Tag: سندھ

  • سعید الزماں صدیقی نے گورنرسندھ کا حلف اٹھا لیا

    سعید الزماں صدیقی نے گورنرسندھ کا حلف اٹھا لیا

    کراچی : سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی نے گورنر سندھ کی حیثیت سے حلف اٹھالیا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنرہاؤس میں آج جسٹس (ر) سعیدالزماں صدیقی کی حلف برداری تقریب ہوئی جس میں چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سجادعلی شاہ نے ان سے عہدے کا حلف لیا۔

    گورنرسندھ کی حلف برداری تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ،سندھ ہائی کورٹ کے 15 ججز ،صوبائی وزرا،مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنماؤں سمیت سیاسی شخصیات،سرکاری حکام اور سعیدالزماں صدیقی کے اہل خانہ بھی موجود تھے۔


    Justice (R) Saeeduzzaman Siddiqi sworn in as… by arynews

    جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی سندھ کے30 ویں گورنر ہیں،وہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے پر بھی فائز رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ 2008 میں پرویز مشرف کے مستعفی ہونے کے بعدانہوں نے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر صدارتی انتخاب بھی لڑا تھا۔

    واضح رہے کہ جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی سے قبل ڈاکٹر عشرت العباد خان 14 برس تک سندھ کے گورنر رہے تھے۔

  • سابق گورنر عشرت العبادکراچی سےدبئی روانہ

    سابق گورنر عشرت العبادکراچی سےدبئی روانہ

    کراچی :سابق گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے نجی ایئرلائن کی پراوزسے دبئی روانہ ہوگئے۔

    تفصیلات کےمطابق ڈاکٹر عشرت العباد خان سرکاری پروٹوکول میں گورنر ہاوس سے ایئرپورٹ پہنچے جہاں انہوں نے صحافیوں سےبات کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے بہت پیار دیا ہے۔دعا ہے شہر میں امن اور لوگ خوشحال رہیں۔

    صوبہ سندھ میں گورنر پر کے عہدے پر14سال تک فائز رہنے والے ڈاکٹر عشرر العبادغیر ملکی ایئرلائن کی پرواز ای کے 605 کے ذریعے پاکستان سےدبئی روانہ ہوئے۔

    مزید پڑھیں:گورنر شپ کے 14 برس، عشرت العباد کا کتاب لکھنے کا اعلان

    خیال رہے کہ اس سے قبل سابق گورنر ڈاکٹر عشرت العباد نے مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ پڑھی۔ مزار قائد پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی کو ان سے کوئی گلہ ہے یا دل آزادی ہوئی ہے تو وہ معذرت چاہتے ہیں۔

    واضح رہے کہ 2 روز قبل صدر ممنون حسین نے جسٹس ریٹائرڈ سعید الزمان صدیقی کو صوبے کا نیا گورنر نامزد کیا تھا۔نامزد گورنر آج حلف اُٹھائیں گے۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ اُن سے حلف لیں گے۔

  • گورنر شپ کے 14 برس، عشرت العباد کا کتاب لکھنے کا اعلان

    گورنر شپ کے 14 برس، عشرت العباد کا کتاب لکھنے کا اعلان

    کراچی: ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا ہے کہ 14 سالہ گورنر کے دوران سخت تجربات کا سامنا کرنا پڑا اور اس حالات میں بہت اتار چڑھاؤ آئے، انہوں نے ان پر کتاب لکھنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس میں صحافیوں سے الوداعی ملاقات کے بعد نمائندہ اے آر وائی ارباب چانڈیو سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عشرت العباد نے اپنے 14 سالہ تجربات پر کتاب لکھنے کا عندیہ دیا۔

    عشرت العباد نے کہا کہ گورنر شپ کے دوران بہت سارے نشیب وفراز آئے، ان تمام حالات پر ایک کتاب ’’وہ جو کچھ میں کہہ نہ سکا‘‘ کے نام سے لکھنے کا اعلان کیا۔ عشرت العباد نے نئے آنے والے گورنر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔


    ’’پڑھیں:  جسٹس(ر) سعید الزماں‌ صدیقی گورنر سندھ تعینات‘‘


    انہوں نے کہا کہ کافی عرصے سے اپنے اہل خانہ کو وقت نہیں دے سکا تھا تاہم اب زیادہ وقت بچوں کے ساتھ گزاروں گا, سیاسی زندگی کے دوبارہ آغاز کے حوالے سے گورنر سندھ نے کہا کہ فی الحال ارادہ نہیں ہے مگر وقت کے ساتھ ساتھ سب کچھ سامنے آجائے گا۔


    ’’مزید پڑھیں:  طویل ترین گورنر شپ کا خاتمہ‘‘


    مراد علی شاہ کی گورنر سے الوداعی ملاقات

    دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گورنر سندھ سے الوداعی ملاقات کی اور اُن کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے پیپلز پارٹی کے کردار کو سراہا اور خواہش ظاہر کی کہ سندھ مزید ترقی و خوشحالی کی منازل طے کرنے کا سفر اسی طرح تیزی سے جاری رکھے گا۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کم وقت میں بھی عشرت العباد کے تجربات سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا، مختصر وقت میں بھی گورنر نے ہم سب کی بھرپور رہنمائی کی اور صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لیے نمایاں خدمات انجام دیں۔

  • کراچی: کالعدم تنظیم کے 3 ارکان گرفتار

    کراچی: کالعدم تنظیم کے 3 ارکان گرفتار

    کراچی: سی ٹی ڈی نے منگھوپیر میں مقابلے کے بعد تین خطرناک ملزمان کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا جہاں ملزمان سے مختلف مقدمات میں تفتیش کی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی کی جانب سے گرفتار کیے گئے خطرناک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم ہے اور دہشت گردی کے سنگین جرائم میں پولیس کو مطلوب تھے جنہیں منگھو پیر کے علاقے میں جاوداں سیمنٹ فیکٹری کے نزدیک پولیس مقابلے کے بعد گرفتار کیا گیا ہے۔

    ctd-post

    سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق کالعدم تنظیموں کے گرفتار ملزمان سے 10 کلو باردو، ایک کلو بال بیرنگ ، ڈیٹونیٹرز اور اسلحہ برآمد ہوا ہے،ملزمان خود کش بمباروں کے ذریعے ملک میں تخریب کاری پھیلانا چاہتے تھے۔

    اسی سے متعلق : کراچی، منگھو پیرمیں رینجرز کی کارروائی،3دہشت گرد ہلاک

    گرفتار ملزمان لوگوں کو تربیت کے لیے جنوبی وزیرستان بھیجا کرتے تھے اور نوجوانوں کی ذہن سازی کرکے خودکش دھماکوں کے لیے تیار کیا کرتے تھے تا ہم سی ٹی ڈی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

    سی ٹی ڈی کے ذرائع کے مطابق چھاپہ مار کارروائی میں گرفتار کیے گئے ملزمان کے نام آصف، تاج الدین اور اکبر ہیں جو کراچی میں ہونے والی دہشت گردی کی سنگین وارداتوں میں ملوث تھے ملزمان کی تلاش کے لیے کئی عرصے سے چھاپے مارے جارہے تھے۔

  • کراچی: منگھو پیرمیں رینجرز کی کارروائی،3دہشتگردہلاک

    کراچی: منگھو پیرمیں رینجرز کی کارروائی،3دہشتگردہلاک

    کراچی : شہرقائد کے علاقے منگھو پیر میں رینجرز سے فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کےمطابق سندھ رینجرز کے ترجمان کا کہناہے کہ رینجرز نے خفیہ اطلاع پر کراچی کے مضافاتی علاقے منگھوپیر میں دہشت گردوں کے ٹھکانے پر ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔

    ترجمان رینجرزکا کہنا تھا کہ فورسز کو علاقے میں داخل ہوتا دیکھ کر دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ کردی،رینجرز کی جوابی کارروائی میں 3 دہشت گردمارے گئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک رینجرز اہلکار زخمی بھی ہوا۔

    سندھ رینجرز کے ترجمان کےمطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔

    رینجرز کی جانب سے ٹارگٹد کارروائی کے بعد پولیس کی بھاری نفری کو علاقے میں طلب کرکے لاشیں اور اسلحہ کو ان کی تحویل میں دے دیا گیا۔پولیس نے لاشوں کواسپتال منتقل کرکے تفتیش کا آغاز کردیا۔

    مزید پڑھیں:آرمی چیف کراچی پہنچ گئے،فوجی مشقوں کا معائنہ

    یاد رہے کہ گزشتہ روزکراچی میں امن و امان کی بہتر صورت حال کےلیے سیکیورٹی اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیز کے کردار کو سرہاتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل نے ہدایات دیں تھی کہ کراچی کے عام شہریوں کےلیے امن کی بحالی کے آپریشنز پر توجہ مرکوز رکھی جائے۔

    آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے زور دیا تھا کہ اس حوالے سے صوبائی حکومت اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے۔

    واضح رہے کہ 21 نومبر 2015 کو نادرن بائی پاس خیر آباد کے علاقے میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے 4’دہشت گردوں‘ کو ہلاک کردیا تھا۔

  • عوام جبری چندہ جمع کرنے والوں کی اطلاع دیں، ترجمان رینجرز

    عوام جبری چندہ جمع کرنے والوں کی اطلاع دیں، ترجمان رینجرز

    کراچی : ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کامیابی سے جاری ہے عوام چندہ اور عطیات دینے سے پہلے اطمینان کرلیں کہیں رقم دہشت گردی میں تو استعمال نہیں ہورہی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ 5 ستمبر 2013 سے شروع ہونے والے آپریشن میں سیاسی و مذہبی عسکری ونگز کے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کامیابی سے جاری ہے ،کامیاب آپریشن کے بعد سے ٹارگٹ کلنگ،بھتہ خوری اور دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے۔

    ترجمان رینجرز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ چندہ اور عطیات دینے سے پہلے اطمینان کرلیں کہ رقم دہشت گردی یا ٹارگٹ کلنگ میں تو استعمال نہیں ہورہی ہے کیوں کہ چند گروہ آپ کے عطیات کو دہشت گردی کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

    ترجمان رینجرز نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ اگر کوئی جبری‌طور‌‌‌‌‌‌پر عطیات کا تقاضہ کرے تو فوری‌ طور‌ پر‌اس‌کی‌اطلاع رینجرز ہیلپ لائن پر دی جائے تا کہ جبری چندہ وصول کرنے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جا سکے۔

    واضح رہے کراچی میں کئی سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی جانب سے گزشتہ کئی برسوں سے زکوۃ، فطرہ،قربانی کی کھالیں اور عطیات اکھٹا کرنے کا سلسلہ جا ری تھا تا ہم رینجرز کی کارروائیوں کے باعث اب اس میں کافی حد تک کمی آچکی ہے۔

  • کراچی: پرویز مشرف کے خلاف شہر بھر میں وال چاکنگ

    کراچی: پرویز مشرف کے خلاف شہر بھر میں وال چاکنگ

    کراچی: شہر قائد کی دیواروں پر ایک بار پھروال چاکنگ ہوگئی،اس بار سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف نعرے لکھے گئے۔

    اطلاعات کے مطابق کراچی کی دیواروں پر پھرسیاسی وال چاکنگ ہوئی ہے لیکن اس بار وال چاکنگ ایم کیوایم کے کسی رہنما کے خلاف یا حق میں نہیں ہوئی بلکہ سابق صدر اور آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل (ر) پرویزمشرف کے خلاف ہوئی ہے۔

    یہ پڑھیں: پرویز مشرف اور ایم کیو ایم علیحدہ جماعتیں‌ ہیں، اتحاد ممکن نہیں، متحدہ پاکستان

    وال چاکنگ میں جنرل مشرف نا منظور کے نعرے درج ہیں، کراچی اور حیدر آباد کے مختلف علاقوں میں نامعلوم افراد نے نعرے لکھے ہیں، نعروں کےنیچے نہ کسی شخص کا نام ہے اور نہ کسی تنظیم کا، جنرل مشرف نامنظور کے ساتھ مہاجر پلس ون نامنظور نامنظور کا نعرہ بھی لکھا گیا ہے۔

    جنرل پرویز مشرف سے کچھ روز پہلے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار نے دبئی میں ملاقات کی تھی۔ سوشل میڈیا پر خواجہ اظہار الحسن اور پرویز مشرف کی تصویر کے بعد یہ تاثر بھی دیا گیا کہ مشرف ایم کیو ایم پاکستان کے نئے سربراہ ہوں گے۔

  • سندھ حکومت کے 300 بنگلوں،فلیٹس پر سابق افسران کا قبضہ

    سندھ حکومت کے 300 بنگلوں،فلیٹس پر سابق افسران کا قبضہ

    کراچی : سندھ کابینہ نے وزیراعلٰی سندھ کوسندھ حکومت کے 300 بنگلوں،فلیٹس اور کوارٹرز پر سابق افسران اور سیاسی شخصیات کے قبضے سے آگاہ کردیا۔

    تفصیلات کےمطابق سندھ کابینہ نے وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کو حکومت سندھ کے 300 بنگلوں پر غیر متعلقہ افراد کے قبضےسے آگاہ کیا ہے جن میں خصوصاََ باتھ آئی لینڈ میں کئی بنگلے ہیں جن میں سے ایک پر پنجاب سے تعلق رکھنے والے سابق افسر5سال سےقبضہ کیا ہواہے۔

    سندھ کابینہ نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ وزیراعلیٰ ہاؤس کے پیچھے ایک بنگلہ ہے جس پر ایک بااثر شخصیت کا قبضہ ہے اور اس بنگلے میں اس شخصیت کا خاص شخص مقیم ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو بتایا گیا کہ ان بنگلوں اور فلیٹس کا ماہانہ کرایہ حکومت سندھ کی جانب سے اداکیا جاتاہے اور جب بھی حکومت سندھ کی جانب سے ان بنگلوں پر سے قبضہ خالی کروانے کے لیے اقدامات کیے جاتے ہیں تو کوئی نہ کوئی بااثر سیاسی شخصیت مداخلت کرتی ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ہونے والے سندھ کابینہ کے اجلاس میں یہ بات بتائی گئی تھی اور آج وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے چیف سیکریٹری کو کہا گیا ہے کہ وہ ایک نوٹ بنا کر بھیجیں اور ان بنگلوں کو خالی کروانے کے لیے اقدامات کریں تاکہ ان بنگلوں اور فلیٹس میں موجودہ سرکاری افسران کو ٹھہرایا جا سکے۔

    ًمزید پڑھیں:امن و امان خراب کر نے والوں کےلیے زیرو ٹالرنس، وزیر اعلیٰ سندھ

    واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ کی سربراہی میں کابینہ کا اجلاس ہوا تھا جس میں وزیراعلیٰ سندھ نے شہر میں امن وامان کی موجودہ صورت حال پر عدم اطمینان کا اظہار کیاتھا۔

  • حکومت سندھ کا9نو مبرکو تعلیمی اداروں میں عام تعطیل کا اعلان

    حکومت سندھ کا9نو مبرکو تعلیمی اداروں میں عام تعطیل کا اعلان

    کراچی: حکومت سندھ نے یوم اقبال کے دن 9نومبر کو صوبے بھر کے تمام تعلیمی اداروں میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کےمطابق محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق 9 نومبر بروزبدھ کو علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش کے دن صوبے بھر کے تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

    محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کےمطابق تعلیمی اداروں میں تعطیل کا فیصلہ محکمہ تعلیم کے قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلے کے تحت کیاگیا ہے۔

    محکمہ تعلیم کی جانب سے تمام تعلیمی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ یوم اقبال پر شاعر مشرق کے افکار کی ترویج کے لیے خصوصی تقاریب اور سیمینار کا اہتمام کیا جائے۔

    مزیدپڑھیں:امن و امان خراب کر نے والوں کےلیے زیرو ٹالرنس، وزیر اعلیٰ سندھ

    واضح اس سے قبل گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ کی سربراہی میں کابینہ کا اجلاس ہوا تھا جس میں وزیراعلیٰ سندھ نے شہر میں امن وامان کی موجودہ صورت حال پر عدم اطمینان کا اظہار کیاتھا۔

  • امن و امان خراب کر نے والوں کےلیے زیرو ٹالرنس، وزیر اعلیٰ سندھ

    امن و امان خراب کر نے والوں کےلیے زیرو ٹالرنس، وزیر اعلیٰ سندھ

    ٰکراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہناہے کہ کراچی میں امن وامان کی صورتحال کو خراب کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

    تفصیلات کےمطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے زیرصدارت سندھ کابینہ کا اجلاس جاری ہے جس میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی جانب سے کابینہ کو کراچی میں امن وامان سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

    آئی جی سندھ کی جانب سے سندھ کابینہ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ شہر میں امن وامان کو خراب کرنے کےحوالے سے اہم گرفتاریاں ہوئی ہیں۔

    سندھ کابینہ کے اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کے امن وامان پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں امن وامان کی صورت حال سے خوش نہیں ہوں۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہناتھا کہ کراچی آپریشن کو ہرصورت جاری رکھا جائے گا،انہوں نے واضح کردیا کہ شہر میں امن وامان خراب کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس ہے۔

    مراد علی شاہ کا کہناتھا کہ مجھے خوشی تب ہوگی جب شہر میں مکمل امن وامان ہوگا،انہوں نے کہا کہ پولیس رینجر زاور حسا س ادارے مل کر کراچی میں امن کو برقرار رکھیں اورفرقہ وارانہ نفرتیں پھیلانے والوں کےخلاف ذبردست کارروائی کی جائے۔

    وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کا کہناتھا کہ سابق وزرا،ریٹائر سرکاری افسران کو 24 گھنٹے کی مہلت دی جائے کہ وہ سرکاری گاڑیاں جمع کروادیں اور اس سلسلے میں انہوں نے چیف سیکریٹری سندھ کو 24 گھنٹے کا نوٹیفیکیشن جاری کرنے کی ہدایت کردی۔

    مرادعلی شاہ کا کہناتھا کہ 24 گھنٹے کی مہلت کےبعد مجسٹریٹ کی موجودگی میں سرکاری گاڑی کی واپسی یقینی بنائی جائے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ کابینہ کے وزرا کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑیاں نہ چلائیں ورنہ ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے اس کے علاوہ179 پرانی گاڑیوں کی نیلامی کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔