Tag: سندھ

  • ریٹائر ٹیچر کا تین سال تک تنخواہ وصول کرنے کا انکشاف

    کراچی: محکمہ تعلیم سندھ میں اندھیر نگری کے باعث ایک ریٹائر ٹیچر کے تین سال تک تنخواہ وصول کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شہید بینظیر آباد میں ہائی اسکول ٹیچر ریٹائرڈ ہونے کے باوجود تین سال تک تنخواہ لیتا رہا، انکشاف سامنے آنے کے بعد محکمہ تعلیم نے شہید بینظیر آباد کے ڈی ڈی او کے خلاف انکوائری کا حکم دے دیا۔

    محکمہ تعلیم نے کہا کہ ہائی اسکول ٹیچر محمد عثمان 2019 میں ریٹائرڈ ہو چکا ہے، پھر کس کی ملی بھگت سے مذکورہ ٹیچر کو تنخواہ دی جاتی رہی۔

    محکمہ تعلیم کی ہدایت پر واقعے میں ملوث ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

  • سندھ میں 4 سال سے تنخواہیں لینے والے گھوسٹ اساتذہ برطرف

    سندھ میں 4 سال سے تنخواہیں لینے والے گھوسٹ اساتذہ برطرف

    کراچی: صوبہ سندھ کے محکمہ تعلیم نے سنہ 2018 سے تنخواہیں لینے والے 19 گھوسٹ اساتذہ کو نوکری سے برطرف کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 19 گھوسٹ اساتذہ کو نوکریوں سے برطرف کردیا، ڈائریکٹر پرائمری ایجوکیشن لاڑکانہ نے برطرفیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

    ڈائریکٹر پرائمری ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ برطرف 19 اساتذہ کا تعلق ضلع شکار پور سے ہے، کارروائیاں وزیر تعلیم سردار شاہ کی ہدایات پر کی گئیں۔

    ڈائریکٹر کے مطابق برطرف اساتذہ 2018 سے گھر بیٹھے تنخواہیں لے رہے تھے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ڈویژن میں مزید انکوائری چل رہی ہے، گھوسٹ ملازمین کے خلاف مزید کارروائیاں کی جائیں گی۔

  • سندھ حکومت کا خواتین اور بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات پر بڑا فیصلہ

    کراچی: سندھ حکومت نے خواتین اور بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات پر بڑا فیصلہ کرتے ہوئے صوبے بھر میں 27 اینٹی ریپ کرائسز سیل قائم کرنے کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے جنسی زیادتی کے خلاف مراکز قائم کرنے کی منظوری دے دی، اس سلسلے میں جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے، پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر پہلا سیل پولیس سرجن آفس کراچی میں قائم ہوگا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق جنسی زیادتی کا شکار ہونے والے اینٹی ریپ سیل سے استفادہ کر سکیں گے، یہ سیل متاثرہ مردوں، خواتین، بچوں اور خواجہ سراؤں کی معاونت کرے گا۔

    میڈیکولیگل ڈیپارٹمنٹ طرز پر اینٹی ریپ کرائسز سیل 24 گھنٹے فعال رہے گا، سیل متاثرین کو میڈیکولیگل سرٹیفکیٹ، ماہر نفسیات، اور قانونی خدمات فراہم کرے گا۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ حیدر آباد میں 2، سکھر، لاڑکانہ اور شہید بے نظیر آباد سمیت دیگر اضلاع میں ایک ایک سیل قائم کیا جائے گا۔

  • عدالت کا 4 ماہ میں معذور افراد کے کوٹے پر بھرتیاں مکمل کرنے کا حکم

    عدالت کا 4 ماہ میں معذور افراد کے کوٹے پر بھرتیاں مکمل کرنے کا حکم

    کراچی: سپریم کورٹ نے سندھ حکومت کو 4 ماہ میں معذور افراد کے کوٹے پر بھرتیاں مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سندھ حکومت کے مختلف محکموں میں معذور افراد کے کوٹے پر ملازمتیں نہ دینے کے کیس میں عدالت نے سندھ حکومت پر برہمی کا اظہار کیا۔

    درخواست گزار نے کہا کہ صوبے میں تمام محکموں میں معذور افراد کے لیے ملازمتوں کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے، لیکن کوٹہ مختص ہونے کے باوجود سندھ حکومت معذور افراد کو سرکاری ملازمت نہیں دے رہی، اس لیے سندھ حکومت کو معذور افراد کے کوٹے پر عمل درآمد کرنے کا حکم دیا جائے۔

    ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے عدالت کو بتایا کہ جن محکموں میں آسامیاں خالی ہیں ان میں بھرتیاں کی جائیں گی، معذور افراد کے کوٹے پر سندھ حکومت نے کچھ حد تک عمل درآمد کیا بھی ہے۔

    سندھ کا محکمہ تعلیم کرپٹ ترین ادارہ قرار

    عدالت نے معذور افراد کے سرکاری ملازمتوں کے کوٹے پر عمل درآمد نہ کرنے پر سندھ حکومت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تمام محکموں میں 4 ماہ میں بھرتیاں مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔

    عدالت نے حکم دیا کہ تمام محکموں میں معذور افراد کی بھرتیوں کا عمل 2 ہفتوں میں شروع کیا جائے۔

  • کراچی میں بلدیاتی انتخابات 7 ویں بار ملتوی ہونے کا خدشہ

    کراچی: شہر قائد میں بلدیاتی انتخابات 7 ویں بار ملتوی ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن کو ایک اور خط ارسال کر کے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کی جانب سے حلقہ بندیوں کے اعتراض کے باعث کراچی اور حیدرآباد کے اضلاع میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کیے جائیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم نے بلدیاتی حلقہ بندیوں میں درستی اور تبدیلی کے لیے سندھ حکومت کو خط لکھا ہے، جس میں حلقہ بندی میں تبدیلی کے لیے سپریم کورٹ میں دائر پٹیشن کا حوالہ بھی دیا گیا۔

    خط میں بلدیاتی حلقہ بندی میں تبدیلی کے لیے قانونی نکات پر اٹارنی جنرل سندھ کی آرا بھی شامل کی گئی ہیں۔ اب سندھ حکومت نے ایم کیو ایم کی خواہش پر اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر بلدیاتی انتخابات ساتویں بار ملتوی کرنے کی راہ ہموار کر لی ہے۔

    واضح رہے کہ کراچی ڈویژن میں بلدیاتی الیکشن 15 جنوری کو شیڈول ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ اے جی سندھ کی آرا اور عدالتی فیصلوں کی روشنی میں حلقہ بندی ازسرنو ہو سکتی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے ایم کیو ایم کے کہنے پر الیکشن کمیشن کو خط لکھا ہے، ایم کیو ایم نئی حلقہ بندیوں تک بلدیاتی الیکشن نہیں چاہتی، ایم کیو ایم کی طرف سے دباؤ کے بعد الیکشن کمیشن کو خط لکھا گیا ہے۔

    اس سے قبل سندھ حکومت مختلف حربوں سے کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ ملتوی کرنے میں کامیاب رہی ہے، تاہم اس بار حلقہ بندیوں کے حوالے سے سپریم کورٹ کے ایک فیصلے کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔

  • وزیر تعلیم سندھ نے افسران کو روزانہ دفتر سے تصاویر واٹس ایپ کرنے کی ہدایت کر دی

    وزیر تعلیم سندھ نے افسران کو روزانہ دفتر سے تصاویر واٹس ایپ کرنے کی ہدایت کر دی

    کراچی: وزیر تعلیم سندھ نے سرکاری اسکولوں کی حالت درست کرنے کے لیے 3 ماہ کی مہلت دے دی، نیز محکمے کے افسران کو روزانہ صبح دفتر سے تصاویر واٹس ایپ کرنے کی بھی ہدایت کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ نے اعلیٰ افسران کو 3 ماہ میں تمام بند اسکولوں کی حالت درست کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔

    صوبائی وزیر تعلیم نے ہدایت کی ہے کہ تین ماہ میں تمام بند اسکول کھول کر مرمتی کام مکمل کر لیا جائے۔

    انھوں نے کہا کسی اسکول میں استادوں کی کمی کی شکایت بھی نہیں ملنی چاہیے، ہر 30 بچوں پر ایک استاد کا ہونا لازمی ہے، 53 ہزار نئے بھرتی اساتذہ کو اسکولوں میں تعینات کیا جائے گا۔

    وزیر تعلیم سندھ نے ہدایت کی ہے کہ ڈی ای اوز اور ڈائریکٹرز دفتر میں نہیں بیٹھیں گے، اور اعلیٰ افسران روزانہ صبح اپنے دفتر سے تصویریں واٹس ایپ کریں گے۔

  • سندھ میں درجنوں کرپٹ سرکاری افسران کے خلاف انکوائری ہوگی

    کراچی: صوبہ سندھ میں مختلف عہدوں پر فائز بدعنوانی میں ملوث 50 کے قریب سرکاری افسران کے خلاف تحقیقات کی منظوری دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد بدعنوانی (اینٹی کرپشن) کا کرپشن کیسز سے متعلق اجلاس ہوا جس کی صدارت چیف سیکریٹری سندھ نے کی۔

    اجلاس میں 50 سرکاری افسران کے خلاف کرپشن کی انکوائری منظور کرلی گئی۔

    اجلاس میں نیو سندھ سیکریٹریٹ و دیگر منصوبوں میں کرپشن میں ملوث افسران کے خلاف ایف آئی آر اور سٹھارجہ، سوبھو ڈیرو اور چانڈکا میں 40 ہزار گندم کی بوریاں غائب ہونے پر انکوائری کی منظوری دی گئی۔

    سابق ڈپٹی ڈائریکٹر خوراک نصر اللہ، سابق ڈی ایف سی خیرپور کے خلاف اوپن انکوائری ہوگی جبکہ فوڈ انسپکٹر مختیار اور ارشاد کلہوڑو کے خلاف کرپشن انکوائری کی منظوری دے دی گئی۔

    حیدر آباد میں غیر قانونی تعمیرات میں ملوث سابق ریجنل ڈائریکٹر ایس بی سی اے نوید عاصم، موجودہ ریجنل ڈائیکٹر عبد الحمید زرداری اور سابق ڈپٹی ڈائریکٹرز کے خلاف بھی انکوائری کی منظوری دے دی گئی۔

  • تہلکہ خیز خبر، 38 کالجوں، اسکولوں کے تمام طلبہ فیل ہو گئے

    کراچی: صوبہ سندھ میں تین درجن سے زائد کالجوں اور اسکولوں میں تمام طلبہ فیل ہونے کی تہلکہ خیز خبر سامنے آئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں تعلیمی نظام تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے، انٹر میڈیٹ بورڈ کے امتحانات میں حیران کن نتاٸج سامنے آئے ہیں۔

    انٹرمڈیٹ بورڈ نے کالجوں کی کارگردگی کی تفصیلات جاری کر دی ہیں، کراچی کے 38 کالجوں میں ایک بھی طالب علم کامیاب نہ ہو سکا ہے، 25 سرکاری اور 13 نجی کالجوں اور اسکولوں کے تمام طلبہ فیل ہو گٸے ہیں۔

    ان کالجوں اور اسکولوں میں پرنسپلز طلبہ کی تعداد بھی بڑھانے میں ناکام ہوٸے، بورڈ نے ان تعلیمی اداروں کی کارگردگی پر رجسٹریشن سرٹیفکیٹ معطل کر دیے ہیں۔

    انٹرمڈیٹ بورڈ کے مطابق طلبہ سائنس گروپ کے سالانہ امتحان ایچ ایس سی پارٹ ٹو میں فیل ہوئے ہیں، ان میں جنرل، پری میڈیکل اور پری انجنیئرنگ سب شامل ہیں۔

    سرکاری کالجز میں گورنمنٹ ڈگری بوائز کالج رزاق آباد، گورنمنٹ کالج فار وومن کورنگی نمبر 5، گورنمنٹ ڈگری بوائز کالج منگھوپیر، گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج سرجانی ٹاؤن، گورنمنٹ ڈگری بوائز کالج شمس پیر بابا بٹھ، گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج سیکٹر 11 اورنگی ٹاؤن شامل ہیں۔

    پرائیویٹ کالجز میں ایف جی بوائز انٹر کالج، آئیڈیل ڈگری کالج گلشن اقبال، ساؤتھ سٹی کالج، الحمد کالج آف پروفیشنل ایجوکیشن، پاکستان اسٹیل مادر ملت گرلز ڈگری کالج اسٹیل ٹاؤن، میمن ڈگری کالج، اور بحریہ ماڈل کالج ڈی ایچ اے فیز ٹو شامل ہیں۔

  • سندھ بھر میں غیر قانونی مقیم تارکین وطن کو واپس بھیجنے کا فیصلہ

    سندھ بھر میں غیر قانونی مقیم تارکین وطن کو واپس بھیجنے کا فیصلہ

    وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے سندھ  بھر میں غیرقانونی طور آنے والے غیر ملکیوں کو واپس کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ کی زیرصدارت  امن وامان سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن تیز کرنے کی ہدایت جاری کردی۔

    وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے سندھ  بھر میں غیرقانونی طورآنے والے غیرملکیوں کو واپس کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے  سندھ کے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر نگرانی بڑھانے کی ہدایت جاری کی ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ دہشت گرد تنظیمیں ملک میں دوبارہ امن امان خراب کرنا چاہتی ہیں، جہاں کرمنلز زیادہ متحرک ہیں وہاں پولیس اور رینجرز کی تعیناتی کی جائے، ہم اپنے ملک، صوبے اور شہروں میں دہشت گردوں کو دوبارہ اٹھنےنہیں دینگے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے اجلاس میں نے اسٹریٹ کرائم پر بھی پولیس کو اہم  ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور رینجرز اسٹریٹ کرائم کے خلاف سخت کارروائی کریں۔

    اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے ڈی جی رینجرز کو پیٹرولنگ بڑھانے کی ہدایت دی اور کہا کہ سندھ پولیس اور دیگر انٹیلی جنس اداروں میں کوآرڈینیشن بڑھانے کا مکینزم بنایا گیا، تمام انٹیلی جنس  ادارے روزانہ کی بنیاد پر ایک دوسرے رابطے میں رہیں۔

     وزیراعلیٰ سندھ نے اسٹریٹ کرائم میں پراسیکیوشن کو بھی مزید بہتر کرنے اور سندھ  بھر میں غیرقانونی طور آنے والے غیرملکیوں کو واپس کرنے کا فیصلہ کیا۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے اجلاس میں شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر نگرانی بڑھانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ جہاں کرمنلز زیادہ متحرک ہیں وہاں پولیس اور رینجرز کی تعیناتی کی جائے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے اگلے 15 دن اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف سخت آپریشن کرنے کا فیصلہ جاری کیا اور بتایا کہ دسمبر میں ڈکیتیوں کے دوران 7 افرادقتل ہوئے ہیں۔

  • سندھ سے لوٹے ہوئے پیسے سے آصف زرداری لاہور میں منڈی لگائیں گے،خرم شیرزمان

    سندھ سے لوٹے ہوئے پیسے سے آصف زرداری لاہور میں منڈی لگائیں گے،خرم شیرزمان

    کراچی : تحریک انصاف سندھ کے مرکزی رہنما خرم شیرزمان نے کہا ہے کہ سندھ سے لوٹے ہوئے پیسے سے آصف زرداری لاہور میں منڈی لگائیں گے۔

    تحریک انصاف سندھ کے مرکزی رہنما خرم شیرزمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 15 سال کی آڈیٹر جنرل کی رپورٹ پڑھ لیں، رپورٹ پڑھ لیں اندازہ ہوجائے گا کس طرح سے سندھ میں کرپشن کی گئی۔

    خرم شیرزمان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی سندھ میں لوگوں کی زندگی بہتر کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں، آڈیٹر جنرل کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کے انہوں نے اپنا کام پورا کیا، انہوں نے بتایا کے کیسے پیپلز پارٹی نے سندھ کو تباہ کیا ہے۔

    انکا کہنا تھا کہ سندھ سے لوٹا ہوئے پیسے سے آصف زرداری لاہور میں منڈی لگائیں گے، سندھ سے لوٹا ہوا پیسا پنجاب کے بعد کشمیر میں بھی خرچ کیا جائے گا۔

    خرم شیرزمان کا مزید کہنا تھا کہ ضمیر فروشوں پر پیسہ خرچ کیا جائے گا، سندھ کے وزیروں نے لاہور کے لیے ٹکٹ کٹوالی ہیں۔