Tag: سندھ

  • سندھ میں بیس ستمبر کو بلدیاتی انتخابات کرائے جائینگے، نثارکھوڑو

    سندھ میں بیس ستمبر کو بلدیاتی انتخابات کرائے جائینگے، نثارکھوڑو

    حیدرآباد : سینئر صوبائی وزیر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ سندھ میں 20 ستمبر کو بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے، کوشش کریں گے کہ خیبرپختونخواہ کی مثال سندھ میں نہ دہرائی جائے۔

    حیدرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ سندھ میں بلدیاتی قانون ایسا بنایا ہے کہ کسی بھی جماعت نے اسے عدالت میں چیلنج نہیں کیا۔

    انہوں نے کہا کہ صوبے میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات پہلی مرتبہ جماعتی بنیادوں پر ہوں گے، نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوران خیبرپختونخواہ جیسے حالات رونما نہ ہوں۔

    انقلاب کی بات کرنے والوں کے صوبے میں بلدیاتی انتخابات میں 8 سے 10 اموات ہوئیں اور تبدیلی کی بات کرنے والوں نے ووٹ کے تقدس کو پامال کیا۔

    نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان دوبارہ بلدیاتی الیکشن کرانے کے لئے تیار ہیں تو پھر یہ مطالبہ بھی آسکتا ہے کہ ان کی صوبائی حکومت پر کسی کو اعتبار نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کے پی کے کے وزیر اعلیٰ نے اعتراف کیا ہے کہ جس کا جہاں زور چلا اُس نے دھاندلی کی، انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں پہلے دو مراحل میں انتخابات ہوتے تھے جس کے خلاف پیپلزپارٹی نے تحریک چلائی، جب ملک میں عام انتخابات ایک دن ہوسکتے ہیں تو ایک صوبے میں بلدیاتی الیکشن ایک دن میں کیوں نہیں ہوسکتے۔

    سندھ میں بلدیاتی انتخابات مختلف مراحل میں کرانے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ ملک میں 98 کے بعد مردم شماری نہیں پتہ ہی نہیں ہے کہ شہروں‘ دیہاتوں‘ صوبوں اور ملک میں کتنی آبادی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم سب کا مطالبہ تھا کہ بلاول بھٹو پاکستان آکر یہاں کی سیاست میں حصہ لیں، انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ فی الحال اپنے عہدے پر موجود ہیں، گورنر کا استعفیٰ ان کا ذاتی اور وفاق کا معاملہ ہے۔

  • کے پی کے بلدیاتی انتخابات کو فی الفور کالعدم قراردیا جائے، الطاف حسین

    کے پی کے بلدیاتی انتخابات کو فی الفور کالعدم قراردیا جائے، الطاف حسین

    لندن : متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے کہا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوران متعدد علاقوں میں خواتین کو ووٹنگ سے روکا گیا ہے اور جبروتشدد اوربندوق کے زورپرعوام کے جمہوری حق پر ڈاکہ ڈالاگیا ہے۔

    لہٰذا صوبہ خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کو فی الفور کالعدم قراردیا جائے اوروہاں غیرجانبدار مبصرین کی زیرنگرانی ازسرنوانتخابات کروائے جائیں ۔

    ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ ملک کی بیشتر سیاسی ومذہبی جماعتوں کی جانب سے ایم کیوایم کے خلاف بہتان تراشی کی گئی اور ہرواقعہ میں ایم کیوایم کو ملوث کرکے اس کامیڈیا ٹرائل کیاگیا لیکن آج صوبہ خیبرپختونخوا میں مختلف سیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنماؤں اورکارکنوں کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے دوران کھلی دھاندلی کی گئی۔

    عوام کے سامنے بیلٹ پیپرز پر ٹھپے لگائے گئے ، جدید ترین اسلحہ کی آزادانہ نمائش واستعمال کیا گیا،پولنگ اسٹیشنوں پر حملے کئے گئے ،مخالف امیدواروں اورسیاسی کارکنوں کو ہلاک وزخمی کیا گیااوریہ مناظر پاکستان کے تقریباً تمام ٹی وی چینلز نے نمایاں انداز میں نشر کئے ہیں ۔

    الطاف حسین نے کہاکہ ذرائع ابلاغ اور حقوق نسواں کی تنظیموں کی جانب سے مسلسل اس بات کی نشاندہی کی جارہی ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی، جماعت اسلامی ، مسلم لیگ(ن) اور اے این پی نے خواتین کو ووٹنگ سے روکنے کیلئے باقاعدہ اتفاق رائے سے معاہدہ کیا ہے اور اسی وجہ سے لوئردیر کے بعد اب پختونخوا کے متعدد علاقوں میں بلدیاتی الیکشن میں بھی خواتین کو ووٹ کے حق سے روکاگیا ہے ۔

    الطاف حسین نے خواتین کوووٹ دینے سے روکے جانے پر شدیداحتجاج کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنرآف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں خواتین کوووٹنگ سے روکے جانے اور وسیع پیمانے پر دھاندلی کی شکایات کی بنیاد پر ان بلدیاتی انتخابات کو کالعدم قراردیکر وہاں غیرجانبدار مبصرین کی زیرنگرانی ازسرنو انتخابات کروائے جائیں۔

    الطاف حسین نے کہاکہ صوبہ خیبرپختونخوا میں بدنظمی، بدانتظامی، بدامنی اور کھلی دھاندلی کے بدترین واقعات سے ثابت ہوگیا ہے کہ جعلی مینڈیٹ رکھنے والی کون کون سی جماعتیں اسلحہ کی سیاست ،دہشت گردی، قتل وغارتگری، بیلٹ پیپرز پرٹھپے لگاکر عوام کے جمہوری حق پرڈاکہ ڈالنے اور خواتین کوووٹ کے حق سے محروم رکھنے میں ملوث ہیں۔

    الطاف حسین نے کہاکہ صوبہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوران آج آئین ، قانون اور ضابطہ اخلاق کی دھجیاں بکھیردی گئیں۔

    پورے صوبے میں خوف ودہشت کا ماحول گرم کردیا گیااور متعدد افراد کو ہلاک وزخمی کردیا گیا لیکن ان المناک واقعات میں ملوث کسی ایک بھی جماعت کے خلاف قانونی کارروائی نہیں کی گئی ۔

    الطاف حسین نے کہاکہ صوبہ خیبرپختونخوا کی سیاسی ومذہبی جماعتوں کے غیرجمہوری ، غیرآئینی اور غیراخلاقی طرزعمل نے صوبہ خیبرپختونخوا کے پورے بلدیاتی انتخابات پر سوالیہ نشان کھڑادیا ہے اوراب بندوق کے زورپر حاصل کیے جانے والے نتائج اپنی اہمیت وافادیت کھوچکے ہیں۔

    الطاف حسین نے صدرپاکستان ممنون حسین، وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف ، چیف جسٹس آف پاکستان اورچیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیا کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوران کھلی دھاندلی، بدامنی، دہشت گردی اور قتل وغارتگری کا فوری نوٹس لیاجائے اور صوبہ خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کو فی الفور کالعدم قراردیا جائے۔

  • سندھ میں بجلی کے خطر ناک بحران کا خدشہ

    سندھ میں بجلی کے خطر ناک بحران کا خدشہ

    اسلام آباد : وفاق کی جانب سے نجی پاور پلانٹس کو عدم ادائیگی کے باعث سندھ میں بجلی کا خطر ناک بحران آنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

    مالی بحران کا شکار نجی پاور پلانٹس نے پلانٹس بند کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق توانائی کے شعبے کے گردشی قرضوں کا حجم ایک بار پھر چھ سو ارب روپے تک جا پہنچا ہے۔

    جبکہ گزشتہ چار ماہ سے نجی پاور پلانٹس کو وفاق کی جانب سے نہ ہونے کے برابر ادائیگیاں کی گئیں ہیں ۔ اس صورت حال کے پیش نظر ایک سو اسی میگاواٹ بجلی پیدا کرنے والے نجی پاور پلانٹس نے پلانٹ بند کرنے پر غور شروع کر دیا۔

    انڈسٹری ذرائع کے مطابق اگر بجلی کی پیداوار کم یا بند ہوتی ہے تو سب سے زیادہ صوبہ سندھ کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

    سندھ میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ سولہ گھنٹے سے تجاوز کر سکتا ہے۔ سندھ کے مخلتف علاقو ں میں لوڈ شیڈنگ کادورانیہ پہلے ہی بارہ گھنٹے تک جا پہنچا ہے۔

  • سندھ میں گورنر راج کا کوئی امکان نہیں، قمر زمان کائرہ

    سندھ میں گورنر راج کا کوئی امکان نہیں، قمر زمان کائرہ

    لاہور : پیپلز پارٹی کے رہنما اورسابق وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے سند ھ میں گورنر راج کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دہشت گردی کا مقابلہ کسی صوبائی یاوفاقی حکومت کے بھی بس کی بات نہیں۔

    وہ لاہور میں صوفی بزرگ واصف علی واصف عرس کی مناسبت سے سیمینار کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔

    پیپلز پارٹی کے رہنما سابق وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے سند ھ میں گورنر راج کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دہشت گردی کا مقابلہ کسی صوبائی یاوفاقی حکومت کے بھی بس کی بات نہیں۔

    قمرزمان کائرہ نے کہا کہ ہندوستان تو دشمن ہے ہی ملکی عدم استحکام کی ذمہ دار عالمی پالیسیاں بھی ہیں۔ان کا کہنا تھاکہ ذوالفقار مرزا کے الزامات نئے نہیں۔

    ضیاءالحق سے میمو اسکینڈل اور اب تک پیپلز پارٹی کی قیادت کو الزامات کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے کے دوران تحریک انصاف کو جوڈیشل کمشن بنانے کی یقین دہانی کروائی تھی مگر عمران خان کو سمجھ نقصان کے بعد آئی۔

    پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہا کہ پاکستان میں سعودی عرب یا ایران کا مسلک نہیں ،صرف سب کوقابل قبول تنوع کا نظام چل سکتا ہے۔

  • سانحہ صفورہ :  آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی عہدے سے برطرف

    سانحہ صفورہ : آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی عہدے سے برطرف

    کراچی : آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ نے صفورہ کے علاقے میں آغا خان کمیونٹی کی بس پر فائرنگ کے اندوہناک واقعے میں 45 بے گناہ افراد کے جاں بحق ہونے بعد انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ کو ان کے عہدے سے برطرف کردیا ہے۔

    جبکہ ڈی آئی جی سندھ غلام قادر تھیبو کو آئی جی سندھ کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے ۔

    اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ نےغفلت برتنے پر ڈی ایس پی اور ایس ایچ اوکومعطل کردیا ہے، وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ بس کو سیکورٹی کیوں نہیں دی گئی اس کی انکوائری کروائی جارہی ہے۔

  • پنجاب میں ترقیاتی منصوبےجاری، کراچی کھنڈرات میں تبدیل

    پنجاب میں ترقیاتی منصوبےجاری، کراچی کھنڈرات میں تبدیل

    کراچی : پنجاب میں توبےشمارترقیاتی منصوبےبن رہے ہیں، لیکن سندھ اوردوسرے صوبے ان پروجیکٹ سے محروم ہیں۔ وزیراعلٰی پجناب شہبازشریف کےمقابلےمیں سندھ کےسائیں کی کارکردگی پرسوال اٹھ رہےہیں۔

    شمسی بجلی گھر، میٹرو بس سروس، دانش اسکول پروگرام، آشیانہ اسکیم، پندرہ ارب لاگت سے دیہی روڈز پروگرام اور بے شمار تعمیراتی کام پنجاب میں جاری ہیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کے ڈھیر لگادیے۔ دوسری جانب سید قائم علی شاہ سات سال سے وزیراعلیٰ سندھ کی کرسی پر ڈیرہ جمائے بیٹھے ہیں۔

    اس کے باوجود سب سے زیادہ ریونیو دینے والا کراچی کھنڈر بنتا جا رہا ہے۔ سڑکیں، پُل، انڈر پاسز ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔

    تو دوسری جانب تھر میں کوئلے سے بجلی بنانے کا منصوبہ، ہو یا پورٹ قاسم پربجلی پراجیکٹ یا کوئی اور سندھ حکومت کا کوئی منصوبہ بھی پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ سکاہے۔ اندرون سندھ کے شہری بھی تباہ حالی کا شکار ہیں۔

  • کراچی سے مافیاز کا خاتمہ کریں گے، جنرل راحیل شریف

    کراچی سے مافیاز کا خاتمہ کریں گے، جنرل راحیل شریف

    کراچی : آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کورہیڈ کوارٹرکراچی کا دورہ کیا، اس موقع پرآرمی چیف کوکراچی میں امن و امان کی صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔ کورکمانڈرکراچی اورڈی جی رینجرز نےآرمی چیف کوبریفنگ دی۔

    آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کراچی آپریشن پراطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے این اے دو سو چھیالیس میں پرامن  ضمنی الیکشن پربھی اطمینان کا اظہار کیا۔

    آرمی چیف نے سبین محمود کی ٹارگٹ کلنگ کی تفتیش کو تیز کرنےکی ہدایات دیں،آرمی چیف کا کہنا تھا کہ حالیہ ٹارگٹ کلنگ کےواقعات میں انٹیلی جنس ادارے اپنا کردارادا کریں۔

    ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں حالیہ ٹارگٹ کلنگ کے پیچھے مخصوص عزائم ہیں،اقتصادی ترقی کیلئے کراچی میں امن و امان کا قیام اوّلین ترجیح ہے۔ ۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن سےٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں کمی آئی ہے،آرمی چیف نے حکومت اورعوام کی مدد سے کراچی میں مافیا کے خاتمے کے عزم کا بھی اظہار کیا اور کہا کہ کراچی آپریشن کومنطقی انجام تک پہنچایاجائےگا۔

  • ایپکس کمیٹی کا اجلاس: سندھ میں اسلحےکی نمائش پرپابندی کا فیصلہ

    ایپکس کمیٹی کا اجلاس: سندھ میں اسلحےکی نمائش پرپابندی کا فیصلہ

    کراچی : سندھ ایپکس کمیٹی نے صوبےمیں اسلحےکی نمائش پرپابندی عائد کرنے کافیصلہ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق
    وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں فوجی عدالتوں میں مزید کیس بھجوانے پر غور کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ ہاؤس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن، چیف سیکرٹری، آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی اور سیکرٹری داخلہ کے علاوہ کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار اور ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبرنے شرکت کی۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دہشت گردی کیلئےفنڈنگ کرنےوالے تمام ذرائع روکےجائیں گے،غیرقانونی اسلحہ رکھنےوالوں کےخلاف کارروائی کی جائےگی، یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ فوجی عدالتوں کےمقدمات کی بہترطریقےسےنگرانی کی جائےگی، جبکہ سندھ کےسرحدی علاقوں کی فورس کوفعال کیاجائےگا۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ میں مدارس کی رجسٹریشن کےکام میں تیزی لائی جائےگی،غیر ملکی تارکین وطن کےخلاف مؤثرکارروائی ہوگی۔

    اس سے قبل وزیر اعلیٰ ہاؤس میں گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد اور وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے بھی شرکت کی جس میں صوبے خصوصا کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

  • لی مارکیٹ کے قریب فائرنگ: 2 پولیس اہلکار جاں بحق

    لی مارکیٹ کے قریب فائرنگ: 2 پولیس اہلکار جاں بحق

    کراچی : لی مارکیٹ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے2 پولیس کانسٹیبل جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق شہر میں پولیس اہلکاروں کا قتل معمول بن گیا،کراچی کے علاقے اولڈ سٹی ایریا میں فائرنگ سے دو پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ اس سال اب تک مارے گئے پولیس اہلکاروں کی تعداد بتیس ہوگئی ہے ۔

    پولیس کے مطابق اولڈ سٹی ایریا کے علاقے لی مارکیٹ کے قریب نامعلوم افراد نے اسنیپ چیکنگ کرنے والے دو پولیس اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کردی،فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    فائرنگ سے ایک اہلکار موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دوسرا اہلکار اسپتال میں  دوران علاج  دم توڑ گیا۔ اسپتال میں موجود مقتولین کے ساتھی پولیس اہلکار انتہائی غمزدہ تھے۔

    ایس ایس پی سٹی فدا حسین کے مطابق جاں بحق اہلکاروں کی شناخت کانسٹیبل ادریس اور کانسٹیبل ندیم کے ناموں سے ہوئی ہے ۔اس سال اب تک بتیس پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کرکے قتل کیا جاچکا ہے۔

  • قائد آباد: پولیس وین کے قریب بم دھماکہ، دو اہلکارشہید

    قائد آباد: پولیس وین کے قریب بم دھماکہ، دو اہلکارشہید

    کراچی:قائد آباد میں پولیس وین کے قریب دھماکہ ، دواہلکار شہید پندرہ زخمی، تفصیلات کے مطابق کراچی میں پولیس اہلکار ایک بار پھر دہشت گردی کا شکار ہوگئے۔

    قائد آباد میں اسپیشل سیکیورٹی یونٹ  (ایس ایس یو) کی وین کے قریب بم دھماکہ سے دو اہلکار شہید اورپندرہ زخمی ہوگئے، مذکورہ بم قریب کھڑی موٹر سائیکل میں نصب تھا، زخمیوں کوفوری طور پر جناح اسپتال پہنچایا گیا۔

    جن میں سےمتعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، مذکورہ وین میں پچاس سے زائد اہلکار سوار تھے، جو بلاول ہاؤس میں ڈیوٹی دینے جارہے تھے۔

      لانڈھی میں مرغی خانہ بس اسٹاپ پر پولیس وین کے قریب ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے دھماکا کیا گیا جس کےنتیجے میں اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) کے 15 اہلکار زخمی ہو گئے۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی جب کہ اس کی شدت سے قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

    امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے زخمیوں کو فوری طور جناح اسپتال منتقل کیا جہاں دوران علاج ایس ایس یو کے 2 اہلکار دم توڑ گئے جب کہ دیگر زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    جناح اسپتال کے شعبہ ایمرجنسی کی انچارج ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لئے ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے ۔

    پولیس حکام کے مطابق دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا جب کہ اس میں رزاق آباد پولیس ٹریننگ سنٹر کی بس کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب پولیس اہلکار ڈیوٹی پر بلاول ہاؤس کی طرف آرہے تھے۔

    قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کا محاصرہ کر کے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیئے ہیں ، دوسری جانب واقعے کے بعدعلاقے میں جاری پولیو مہم کو روک دیا گیا ہے۔