Tag: سندھ

  • بیرون ملک مقیم شخص کے ہم شکل جڑواں بھائی نے آئی بی اے ٹیسٹ پاس کر دیا

    بیرون ملک مقیم شخص کے ہم شکل جڑواں بھائی نے آئی بی اے ٹیسٹ پاس کر دیا

    کراچی: محکمہ تعلیم سندھ میں میرٹ پر بھرتیوں کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، 2 امیدواروں کے جواٸننگ انٹرویو کے دوران جعلی بھرتی کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی بی اے ٹیسٹ پاس 2 امیدواروں کے بیرون ملک ہونے کی تصدیق ہو گٸی، بیرون ملک رہتے ہوئے امیدواروں کی بھرتی ہو گئی تھی۔

    پی ایس ٹی کے دو امیدواروں عبدالوحید ملک اور نادر علی رند کی بھرتی کے مرحلے کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں، جس میں کہا گیا ہے کہ پی ایس ٹی امیدوار عبدالوحید ملک نے اپنے بھائی کی مشابہت کا فائدہ اٹھایا۔

    بیرون ملک مقیم شخص کے ہم شکل جڑواں بھائی نے آئی بی اے ٹیسٹ دے کر پاس کیا۔ دادو سے تعلق رکھنے والے عبدالوحید ملک کی جوائننگ مرحلے کے دوران ہی دھوکا دہی کی نشان دہی ہونے پر جوائننگ روک دی گئی۔

    محکمہ تعلیم نے عبدالوحید کے علاوہ نادر علی کا اپائنٹمنٹ آرڈر بھی کینسل کر دیا ہے، پاسپورٹ امیگریشن اسٹیمپ کے مطابق نادر علی 29 جنوری 2022 کو پاکستان پہنچے تھے۔

  • سندھ: ملیریا، ڈینگی سمیت دیگر بیماریوں نے وبائی صورت اختیار کر لی، میڈیکل ٹیم تشکیل

    سندھ: ملیریا، ڈینگی سمیت دیگر بیماریوں نے وبائی صورت اختیار کر لی، میڈیکل ٹیم تشکیل

    کراچی: سندھ بھر میں ملیریا اور ڈینگی سمیت دیگر بیماریوں نے وبائی صورت اختیار کر لی، جس کے تدارک کے لیے ایک طبی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں ملیریا اور ڈینگی سمیت دیگر بیماریوں نے وبائی صورت اختیار کر لی ہے، جس کے بعد مختلف اضلاع میں روزانہ سیکڑوں افراد مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے ہیں۔

    ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سندھ کی ہدایت پر لیاقت یونیورسٹی جامشورو کے رجسٹرار نے 6 رکنی میڈیکل ٹیم تشکیل دے دی، ٹیم کے کنوینئر پروفیسرعبدالرحمان سیال ہیں، جب کہ باقی پانچ ممبران ہیں۔

    ملک بھر میں انسولین کا بحران، انفلوئنزا ویکسین بھی غائب

    ادھر دوسری طرف شوگر کے مریضوں کے لیے انسولین کا اسٹاک ختم ہونے کے باعث کراچی سمیت ملک بھر میں لاکھوں مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے، موسم کی تبدیلی کے ساتھ ساتھ انفلوئنزا ویکسین بھی مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہے۔

    ماہرین صحت کہتے ہیں کہ شوگر کے مریضوں کے لیے ادویات اور ویکسین کی بروقت فراہمی لازمی ہے، ان کا تسلسل ٹوٹنے سے مریض کے لیے صحت کے سنگین مسائل پیدا ہو جاتے ہیں۔

  • سندھ کے تعلیمی اداروں میں‌ پہلے تھیم بیسڈ ’چلڈرن ویک‘ کا انعقاد، ہزاروں بچے شریک

    سندھ کے تعلیمی اداروں میں‌ پہلے تھیم بیسڈ ’چلڈرن ویک‘ کا انعقاد، ہزاروں بچے شریک

    کراچی: سندھ کے تعلیمی اداروں میں‌ پہلے تھیم بیسڈ ’چلڈرن ویک‘ کا انعقاد کیا گیا، اختتامی تقریب میں 20 ہزار سے زیادہ بچوں نے شرکت کی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے تعلیمی اداروں میں منائے گئے چلڈرنز ویک کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے کہا کہ بچوں کا عالمی دن بچوں کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے، والدین ہراسمنٹ اور ڈرگز کے استعمال پر کڑی نظر رکھیں۔

    انھوں نے کہا تعلیمی ادارے، والدین اور انتظامی ادارے مل کر بچوں کو محفوظ ماحول فراہم کرسکتے ہیں۔

    ایڈیشنل ڈائریکٹر پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز حکومت سندھ رفیعہ جاوید نے کہا کہ بچے فیوچر سٹیزنز ہیں، دنیا میں تبدیلی اور ترقی ان کے ذریعے ہی ممکن ہے، آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم حساس اور سنگین مسائل پر کھل کر بات کریں۔ انھوں نے کہا پہلا تھیم بیسڈ چلڈرن ویک سندھ کے تعلیمی اداروں میں بھرپور انداز میں منعقد ہوا۔

    ڈاکٹر نصرت پروین سہتو نے کہا کہ بچوں کو زیادہ سے زیادہ خوش رکھ کر ان کی بہترین نشوونما کی جا سکتی ہے، حیدرعلی نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب مل کر بچوں کو مستقبل کے بہترین شہری تیار کر سکتے ہیں، بچوں کی ذہنی قابلیت کے ساتھ جذباتی اور معاشرتی نشوونما بھی ضروری ہے۔

    واضح رہے کہ صوبائی وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ کی ہدایات پر ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز سندھ اور آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے اشتراک سے بچوں کے عالمی دن کے حوالے سے پہلے تاریخی ’چلڈرن ویک‘ کا 14 نومبر تا 19 نومبر انعقاد کیا گیا۔

    چلڈرن ویک میں بچوں کی بُلنگ، جسمانی سزا، ہراسمنٹ، ڈرگز کے استعمال، والدین کی اہمیت اور فیوچر سٹیزنز کے لازمی تقاضے، جیسے عنوانات پر مختلف پینل ڈسکشنز اور سرگرمیوں پر مشتمل پروگرامز منعقد کیے گئے۔

    آخری روز 20 ہزار سے زیادہ بچوں اور 4 ہزار سے زیادہ اساتذہ کے لیے پی اے ایف میوزیم کراچی میں گرینڈ کارنیوال منعقد کیا گیا۔

  • 15 کلو وزنی دیگ منہ میں دبا کر رقص کرنے والا نوجوان

    15 کلو وزنی دیگ منہ میں دبا کر رقص کرنے والا نوجوان

    دنیا میں بڑے بڑے جرات مند اور طاقتور افراد گزرے ہیں جنہوں نے اپنی طاقت سے لوگوں کو حیران کردیا، ایسا ہی ایک نوجوان سندھ کا عرفان قمبرانی بھی ہے جس نے اپنی معمولی سی جسامت پر ایسا کارنامہ انجام دیا ہے کہ لوگ دنگ رہ گئے ہیں۔

    صوبہ سندھ کے ضلع بدین کا رہائشی عرفان قمبرانی نہایت مضبوط دانتوں کا مالک ہے، وہ 15 کلو کی دیگ باآسانی اپنے دانتوں میں دبا کر رقص اور چہل قدمی کرسکتا ہے۔

    عرفان کی کچھ عرصہ قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ دانتوں میں دیگ اٹھا کر رقص کر رہا تھا، ویڈیو وائرل ہونے کے بعد وہ مشہور ہوگیا اور لوگ دور دور سے اسے دیکھنے کے لیے آنے لگے۔

    لوگ آ کر اس کا رقص دیکھتے ہیں اور اسے انعام سے بھی نوازتے ہیں۔

    عرفان ایک باورچی ہے اور وہ شادی بیاہ اور تقریبات کے لیے کھانے تیار کرتا ہے، تاہم اس کے فن کی بدولت بھی اسے مختلف تقریبات میں مدعو کیا جاتا ہے جہاں وہ لوگوں کو اپنے رقص سے محظوظ کرتا ہے۔

  • رواں مالی سال سندھ میں کتنا ٹیکس جمع کیا گیا؟

    رواں مالی سال سندھ میں کتنا ٹیکس جمع کیا گیا؟

    کراچی: صوبہ سندھ میں رواں مالی سال کے دوران 43 ہزار 700 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا، صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مکیش کمار چاؤلہ کا کہنا ہے کہ ٹیکس وصولی کی مجموعی صورتحال تسلی بخش ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ نے رواں مالی سال جولائی 2021 سے اکتوبر 2022 تک ٹیکس وصولی کی تفصیلات جاری کردیں۔

    صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مکیش کمار چاؤلہ کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال میں اکتوبر 2022 تک مجموعی طور پر 43700.813 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔ گزشتہ مالی سال میں اسی مدت میں 41919.470 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا تھا۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ موٹر وہیکل ٹیکس کی مد میں 3126.920 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا جبکہ انفرا اسٹرکچر سیس کی مد میں 36601.077 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ پروفیشنل ٹیکس کی مد میں 125.726 ملین روپے اور کاٹن فیس کی مد میں 2.516 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔

    مکیش کمار چاؤلہ کا کہنا تھا کہ ٹیکسز کی وصولی کی مجموعی صورتحال تسلی بخش ہے، ٹیکس نادہندگان گاڑیوں سے ٹیکسز کی وصولی کے لیے روڈ چیکنگ مہم جلد شروع کی جائے گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکس نادہندگان کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے اپنے ٹیکسز بروقت جمع کروائیں۔

  • سندھ بھر کے مختیار کاروں نے پیر سے ہڑتال پر جانے کا اعلان کر دیا

    سندھ بھر کے مختیار کاروں نے پیر سے ہڑتال پر جانے کا اعلان کر دیا

    کراچی: سندھ بھر کے مختیار کاروں نے پیر سے ہڑتال پر جانے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سیلاب متاثرین کا سروے اور متاثرین کی امداد خطرے میں پڑنے کا امکان ہے، کیوں کہ مختیار کاروں نے پیر سے ہڑتال پر جانے کا اعلان کر دیا ہے۔

    مختیار کاروں نے مطالبہ کیا ہے کہ سب مختیار کاروں کی پوسٹ اپ گریڈ کی جائے ورنہ کام نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ پیر سے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو حیدرآباد کے دفتر کے باہر احتجاج کیا جائے گا۔

    مختیارکاروں نے سندھ حکومت کے آگے 6 مطالبات رکھ دیے ہیں، ان کا مطالبہ ہے کہ ہماری ترقیاں سینیارٹی رولز اور ہائیکورٹ ججمنٹ کے تحت کی جائیں، اور ڈی ڈی او کے اختیارات کے ساتھ بجٹ ہیڈ کو الگ سے مختص کیا جائے۔

  • حیدرآباد میں پیپلز بس سروس کا باقاعدہ آغاز کب ہوگا؟ شرجیل میمن نے بتا دیا

    حیدرآباد میں پیپلز بس سروس کا باقاعدہ آغاز کب ہوگا؟ شرجیل میمن نے بتا دیا

    کراچی: صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حیدرآباد میں پیپلز بس سروس کا باقاعدہ آغاز اس ماہ میں ہوجائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات وٹرانسپورٹ سندھ شرجیل انعام میمن نے پیپلز بس سروس سے متعلق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔

    جس میں انہوں نے لکھا کہ پیپلزبس سروس کوپورےصوبےمیں وسعت دی جا رہی ہے، اب حیدرآباد کے شہری پیپلز بس سروس سے سفر کر سکیں گے۔

    شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ اب ہر شہری بہترین سفری سہولت سے فائدہ اٹھا سکے گا، اس ماہ میں حیدرآباد میں پیپلز بس سروس کا باقاعدہ آغاز ہوجائے گا۔

    وزیر اطلاعات وٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے مزید بتایا کہ پہلے روٹ  کیلئے حیدرچوک سے ہٹڑی پولیس اسٹیشن کا انتخاب کیا گیا، حیدرآباد میں روٹ پر15بس اسٹاپ بنائے جائیں گے۔

  • سندھ حکومت کا سیلاب متاثرہ گھروں کی تعمیر کیلئے کیش امداد دینے کا فیصلہ

    سندھ حکومت کا سیلاب متاثرہ گھروں کی تعمیر کیلئے کیش امداد دینے کا فیصلہ

    کراچی: سندھ حکومت نے سیلاب متاثرہ 7 لاکھ گھروں کی تعمیر کیلئے کیش امدادد ینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کابینہ نے فیڈلہ کیا ہے کہ ورلڈبینک اور عالمی اداروں کے تعاون سےگھر بنانے کیلئے متاثرہ لوگوں کو 3، 3 لاکھ روپے کیش دیےجائیں گے۔

    سندھ کابینہ اجلاس میں وزراء نے سوال کیا کہ کیش رقم دینگے تو گھر بنانے کو یقینی کیسے بنایا جائے گا؟ جس پر کابینہ کو آگاہی دی گئی کہ سندھ حکومت اتنی بڑی تعداد میں گھر بنانے کی گنجائش نہیں رکھتی ہے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کابینہ کو بتایا کہ مکمل تباہ گھروں کے مالکان کو تمام قانونی تقاضے پورے کر کے رقم دی جائےگی، رقم تقسیم کرنا اور پھر انہی پیسوں سے ٹوٹے گھر دوبارہ  بنانا بڑا چیلنج ہوگا۔

    کابینہ میں سیکریٹری بحالی، دیگر حکام کو گھروں کی بحالی سے متعلق رپورٹ دینے کا حکم دیا گیا۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ پیپلز ہاؤسنگ کمپنی تشکیل دے دی گئی ہے، گھروں کی تعمیر کے لئے مرحلے وار قسط پر رقم جاری ہوگی، 110 ارب روپے ورلڈ بینک سندھ حکومت کو فراہم کرے گی۔

  • ٹریفک جام کے دوران شہریوں کو لوٹنے والے اسٹریٹ کرمنلز گرفتار

    ٹریفک جام کے دوران شہریوں کو لوٹنے والے اسٹریٹ کرمنلز گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے سرسید ٹاؤن میں پولیس نے 4 اسٹریٹ کرمنل گرفتار کرلیے، ملزمان ٹریفک جام کے دوران شہریوں کو لوٹ کر فرار ہوجاتے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق سرسید ٹاؤن پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کر کے 8 رکنی اسٹریٹ کرمنل گینگ کے 4 کارندے گرفتار کرلیے۔

    گرفتار ملزمان میں نوید، ساگر عباسی، آصف اور رضا عباس شامل ہیں، ملزمان کے قبضے سے 10 موبائل فون، 4 پستولیں، 8 راؤنڈ، پرس اور موٹر سائیکل برآمد ہوئیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان قیوم آباد اور سرجانی ٹاؤن کے رہائشی ہیں اور قیوم آباد سے سرجانی کے روٹ پر وارداتیں کرتے ہیں۔

    ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ بلوچ کالونی پل، حسن اسکوائر برِج، لیاقت آباد برج اور ناگن چورنگی برِج پر ٹریفک جام کے دوران شہریوں کو لوٹ کر فرار ہوجاتے تھے۔

    ملزمان کا 8 رکنی گروہ ہے جس کا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے۔

    ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ موٹر سائیکلوں پر سوار چائے کے ہوٹلوں پر بیٹھے ہوئے شہریوں کو بھی لوٹتے تھے۔

    گینگ کے بقیہ ارکان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائی جاری ہے اور انہیں بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

    پولیس کے مطابق ملزمان کی سرسید پولیس سے ایک ہفتہ قبل بھی مڈ بھیڑ ہوئی تھی جس پر ملزمان پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے، گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

  • بچوں کی ویکسینیشن کے حوالے سے قانون سازی کا فیصلہ کیا ہے: وزیر اعلیٰ سندھ

    بچوں کی ویکسینیشن کے حوالے سے قانون سازی کا فیصلہ کیا ہے: وزیر اعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بچوں کی حفاظتی ویکسینیشن کے حوالے سے قانون سازی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بچوں کے امراض پر قابو پانے کے حوالے سے کراچی میں پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن کی تین روزہ عالمی کانفرنس شروع ہو گئی، یہ کانفرنس اتور تک جاری رہے گی۔

    افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبے کے بچوں میں ویکسینیشن کی حفاظتی شرح کم ہونے اور شرح اموات پر قابو پانے کے لیے حفاظتی ٹیکے لگوانے کے لیے قانون سازی کی جا رہی ہے۔

    انھوں نے کہا وفاقی حکومت جناح اسپتال، قومی ادارہ برائے اطفال اور قومی ادارہ برائے امراض قلب اسپتال صوبائی حکومت کے حوالے کرے، اس حوالے سے ہماری بات چیت جاری ہے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد عالی شاہ نے کہا کہ بچوں کی اس عالمی کانفرنس میں ماہرین اطفال کی سفارشات پر عمل دآمد کریں گے، ہم چاہتے ہیں کہ صوبے کے بچے صحت مند رہیں۔

    پروفیسر جمال رضا نے کہا کہ پاکستان میں ویکسینیشن کہ شرح 60 فی صد ہے، جس کی وجہ سے بچے کم عمری میں مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں، سندھ میں نوزائیدہ بچوں کی شرح اموات ایک ہزار میں سے 42 بچے ہیں۔

    انھوں نے کہا نوزائیدہ بچوں کو آکسیجن کی مطلوبہ مقدار فراہم کرنے کے لیے پہلی بار گائیڈ لائن بھی متعارف کرائی گئی ہے، جو یونیسف اور ہیلتھ سروس اکیڈمی کے اشتراک سے تیار کی گئی۔

    ڈاکٹر وسیم جمالوی اور ڈاکٹر خالد شفیع نے کہا کہ کانفرنس کے اختتام پر بچوں کی صحت اور شرح اموات کو کم کرنے کے حوالے سے ماہرین کی روشنی میں سفارشات تیار کی جا رہی ہیں جو حکومت سندھ کو ارسال کی جائیں گی۔

    اس کانفرنس میں 3 ہزار سے زائد ماہرین نے شرکت کی ہے، امریکا، سعودی عرب، قطر، ملائیشا سمیت دیگر ممالک کے ماہرین بھی شریک ہیں۔