کراچی : ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ تلاشی کے دوران مسجد و امام بارگاہ کے تقدس کا پورا خیال رکھا جاتا ہے عوام اس حوالے سے پھیلائی جانے والی منفی افواہوں پر کان نہ دھریں۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان رینجرز کا کہنا تھا کہ رینجرز تلاشی کے دوران مساجد،امام بارگاہ اور دینی مدارس کے احترام کا مکمل خیال رکھتے ہیں تا ہم سوشل میڈیا پر حقائق کے منافی تصاویر کا اجراء کرکے غلط تاثر دیا جارہا ہے جس کا مقصد صرف آپریشن کی راہ میں رکاوٹ ڈالنا ہے۔
رینجرز حکام کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر رینجرز کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے،ایسا مواد شائع کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی بھی کی جائے گی۔
ترجمان رینجرز نے شہریوں سے کسی بھی پروپیگنڈے پر یقین نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام کسی بھی مشکوک حرکت اور شر پسندوں کی اطلاع رینجرز کی دی گئی ہیلپ لائن پر دیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز رضویہ سوسائٹی میں ایک مذہبی مقام کی تلاشی کے دوران کی منفی تصاویر کچھ شرپسند عناصر کی جانب سے بڑھا چڑھا کر سوشل میڈیا پر پھیلا کر ایسا تاثر دینے کی کوشش کی گئی تھی جیسے رینجرز مذہبی مقامات کی بے حرمتی کر رہی ہو۔
تا ہم رینجرز حکام کی جانب سے ایسی مذموم کوشش کی مذمت کے ساتھے ساتھ درست تصاویر کو شائع کر کے اصل حقائق عوام تک پہنچا دیے ہیں۔
کراچی : رینجرز نےشہر قائد کے علاقے ناگن چورنگی میں سرچ آپریشن کے دوران اہل سنت والجماعت کے جنرل سیکریٹری تاج حنفی کوگرفتار کرلیا۔
تفصیلات کےمطابق کراچی کے علاقے ناگن چورنگی صدیق اکبر میں رینجرز نے سرچ آپریشن کے دوران اہل سنت والجماعت کے جنرل سیکریٹری تاج حنفی کوگرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیاگیا۔
رینجرز ذرائع کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران ہتھیار اور نفرت آمیز مواد بھی برآمد کرلیاگیاجبکہ اہل سنت والجماعت کے صدر رب نواز حنفی اور مہتمم جامعہ صدیق اکبر مولانا شعیب کی گرفتار ی کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
خیال رہے کہ آج صبح قانون نافذ کرنے والے اداروں کاکراچی کے علاقے رضویہ سوسائٹی میں سرچ آپریشن شروع کیاتھا جبکہ علاقے کے تمام داخلی وخارجی راستوں کو بھی بند کر دیا گیاتھا۔
رینجرز اور پولیس کا ناگن چورنگی اور اطراف کے علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے جس کے نتیجے میں3افراد کو بھی زیرحراست کرلیاگیا ہےجبکہ آپریشن کے دوران اسلحہ بھی برآمد کیاگیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ شب قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کراچی کے علاقے ناظم آباد میں علامہ مرزایوسف حسین کے گھر پر چھاپہ مارکر ان کو حراست میں لے لیاتھا اور تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پرمنتقل کردیاتھا۔
واضح رہے کہ جمعے کی شب سابق سینیٹر فیصل رضاعابدی کو رضویہ سوسائٹی میں ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لیا گیا تھا اور آج انہیں عدالت میں پیش کیے جانےکا امکان ہے۔
کراچی : پیپلزپارٹی کے سابق رہنماوسینیٹر فیصل رضاعابدی کو انیس نومبر تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔
تفصیلات کےمطابق جمعے کی شب کراچی کے علاقےرضویہ سوسائٹی سے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فیصل رضا عابدی کو گرفتار کیا تھا۔ اور آج صبح انہیں کراچی کی جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت میں میں پیش کیا گیا۔
عدالت نےپیپلزپارٹی کے سابق رہنماوسینیٹر فیصل رضا عابدی کو 19 نومبر تک کے لیے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
پولیس حکام کے مطابق فیصل رضا عابدی کے گھرسے ملنے والے اسلحے میں سے ایک ایس ایم جی لائسنس پیش نہیں کیا گیاجس کا مقدمہ تھانہ سچل میں درج کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب کراچی کے علاقے ناظم آباد میں سیکیورٹی اداروں نےجامعہ مسجد نو رِ ایمان کےخطیب علامہ مرزا یوسف حسین کو بھی حراست میں لے لیا تھا اور انہیں تفتیش کےلیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیاگیاتھا۔
راولا کوٹ: بھارتی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن پرایک بار پھربلااشتعال گولہ باری کی گئی جس کا پاک فوج کی جانب سے بھرپور جواب دیا گیا۔
تفصیلات کےمطابق بھارتی فورسز نے علی الصبح بٹل سیکٹراورمدارپورسیکٹر میں بلا اشتعال گولہ باری شروع کی جو وقفے وقفے سے جاری ہے، بھارت کی جانب سے شہری آبادیوں کو نشانہ بنایاجارہاہے۔
پاک فوج کی جانب سے بھر پور کارروائی کرتے ہوئے بھارتی فوج کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ حالیہ مہینوں میں بھارت کی جانب سے جارحیت اور بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہیں۔سرحد پار سے مارٹر گولے بھی استعمال کئے جاتے ہیں۔اب تک کئی شہری جنگی جنون کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ املاک کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ اور خلاف ورزی کرنے پر دفتر خارجہ نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کروایا اور مراسلہ بھی دیا تھا۔
کراچی: قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ناظم آباد میں کارروائی کےدوران علامہ مرزا یوسف حسین کو حراست میں لےلیا۔
تفصیلات کےمطابق شہر قائد کے علاقے ناظم آباد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے علامہ مرزا یوسف کی رہائش گاہ پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران علامہ مرزر یو سف حسین کو حراست میں لیا گیا۔
خیال رہے کہ علامہ مرزا یوسف حسین مسجد نورِایمان کے خطیب ہیں۔قانون نافذ کرنے والے اداروں نےعلامہ مرزا یوسف حسین کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ شب شہر قائد میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں دو افراد جاں بحق اور تین افراد زخمی ہوگئے تھے جبکہ پولیس نے دو مقامات پر کومبنگ آپریشن کرکے پچاس افراد کو حراست میں لیاتھا۔
واضح رہے کہ جمعے کی شب رات گئے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کو ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لیاتھا اور آج انہیں عدالت میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
کراچی: پیپلزپارٹی کے سابق رہنماوسینیٹر فیصل رضا عابدی کو گزشتہ رات ان کے گھر سے حراست میں لیاگیا تھا آج انہیں عدالت میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کےمطابق سابق سینیٹرفیصل رضا عابدی کو گزشتہ شب قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نےسچل تھانے کی حدود میں نیو رضویہ سوسائٹی میں واقع ان کے گھر پر چھاپا مار کارروائی کے دوران حراست میں لیاتھا۔
پولیس کےمطابق سابق سینیٹر کے گھر سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا تھا جو لائسنس یافتہ ہے۔فیصل رضاعابدی کےعزیزواقارب نے لائسنس پولیس کوفراہم کردیے جس کےمطابق دو ہتھیار سابق سینیٹر کےگارڈکےنام جبکہ دیگربھائی کےنام ہیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہےفیصل رضاعابدی کوشہرمیں دہشت گردی اورفائرنگ کےحالیہ واقعات پر گرفتارکیاگیا۔
کراچی :انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور میئر کراچی وسیم اختر کی 2مقدمات میں ضمانت منظور کرلی۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت میں ایم کیو ایم بانی کی اشتعال انگیز تقریر میں سہولت کاری کے حوالے سے وسیم اختر پر قائم 2مقدمات کی سماعت ہوئی۔
وسیم اختر کےوکیل خواجہ نوید نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ وسیم اختر پر اشتعال انگیز تقاریر میں سہولت کاری کا الزام ہے لیکن جس تقریرکے حوالے سے ان کے خلاف ایف آئی آر درج ہے وہاں وسیم اختر موجود نہیں تھے۔
خواجہ نوید نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ میرے موکل کے خلاف بے بنیاد اور جھوٹے مقدمات ہیں لہذا انہیں ضمانت دی جائے۔عدالت نے وسیم اختر کی دومقدمات میں ایک ایک لاکھ روپے کی ضمانت منظور کرلی ہے۔
وسیم اختر کا کہنا تھا کہ میرے خلاف ہر واقعے پر 2،2 مقدمات قائم کر رکھے ہیں،مجھ پر 7 ایف آئی آرز ایک جیسی دفعات کے تحت ہیں اور اسی واقعہ کی ایک اور ایف آئی آر میں ضمانت بھی دی جا چکی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وسیم اختر پر اشتعال انگیز تقاریر میں سہولت کاری کے حوالے سے مختلف تھانوں میں 39 مقدمات درج کیے گئے تھے جن میں سے 36مقدمات میں انہوں نے ضمانت کروائی ہوئی ہے اور آج مزید2 مقدمات میں بھی ان کی درخواست ضمانت منظور کر لی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اب میئر کراچی وسیم اختر پردہشت گردوں کے علاج معالجے میں معاونت کا ایک مقدمہ ہے جس میں ان کی ضمانت ہوناباقی ہے۔
اسلام آباد :الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ 258کے ضمنی انتخابات میں امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ 258کےضمنی انتخابات میں امیدواروں کی فہرست جاری کردی ہے جس میں حکمران جماعت مسلم لیگ ن کا کوئی بھی امیدوار شامل نہیں ہے۔
خیال رہے کہ حلقہ 258 کی یہ نشست مسلم ن لیگ کےرکن قومی اسمبلی عبدالحکیم بلوچ کے استعفیٰ دینے کے بعد خالی ہوئی تھی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سےحلقے میں ضمنی انتخابات 22نومبر کو ہونے جا رہے تھے تاہم اب حلقے میں الیکشن 24نومبرکو ہونگے۔جہاں مسلم لیگ نواز کے علاوہ دیگر جماعتوں کے 17امیدوار مد مقابل ہونگے۔
این اے 258 کے ضمنی انتخابات میں مولانا تاج محمد حنفی سمیت 10 آزاد امیدوار بھی الیکشن لڑیں گے لیکن حلقے میں پیپلزپارٹی کے امیدوار عبدالحکیم بلوچ، تحریک انصاف کے محمد علی بنگش اور ایم کیو ایم کے ممتاز علی عمرانی کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔
واضح رہے کراچی میں مسلم لیگ نواز کے واحد ایم این اے عبدالحکیم بلوچ نے رکنیت سے استعفیٰ دےکر پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی تھی جس کے بعد یہ نشست خالی ہوئی تھی ۔
کراچی :قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سابق سینیٹر اور پیپلزپارٹی کے سابق رہنما فیصل رضا عابدی کو ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لے لیا،ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں پٹیل پاڑہ میں دو افراد کے قتل کیس میں گرفتار کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے رات گئے سچل تھانے کی حدود میں نیو رضویہ سوسائٹی میں واقع فیصل رضا عابدی کے گھر پر چھاپا مار کارروائی کرتے ہوئے انہیں حراست میں لے لیا۔
فیصل رضا عابدی کو پوچھ گچھ کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے تاہم اب تک کسی سیکیورٹی ادارے کی جانب سے فیصل رضا عابدی کی باقاعدہ گرفتاری ظاہر نہیں کی گئی۔
قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے آدھے گھنٹے تک فیصل رضا عابدی کے گھر کی تلاشی لی۔اس دوران اطراف کی سڑکیں بند کر کے گھر کو حصار میں لیاگیا تھا۔
ذرائع کے مطابق فیصل رضا عابدی کے گھر سے اسلحہ بھی برآمد ہوا،واقعے پر شیعہ تنظیم پاسبان عزا نے سخت رد عمل کا اظہار کیا۔
تنظیم کے صدر راشد حسین رضوی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی فیصل رضا عابدی کے پارٹی چھوڑنے کا بدلہ لے رہی ہے،اگر معاملےکو جلد حل نا کیا گیا تو صبح 10 بجے ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔
دہڑکی : پاکستان پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ ہماری جدوجہد پاکستان کے کچلے ہوئے محروم طبقے کے لیے ہے،پاکستان میں مسلمان اور غیر مسلمان کو یکساں حقوق حاصل ہیں کیوں کہ آج کا پاکستان ذوالفقار بھٹو کا پاکستان ہے آج کا پاکستان بے نظیر پاکستان ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو نے دہڑکی کے علاقے رہڑکی شریف میں عوامی جلسے سے خطاب کر رہے تھے،انہوں نے کہا کہ یہاں آنے کا مقصد آپ کے ساتھ دیوالی منانا تھا،کیوں کہ دیوالی جنگ کی ہار اور محبت کی جیت ہے،دیوالی روشنی کی جیت اور اندھیرے کی ہار ہے،مسلماں ہوں یا غیر مسلم پاکستان میں سب ایک ہیں۔
آج کا جلسہ بھی اسی کا مظہر ہے، آج کا پاکستان ذوالفقار بھٹو کا پاکستان ہے اور بے نظیر کا پاکستان ہے جہاں مسلمان اور غیر مسلم یکساں طور پر خوشیاں مناتے ہیں اور ایک دوسرے کی تہذیب اور روایات کا احترام کرتے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ جدو جہد کی تاریخ رہی ہے،یہ جدو جہد پسے ہوئے لوگوں کے لیے ہے،کسان اور مزدوروں کے لیے ہے اور یہ جدوجہد دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کی جد وجہد ہے اور اسلام کے صحیح اور درست تشخص کی بحالی کے لیے ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں کوئٹہ بھی گیا جہاں وکلاء کو بے دردی سے قتل کیا گیا تھا پھر پولیس ٹریننگ سینٹر میں حملہ کیا گیا جس میں ہمارے 60 سے زائد نوجوان سپاہییوں کو شہید کیا گیا جب کہ اس اندوہناک واقعات پر ہماری حکومت صرف فوٹو سیشن کرارہی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم واقعات یاد کرتے ہیں،لاشیں اُٹھاتے ہیں،برسیاں مناتے ہیں لیکن دہشت گرد کون ہیں اور ان کے سہولت کار کون ہیں یہ بھُلا دیا جاتا ہے۔
انہوں نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو چاچا عمران کہہ کر مخاطب کیا اور کہا کہ چاچا عمران بہت ہوگیا، عوام نے آپ کو بہت برداشت کیا ، آپ روزانہ الزام عائد کرتے ہیں، آپ نے میری ماں اور مرحوم نانا پر بھی الزامات عائد کیے، آپ لوگوں کو اپنے والد اکرام اللہ نیازی سے بھی تو متعارف کراؤ،آپ نے مائنس ون کا مطالبہ کیا تو میں بھی کروں گا، چاچا عمران میری زبان نہ کھلوائیں۔
بلاول بھٹو نے وزیر اعظم پاکستان کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب 2014 میں جمہوریت کو بچاتے ہوئے شیر بچ گیا تھا لیکن اب اگر اعتزاز احسن کے جمع کرائےگئے پانامہ بل کو منظور نہیں گیا تو شیر بچ نہیں سکے گا ہم حکومت نہیں چلنے دیں گے۔
انہوں نے وزیراعظم پاکستان نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ جمہوریت نہیں تخت رائے ونڈ کی بادشاہت ہے،اور بادشاہ کو پانامہ لیکس کا جواب دینا ہوگا، اگر جوڈیشل کمیشن نہیں چلا تو میاں صاحب ہم آپ کی حکومت بھی نہیں چلنے دیں گے۔
بلاول بھٹو کے خطاب سے پہلے پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صوبائی صدر نثار کھوڑو،سابق وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے بھی خطاب کیا جب کہ دہڑکی کی مقامی قیادت نے عوام کی جانب سے بلاول بھٹو کو سوینیئر بھی پیش کیا۔
قبل ازیں رحیم یار خان میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’’وزیراعظم نوازشریف نے ہمارے چار مطالبات تسلیم نہیں کیے تو 2017 میں انتخابات ہوں گے‘‘۔
اس موقع پر بلاول بھٹو نے دعوی کیا کہ چاروں صوبوں میں اگلی حکومت پاکستان پیپلز پارٹی کی ہو گی ہماری پارٹی جمہوری احتساب چاہتی ہے تاہم اگر ہمارے چار مطالبات تسلیم کیے تو 2018ءتک نوازشریف حکومت قائم نہیں رکھ سکیں گے ۔
بلدیاتی نمائندوں سے خطاب میں بلاول بھٹوزرداری نے سوال کیا کہ جب سے بی بی کا بیٹا آیا ہے تب سے تبدیلی آئی یا نہیں؟ ۔انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ ہم سب مل کر کام کریں گے اور ہم مل کر پارٹی میں بھی تبدیلی لےکرآئیں گے۔
پیپلزپارٹی کے سربراہ کا کہناتھاکہ جب تک کسان،محنت کش،مزدور،اور خواتین بے ذوالفقار علی بھٹو کے نواسے اور بے نظیر کے بیٹے کے ساتھ ہیں، پیپلز پارٹی کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں ہراسکتی۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ آج ڈہرکی کا جلسہ تاریخی ہوگا جہاں میں نئے پاکستان کی لائحہ عمل دوں گا۔
اس سے قبل پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سےضلع گھوٹکی کے علاقے ڈہرکی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیر ایکسائزمکیش کمار چاولہ کےہمراہ جلسہ گاہ میں تمام انتظامات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کا کہناتھا کہ بلافیلڈ میں کھیلے گا،شیرجنگل میں چلا جائےگا۔انہوں نے مزید کہا کہ تیر سے شیر اور بلے کا شکارکریں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہناتھا سانحہ کوئٹہ کے باعث 30اکتوبر کی تقریب منسوخ کی گئی تھی،انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو کے چار مطالبات پر عمل نہ ہوا تواحتجاج کریں گے۔
سابق صدر پرویز مشرف سےمتعلق سوال پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہناتھا کہ ’’مشرف کے ساتھ وہ حشر نہیں ہوا جو ہونا چاہیے تھا‘‘۔
خیال رہےکہ ڈہرکی دربارگراؤنڈ کی جلسہ گاہ میں لوگو ں کے بیٹھنے کے لیے چالیس ہزارکرسیاں لگائی گئیں ہیں اور چالیس فٹ چوڑا اسٹیج بنایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روزبلاول بھٹو زرداری نے رحیم یار خان کے علاقے جمال الدین والی میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھاکہ عمران خان شاید ہار مان گئے ہیں لیکن پیپلز پارٹی ابھی بھی میدان میں ہے،ہم بتائیں گے کہ اصلی دھرنا کیسے دیتے ہیں۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جمہوری احتساب ہوگا تو وزیراعظم پکڑے جائیں گے۔
واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری کا کہناتھا کہ عوام کی حمایت اور تعاون جاری رہاتو ہم سب مل کر 2018ء میں ہونے والے عام انتخابات میں بآسانی فتح حاصل کرلیں گے۔