Tag: سندھ

  • جدید اسلحے کی خریداری: ایک اوراعلیٰ افسربرطرف

    جدید اسلحے کی خریداری: ایک اوراعلیٰ افسربرطرف

    کراچی: ایک اوراعلٰی افسر سندھ پولیس کے لئے جدید اسلحے کی خریداری کی بھینٹ چڑھادیا گیا، سیکریٹری داخلہ سندھ ڈاکٹرنیازعباسی کو ٹاسک پورا نہ کرنے پرعہدے سے ہاتھ دھونے پڑے۔

    سندھ پولیس کیلئے چھ ارب روپے کے جدید اسلحے کی خریداری، اعلیٰ افسران کے عہدوں کیلئے وبال جاں بن گئی ہے۔ اب تک اسلحہ خریداری کے معاملے میں دو اعلیٰ افسران کو اپنے عہدوں سے ہاتھ دھونا پڑچکے ہیں، جس میں سابق آئی جی سندھ اقبال محمود بھی شامل ہیں۔

    ذرائع کے مطابق کچھ بااثرشخصیات خلاف ضابطہ جدیداسلحہ کی خریداری چاہتی ہیں، اسلحہ خریداری کا معاملہ اعلیٰ عدلیہ میں زیرالتوا ہے ،حکومت سندھ پولیس کیلئے بیرون ملک سے بکتر بند گاڑیاں اور بلٹ پروف جیکٹس خریدنے کی خواہشمند ہے۔

    ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے پانچ کروڑ روپےکی دستیاب بکتربند گاڑیاں انتالیس کروڑمیں خریدی جائیں گی،جس کے اضافی چونتیس کروڑ کہاں جائیں گے کسی کو معلوم نہیں لیکن یہ معاملہ اعلیٰ افسران کے دردِ سرضرور بن گیا ہے۔

  • سندھ ، پنجاب کوبلدیاتی انتخابات کیلئے سپریم کورٹ کی ڈیڈلائن

    سندھ ، پنجاب کوبلدیاتی انتخابات کیلئے سپریم کورٹ کی ڈیڈلائن

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو بارہ فروری تک بلدیاتی انتخابات کی حتمی تاریخ جاری کرنے کا حکم دیدیا ہے۔

    سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں بلدیاتی انتتخابات سے متعلق مقدمے کی سماعت ہوئی، عدالت نےالیکشن کمیشن کواگلی سماعت پر انتخابات کا حتمی شیڈول دینےکا حکم دیدیا جبکہ کنٹونمنٹ ایریاز میں میں انتخابات کےلئے سات روز میں قانون سازی کی ہدایت کی۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیئےکہ حکومت سندھ اور پنجاب انتخابات کروانا ہی نہیں چاہتیں۔

    عدالت نے کہا کہ کمیشن آئندہ سماعت پر سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں سے متعلق انتظامات مکمل کرے ، بینچ نے سماعت بارہ فروری تک ملتوی کرتے ہوئے واضح ہدایت کی یہ آخری موقع ہے، آئندہ سماعت پر کوئی عذر قبول نہیں ہوگا۔

    گزشتہ سماعت میں سپریم کورٹ نے سندھ اور پنجاب کی حکومتوں کو بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تیاریوں کے لئے ایک ماہ کی مہلت دی تھی، سماعت میں الیکشن کمیشن نے سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق رپورٹ جمع کرائی۔

    جس میں عدالت کو یقین دلایا گیا کہ دونوں صوبائی حکومتیں بلدیاتی انتخابات کے لئے جلد حلقہ بندیوں کے لئے اقدامات کریں گی

    عدالت نے سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے لئے ایک ماہ کی مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 8 جنوری تک کے لئے ملتوی کردی تھی۔

  • تھر کے مزید چار بچے جان کی بازی ہار گئے

    تھر کے مزید چار بچے جان کی بازی ہار گئے

    تھر پارکر: صحرا میں موت کے گڑے پنجے اپنا رقص جاری رکھے ہوئے ہیں،موت تھر میں مزید چار بچوں کو نگل گئی۔ صحرائے تھر میں موت اور زندگی کی جنگ ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی ۔

    موت کے سائے تاحال تھر واسیوں کے کچے جھونپوڑوں کا رخ کئے ہوئے ہیں۔ مٹھی کے سول اسپتال میں زیر علاج تین بچوں کو موت نے آن دبوچا جبکہ ڈیپلو گاؤں میں بھوک سے بلکتا ایک اور بچہ دم توڑ گیا۔

    سال نو کے آغاز سے اب تک ہلاکتوں کی تعداد سترہ ہوگئی ہے ۔ تھرواسیوں کی بےقرار آنکھیں کسی مسیحا کی منتظر ہیں ۔ایسے میں ہے کوئی ایسا جو ان کے غموں کا مداوا کرے۔

  • پانچ دہشت گرد گرفتار، اسلحہ و بارودی مواد برآمد

    پانچ دہشت گرد گرفتار، اسلحہ و بارودی مواد برآمد

    کراچی: شہر کے علاقے لیاری آگرہ تاج کالونی میں کرائم برا نچ ٹو کی کارروائی پانچ دہشت گرد گرفتار، اسلحہ اور بارودی مواد برآمد۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی کرائم برانچ ٹو شاہ جہاں نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ ملزمان نے ایس ایس پی خورشید خان کو پشاور میں قتل کیا تھا،جس کے بعد پولیس چوکی کو آگ لگا دی تھی۔

    گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیاکہ وہ آئل ٹینکرزکے ذریعے بارودی مواد وزیرستان سے کراچی منتقل کرتے تھے۔ایس ایس پی شاہ جہاں کے مطابق ملزمان کراچی میں بڑی کارروائی کرنے آئے تھے۔

    خیبر پختونخوامیں اغوا برائے تاوان قتل اور انتہائی سنگین جرائم میں ملوث رہے ہیں، ملزمان سے پانچ کلو بارودی مواد اور دیگراسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

  • سندھ پولیس کی تنخواہوں میں بالآخر اضافہ کردیا گیا

    سندھ پولیس کی تنخواہوں میں بالآخر اضافہ کردیا گیا

    کراچی: سندھ پولیس کی تنخواہوں میں بالآخر اضافہ کردیا گیا ، سندھ حکومت نے تنخواہون میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔

     آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کے مطابق سندھ حکومت پولیس کو تنخواہوں کی مد میں سالانہ تین ارب دس کروڑ اضافی دے گی، تنخواہوں میں اضافے کے بعد سندھ پولیس کے افسر سے سپاہی تک کی تنخواہ پنجاب پولیس کے برابر ہوجائے گی۔

    نئے سال کے آغاز پر پولیس کی اضافی تنخواہوں کے ساتھ ملے گی  اور یہ سندھ پولیس کیلئے نئے سال کا تحفہ بھی ہے ، آئی جی سندھ کے مطابق تنخواہون مین اضافے سے پولیس کی کارکردگی اچھی ہوگی اور یہ پولیس کاسالوں سے مطالبہ تھا کہ تنخواہیں بڑھائی جائیں۔

  • تھرمیں دو بچے غذائی قلت کے باعث دم توڑ گئے

    تھرمیں دو بچے غذائی قلت کے باعث دم توڑ گئے

    مٹھی: غذائی قلت کے سبب دو اورمعصوم کلیاں مرجھا گئیں، تھرمیں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 256 ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق تھرمیں غذائی قلت کے باعث ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے اورمٹھی کے سول اسپتال میں دو معصوم بچے آج بھی زندگی کی بازی ہار گئے۔

    ایک ماہ کی معصوم بچی جس کا تعلق چھاچھرو سے تھا سول اسپتال مٹھی میں زیرِ علاج تھی علی الاصبح دم توڑ گئی۔ گزشتہ رات بھی اسپتال میں ایک بچے کی ہلاکت ہوئی تھی۔

    قحط سے متاثرہ علاقے تھرمیں غذائی قلت کا مسئلہ سنگین نوعیت اختیارکرچکاہے اور پیپلز پارٹی کی حکومت اب تک سوائے زبانی جمع خرچ کے کسی بھی قسم کے عملی اقدامات اٹھانے سے قاصرنظرآئی ہے۔

    ڈاکٹروں نے متنبہ کیا ہے کہ اگر حاملہ خواتین کی نگہداشت کے لئے فوری اقدامات نہیں کئے گئے تو نوزائیدہ بچوں کی ہلاکتوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

    صحرائے تھر پاکستان کے پسماندہ ترین علاقوں میں سے ایک ہے جہاں کے عوام زندگی کی بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں اور قحط کے ساتھ نمونیا اور ڈائریا بھی نومولود بچوں کی بقا کے لئے ایک شدید خطرہ ہے

  • ایساکچھ نہ کیاجائےکہ کراچی چلانامشکل ہوجائے، حیدرعباس رضوی

    ایساکچھ نہ کیاجائےکہ کراچی چلانامشکل ہوجائے، حیدرعباس رضوی

    کراچی: حیدرعباس رضوی نے کہا کہ برقعہ پہن کر فرار ہونے والے اور بچوں کو جہاد کے نام پر دہشت گردی سیکھانے والوں پر دھمکیاں اچھی نہیں لگتی۔

    کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرے کے دوران متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما حیدر عباس رضوی کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم واحدجماعت ہےجس نےشہدائےپشاورکیلئےعظیم الشان ریلی نکالی، جب قاتلوں کانام لینےکی باری آتی ہےتوزبان پرتالےلگ جاتےہیں۔

    انہوں نے مولانا عبدالعزیز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپکےپاس چندہزارلوگ ہیں،قائدتحریک کےکروڑوں چاہنےوالےہیں، الطاف حسین کروڑوں لوگوں کی دھڑکن ہیں، جب بھی عوام کےدل کوٹھیس پہنچتی ہےیہاں جمع ہوتےہیں۔

    حیدر عباس رضوی نے کہا کہ علماء شائستہ ہوتےہیں مگرعبدالعزیزنےبازاری زبان استعمال کی،مولاناعبدالعزیزنےقائد تحریک کوقتل کی دھمکی دی، جو زبان مولاناعبدالعزیزنےاستعمال کی وہ کسی کوزیب نہیں دیتی۔

    ان کا کہنا تھا کہ پورےپاکستان کوکراچی چلاتاہےاورکراچی پاکستان کا معاشی حب ہے، ایساکوئی کام نہ کیاجائےجس سےکراچی کوچلانامشکل ہوجائے۔

  • کراچی میں اسکول کے بچوں کی گاڑیوں پرحملوں کاخدشہ

    کراچی میں اسکول کے بچوں کی گاڑیوں پرحملوں کاخدشہ

    کراچی : محکمہ داخلہ سندھ نےدہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا۔ سندھ بھر کے اسکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات ہیں۔ مگر محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کراچی میں اسکول کے بچوں کی گاڑیوں پرحملوں کاخدشہ ہے۔

    سیکریٹری داخلہ سندھ ڈاکٹر نیاز عباسی نے ایک خط جاری کیا ہے۔ یہ خط رینجرز،پولیس اورمحکمہ تعلیم کےسربراہان کو جاری کیا گیا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ اسکول وینز میں میگنٹ بم نصب کیے جاسکتے ہیں۔

    سیکریٹری داخلہ سندھ ڈاکٹر نیاز عباسی نے انٹیلی جنس الرٹ جاری کرتے ہوئے اسکول انتظامیہ سے کہا ہے کہ وہ وین ڈرائیورزکوگاڑیاں نہ چھوڑنےکی ہدایت کریں۔

  • چار تھری بچے جاں بحق:تعداد دو سو تیس تک جا پہنچی

    چار تھری بچے جاں بحق:تعداد دو سو تیس تک جا پہنچی

    تھر پارکر: بھوک اور موسمی بیماریوں کا مقابلے کرنے سے تھر کے رہائشی تا حال قاصرہیں ، مزید چار بچے دم توڑ گئے۔ ہلاکتوں کی تعداد دو سو تیس ہو گئی۔

    بھوک، پیاس ، موسمی بیماریاں اور اب سردی نے مشکلات میں اضافہ کردیا  ۔تھر واسیوں کی زندگی ہر گزرتے دن کےساتھ مشکل ہوتی جارہی ہے ۔ہر روز افلاس اور بیماری ننھے بچوں کو نگل رہی ہے ۔

    غذائی قلت روزانہ ماؤں کی گود یں اجاڑرہی ہے۔ مگر کوئی پرسان حال نہیں۔ والدین کی کوئی دہائی حکمرانوں کے کانو ں کو پہنچتی ہی نہیں۔اقدامات صرف دوروں اور زبانی دعوؤں تک محدود ہیں ۔

    آج بھی مٹھی میں مزید چار ننھی کلیاں جان کی بازی ہار گئیں۔ سول اسپتال میں انچاس بچے اب بھی زندگی اورموت کی کشمش میں مبتلاہیں۔ بے بس لوگوں کے لیے صبح زندگی کے بجائے موت کا پیغام لاتی ہے۔

  • بالائی علا قوں میں درج حرارت کم، میدانوں میں یخ بستہ ہوائیں چل پڑیں

    بالائی علا قوں میں درج حرارت کم، میدانوں میں یخ بستہ ہوائیں چل پڑیں

    اسلام آباد: ملک بھر میں سردی نے ڈیرے ڈال لئے ہیں۔ ملک کے بالائی علاقوں میں درج حرارت گرنے سے میدانی علاقوں میں ٹھنڈی ہوائیں چل پڑی ہیں۔

    ملک بھر میں سردی کی لہر جاری ہے۔ بلوچستان کے بیشترعلاقے سرد ہواوٴں کی لپیٹ میں ہیں۔ کوئٹہ میں بھی یخ بستہ ہوائیں چلنے سے سردی بڑھ گئی ہے اور درجہ حرارت منفی سات ڈگری تک گرگیا۔ جس پرلوگوں نے گرم چادریں، کوٹ، سویٹر اور جیکٹس کا استعمال بڑھا دیا ہے۔ کوئٹہ میں سردی بڑھنے سے کراچی میں ٹھنڈی ہوائیں چل پڑیں ہیں۔

    سندھ اور پنجاب میں بھی سرد ہوائیں چلنے لگیں ہیں جبکہ بالائی علاقوں اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران بیشتر مقامات پر موسم سرد اور خشک رہے گا۔

    ادھر شمالی بلوچستان کے علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہے۔ سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ جلائے جانے والی لکڑی اور ایل پی جی گیس کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیاہے۔

    دوسری جانب منگورہ میں ہلکی دھوپ نکلنے کے باوجود سردی کی شدت برقرار ہے جبکہ بالائی علاقوں میں گہرے بادل چھانے کی وجہ سے سردی مزید بڑھ گئی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں درجہ حرارت ایک ڈگری سینٹی گریڈ ہوگیا ہے۔ سردی کی شدت میں اضافے سے موسمی بیماریاں بھی بڑھ گئیں۔