Tag: سندھ

  • مچھلی کا شکار کرنے والوں کے لیے خوش خبری

    مچھلی کا شکار کرنے والوں کے لیے خوش خبری

    کراچی: سندھ کے سمندری علاقوں میں ماہی گیری پر پابندی عارضی طور پر معطل کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق مون سون سیزن میں سندھ میں سمندر میں مچھلی کے شکار پر پابندی عائد کی گئی تھی، تاہم یہ پابندی اب عارضی طور پر اٹھالی گئی ہے۔

    محکمہ لائیو اسٹاک اور فشریز کی جانب سے 20 دن کے لیے ماہی گیری پر عائد پابندی ختم کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ محکمہ لائیو اسٹاک اینڈ فشریز سندھ کا کہنا ہے کہ ماہی گیری پر عائد پابندی یکم جون سے 20 جون تک ختم کی گئی ہے۔

    پابندی کے عارضی خاتمے کے بعد اب بیس جون تک ماہی گیر سمندر میں مچھلی کا شکار کر سکیں گے، واضح رہے کہ مچھلی پر پابندی کے باعث مارکیٹ میں مچھلی کی قیمتوں میں بہت زیادہ اضافہ ہو گیا تھا، جس میں اب کمی کا امکان ہے۔

  • عرب امارات سندھ میں سیلاب زدگان کے گھر تعمیر کروائے گا

    عرب امارات سندھ میں سیلاب زدگان کے گھر تعمیر کروائے گا

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات صوبہ سندھ میں سیلاب زدگان کے گھروں کی تعمیر میں مالی مدد فراہم کرے گا، عرب امارات اس سے قبل بھی سیلاب زدگان کی دل کھول کر مدد کر چکا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات صوبہ سندھ میں سیلاب سے متاثر ہونے والے افراد کے لیے مکانات کی تعمیر میں مدد کرے گا۔

    وزیر اعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید ابراہیم سالم الزعابی نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کی۔

    اماراتی سفیر نے وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا کہ ان کا ملک سیلاب زدگان کے لیے مکانات کی تعمیر میں مدد کرے گا اور اس منصوبے کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔

    اس موقعے پر مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ قریبی سفارتی اور دفاعی تعلقات برقرار رکھے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ خلیجی ممالک میں لاکھوں پاکستانی مقیم ہیں جو سرکاری اور نجی شعبوں میں کام کرتے ہیں، یہ پاکستانی ہر سال 4 ارب ڈالر سے زائد رقم پاکستان بھیجتے ہیں، عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں نے 2022 میں 5 ارب 10 کروڑ ڈالر بھیجے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ برس پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے 17 سو سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ مجوعی طور پر 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے تھے۔

    ایک اندازے کے مطابق گزشتہ برس کے سیلاب سے پاکستان میں 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا جس کی وجہ سے حکومت کو ریلیف اور بحالی کے کاموں سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی امداد طلب کرنا پڑی۔

    سیلاب سے سندھ اور بلوچستان کے صوبے سب سے زیادہ متاثر ہوئے تھے جہاں بعض علاقوں میں اب بھی سیلابی پانی موجود ہے۔

  • کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن: مورو میں ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ

    کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن: مورو میں ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر راجن پور کے کچے کے علاقے میں ہونے والے آپریشن کے 42 روز گزر چکے ہیں، صوبہ سندھ کے شہر مورو کے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت و قیادت میں کچے کے علاقے میں پولیس کا گرینڈ آپریشن جاری ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ اب تک رحیم یار خان اور راجن پور کے علاقوں میں 10 ڈاکو ہلاک ہوچکے ہیں، 46 کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ 18 نے سرینڈر کیا، کارروائیوں کے دوران 9 مغوی بھی بازیاب کر لیے گئے۔

    ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ جزیرہ نما کچا رجوانی میں ڈاکوؤں کے خلاف ڈرون ٹیکنالوجی کا بھی استعمال کیا جارہا ہے، دریائے سندھ کے درمیان خطرناک جزیرہ نما کچے پر ڈرون کی مدد سے ڈاکوؤں کی ریکی کی جارہی ہے۔

    دوسری جانب صوبہ سندھ کے شہر مورو کے کچے علاقے میں جدید ہتھیاروں سے لیس بکتر بند گاڑیوں میں پولیس دستے داخل ہوگئے، پولیس نے وقار عرف وقاری عمرانی، گورا عمرانی اور پٹ گینگز کی کمین گاہوں کا محاصرہ کرلیا۔

    مورچہ بند ڈاکوؤں نے پولیس کے خلاف مزاحمت کی اور شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ بعد ازاں ڈاکو وقار یاسین نے 4 ساتھیوں سمیت سرینڈر کردیا۔

    ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ گینگ اغوا برائے تاوان، ڈکیتی، اسلحہ، اسمگلنگ، قتل اور دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث تھا۔

    پولیس اہلکاروں نے ڈاکوؤں کی کمین گاہوں کو بکتر بند گاڑیوں سے تباہ کردیا اور خفیہ ٹھکانوں کو تباہ کر کے جلا دیا گیا۔

    سرینڈر کرنے والے ڈاکوؤں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور ایس ایم جی گنز برآمد کرلی گئیں۔

  • سندھ میں اساتذہ کی تنخواہوں میں تاخیر و بدعنوانی، صوبائی وزیر کا نوٹس

    سندھ میں اساتذہ کی تنخواہوں میں تاخیر و بدعنوانی، صوبائی وزیر کا نوٹس

    کراچی: صوبائی وزیر تعلیم سردار شاہ کا کہنا ہے کہ میرٹ پر آنے والے اساتذہ کے ساتھ بدسلوکی برداشت نہیں کی جائے گا، نئے بھرتی اساتذہ کی تنخواہوں اور واجبات کی ادائیگی میں رشوت طلب کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے وزیر تعلیم سردار شاہ نے اساتذہ کی تنخواہوں میں تاخیر اور بدعنوانی کی شکایات پر نوٹس لے لیا۔

    صوبائی وزیر نے ملوث افسران کے خلاف کارروائی کرنے اور نوکری سے برخاست کرنے کی وارننگ دی ہے۔

    سردار شاہ کا کہنا تھا کہ نئے بھرتی کیے جانے والے اساتذہ کی تنخواہوں اور واجبات کی ادائیگی میں رشوت طلب کی جا رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ تعلقہ ایجوکیشن آفس ہدایات دے کہ مجرمانہ عمل سے اجتناب برتا جائے، میرٹ پر آنے والے اساتذہ کے ساتھ ایسا سلوک برداشت نہیں کیا جائے گا۔

  • کراچی میں جلاؤ گھیراؤ: کتنے افراد کو گرفتار کیا گیا؟

    کراچی میں جلاؤ گھیراؤ: کتنے افراد کو گرفتار کیا گیا؟

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں گزشتہ دنوں جلاؤ گھیراؤ، دہشت گردی اور پھر ملزمان کی گرفتاری کے معاملات پر اہم اجلاس طلب کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف مقامات پر جلاؤ گھیراؤ اور دہشت گردی کے معاملے پر ایڈیشنل آئی جی کراچی نے اہم اجلاس طلب کرلیا۔

    اجلاس میں شعبہ تفتیش کے تمام ایس ایس پیز کو طلب کیا گیا ہے، ایڈیشنل آئی جی کراچی 9 مئی کو ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ لیں گے۔

    اجلاس میں شعبہ تفتیش کے افسران کو پروگریس رپورٹ ہمراہ لانے کی ہدایت کی گئی ہے جس میں اس حوالے سے تفصیلات ہوں گی کہ کتنے ملزمان گرفتار ہوئے اور کتنے مفرور ہیں۔

    پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ایسٹ پولیس نے دہشت گردی ایکٹ کے تحت 3 مقدمات درج کیے، 75 ملزمان کو نامزد کرنے کے بعد 31 کو گرفتار کر کے جیل بھجوایا گیا۔

    دہشت گردی میں ملوث 44 ملزمان تاحال مفرور ہیں۔

    ان کے علاوہ 6 مقدمات میں 97 ملزمان کو نامزد کر کے 88 کو گرفتار کیا گیا، 54 ملزمان ضمانت پر، 30 کو سیکشن 63 کے تحت رہا کیا گیا۔

    اجلاس میں پیش کیے جانے کے لیے شارع فیصل پر موجود تمام کیمروں کی فوٹیجز حاصل کی جائیں گی جس کے لیے پولیس حکام کی جانب سے کمانڈ اینڈ کنٹرول کو خط لکھ دیا گیا ہے۔

  • سجاول سول اسپتال: انتظامیہ نے نااہلی چھپانے کے لیے ایکسپائرڈ دوائیں نذر آتش کردیں

    سجاول سول اسپتال: انتظامیہ نے نااہلی چھپانے کے لیے ایکسپائرڈ دوائیں نذر آتش کردیں

    سجاول: صوبہ سندھ کے شہر سجاول کے سول اسپتال میں لاکھوں روپے کی سرکاری ادویات ایکسپائر اور سخت گرمی سےخراب ہوگئیں، اسپتال انتظامیہ نےادویات کو نذر آتش کر کے خاکستر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سجاول کے سول اسپتال کی انتظامیہ کی غفلت سے لاکھوں روپے کی سرکاری ادویات ایکسپائر ہوگئیں، لاکھوں روپے کی ادویات اسٹور میں پڑی ایکسپائر اور سخت گرمی سےخراب ہوگئیں۔

    اسپتال انتظامیہ نےادویات کو نذر آتش کر کے خاکستر کردیا، ادویات نذر آتش کرنے کی فوٹیج اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی۔

    شہریوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے اسپتال انتظامیہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

  • کراچی: گٹکے کی درجنوں فیکٹریاں نوجوانوں میں موت بانٹنے میں مصروف، پولیس کی مکمل سرپرستی

    کراچی: گٹکے کی درجنوں فیکٹریاں نوجوانوں میں موت بانٹنے میں مصروف، پولیس کی مکمل سرپرستی

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ڈیڑھ سو سے زائد گٹکا بنانے والے کارخانے فعال ہیں جو نوجوانوں میں موت بانٹ رہے ہیں، درجنوں کو پولیس کی سرپرستی حاصل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس اسپیشل برانچ کی صوبے میں گٹکے اور ماوے کی فروخت سے متعلق رپورٹ اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کراچی میں 151 گٹکا ماوا بنانے والے کارخانے موجود ہیں، گٹکا اور ماوا بنانے والے 41 کارخانوں کو پولیس کی سرپرستی حاصل ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شہر میں 733 گٹکا فروش موجود ہیں جن میں سے 103 کو پولیس کی پشت پناہی حاصل ہے۔

    حیدر آباد میں گٹکے کے 253 کارخانے موجود ہیں جن میں سے 74 کو پولیس کی سرپرستی حاصل ہے، میرپور خاص میں 102، سکھر میں 35، لاڑکانہ میں 34 اور شہید بے نظیر آباد میں 84 کارخانے موجود ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گٹگا ماوا کی فروخت میں سیاسی اور اہم شخصیات ملوث ہیں۔

  • شہری سندھ میں مردم شماری کے عمل میں سست روی پر تحفظات برقرار

    شہری سندھ میں مردم شماری کے عمل میں سست روی پر تحفظات برقرار

    کراچی: مردم شماری کے عمل کا آج آخری روز ہے، تاہم ایم کیو ایم کے تحفظات برقرار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے کہا ہے کہ چار مرتبہ توسیع کے باوجود شہری سندھ میں مردم شماری کے عمل میں سست روی پر انھیں شدید تحفظات ہیں۔

    ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر درست انداز میں دیانت داری سے گنا جائے تو روزانہ ایک لاکھ 90 ہزار افراد شمار ہو جائیں۔

    ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ شہری علاقوں کی آبادی کی درست گنتی میں سندھ حکومت کی ماتحت انتظامیہ کا کردار متعصبانہ ہے، ایک مخصوص لسانی اکائی کی آبادی کو زیادہ دکھانے کے لیے صوبائی انتظامیہ سازشی حربے استعمال کر رہی ہے۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے مطابق اگر شہری علاقوں کے ایک ایک فرد کو درست نہ گنا گیا تو عدالت، ایوان اور سڑکوں پر صدائے احتجاج بلند کی جائے گی۔

  • شدید گرمی کا توڑ ’تھادل‘ اہلیان سندھ کا پسندیدہ مشروب

    شدید گرمی کا توڑ ’تھادل‘ اہلیان سندھ کا پسندیدہ مشروب

    گرمی کے بڑھتے ہی سندھ کے روایتی اور ثقافتی مشروب تھادل کے اسٹالز پر گرمی کے ستائے شہریوں کا رش بڑھ گیا، لوگ دن بھر کی تھکن کا احساس کم کرنے کے لئے تھادل کا استعمال کرتے ہیں۔

    موسم گرما میں بالائی سندھ اور بلوچستان کے جنوب مشرقی علاقوں کا درجہ حرارت50 ڈگری تک پہنچ جاتا ہے تو گرمی کے موسم کے آغاز سے ان علاقوں کی شاہراہوں کے مختلف مقامات پر رنگ برنگے اسٹال سج جاتے ہیں جس میں خود ساختہ طور پر تیار کردہ مشروب تھادل فروخت کیا جاتا ہے۔

    اس سلسلے میں سندھ کے شہر سکھر میں سورج کا پارہ چڑھا تو شہریوں کو ٹھنڈے ٹھار مشروب تھادل کی یاد آگئی شہر کے مختلف علاقوں میں لگے روایتی مشروب تھادل کے اسٹالز پر شہری جوق در جوق چلے آئے۔

    آگ برساتے سورج اور شدید گرمی میں تھادل پینے سے گرمی کی شدت میں کمی ہوجاتی ہے، ایسے میں گرمی کے ستائے شہری سندھ کا ثقافتی مشروب تھادل بڑے ذوق و شوق سے پیتے ہیں۔

    تھادل کی تیاری پہلے ہاتھ سے کی جاتی تھی لیکن جدید دور کے ساتھ ساتھ اس میں جدت آگئی ہے اس مشروب میں شامل کیے والے تمام اجزاء کو ایک بڑی سی مکسر مشین میں ڈال کر تھادل تیار کیا جاتا ہے تھادل انسانی جسم کے لئے انتہائی مفید ہے۔

  • حکومت سندھ کا پی ٹی آئی کے 263 رہنماؤں، کارکنوں کی 30 روز نظر بندی کا اعلان

    حکومت سندھ کا پی ٹی آئی کے 263 رہنماؤں، کارکنوں کی 30 روز نظر بندی کا اعلان

    کراچی: حکومت سندھ نے پی ٹی آئی کے 263 رہنماؤں اور کارکنوں کی 30 روز نظر بندی کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے ڈھائی سو سے زائد پی ٹی آئی کارکنان کو ایک ماہ کے لیے نظر بند کر دیا ہے، محکمہ داخلہ سندھ نےایم پی او کے تحت نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

    گرفتار کارکنوں کو حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، اور خیرپور میرس میں رکھا جائے گا، واضح رہے کہ کراچی میں پی ٹی آئی کے گرفتار کارکنوں کی تعداد 400 سے تجاوز کر گئی ہے۔

    خیال رہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد خیبر پختون خوا میں بھی احتجاجی مظاہروں میں 672 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ پشاور میں 164، مردان میں 44، نوشہرہ میں 18، ہری پور میں 41 افراد گرفتار ہوئے۔ جب کہ 316 افراد کو دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے تحت گرفتار کیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں سابق ارکان اسمبلی بھی شامل ہیں۔