Tag: سندھ

  • کراچی میں رینجرز کی کارروائی،گینگ وار کے2کارندے ہلاک

    کراچی میں رینجرز کی کارروائی،گینگ وار کے2کارندے ہلاک

    کراچی: شہر قائد میں سندھ رینجزر کی کارروائی کے دوران لیاری گینگ وار کے دوکارندے ہلاک جبکہ دو اہلکاربھی زخمی ہوئے۔

    تفصیلات کےمطابق کراچی میں امن وامان قائم کرنے کےلیے گزشتہ شب مشرف کالونی میں سندھ رینجرز نےکارروائی کی جس میں لیاری گینگ وار کے دو کارندے مارے گئے۔

    ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں رینجرز کے دواہلکار بھی زخمی ہوئے اور ہلاک دونوں دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور دستی بم برآمد کرلیے۔

    دوسری جانب کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں بھی مبینہ پولیس مقابلے میں دوملزمان سمیت تین افراد کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق گرفتارتینوں ملزمان اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔

    ادھر سپر مارکیٹ پولیس نے کارروائی کے دوران مطلوب ملزم ندیم عرف چٹاکو گرفتار کرلیا۔ملزم دہشت گردی سمیت جرائم کی سنگین وارداتوں میں مطلوب تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزم سے دو آوان بم، پستول،ایک خودکارمشین گن اور گولیوں کےمیگزین برآمد ہوئےہیں۔

    واضح رہے کہ کراچی کے علاقے کلفٹن بلاک آٹھ میں مبینہ پولیس مقابلے میں ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔

  • ملک مخالف بات کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، اے ڈی خواجہ

    ملک مخالف بات کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، اے ڈی خواجہ

    کراچی: آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے، ایم کیوایم لندن ہو یا پاکستان ملک مخالف بات کرنے والوں کے خلاف ہر صورت کارروائی کی جائے گی۔

    بھٹ شاہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پرکام ہورہا ہے اور اس کے عمل درآمد میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے، پورے صوبے میں جہاں بھی جرائم پیشہ افراد موجود ہوں گے کارروائی کی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہا اندرون سندھ میں بھی نیشنل ایکشن پلان پرعمل میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے ، سندھ کے مدارس میں بہت اچھاکام ہورہا ہے تاہم اگر کو مدرسہ یا یونیورسٹی دہشت گردی میں ملوث ہوئی تو کارروائی کی جائے گی۔

    خیال رہے 22 اگست کو ملک مخالف تقریر کے بعد ڈاکٹر فاروق ستار سمیت ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی نے الطاف حسین سے اظہار لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے ابتدائی مرحلے میں پارٹی پرچم سے بانی تحریک کا نام ہٹایا پھر پارٹی منشور میں ترمیم کرتے ہوئے ان سے ویٹو پاور چھین لی تھی۔

    گزشتہ روز مئیر کراچی وسیم اختر کی رہائی کے بعد ایم کیو ایم پاکستان نے عزیز آباد میں واقع یادگارِ شہداء جانے کا اعلان کیا تاہم بانی تحریک کے کارکنان پہلے ہی بڑی تعداد میں عزیز آباد پہنچ گئے تھے۔ دونوں پارٹیوں کے کارکنان میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو دیکھتے ہوئے پولیس نے ایم کیو ایم لندن کے کارکنان پر لاٹھی چارج کیا اور 7 کارکنان کو گرفتار کرلیا تھا۔

    گرفتار ہونے والے افراد کے خلاف عزیز آباد تھانے میں مقدمات درج کیے گئے جن میں عوام کو تشدد پر اکسانے سمیت دیگر دفعات شامل کی گئیں تھیں، تمام گرفتار ملزمان کو آج عدالت میں بھی پیش کیا گیا تھا۔

    یاد رہے ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے اعلانِ لاتعلقی کے بعد لندن قیادت کی جانب سے رابطہ کمیٹی کا اعلان کیا گیا تھا، جن میں پروفیسر حسن ظفر، ساتھی اسحاق، امجد اللہ سمیت دیگر اراکین شامل تھے۔

    کراچی پریس کلب پر پہلی کانفرنس کے بعد ایم کیو ایم لندن نے کراچی میں اپنی سیاسی امور کا آغاز کیا اور شہدائے یادگار جانے کا اعلان کیا تاہم اُس روز رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری نے پہلے تو اراکین کو جانے سے روکا مگر مذاکرات کے بعد تمام افراد کو جانے کی اجازت دے دی تھی۔

    بعد ازاں ایم کیو ایم لندن رابطہ کمیٹی کے کراچی اور حیدر آباد میں موجود تمام اراکین کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔ پروفیسر حسن ظفر، کنور خالد یونس اور امجد اللہ کو نقص امن کے تحت سینٹرل جیل منتقل کردیاگیا ہے جبکہ حیدرآباد سے گرفتار ہونے والے رکن رابطہ کمیٹی مومن خان مومن اور ظفر راجپوت کو مقامی عدالت نے ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تاہم اُسی رات مومن خان مومن کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا تھا۔

  • بھٹ‌شاہ،گلوکارہ عابدہ پروین کی گاڑی سے مشتبہ شخص گرفتار

    بھٹ‌شاہ،گلوکارہ عابدہ پروین کی گاڑی سے مشتبہ شخص گرفتار

    بھٹ شاہ: معروف صوفی بزرگ شاہ عبدالطیف بھٹائی کے مزار کے قریب گلوکارہ عابدہ پروین کی گاڑی میں مشتبہ شخص کی موجودگی کے بعد اُسے  پولیس نے گرفتار کرکے تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق گلوکارہ عابدہ پروین شاہ عبدالطیف بھٹائی کے عرس کے دوسرے روز کلام پیش کر کے گاڑی کی طرف واپس لوٹیں تو اُن کی گاڑی میں مشتبہ شخص موجود تھا، جس پر وہ گاڑی سے باہر نکل گئیں اور پولیس سے مدد طلب کی۔

    گلوکارہ کی جانب سے مدد طلب کرنے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے اُن کی گاڑی میں موجود شخص کو گرفتار کر کے تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔ نمائندہ  کے مطابق عرس کے موقع پر سیکیورٹی کے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے۔

    سانحہ شاہ نورانی کے بعد آئی جی سندھ کے احکامات کے بعد صوفی بزرگ کے عرس پر انتہائی سخت سیکیورٹی کے اقدامات کیے گئے تھے تاہم مشتبہ شخص اُن کی گاڑی تک پہنچنے میں نہ صرف کامیاب ہوا بلکہ اندر بھی بیٹھ گیا۔

    فنکاروں کو ملنے والی قتل کی دھمکیوں کے باوجود حکومت کی جانب سے فنکاروں کو کوئی مناسب سیکورٹی فراہم نہیں کی جاتی جو کہ ایک سوالیہ نشان ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں معروف قوال امجد صابری کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا ۔۔

  • لیاری گینگ وار، مخالف کارندے کے گھر پر دستی بم سے حملہ

    لیاری گینگ وار، مخالف کارندے کے گھر پر دستی بم سے حملہ

    کراچی : کراچی کے علاقے سولجر بازار میں گھر پر دستی بم حملے میں بچی سمیت دو افراد معمولی زخمی ہو گئے ہیں جب کہ واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سولجر بازار میں واقع ایک گھر پر نامعلوم افراد کی جانب سے پیٹرول بم کے ذریعہ حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں گھر میں موجود ایک بچی سمیت دو افراد زخمی ہو گئے ہیں جنہیں فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق دہشت گردی کا واقعہ گینگ وار تصادم کا نتیجہ ہےگینگ وار کے ایک گروپ نے مخالف گروپ سے تعلق رکھنے والے کارندے کے گھر پر پیٹرول بم سے حملہ کردیا،پیٹرول بم حملے کے نتیجے میں گھر کو جزوی نقصان پہنچا۔

    اطلاع ملنے پر پولیس اور رینجرز نے علاقے میں پہنچ کر صورتحال کو کنٹرول کیا اور اہلِ خانہ کو یقین دلایا کہ واقعہ کا مقدمہ درج کر کے ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے جائے گا اور قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔

    واضح رہے کہ لیاری گینگ وار دو متحارب گروپس عزیر بلوچ اور ارشد پپو جب کہ عزیر بلوچ سے علیحدہ ہونے والے بابا لاڈلہ گروپ میں جاری جھڑپوں سے لیاری میں امن و امان کا قیام خواب بنتا جا رہا ہے۔

  • آرمی چیف کی کراچی میں درگاہ شاہ نورانیٌ کے زخمیوں کی عیادت

    آرمی چیف کی کراچی میں درگاہ شاہ نورانیٌ کے زخمیوں کی عیادت

    آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سول اسپتال کراچی میں زخمیوں کی عیادت کی، کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار اور ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات بلوچستان کے علاقے حب میں درگاہ شاہ نورانی پراندوہناک سانحے میں زخمی ہونے والوں کی مزاج پرسی کیلیے آرمی چیف جنرل راحیل شریف گوادرکا دورہ مکمل کرنے کے فوری بعد سول اسپتال کراچی پہنچ گئے، ان کے ساتھ کورکمانڈر کراچی اور ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر بھی موجود تھے۔


    COAS visits Shah Noorani incident victims at… by arynews

    آرمی چیف نے زخمیوں کی عیادت کی، اور فرداً فرداً  تمام زخمیوں سے ملے اور ان کی خیریت دریافت کی۔ وہ تھوڑی دیر ان کے ساتھ رہے اور ان کی داد رسی کی، آرمی چیف نے زخمیوں کے علاج معالجے کے حوالے سے انتظامئیہ کو ہدایات دیں کہ ان کو تمام تر بہترین سہولیات فراہم کی جائیں، آرمی چیف کی

     اسی سے متعلق : درگاہ شاہ نورانی میں دھماکا،65افراد جاں بحق، 100 سے زائد زخمی

    آمد کے موقع پرسیکیورٹی کے سخت انتطامات کیے گئے تھے۔

    سول اسپتال میں اس وقت سانحہ کے 23 زخمی زیرعلاج ہیں آرمی چیف نے زخمیوں کے لواحقین سے بھی ملاقات کی اور ان کو یقین دہانی کرائی کہ سانحہ میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور کسی صورت دہشت گردوں کو نہیں چھوڑا جائے گا۔

    آرمی چیف کی آمد کے موقع پر سول اسپتال کے اطراف پاک فوج کے دستوں نے پوزیشن سنبھال لی تھی جبکہ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری بھی  سول ہسپتال کے اطراف تعینات تھی۔

    یاد رہے کہ بلوچستان کے ضلع لسبیلا میں درگاہ شاہ نورانیؒ پر زور دار دھماکے کے نتیجے میں65 افراد جاں بحق جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے،زخمیوں میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعاد متاثر ہوئی ہے۔

  • کراچی، پرویز مشرف کے حق میں وال چاکنگ

    کراچی، پرویز مشرف کے حق میں وال چاکنگ

    کراچی : کراچی کے مختلف علاقوں میں سابق صدر پرویز مشرف کے حق میں وال چاکنگ کی گئی ہے،وال چاکنگ میں نعرے درج ہیں اور سابق صدر کی تصاویر بھی چسپاں کی گئی ہیں۔

    کراچی کے ضلع وسطی کے مختلف علاقوں نارتھ کراچی اور ناظم آباد میں رات گئے اچانک سابق صدر پرویز مشرف کے حق میں وال چاکنگ کر دی گئی جس میں پرویز مشرف کو خوش آمدید کہا گیا ہے اور ان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے وال چاکنگ میں سابق صدر کی تصاویر بھی آویزاں ہیں۔

    خیال رہے متحدہ قومی موومنٹ اب ایم کیو ایم پاکستان ، پاک سر زمین پارٹی اور لندن گروپ میں منقسم ہو چکی ہے اور کراچی میں کھینچا تانی کی سیاست جاری ہے کبھی مصطفیٰ کمال کے نام کی چاکنگ ہوتی ہے تو کہیں فاروق ستار جلسہ کرتے نظر آتے ہیں تو کہیں بانی ایم کیو ایم کے حق میں نعرے بازی ہوتی نظر آتی ہے۔

    دوسری جانب سابق صدر پرویز مشرف سے دبئی میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے ملاقات کی تھی جب کہ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار اور رکن قومی اسمبلی خالد مقبول صدیقی نے پرویز مشرف سے ملاقات کی تردید کی تھی۔

    اس کے علاوہ میڈیا پر یہ خبریں بھی زیر گردش ہیں کہ پرویز مشرف ایم کیو ایم پاکستان اور پاک سر زمین پارٹی کو یکجا کر کے دونوں جماعتوں کے سربراہ بننے کے لیے ان جماعتوں کے رہنماؤں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

  • شاہ نورانی دھماکہ:سندھ میں سیکیورٹی ہائی الرٹ

    شاہ نورانی دھماکہ:سندھ میں سیکیورٹی ہائی الرٹ

    کراچی :وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے درگاہ شاہ نورانی دھماکے کے تناظر میں سندھ بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کے احکامات جاری کردیے۔

    تفصیلات کےمطابق وزیراعلی سندھ نےآئی جی سندھ کو ہدایت کی ہے کہ شاہ عبدالطیف بھٹائی کے عرس کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں اورپولیس کے ساتھ رینجرز کی مدد بھی حاصل کی جائے۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے حکم پر آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے شاہ عبدالطیف بھٹائی،عبداللہ شاہ غازی،لعل شہباز قلندر،اور دیگر مزارات کی سیکیورٹی فوری طورپرسخت کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔

    دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب میں بھی سیکیورٹی الرٹ کردی گئی۔لاہور کےداخلی اورخارجی راستوں پرسیکیورٹی بڑھادی گئی اور اہم سرکاری عمارتوں اور دربارو پر اہلکاروں کی تعداد بڑھادی گئی۔

    یاد رہےکہ صوبائی حکومت کی جانب سے شاھ عبدالطیف بھٹائی کے عرس کے موقع پرعام تعطیل کابھی اعلان کیا گیاہے۔

    مزید پڑھیں:درگاہ شاہ نورانی میں دھماکا، 52 افراد جاں بحق، 100 سے زائد زخمی

    واضح رہے کہ گزشتہ روز درگاہ شاہ احمد نورانی کے احاطے میں دھماکے کے سبب 52 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوگئےتھے، زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

  • حیدرآباد کسی ایک شخص کا نہیں سارے پاکستانیوں کا ہے، انیس قائم خانی

    حیدرآباد کسی ایک شخص کا نہیں سارے پاکستانیوں کا ہے، انیس قائم خانی

    حیدرآباد: پاک سرزمین پارٹی کے رہنما انیس قائم خانی نے حیدر آباد میں 24 نومبر کو پہلے ورکرز کنونشن کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج حیدر آباد نے ثابت کردیا ہے کہ یہ شہر کسی ایک شخص یا پارٹی کا نہیں بلکہ پاکستانیوں کا ہے۔

    پاک سرزمین پارٹی کے رہنما انیس قائم خانی حیدر آباد میں پاکستان ہاؤس میں ایک پُر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

    اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے حیدر آباد سے تعلق رکھنے والے مقامی عہدیداروں سمیت دیگر جماعتوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے پاک سر زمین سے شمولیت کا اعلان کیا۔

     

    اُن کا کہنا تھا کہ حیدر آباد سے تعلق رکھنے والے 350 سے زائد سیاسی کارکنان اور رہنماؤں کی پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت سے ثابت ہو گیا ہے کہ حیدر آباد کسی ایک شخص یا جماعت کا نہیں بلکہ تمام پاکستانیوں کا ہے اور یہاں نسلی تضاد یا فسادات پھیلانے والوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

    انیس قائم خانی نے کہا کہ 24 نومبر کو ہونے والے پہلے ورکرز کنونشن میں بھرپور عوامی قوت کا مظاہرہ کریں گے اور دنیا دیکھ لے گی کہ سندھ باسیوں کو آپس لڑوانے والوں کی سیاست ختم ہو گئی ہے اور محب الوطن پاکستانی پاک سرزمین پارٹی کے پرچم تلے جمع ہو رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ انیس قائم خانی نے متحدہ قومی موومنٹ کے پلیٹ فارم کا آغاز حیدرآباد سے کیا تھا اور اہم عہدہ ملنے کے بعد وہ کراچی منتقل ہوگئے تھے اور عزیز آباد میں رہائش اختیار کی تھی، بعد ازاں اپنی جماعت کے قائد سے اختلاف کے بعد دبئی چلے گئے تھے اور رواں سال مارچ میں مصطفیٰ کمال کے ہمراہ پاکستان واپس لوٹ کر اپنی سیاسی جماعت پاک سرزمین پارٹی کی بنیاد رکھی تھی۔

  • شاہ عبدالطیف بھٹائی کا عرس: سندھ حکومت نے تعطیل کا اعلان کردیا

    شاہ عبدالطیف بھٹائی کا عرس: سندھ حکومت نے تعطیل کا اعلان کردیا

    کراچی: سندھ حکومت نے معروف صوفی بزرگ شاہ عبدالطیف بھٹائی کے عرس کے موقع پر 15 نومبر کو صوبے بھر میں تعطیل کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ہر سال کی اطرح امسال بھی صفر کی 14 تاریخ کو معروف صوفی بزرگ شاہ عبدالطیف بھٹائی کا 273 واں عرس انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔

    اس ضمن میں سندھ حکومت نے صوبے میں تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے، نوٹی فکیشن کے حساب سے 14 صفر رواں ماہ کی 15 تاریخ کو ہوگی۔

    notification

    نوٹی فکیشن میں صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کے ماتحت اداروں سمیت سرکاری و غیر سرکاری درس گاہیں بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    خیال رہے ہر سال شاہ عبد الطیف بھٹائی کے عرس کی مناسبت سے سندھ میں عام تعطیل ہوتی ہے، معروف صوفی بزرگ کا مزار سندھ کے علاقے بھٹ شاہ میں واقع ہے جہاں عرس کے موقع پر تین روزہ تقاریب کا انعقاد کیا جاتا ہے۔

  • شیرشاہ پل سے پانی کا ٹینکر گرنے سے1شخص جاں بحق

    شیرشاہ پل سے پانی کا ٹینکر گرنے سے1شخص جاں بحق

    کراچی: شیر شاہ پل سے پانی کا ٹینکر نیچے گرنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کےمطابق شیر شاہ پل سے پانی کا ٹینکر نیچےگرنےسے ایک شخص جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہو گئے جنہیں سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق پانی کا ٹینکر چڑھائی چڑھتے ہوئے نیچے آگرا جس کے نتیجے میں ٹینکر ڈرائیور کا ہیلپر جان کی بازی ہار گیا۔ٹینکر گرنے کے باعث شیر شاہ روڈ کو بلاک کردیا گیا ہے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔

    ریسکیو حکام کا کہناہے کہ پانی کاٹینکر مسجد کے قریب گرا جس کے باعث نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد باہر آنے والے نمازی زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔