Tag: سندھ

  • سکھر: بدنام زمانہ ڈاکو قائم عرف قاؤمہر گرفتار

    سکھر: بدنام زمانہ ڈاکو قائم عرف قاؤمہر گرفتار

    سکھر: پنو عاقل تھانے کی حدود میں پولیس نے ایک کارروائی میں ڈاکو قاؤ مہر کو گرفتار کر لیا، جس کے سر پر انعام مقرر تھا۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر پنوعاقل تھانے کی حدود میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ ڈاکو قائم عرف قاؤمہر کو گرفتار کر لیا۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزم کی گرفتاری پر سندھ حکومت کی جانب سے 10 لاکھ روپے کا انعام مقرر تھا، ایس ایس پی سکھر سنگھار ملک کے مطابق قائم مہر قتل، ڈکیتی، اغوا اور دیگر سنگین جرائم میں مطلوب تھا۔

    گرفتار ڈاکو قائم مہر سے پستول اور گولیاں برآمد ہوئیں۔

    یاد رہے کہ 6 نومبر کو گھوٹکی میں رونتی کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں نے پولیس کیمپ پر حملہ کر کے ڈی ایس پی، 2 ایس ایچ اوز سمیت 7 اہل کاروں کو شہید کر دیا تھا، ڈاکوؤں نے راکٹ لانچروں سے حملہ کرنے کے بعد کیمپ پر قبضہ بھی کیا اور 20 پولیس اہل کاروں کو یرغمال بنا لیا۔

    کچے کے خطرناک ڈاکوؤں کے خلاف گرینڈ آپریشن میں اعلیٰ حکام کی غیر سنجیدگی کا انکشاف

    آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ اندرون سندھ کے کچے کے علاقوں کشمور، گھوٹکی اور شکارپور میں ڈاکوؤں کے خلاف ایک بھرپور آپریشن کیا جائے گا، انھوں نے کہا کہ سندھ کے تین اضلاع کے 300 ڈاکوؤں کے سر کی قیمت 2 ارب روپے سے زائد لگانے کی سفارش کی گئی ہے۔

    غلام نبی میمن کے مطابق سندھ پولیس کی جانب سے ایک ڈاکو کے سر کی قیمت 25 سے 50 لاکھ روپے تک مقرر کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔

    اندرون سندھ کچے کے ڈاکوؤں کیخلاف بھرپور آپریشن کا فیصلہ

    تاہم ان ہی دنوں انکشاف ہوا کہ سندھ کے کچے میں خطرناک ڈاکوؤں کے خلاف پولیس گرینڈ آپریشن کے لیے ناقص حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے، خطرناک ڈاکوؤں کے خلاف ایس ایس یو کے کمانڈوز کی بجائے سندھ ریزرو پولیس کو لڑوانے کا روایتی طریقہ اپنایا گیا تھا۔ معلوم ہوا کہ ڈاکوؤں سے لڑوانے کے لیے اسپیشل ٹریننگ حاصل کرنے والے کمانڈوز کی بجائے عام جوانوں کو مقابلے کے لیے بھیجا جا رہا ہے۔

  • خیمہ بستی میں قائم عارضی اسکول کو نامعلوم افراد نے آگ لگا دی

    خیمہ بستی میں قائم عارضی اسکول کو نامعلوم افراد نے آگ لگا دی

    خیرپور: صوبہ سندھ کے علاقے کوٹ ڈیجی میں خیمہ بستی میں قائم عارضی اسکول کو نامعلوم افراد نے آگ لگا دی، آتش زدگی سے اندر رکھی کتابیں اور سامان بھی جل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیرپور کے علاقے کوٹ ڈیجی کی خیمہ بستی میں قائم عارضی اسکول کو نامعلوم افراد نے آگ لگا دی۔

    نامعلوم افراد نے رات گئے خیمہ بستی میں قائم اسکول کو آگ لگائی۔

    اساتذہ کا کہنا ہے کہ خیمہ اسکول میں رکھی کتابیں اور دیگر سامان بھی جل گیا، ایس ایس پی اور ڈپٹی کمشنر واقعے کا فوری نوٹس لیں۔

  • سیلاب متاثرہ علاقے: 35 لاکھ بچے اسکول جانے سے محروم

    سیلاب متاثرہ علاقے: 35 لاکھ بچے اسکول جانے سے محروم

    اسلام آباد: اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیلاب سے متاثر 35 لاکھ بچے اسکول جانے سے محروم ہیں، 2 لاکھ 80 ہزار سے زائد حاملہ خواتین طبی امداد سے محروم ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سیلاب متاثرین کی ابتر صورتحال پر اقوام متحدہ نے رپورٹ جاری کردی، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سندھ کے 11 اور بلوچستان کے 2 اضلاع میں تاحال سیلابی پانی کھڑا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جو اضلاع تاحال سیلابی پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں ان میں سندھ کے دادو، قمبر شہداد کوٹ، خیرپور، میرپور خاص، جامشورو، سانگھڑ، عمر کوٹ، بدین، شہید بے نظیر آباد اور نوشہرو فیروز، اور بلوچستان کے صحبت پور اور جعفر آباد شامل ہیں۔

    اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ 80 لاکھ افراد سیلابی پانی سے متاثر ہیں، سندھ میں سیلاب سے متاثرہ ڈھائی لاکھ افراد تاحال بے گھر ہیں، 90 فیصد سیلاب متاثرین عارضی رہائش گاہوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق سیلاب متاثرہ 2 لاکھ 80 ہزار سے زائد حاملہ خواتین طبی امداد سے محروم ہیں، 35 لاکھ سے زائد بچے اسکول جانے سے محروم ہیں، 5 لاکھ 20 ہزار سے زائد بچے خوراک کی شدید کمی کا شکار ہیں۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ سیلاب متاثرین کے لیے 816 ملین ڈالرز درکار تھے، اب تک صرف 30 فیصد رقم مل سکی ہے۔

  • سندھ کے تمام تعیلمی بورڈز کے طلبہ کے لیے خوش خبری

    سندھ کے تمام تعیلمی بورڈز کے طلبہ کے لیے خوش خبری

    کراچی: سندھ کے تمام تعیلمی بورڈز کے طلبہ کے لیے خوش خبری ہے کہ ضمنی امتحانات کی اصطلاح ختم کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں تمام تعلیمی بورڈز کے تحت اب سال میں دو مرتبہ امتحانات لیے جائیں گے، اس سے قبل فیل ہونے والے طلبہ کے لیے ضمنی امتحانات کی اصطلاح کے تحت اس کا انعقاد کیا جاتا تھا۔

    امتحانات کا نام سالانہ امتحانات وَن اور سالانہ امتحانات ٹو ہوگا، اور طلبہ کے فیل ہونے کی صورت میں سالانہ امتحانات ٹو کا انعقاد ہوگا۔

    محکمہ تعلیم کی اسٹرنگ کمیٹی کی سب کمیٹی نے اس فیصلے کی منظوری دے دی ہے، اسٹرنگ کمیٹی کی توثیق کے بعد اس سال سے فیصلے پر عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔

    چیئرمین انٹر بورڈ ڈاکٹر سعید الدین نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے تمام تعلیمی بورڈز سال میں دو مرتبہ امتحانات کا انعقاد کریں گے۔

    انھوں نے کہا پنجاب، خیبر پختون خوا اور آزاد کشمیر میں پہلے ہی یہ سسٹم نافذ ہے، صوبہ سندھ میں نئے تعلیمی سال سے پہلی مرتبہ سالانہ وَن اور سالانہ ٹو طریقہ امتحانات نافذ ہوگا۔

  • سندھ کے سرکاری اسکولوں میں 2 سال سے غیر حاضر استاد برطرف

    سندھ کے سرکاری اسکولوں میں 2 سال سے غیر حاضر استاد برطرف

    کراچی: محکمہ تعلیم سندھ نے سرکاری اسکولوں میں 2 سال سے غیر حاضر 8 اساتذہ کو برطرف کردیا، مذکورہ اساتذہ اسکول آئے بغیر تنخواہیں وصول کر رہے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ نے بیرون ملک مقیم اساتذہ کے خلاف سخت ایکشن لے لیا، گھر بیٹھے تنخواہیں وصول کرنے والے 8 اساتذہ کو نوکری سے برطرف کردیا گیا۔

    محکمے نے اساتذہ کی برطرفی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔

    سیکریٹری تعلیم کا کہنا ہے کہ بر طرف اساتذہ 2 سال سے اسکول نہیں آرہے تھے۔

    سیکریٹری کا مزید کہنا تھا کہ متعلقہ ایجوکشن افسران گھوسٹ اساتذہ کی نشاندہی کر رہے ہیں، جو اساتذہ اسکول نہیں آئیں گے وہ سیدھا گھر جائیں گے۔

  • گیس سندھ کی اپنی پیداوار ہے، لوڈ شیڈنگ زیادتی ہے: امتیاز شیخ

    گیس سندھ کی اپنی پیداوار ہے، لوڈ شیڈنگ زیادتی ہے: امتیاز شیخ

    کراچی: صوبہ سندھ کے وزیر توانائی امتیاز شیخ کا کہنا ہے کہ گیس سندھ کی اپنی پیداوار ہے، لوڈ شیڈنگ کرنا سندھ کے ساتھ زیادتی ہے، سندھ میں گیس ہماری ضرورت سے زیادہ پیدا ہوتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے وزیر توانائی امتیاز شیخ نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت سے گیس بحران پر بات ہوئی ہے، وزیر اعلیٰ سندھ نے وفاق کےسامنے سندھ کا مؤقف پیش کیا ہے۔

    امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ ضرورت پیش آئی تو عدالت سے بھی رجوع کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ گیس ہماری اپنی پیداوار ہے، گیس کی لوڈ شیڈنگ کرنا سندھ کے ساتھ زیادتی ہے، سندھ میں گیس ہماری ضرورت سے زیادہ پیدا ہوتی ہے۔

    امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ سندھ کو اس کے حق سے محروم رکھا جاتا ہے، امید ہے وزیر اعظم اس اہم مسئلے پر نوٹس لیں گے، گیس کے معاملے پر پہلے سندھ کو ترجیح دینی چاہیئے۔

  • سینیٹر اعظم سواتی سندھ منتقل

    سینیٹر اعظم سواتی سندھ منتقل

    کوئٹہ: سینیٹر اعظم سواتی کو سندھ منتقل کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اداروں کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے پر اعظم سواتی پر ملک بھر میں مقدمات درج کیے جا چکے ہیں، بلوچستان میں گرفتاری و رہائی کے حکم کے بعد انھیں سندھ پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

    اعظم سواتی کے خلاف سندھ میں 13 ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں، سندھ پولیس نے اعظم سواتی کو اپنی تحویل میں لے لیا، وکیل اقبال شاہ کے مطابق اعظم سواتی کو سندھ پولیس نے سرکاری طیارے میں منتقل کیا۔

    بلوچستان ہائی کورٹ نے صوبے میں اعظم سواتی کے خلاف مقدمے ختم کر کے ان کی رہائی کا حکم دیا تھا، تاہم بلوچستان پولیس نے رہائی سے پہلے ہی اعظم سواتی کو سندھ پولیس کے حوالے کر دیا۔

    سی ڈی اے نے اعظم سواتی کے فارم ہاؤسز سربمہر کردیئے

    دوسری طرف اسلام آباد انتظامیہ نے اعظم سواتی کے چار فارم ہاؤس سیل کر دیے ہیں، سی ڈی اے نے فارم ہاؤسز سے غیر قانونی تعمیرات گرانے کے لیے اعظم سواتی کی اہلیہ کو نوٹس بھی جاری کر دیا ہے۔

    نوٹس میں کہا گیا ہے کہ فارم ہاؤسز پر غیر قانونی تعمیرات 7 دن میں گرائی جائیں، تعمیل نہ ہونے پر سی ڈی اے از خود تعمیرات گرا دے گی۔

  • سیلاب متاثرین کو ان کا جائز حق ہی مل جائے تو بہتری آجائے گی: علی زیدی

    سیلاب متاثرین کو ان کا جائز حق ہی مل جائے تو بہتری آجائے گی: علی زیدی

    کراچی: سابق وفاقی وزیر علی زیدی کا کہنا ہے کہ سیلاب متاثرین کو امداد کے بجائے ان کا جائز حق ہی مل جائے تو بہتری آجائے گی، نوابشاہ اور خیر پور کے سرکاری گوداموں میں گندم کی لاکھوں بوریاں خراب ہو چکی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی کا کہنا ہے کہ نوابشاہ اور خیر پور کے سرکاری گوداموں میں گندم کی لاکھوں بوریاں خراب ہو چکی ہیں۔

    علی زیدی کا کہنا تھا کہ پہلے سندھ کی گندم 2 ٹانگوں والے چوہے کھا جاتے تھے، آج کل سندھ کے چوہے سیلاب متاثرین کی امداد پر ہاتھ صاف کر رہے ہیں، اسی وجہ سے سندھ کے سرکاری گوداموں میں گندم پڑے پڑے خراب ہو رہی ہے، یہ گندم سیلاب متاثرین کو نہیں دی گئی، نہ ہی عوام تک پہنچی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو امداد کے بجائے ان کا جائز حق ہی مل جائے تو بہتری آجائے گی۔

    علی زیدی کا کہنا تھا کہ سندھ کا ایک جھوٹا وزیر کہتا ہے کہ صوبے میں آٹا 65 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے، وہ وزیر اعلیٰ ہاؤس سے باہر نکل کر دیکھے آٹا 125 روپے کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ زرداری مافیا نے صوبہ سندھ اور اس کی عوام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، یہ کرپٹ مافیا جب تک سندھ پر مسلط ہے سندھ کے حالات نہیں بدل سکتے۔

  • سیلاب متاثرین کو ڈپریشن سے نکالنے کے لیے حکومت سندھ کا اقدام

    سیلاب متاثرین کو ڈپریشن سے نکالنے کے لیے حکومت سندھ کا اقدام

    کراچی: صوبہ سندھ میں سیلاب متاثرین کے نفسیاتی و ذہنی علاج کے سیشنز منعقد کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا مقصد سیلاب متاثرین کو ڈپریشن سے نکالنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں سیلاب میں جانی و مالی نقصانات کے باعث شدید ذہنی دباؤ کا شکار سیلاب متاثرین کے سائیکالوجیکل سیشنز کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ان سیشنزکا مقصد سیلاب متاثرین کو ڈپریشن سے نکالنا ہے۔

    اس کے لیے سندھ حکومت نے لیڈی ہیلتھ سپروائزر اور ورکرز کی خدمات حاصل کی ہیں، سندھ حکومت نے 370 ایل ایچ ایس اور 10 ہزار 992 ایل ایچ ڈبلیو کی خدمات لی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ کے 12 سیلاب زدہ اضلاع میں سائیکالوجیکل سیشنز منعقد ہوں گے۔

    ان میں میرپور خاص، خیرپور، سانگھڑ، نوشہرو فیروز، بدین، شہید بے نظیر آباد، دادو، جامشورو، جیکب آباد، قمبر، لاڑکانہ اور شکار پور کے اضلاع شامل ہیں جن میں موجود سیلاب متاثرین کے سائیکالوجیکل سیشنز ہوں گے۔

  • گھوسٹ ملازمین کی جواٸننگ پر تعلقہ اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر آمنے سامنے

    گھوسٹ ملازمین کی جواٸننگ پر تعلقہ اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر آمنے سامنے

    کراچی: شہر قائد میں گھوسٹ ملازمین کی جواٸننگ پر تعلقہ اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران آمنے سامنے آ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق تعلقہ ایجوکیشن افسر سوبھو لغاری کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر ویسٹ گھوسٹ اساتذہ کی بھرتی کر رہے ہیں۔

    تعلقہ افسر ویسٹ منگھوپیر سوبھو لغاری نے اس سلسلے میں سیکریٹری تعلیم اور ڈائریکٹر اسکولز ایجوکیشن کو شکایتی خط لکھ دیا ہے، جس میں انھوں نے کہا ہے کہ گھوسٹ اساتذہ اور ملازمین کو محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسر کی سر پرستی حاصل ہے۔

    انھوں نے لکھا کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر ویسٹ نے گھوسٹ اساتذہ کو اسکول جواٸن کرنے کی اجازت دی ہے، ان میں ہاٸر اسکول ٹیچرعلی بخش جوکھیو، پراٸمری ٹیچر عابدہ پروین بروہی، اور چوکیدار منظور علی جلبانی شامل ہیں۔

    منگھوپیر تعلقہ افسر کا کہنا تھا کہ یہ ملازمین طویل عرصے سے بغیر کسی اطلاع کے اپنی ڈیوٹی سے غائب رہے ہیں، تاہم اب ڈی ای او نے انھیں بغیر کسی قانونی طریقہ کار یا جواز کے ڈیوٹی جوائن کرنے کی اجازت دے دی ہے۔