Tag: سندھ

  • سندھ میں نگران حکومت طویل ہونے کا خدشہ

    سندھ میں نگران حکومت طویل ہونے کا خدشہ

    کراچی : سندھ کی نگران کابینہ میں بااعتماد شخصیات کو وزیر بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا اور نگران وزیراعلیٰ کیلئےمشاورت کا آغاز کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں نگران حکومت طویل ہونے کا خدشہ ہے، پی پی ذرائع نے بتایا ہے کہ نگران کابینہ میں با اعتمادشخصیات کو وزیر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حالات اور واقعات سے لگ رہا الیکشن وقت پر کرانےمیں رکاوٹ ڈالی جائے گی تاہم نگران وزیراعلیٰ کیلئےمشاورت کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    پی پی ذرائع کے مطابق پی پی قیادت نے سندھ حکومت کوہدایت کی ہے کہ کوشش کی جائے تجویز کردہ نگران وزیر اعلیٰ کے نام پرسب متفق ہوں۔

  • سندھ بھر میں گرمیوں کی تعطیلات کے بعد تعلیمی ادارے کھل گئے

    سندھ بھر میں گرمیوں کی تعطیلات کے بعد تعلیمی ادارے کھل گئے

    کراچی: سندھ بھر میں گرمیوں کی تعطیلات کے بعد تعلیمی ادارے کھل گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں اسکول اور کالجز میں چھٹیوں کے بعد آج سے تعلیمی سرگرمیاں بحال ہو گئیں، موسم گرما کی تعطیلات کے بعد تدریسی عمل آج سے شروع ہو رہا ہے۔

    اسکول میں نئے تعلیمی سال کا آغاز بھی آج سے ہو رہا ہے، 2 ماہ کی چھٹیوں کے بعد تعلیمی اداروں کی رونقیں دوبارہ بحال ہو گئیں، بچوں کے چہرے دوستوں کو دیکھ کر کھل اٹھے ہیں۔

    طالب علم نئی کتابیں اور نئی کلاسوں کے شوق میں خوشی خوشی اسکول آ رہے ہیں، تاہم دوسری طرف نصابی کورس کی دستیابی کا مسئلہ بدستور درپیش ہے، نویں دسویں اور انٹر سال اول اور سال دوم کی کتابیں مارکیٹ میں موجود نہیں ہیں، سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کی جانب سے کتابوں کی طباعت کا سلسلہ مکمل نہیں کیا جا سکا ہے۔

    کراچی کے بیش تر نجی اسکولوں نے بھی ایک ہفتہ قبل اچانک نصاب تبدیل کر دیا ہے ان کی درسی کتابیں بھی مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہیں۔ سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کی جانب سے یقین دلایا گیا تھا کہ نئے تعلیمی سال کے آغاز سے قبل صورت حال کو کنٹرول کر لیا جائے گا تاہم اس وقت سرکاری اور نجی اسکولوں میں ٹیکسٹ بورڈ کی کتابیں دستیاب نہیں ہیں۔

    متعدد سرکاری اسکولوں میں بچے پرانی کتابوں کے ساتھ اسکول آئے ہیں جب کہ نجی اسکولوں میں بھی نصف کورس ہی فراہم کیا جا سکا ہے۔ پہلے دن کی تعارفی کلاسوں کے بعد بیشتر نجی اسکولوں میں تدریسی عمل ختم کر دیا گیا، کیوں کہ بیش تر طالب علم کتابوں اور کاپیوں کے بغیر اسکول آئے تھے، طلبہ کو پہلے دن کورس آؤٹ لائن اور یومیہ کتابیں لانے کا شیڈول فراہم کیا گیا، جب کہ بیش تر سرکاری اسکولوں میں حاضری پہلے دن معمول سے کم رہی۔

  • دریائے سندھ پر بننے والے گھوٹکی، کندھ کوٹ پل کی سیکیورٹی ایف سی کے حوالے

    دریائے سندھ پر بننے والے گھوٹکی، کندھ کوٹ پل کی سیکیورٹی ایف سی کے حوالے

    کراچی: دریائے سندھ پر بننے والے گھوٹکی، کندھ کوٹ پل کی سیکیورٹی ایف سی کے حوالے کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سیکریٹری محکمہ داخلہ کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں گھوٹکی کندھ کوٹ پل کی سیکیورٹی فرنٹیئر کانسٹیبلری کے حوالے کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ گھوٹکی، کندھ کوٹ پل کی لمبائی 12 کلو میٹر ہے، اور ابھی 8 کلومیٹر کی تعمیر باقی ہے، کچے کی صورت حال کے پیش نظر پولیس اور رینجرز کے ساتھ ایف سی کی تعیناتی بھی ناگزیر ہے۔

    بتایا گیا کہ پل پر کام کرنے والے 3 مزدوروں کو ڈاکوؤں نے اغوا کر لیا تھا، جس پر پراجیکٹ ڈائریکٹر نے سیکیورٹی کے بغیر کام کرنے سے انکار کر دیا تھا، اجلاس میں پل کی سیکیورٹی کے لیے ایف سی اہلکاروں کو تعینات کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔

  • بلدیاتی اداروں کو فنڈز فراہمی کا فارمولہ طے کرنے کے لیے فنانس کمیشن تشکیل

    بلدیاتی اداروں کو فنڈز فراہمی کا فارمولہ طے کرنے کے لیے فنانس کمیشن تشکیل

    کراچی: بلدیاتی اداروں کو فنڈز فراہمی کا فارمولہ طے کرنے کے لیے سندھ حکومت نے فنانس کمیشن تشکیل دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے فنانس کمیشن تشکیل دے دیا ہے، نوٹیفکیشن بھی جاری ہو گیا، صوبائی فنانس کمیشن بلدیاتی اداروں کو فنڈز فراہم کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی فنانس کمیشن فنڈز کے استعمال اور اجرا سے متعلق طریقہ کار بھی طے کرے گا، اس کمیشن میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، میئر سکھر ارسلان شیخ، اور ضلع چیئرمین قاسم نوید شامل ہیں۔ یہ کمیشن ٹیکس وصولی، اخراجات اور وسائل کی تقسیم پر فارمولہ طے کرے گا۔

    واضح رہے کہ یہ فیصلہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا، جہاں سندھ کابینہ نے پرونشنل فنانس کمیشن بنانے کی منظوری دی، پی ایف سی کے چیئرمین وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ہوں گے۔

  • سندھ کی درسی کتابوں میں ”کیو آر کوڈ“ متعارف کرانے کا فیصلہ

    سندھ کی درسی کتابوں میں ”کیو آر کوڈ“ متعارف کرانے کا فیصلہ

    کراچی: سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ نے درسی کتابوں میں ”کیو آر کوڈ“ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ آغا سہیل کا کہنا ہے کہ نویں اور دسویں جماعت کی کتابوں میں ”کیو آر کوڈ“ سیکیورٹی کیلئے دیا جائے گا، طلبہ اور والدین کیو آر کوڈ کو اپنے موبائل کے ذریعے اسکین کر کے اصلی یا نقلی کا پتہ لگا سکتے ہیں۔

    چیئرمین سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کا کہنا ہے کہ مارکیٹوں میں جعلی نام سے کتابیں فروخت کی جا رہی ہیں، طلبا بغیر کیو آر کوڈ والی کتابیں نہ خریدیں۔

    چیئرمین سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ آغا سہیل کا مزید بتانا ہے کہ 24-2023 کی کتابوں میں کیو آر کوڈ کے نیچے سیریل نمبر بھی دیا جائے گا۔

  • سندھ کے سرکاری کالجوں میں  فیسیں سرکاری خزانے میں جمع نہ کرانے کا انکشاف

    سندھ کے سرکاری کالجوں میں فیسیں سرکاری خزانے میں جمع نہ کرانے کا انکشاف

    کراچی : سندھ بھر کے سرکاری کالجوں میں گذشتہ 8 سالوں میں فیسیں سرکاری خزانے میں جمع نہ کرانے کا انکشاف سامنے آیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ بھر کے سرکاری کالجز کی 8 سال سے فیس سرکاری خزانےمیں جمع نہ کرانے کا انکشاف ہوا، مالی سال  2011سے2018  تک سرکاری کالجز سے رقم سرکاری خزانے میں منتقل نہیں کی گئی۔

    اس حوالے سے ڈی ڈی اوز متعدد کالج پرنسپل کی جانب سے ٹیوشن فیس اور داخلہ فیس جمع نہ کرانے پر محکمہ تعلیم نے خط لکھا، جس میں محکمہ تعلیم نے ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ اور ریجنل ڈائریکٹر کالجز سندھ سے وضاحت طلب کرلی۔

    محکمہ تعلیم کا خط میں کہا کہ 7یوم دن میں تحریری طور پر صورتحال سے آگاہ کیا جائے، تفصیلی رپورٹ نیب آفس کو فراہم کرنی ہے، سندھ بھر کے کالجز کے ڈ ی ڈی اوز اور کالج پرنسپل کی نئی فہرست بھی ارسال کی جائے۔

    نیب کی جانب سے موصول ہونے والے خط میں گذشتہ 8سالہ کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔

  • پی ڈی ایم اے نے مون سون الرٹ جاری کر دیا

    پی ڈی ایم اے نے مون سون الرٹ جاری کر دیا

    سندھ اور ملک کے مشرقی حصے پرمون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس سے 9 جولائی تک سندھ کے بیشتر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    پی ڈی ایم اے نے مون سون بارشوں کے حوالے سے مختلف اضلاع کے ڈی سیز کو الرٹ جاری کردیا، ترجمان کے مطابق مون سون سندھ اور ملک کے مشرقی حصوں میں اثر انداز ہو رہا ہے۔

    پی ڈی ایم اے کے مطابق تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپور خاص میں گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ بدین، لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ، جیکب آباد، شکارپور میں بارش ہوگی۔

    پی ڈی ایم اے کا بتانا ہے کہ کشمور، سکھر، دادو اور جامشورو میں 9 جولائی تک بارش کا امکان ہے، گھوٹکی، خیرپور، نوشہرو فیروز میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ اس کے علاوہ کراچی، شہید بینظیر آباد، مٹیاری، حیدرآباد، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو محمد خان، سانگھڑ، ٹھٹھہ، سجاول میں 9 جولائی تک بارش ہو سکتی ہے اس لیے متعلقہ اضلاع کے ڈی سیز ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

  • سندھ کے صحت بجٹ کی رقم کتنی ہے؟

    سندھ کے صحت بجٹ کی رقم کتنی ہے؟

    کراچی: صوبہ سندھ کی وزیر صحت عذرا پیچوہو کا کہنا ہے کہ صحت بجٹ کی رقم بڑھائی ہے، ٹراما سینٹر پیپلز پارٹی کی جانب سے عوام کے لیے تحفہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صحت عذرا پیچوہو نے سندھ اسملبی کے اجلاس میں کہا کہ 128.5 بلین روپے کراچی کے ہیلتھ بجٹ میں شامل ہیں۔

    عذرا پیچوہو کا کہنا تھا کہ ٹی بی، ہیپاٹائٹس اور ایڈز کے پروگرام میں پیسے بڑھائے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ٹراما سینٹر پیپلز پارٹی کی جانب سے عوام کے لیے تحفہ ہے، ٹراما سینٹر میں اب تک 1.7 بلین مریضوں کا علاج ہو چکا ہے۔

    صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ایمبولینس سروس میں 2.95 بلین کا بجٹ رکھا ہے، اسی سال 60 ایمبولینسز کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔

  • بی آر ٹی منصوبے پورے سندھ میں شروع کیے جائیں گے: شرجیل میمن

    بی آر ٹی منصوبے پورے سندھ میں شروع کیے جائیں گے: شرجیل میمن

    کراچی: صوبہ سندھ کے وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ تمام اضلاع کے عوام پیپلز بس سروس جیسی سروس شروع کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں، بی آر ٹی منصوبے صوبے بھر میں شروع کیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ بینک کے وفد کی صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل میمن سے ملاقات ہوئی، اجلاس میں یلو لائن بی آر ٹی پروجیکٹ کے مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔

    صوبائی وزیر شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹ کے عوامی منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانا چاہتے ہیں، بی آر ٹی منصوبے صوبے بھر میں شروع کیے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ کے تمام اضلاع کے عوام پیپلز بس سروس جیسی سروس شروع کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں، عوام کی سہولیات میں اضافے کے لیے مزید گاڑیاں خریدنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

  • سندھ کے 3 ساحلی اضلاع سے 76 ہزار 925 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل

    سندھ کے 3 ساحلی اضلاع سے 76 ہزار 925 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل

    کراچی: سندھ کے 3 ساحلی اضلاع سے 76 ہزار 925 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ کو سمندری طوفان بیپر جوائے کی تازہ صورت حال سے متعلق رپورٹ موصول ہو گئی، ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے تین ساحلی اضلاع سے اب تک 76 ہزار 925 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

    تینوں اضلاع میں مجوعی طور پر 44 ریلیف کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں، کیٹی بندر کی 17000 آبادی سے 14 ہزار انتظامیہ کے ذریعے، اور 3000 رضاکارانہ طور پر منتقل ہو چکے ہیں، کیٹی بندر میں 6 ریلیف کیمپوں میں 2300 خاندان منتقل ہوئے۔

    گھوڑاباری کی 5200 آبادی سے انتظامیہ نے 3700 جب کہ 1500 رضاکارانہ منتقل ہوئے، گھوڑاباری میں 3 ریلیف کیمپوں میں 600 خاندان منتقل ہوئے ہیں، شہید فاضل راہو کی 19470 آبادی سے انتظامیہ نے 14310 جب کہ 5160 رضاکارانہ منتقل ہوئے، جب کہ یہاں 10 ریلیف کیمپوں میں 11 ہزار کی گنجائش ہے اور 3009 خاندان منتقل ہوئے ہیں۔

    بدین کی 12300 آبادی سے انتظامیہ نے 5960 جب کہ 5600 رضاکارانہ منتقل ہوئے، بدین میں 6 ریلیف کیمپوں میں 1650 خاندان منتقل ہوئے، تحصیل شاہ بندر کی 9000 آبادی سے انتظامیہ نے 8800 منتقل کیے، شاہ بندر میں 9 ریلیف کیمپوں میں 1600 خاندان منتقل ہوئے۔

    تحصیل جاتی کی 8070 آبادی سے حکومت نے 4735 جب کہ 1717 رضاکانہ منتقل ہوئے، جاتی میں 10 ریلیف کیمپوں میں 900 خاندان منتقل ہوئے، کھاروچھان کی 7935 آبادی سے انتظامیہ نے 6443 جب کہ 1000 رضاکانہ منتقل ہوئے، جب کہ یہاں 1150 خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔