطی اضلاع میں آپریشن شروع کیا، اور ڈی ایم سیز کے مقابلے میں کچرا اٹھانے میں بہتری آئی، ڈی ایم سی دور میں کورنگی سے 573 ٹن اور وسطی سے 925 ٹن اٹھایا جاتا تھا، اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کورنگی اور وسطی اضلاع سے 1600 ٹن سے زائد کچرا اٹھا رہا ہے۔

    آڈٹ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ غیر قانونی کچرا کنڈیاں بیماریوں کے پھیلاؤ کا بھی سبب ہیں، ان کچرا کنڈیوں کا خاتمہ نہ ہونا سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی کارکردگی پر سوال ہے۔

    امپیکٹ آڈٹ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی کورنگی میں فی ٹن کچرا اٹھانے پر لاگت 4122 روپے ہے، ضلع وسطی میں بورڈ 4357 روپے فی ٹن خرچ کر رہی ہے، ڈی ایم سیز کے مقابلے میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی فی ٹن لاگت 300 فی صد زائد ہے۔

  • بارش میں سندھ سالڈ ویسٹ کے دفتر کی چھت گر گئی، واقعے کے وقت میٹنگ جاری تھی

    بارش میں سندھ سالڈ ویسٹ کے دفتر کی چھت گر گئی، واقعے کے وقت میٹنگ جاری تھی

    کراچی: بارش کی تباہ کاریوں سے سرکاری دفاتر بھی محفوظ نہ رہے، کچرا اٹھانے کے لیے ذمے دار ادارہ سندھ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ کا دفتر بھی بارش کی نذر ہو گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ روز کراچی میں ہونے والی تیز بارش کے باعث سندھ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ ضلع جنوبی کے دفتر کی چھت اور سیلنگ گر پڑی۔

    چھت کا حصہ گرنے سے دفتر میں پڑے لیپ ٹاپ، قیمتی سامان، کرسیوں اور فرنیچر کو نقصان پہنچا ہے، انتظامیہ اس واقعے میں جانی نقصان سے بال بال بچی، چھت گرنے کے وقت دفتر میں میٹنگ جاری تھی۔

    انتظامیہ سندھ سالڈ ویسٹ کا کہنا ہے کہ موسم اچھا تھا اس لیے بورڈ کی میٹنگ کمرے میں کرنے کی بجائے لان میں ہو رہی تھی، جس کی وجہ سے جانی نقصان نہیں ہوا۔

    انتظامیہ کے مطابق اگر میٹنگ لان کی بجائے کمرے میں ہوتی تو جانی نقصان بھی ہو سکتا تھا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کی بارش سے شہریوں کے لیے رات گزارنا بھی مشکل ہو گیا تھا، گھروں میں بارش کا پانی ہونے کے باعث شہری رات بھر پریشان رہے، بفرزون سیکٹر 15 کے مکینوں نے بے یار و مددگار رات گزاری، شہریوں کا کہنا تھا کہ نکاسئ آب کے لیے انتظامیہ کا کوئی بندہ نہیں آیا۔

    بفرزون میں گھروں کے باہر اور اندر پانی جمع رہا، رات بھر شہری آرام کرنے کی بجائے اپنا سامان اور گھروں سے پانی نکالتے رہے، گھروں میں پانی داخل ہونے کے باعث مکینوں کو مالی نقصان کا بھی سامنا ہے۔

    خیال رہے کہ وزرا مین شاہراہوں کا دورہ کر کے چلتے بنے تھے، گلیوں میں شہری گھروں سے باہر نکلنے سے قاصر ہو چکے ہیں، اور معمولات زندگی مفلوج ہو گئے۔