Tag: سندھ

  • نئے ٹیکسز کا نفاذ : اندرون اور بیرون ملک پروازوں کے ٹکٹ پر کتنا ٹیکس دینا ہوگا؟

    نئے ٹیکسز کا نفاذ : اندرون اور بیرون ملک پروازوں کے ٹکٹ پر کتنا ٹیکس دینا ہوگا؟

    کراچی : سندھ میں آج سے نئے ٹیکسز کا نفاذ ہوگیا، جس کے تحت اندرون ملک پرواز کے ٹکٹ پر 250 روپے سندھ حکومت وصول کرے گی جبکہ عالمی پرواز کے ٹکٹ پر ایک ہزار روپے ٹیکس لاگوہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں آج سے نئے ٹیکسز نافذ ہوگئے، اس حوالے سے محکمہ خزانہ سندھ نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔

    سندھ حکومت نئے مالی سال میں 76 ارب روپے کے اضافے ٹیکس وصول کرے گی، تعلیمی اداروں، اسپتالوں، انشورنس کمپنیوں ،پیٹرول پمپس سے ٹیکس وصول کیا جائے گا۔

    اندرون ملک پرواز کے ٹکٹ پر 250 روپے سندھ حکومت وصول کرے گی جبکہ عالمی پرواز کے ٹکٹ پر ایک ہزار روپے ٹیکس لاگوہوگیا۔

    الاٹمنٹ آرڈر یا تجدید پر 5 ہزار روپے ٹیکس نافذ ہوگا جبکہ رئیل اسٹیٹ،زمینوں دکان یا فلیٹس پر 2 فیصد ٹیکس وصول کیاجائےگا اور کسی بھی کاروبار میں پارٹنرشپ پر 5ہزار روپے ٹیکس نافذ ہوگا۔

    انشورنس کی تجدید پر ٹیکس اور بحری جہاز کی انشورنس پر 5ہزار روپے صوبائی ٹیکس وصول کیا جائے گا۔

    لائف انشورنس،عمارتی انشورنس،فصلوں اور املاک کے انشورنس پر ٹیکس اور غیر متحرک املاک کے پاور آف اٹارنی پر 5ہزار روپے ٹیکس نافذ ہوگا۔

    3ہزار سی سی سے اوپر کاروں اور جیپوں پر ساڑھے 3 لاکھ روپے اور مقامی طور پر بننے والی 2 ہزار سی سی گاڑیوں پر 5 ہزار روپےٹیکس نافذ ہوگا۔.

    تمام پروفیشنلز پر دو ہزار روپے سالانہ ٹیکس نافذکردیاگیا ہے جبکہ تمام پیٹرول پمپس ،سی این جی اسٹیشنز پر 20 ہزار روپے سالانہ ٹیکس اور فارم ہاؤسز ، نجی اسپتال،کلینکس ،گیسٹ ہاؤسز ،فیشن ہالز پر بھی ٹیکس نافذ ہوگا۔

    اس کے علاوہ 5 لاکھ روپے سے زائد سالانہ فیس لینے والے تعلیمی اداروں پر بھی ٹیکس لگایا گیا اور وٹرنری اسپتالوں،گیمزسینٹرپربھی ٹیکس لاگو کردیاگیا ہے۔

  • وفاق  نے سندھ میں چلنے والے متعدد منصوبوں کی رقم جاری نہیں کی: محکمہ خزانہ

    وفاق نے سندھ میں چلنے والے متعدد منصوبوں کی رقم جاری نہیں کی: محکمہ خزانہ

    کراچی: وفاقی حکومت نے سندھ میں چلنے والے متعدد منصوبوں کیلئے کوئی رقم جاری نہیں کی ہے، محکمہ خزانہ نے منصوبوں کیلئے رقم جاری نہ ہونے کی تفصیلات جاری کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ خزانہ کے مطابق مالی سال 2023،24میں وفاق نے پی ایس ڈی پی مد میں اربوں روپے جاری کرنے تھے، وفاق  نے 16 منصوبوں میں کوئی رقم جاری نہیں کی۔

    محکمہ خزانہ کے مطابق سائٹ انڈسٹریل کراچی کی ازسرنو بحالی کے منصوبے کیلئے ڈھائی ارب جاری کیے جانے تھے، روہڑی گڈو بیراج ایم 5 انٹر چینج کیلئے 4 ارب میں سے کوئی رقم جاری نہیں ہوئی، ٹنڈوالہ یار سے ٹنڈو آدم سڑک کیلئے 2 ارب روپے جاری کیے جانے تھے۔

    جاری کردہ تفصیلات کے مطابق مہران ہائی وے نواب شاہ سے رانی پور کیلئے 4 ارب میں سے کوئی رقم جاری نہ ہوسکی، نیشنل ہائی وے این 5 کیلئے 3 ارب روپے جاری نہ ہوسکے۔

    واٹر فلٹریشن پلانٹ اور سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کیلئے 5،5 کروڑ روپے جاری نہ ہوسکے ،سندھ کوسٹل ہائی وے 36 کلومیٹرکیلئے 2 ارب روپے کی رقم نہ دی جاسکی ۔

    محکمہ خزانہ نے بتایا کہ وفاق نے سیلاب متاثرہ علاقوں اسکولز کے لئے 2 ارب اور مکانات کی تعمیر کے لئے اڑھائی ارب روپے میں سے کوئی بھی رقم جاری نہیں کی ہے۔

  • اہم خبر: سندھ حکومت نے فوڈ لائسنس کا حصول آسان بنا دیا

    اہم خبر: سندھ حکومت نے فوڈ لائسنس کا حصول آسان بنا دیا

    کراچی: سندھ حکومت نے بزنس کمیونٹی کی سہولت کے لیے تھرڈ پارٹی کے ذریعے فوڈ لائسنس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خوراک جام خان شورو کی زیر صدارت سندھ فوڈ اتھارٹی کے نویں بورڈ کا اہم اجلاس آج منعقد ہوا، جس میں سندھ فوڈ اتھارٹی کے 14 سے زائد ایجنڈے پیش ہوئے، جن میں 3 سے زائد ایجنڈے باہمی مشاورت سے منظور کیے گئے، اور 7 ایجنڈوں پر کمیٹیاں بنانے کی ہدایت کی گئی۔

    جام خان شورو نے کہا بزنس کمیونٹی کی سہولت کے لیے کمیٹی تشکیل دی ہے جو تھرڈ پارٹی کے ذریعے فوڈ اتھارٹی کے لائسنس جاری کرے گی، لائسنس کو آسان بنانے کے لیے تھرڈ پارٹی ہائیر کی جائے گی، انھوں نے افسران کو ہدایت کی کہ فوڈ اتھارٹی سسٹم کو آسان بنایا جائے اور بزنس کمیونٹی کو بلاوجہ تنگ نہ کیا جائے۔

    سندھ فوڈ اتھارٹی کا بجٹ 200 ملین سے بڑھا کر 600 ملین کرنے کے لیے وزیر خوراک نے محکمہ خزانہ سندھ کو سمری بھیجنے کی ہدایت کی۔

  • ’’کپاس کی امدادی قیمت 10 سے 11 ہزار روپے من مقرر کی جائے‘‘

    ’’کپاس کی امدادی قیمت 10 سے 11 ہزار روپے من مقرر کی جائے‘‘

    کراچی: سندھ حکومت نے کپاس کی امدادی قیمت 10 سے 11 ہزار روپے من مقرر کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    صوبائی وزیر زراعت محمد بخش مہر نے وفاق سے کہا ہے کہ وہ کپاس کی امدادی قیمت دس سے گیارہ ہزار روپے من مقرر کرے، کیوں کہ مناسب قیمت نہ ملنے سے کاشت کار کپاس نہیں لگا رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا رواں سال سندھ میں کپاس کی فصل کا ٹارگٹ 6 لاکھ 40 ہزار ہیکٹرز رکھا گیا، اور اس وقت کپاس کی بوائی 20 فی صد ہو چکی ہے۔

    انھوں نے کہا مہنگی کھاد، بیج، پٹرولیم مصنوعات اور زرعی ادویات نے کسانوں کاخرچ بڑھا دیا ہے، کاشت کار کو گزشتہ سیزن میں کپاس کی مناسب قیمت نہیں ملی تھی تو اس بار وہ فصل کیسے تیار کریں گے؟ کسان کو اچھی قیمت ملے گی تو وہ کپاس لگائے گا، کپاس ملکی ٹیکسٹائل صنعت کی ضرورت ہے۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ خریف سیزن میں سندھ کو اپنے حصے کا پورا پانی نہ ملا تو کپاس اور چاول سمیت زرعی اجناس کی فصل کم لگنے کا اندیشہ ہے۔ محمد بخش مہر نے ارسا پر بھی تنقید کی، اور کہا کہ ہم ارسا کے 3 رخی فارمولے کے تحت سندھ کو پانی دینے کا فیصلہ مسترد کرتے ہیں۔

  • تیل و گیس کی تلاش : پاکستان نے ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرلی

    تیل و گیس کی تلاش : پاکستان نے ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرلی

    کراچی : سندھ میں گیس کا بڑا ذخیرہ دریافت کرلیا گیا ، دریافت سے ملک کے گیس کےذخائر میں اضافہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سندھ میں کنویں کی کھدائی کے دوران گیس کا ذخیرہ دریافت کرلیا گیا۔

    او جی ڈی سی ایل کا کہنا تھا کہ سجاول میں 12 لاکھ 40ہزار اسٹینڈرڈکیوبک میٹر گیس کاذخیرہ ملا ہے، دریافت سے ملک کے گیس کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔

    گیس کا کنواں او جی ڈی سی ایل کی 100 فیصد ملکیت ہے تاہم اسٹاک ایکسچینج کو خط لکھ کرگیس دریافت سے آگاہ کردیا ہے۔

  • ٹیچنگ لائسنس کے لیے ہونے والے ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان ہو گیا

    ٹیچنگ لائسنس کے لیے ہونے والے ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان ہو گیا

    کراچی: آئی بی اے سکھر نے ٹیچرز لائسنس پالیسی کے تحت ہونے والے ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان کر دیا۔

    سندھ حکومت کی جانب سے ٹیچنگ لائسنس کے لیے لیے جانے والے ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان ہو گیا ہے، جس کے تحت 646 امیدواروں کو کامیاب قرار دیا گیا ہے۔

    سندھ کی منظور شدہ سندھ ٹیچنگ لائسنس پالیسی 2023 کے تحت 28 جنوری 2024 کو منعقد ہونے والے ٹیچنگ لائسنس ٹیسٹ کے نتائج باضابطہ طور پر جاری کر دیے گئے ہیں، ٹیسٹ سکھر آئی بی اے ٹیسٹنگ سروسز (STS) کی طرف سے لیا گیا تھا۔

    تعلیم کی ڈگری رکھنے والے 4000 اہل اساتذہ (سرکاری اور نجی شعبے دونوں سے) نے ٹیسٹ میں حصہ لیا، جن میں سے 646 نے ٹیسٹ پاس کیا اور ایلیمنٹری (کلاس 1-8) کا تدریسی لائسنس حاصل کر لیا ہے، ٹیسٹ دو حصوں پر مشتمل تھا، 40 مارکس کے ایک حصہ میں ایم سی کیوز شامل تھے، جب کہ دوسرے حصہ میں تفیصلی جوابات کے ذریعہ سوالوں پر وضاحت مانگی گئی تھی۔

    ایک سے زیادہ انتخابی سوالات کے ذریعے امیدواروں کے مواد کے علم کا اندازہ لگانے کے لیے وقف کیے گئے تھے، اور 60 نمبر تعمیر شدہ جوابی سوالات (تفصیلی سوالات) کے ذریعے تدریسی مواد کے علم کا اندازہ لگانے کے لیے وقف کیے گئے تھے۔

    وزارت تعلیم نے نقل کرانے والے 7 بڑے گروپوں کا پتا لگا لیا

    امتحان میں کامیاب ہونے کے لیے امیدواروں کو معلومات کے حصہ میں 40 میں سے کم از کم 20 نمبر حاصل کرنے اور پیڈاگوجیکل (تدریسی) معلومات میں 60 میں سے کم از کم 30 نمبر حاصل کرنے کی ضرورت تھی۔ ہر حصہ میں علیحدہ پاسنگ ہیڈز قائم کرنے کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا تھا کہ لائسنس حاصل کرنے والے اساتذہ کو دونوں مواد پر عبور حاصل ہے اور وہ اس مواد کو ایلیمنٹری اسکول کے طلبہ کو کیسے پڑھایا جائے۔

    چار ہزار امیدواروں میں سے 3023 ان سروس سرکاری اساتذہ نے یہ ٹیسٹ دیا، جن میں سے 445 اساتذہ پاس ہوئے (14.7%) جب کہ نجی شعبے کے 977 امیدواروں میں سے 201 پاس ہوئے (20.6%)۔ لائسنس حاصل کرنے والے سرکاری اساتذہ گریڈ 16 میں ترقی حاصل کرنے کے اہل ہوں گے، جب کہ نجی شعبہ سے تعلق رکھنے والے لائسنس یافتہ اساتذہ کو سندھ پبلک سروس کمیشن کے قوانین کے تحت گریڈ 16 میں بھرتی کے اہل ہوں گے۔

    محکمہ تعلیم کی طرف سے گریڈ 16 کی 700 ایلیمنٹری اسکول ٹیچر کی اسامیاں بھی رکھ دی گئی ہیں، جب کہ محکمہ تعلیم سندھ کی طرف کے لائسنس حاصل کرنے والے اساتذہ کو الاؤنس دینے کے حوالے سے معاملات زیر غور ہیں، جو امیدوار ٹیسٹ میں کامیابی حاصل نہیں کر سکے وہ آئندہ ہونے والے ٹیسٹ میں درخواست دے سکیں گے۔

    صوبائی وزیر تعلیم و ثقافت سندھ سید سردار علی شاہ کے مطابق سندھ ٹیچر ایجوکیشن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (STEDA) کی طرف سے پہلے ہی لائسنسنگ کے نظام کو اگلے سال وسعت دینے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، تاکہ لائسنس کی دیگر کیٹیگریز جیسے پرائمری اور سیکنڈری ٹیچنگ لائسنس کو شامل کیا جا سکے۔

    وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے کامیاب امیدواروں کو مبارک باد دی، اپنے بیان میں انھوں نے کہا کہ سندھ نے ٹیچنگ لائسنس پالیسی کی نفاذ کے بعد ٹیسٹ کا مرحلہ کامیابی سے طے کر لیا ہے، ٹیچنگ لائسنس کا امتحان ہر سال لیا جائے گا، ہم ٹیچنگ پروفیشل کو معتبر بنانے کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری رکھیں گے، کامیاب ہونے والے ٹیچرز کو مراعات اور پروموشنز کے حوالے سے سفارشات پیش کی جائیں گی۔

    واضح رہے کہ ٹیسٹ رواں سال 28 جنوری کو لیا گیا تھا، ٹیچنگ لائسنس کے لیے 4000 امیدواروں نے حصہ لیا تھا۔

  • محکمہ تعلیم میں تقرریاں کیسے کی جائیں گی؟ نیا طریقہ کار تیار

    محکمہ تعلیم میں تقرریاں کیسے کی جائیں گی؟ نیا طریقہ کار تیار

    کراچی: محکمہ تعلیم سندھ نے انتظامی عہدوں پر تقرریوں کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے صوبے میں اہم عہدوں کی میرٹ پر تعیناتیوں کے لیے طریقہ کار تیار کر لیا ہے۔

    وزیر تعلیم سردار شاہ کی ہدایت پر محکمہ تعلیم میں ڈائریکٹر، ڈی اوز اور ٹی اوز کے تعیناتی کے لیے سرچ کمیٹی قائم کی گئی ہے، محکمہ تعلیم کے مطابق ڈائریکٹرز اور ڈسٹرکٹ آفیسرز کے لیے قائم سرچ کمیٹی کے چیئرمین وزیر تعلیم ہوں گے۔

    سیکریٹری اسکول ایجوکیشن سندھ اور چیف پروگرام مینجر آر ایس یو سرچ کمیٹی کے ممبر ہوں گے، ٹی اوز کی تعیناتی کے لیے قائم سرچ کمیٹی کے چیئرمین اسپیشل سیکریٹری ہوں گے۔

    محکمہ تعلیم کے مطابق اہل افسران عہدوں کے لیے اپلائی کریں گے جنھیں اہلیت اور میرٹ کے مطابق تعینات کیا جائے گا، اہل افسران کو ویٹنگ پول میں رکھا جائے گا اور ضرورت کے تحت عہدوں پر تعیناتیاں کی جائیں گی، جب کہ سرچ کمیٹی کے قیام سے اب براہ راست افسران کو عہدوں پر تعینات نہیں کیا جا سکے گا۔

    سردار شاہ نے کہا کہ سرچ کمیٹی سے اہل قرار دیے جانے والے افسران کو انتظامی امور چلانے کے حوالے سے ٹریننگ بھی دی جائے گی۔

  • بڑے پیکج کا اعلان، رمضان میں 60 فی صد آبادی کو 5000 روپے نقد ملیں گے

    بڑے پیکج کا اعلان، رمضان میں 60 فی صد آبادی کو 5000 روپے نقد ملیں گے

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے 22.5 ارب روپے رمضان پیکج کا اعلان کر دیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت رمضان میں قیمتوں کو کنٹرول کرنے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں میئر کراچی، چیف سیکریٹری، پرنسپل سیکریٹری، آئی جی پولیس و دیگر افسران نے شرکت کی، مراد علی شاہ صوبے کی 60 فی صد آبادی کو رمضان میں 5000 روپے نقد دینے کی منظوری دی۔

    اجلاس میں سندھ میں ماہانہ 34 ہزار روپے آمدن تک والے 4.5 ملین خاندانوں کو رمضان میں ریلیف دینے کا فیصلہ کیا گیا، یہ خاندان صوبے کی آبادی کا 60 فی صد بنتے ہیں، ہر خاندان کو رمضان کے مہینے میں 5000 روپے بینک کے ذریعے دیے جائیں گے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر پرائس لسٹ جاری، کیا عمل درآمد ہو سکے گا؟

    اجلاس میں آج سے ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ بھی کیا گیا، وزیر اعلیٰ نے کہا ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف کراچی میں آج ہی سے کریک ڈاؤن شروع کیا جائے، سندھ کے باقی ڈویژنز میں بھی کمشنرز متعلقہ اضلاع میں کریک ڈاؤن شروع کریں۔

    وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ انتظامیہ اشیا کی نوٹیفائیڈ قیمتوں کو مارکیٹ میں یقینی بنائے، میں خود بھی اچانک پرائس چیک کرنے کے لیے نکلوں گا، انھوں نے کہا صوبے بھر میں سحر و افطار کے دوران لوڈ شیڈنگ نہیں ہونی چاہیے، رمضان میں کے الیکٹرک، حیسکو اور سیپکو اپنے متعلقہ علاقوں میں بجلی کا نظام بہتر رکھیں۔

  • اس وقت کافی مشکلات کا سامنا ہے: مراد علی شاہ

    اس وقت کافی مشکلات کا سامنا ہے: مراد علی شاہ

    کراچی: پیپلز پارٹی کے نامزد وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اس وقت ملک کو کافی مشکلات کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے نامزد وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آج ارکان حلف اٹھائیں گے، کل اسپیکر کا الیکشن ہوگا اور پرسوں چیف منسٹر کا الیکشن ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنا لوگوں کا حق ہے، امید کرتا ہوں قانون ہاتھ میں نہیں لیں گے، وہ احتجاج کرتے رہیں ہم اندر حلف اٹھائیں گے، میں  نے پہلے ہی بتادیا تھا 90 سے 95 سیٹیں لیں گے۔

    سابق وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ نے کہا کہ اس وقت ملک کو کافی مشکلات کا سامنا ہے، اللہ کی رضاسے خیریت سے یہ مراحل گزر جائیں۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ وفاق اور صوبائی حکومتوں کیلئے بہت بڑا چیلنج ہے، سب کو ساتھ ملک کر  مشکلات کو حل کرنا ہوگا۔

    واضح رہے کہ سندھ اسمبلی کا اجلاس کچھ دیر بعد شروع ہو گا، جس میں نومنتخب اراکین حلف اٹھائیں گے، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اجلاس کی صدارت کریں گے۔

    سندھ اسمبلی کے ایوان میں ممبران کی کل تعداد 168 ہے جبکہ 163 حلف اٹھائیں گے، 128 منتخب اور 35 مخصوص نشستوں کے ممبران حلف اٹھائیں گے۔

  • سینئر اسکول ٹیچر کی پوسٹس کے لیے ہونے والا ٹیسٹ منسوخ

    سینئر اسکول ٹیچر کی پوسٹس کے لیے ہونے والا ٹیسٹ منسوخ

    کراچی: پیپر آؤٹ ہونے کی وجہ سے سینئر اسکول ٹیچر کی پوسٹس کے لیے ہونے والا ٹیسٹ منسوخ کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان ایس پی ایس سی نے کہا ہے کہ سینئر اسکول ٹیچر کی پوسٹوں کے لیے ہونے والا ٹیسٹ منسوخ کر دیا گیا ہے، کیوں کہ پیپر لیک ہونے کی اطلاعات ملی تھیں۔

    ایس پی ایس سی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کمیشن کی ساکھ کو برقرار رکھنے کے لیے ٹیسٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اعلامیے میں امیدواروں کو تحمل سے رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ چیئرمین ایس پی ایس سی کی ہدایت پر پیپر آؤٹ ہونے کی تحقیقات کی جا رہی ہے، جب کہ منسوخ کیے گئے ٹیسٹ کی نئی تاریخ کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔