Tag: سندھ

  • امریکا کا سیلاب متاثرین کے لیے مزید 3 کروڑ ڈالرز امداد کا اعلان

    امریکا کا سیلاب متاثرین کے لیے مزید 3 کروڑ ڈالرز امداد کا اعلان

    شکار پور: پاکستان میں امریکا کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے سندھ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، انہوں نے پاکستان کے لیے اضافی امداد کا اعلان بھی کیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے شکار پور کے سیلاب سے متاثرہ علاقے جاگھن اور گاؤں مکھنو کا دورہ کیا، ضلعی انتظامی کے افسران نے امریکی سفیر کو بحالی کے لیے جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔

    امریکی سفیر نے پاکستان کے لیے 3 کروڑ ڈالرز اضافی امداد کا اعلان کیا، انہوں نے سیلاب متاثرین میں امدادی سامان بھی تقسیم کیا۔

    ڈونلڈ بلوم کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین سے ملنے کا موقع ملا ہے، سیلابی ریلوں میں ان کے گھر، مال مویشی اور پیارے بہہ گئے۔ سیلاب کی وجہ سے لوگ خیموں میں پناہ لینے پر مجبور ہوگئے۔

    انہوں نے کہا کہ اب تک دی جانے والی امداد 9 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز ہوجائے گی، سیلاب میں تقریباً 23 لاکھ گھروں کو جزوی طور پر نقصان ہوا ہے۔

    امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ دنیا پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں دیکھ کر دنگ رہ گئی ہے، متاثرین کو خوراک اور طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

  • سندھ حکومت کی کراچی کے بلدیاتی الیکشن 2 مراحل میں کرانے کی تجویز

    سندھ حکومت کی کراچی کے بلدیاتی الیکشن 2 مراحل میں کرانے کی تجویز

    کراچی: سندھ حکومت کی جانب سے کراچی کے بلدیاتی الیکشن 2 مراحل میں کرانے کی تجویز سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کراچی کے بلدیاتی انتخابات دو مراحل میں کرانا چاہتی ہے، اس سلسلے میں الیکشن کمیشن تک تجاویز پہنچا کر رائے مانگی جائے گی۔

    یہ تجویز پولیس نفری کی سیلاب زدہ علاقوں میں موجودگی کے سبب سامنے آئی ہے، تجویز کے مطابق پہلے میسر اہل کار ایک مرحلے میں تعینات کیے جائیں گے، دوسرے مرحلے میں پھر انھی اہل کاروں کو تعینات کیا جائے گا۔

    تجویز میں کہا گیا ہے کہ 2 مراحل میں الیکشن کرانے سے سندھ حکومت کو سہولت ہوگی۔

    وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے اس سلسلے میں آج نئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ملاقات میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے احکامات پر سندھ حکومت کراچی اور حیدر آباد میں بلدیاتی الیکشن کے لیے تیار ہے۔

  • اسکول بینچ پر سونے والا استاد معطل، 3 رکنی کمیٹی بھی قائم

    اسکول بینچ پر سونے والا استاد معطل، 3 رکنی کمیٹی بھی قائم

    لاڑکانہ: محکمہ تعلیم سندھ نے اسکول بینچ پر سونے والے استاد کو معطل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم و ثقافت سندھ سید سردار شاہ نے دوران ڈیوٹی اسکول بینچ پر سونے والے استاد عبدالرحیم کے خلاف کارروائی کے احکامات جاری کر دیے۔

    لاڑکانہ کے گورنمنٹ پرائمری اسکول جیل کالونی کے استاد عبدالرحیم فرائض کی انجام دہی کی بجائے اسکول میں ایک بینچ پر سوتے پائے گئے تھے، ان کی سونے کی ویڈیو وائرل ہو گئی تھی۔

    صوبائی وزیر تعلیم کے احکامات پر ضلعی تعلیمی افسر پرائمری لاڑکانہ نے پرائمری اسکول ٹیچر کو معطل کر دیا۔

    محکمہ تعلیم سندھ نے معطل استاد کے خلاف کارروائی کے لیے تین رکنی کمیٹی قائم بھی کر دی ہے۔

  • کراچی : عوام کو سستے نرخ پر آٹے کی فراہمی آج سے ہوگی

    کراچی : عوام کو سستے نرخ پر آٹے کی فراہمی آج سے ہوگی

    کراچی : صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے اعلان کیا ہے کہ سندھ حکومت نے سندھ بھر میں آٹے کے رعایتی اسٹالز سے عوام کو آٹا فراہم کرنے کا آغاز کردیا ہے۔

    اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا سندھ بھر میں 700 پوائنٹس پر رعایتی نرخوں پر آٹا آج سے دستیاب ہوگا۔

    وزیر اطلاعات سندھ کا کہنا ہے کہ عوام مقررہ مقامات سے 65 روپے فی کلو گرام پر آٹا خرید سکتے ہیں، آٹا 5اور 10 کلو گرام کے تھیلے میں دستیاب ہے۔

    دوسری جانب فلور ملز ایسوسی ایشن کے چئیرمین عامر چوہدری کے مطابق سندھ حکومت نے فلور ملز کو30 ستمبر تک گندم کا کوٹہ فراہم کر دیا ہے۔

    یومیہ 30 سے 50 کلو گرام آٹے کے تھیلے مارکیٹ میں فراہم کیے جائیں گے۔ اکتوبر سے دو لاکھ تک سستے آٹے کے تھیلے مارکیٹ میں فراہم ہونا شروع ہوجائیں گے۔

  • سیلاب زدہ علاقوں کے لیے سندھ حکومت کے پاس ادویات کا بھاری اسٹاک موجود

    سیلاب زدہ علاقوں کے لیے سندھ حکومت کے پاس ادویات کا بھاری اسٹاک موجود

    اسلام آباد: وزارت صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کے پاس سیلاب زدہ علاقوں کے لیے مختلف بیماریوں کی ادویات کا بھاری اسٹاک موجود ہے۔

    وزارت قومی صحت کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ سندھ حکومت کے پاس سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے ادویات کی کوئی کمی نہیں، متاثرہ علاقوں میں موجود حاملہ خواتین کے لیے ملٹی وٹامنز سمیت گیسٹرو مریضوں کے لیے نمکول، ڈرپس اور اینٹی بائیوٹک ادویات کا بھاری ذخیرہ موجود ہے۔

    ذرائع کے مطابق سندھ کے سیلاب زدہ ایریاز میں حکومت کے پاس گیسٹرو کے مریضوں کے لیے نمکول کے 2 لاکھ 4870 ساشے موجود ہیں، 72 ہزار 241 سادہ ڈرپس، اور 46 ہزار 846 اینٹی بایوٹک ڈرپس کا اسٹاک بھی موجود ہے۔

    ملیریا کے حوالے سے سندھ کے حساس اضلاع میں مچھر دانیاں تقسیم نہیں ہوئیں: انکشاف

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سیلاب زدہ علاقوں میں گیسٹرو مریضوں کے لیے 8 لاکھ 93 ہزار 520 اینٹی بائیوٹک گولیاں اور 57 ہزار 45 سیرپ اور گیسٹرو مریضوں کے لیے 3 لاکھ 53 ہزار 325 اینٹی بائیوٹک کیپسول دستیاب ہیں۔

    سیلاب زدہ علاقوں کے لیے 7 لاکھ 11 ہزار سے زائد پیراسٹامول گولیاں بھی موجود ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ میں حاملہ خواتین کے لیے ضروری فولک ایسڈ کی 8 لاکھ 59 ہزار 130 گولیاں، اور آئرن کی 11 لاکھ 56 ہزار 170 آئرن والی گولیاں دستیاب ہیں۔

    ملیریا کے مریضوں کے لیے 65 ہزار 504 سیرپ اور 1 لاکھ 59 ہزار 732 گولیاں دستیاب ہیں۔

    ذرائع کے مطابق سندھ محکمہ صحت کے پاس سیلاب زدہ ایریاز میں کتے کے کاٹے کی ویکسین کی 9 ہزار 352 ڈوز اور سانپ کے ڈسنے کی ویکسین کی 1 ہزار 306 ڈوز موجود ہیں۔

  • ملیریا کے حوالے سے سندھ کے حساس اضلاع میں مچھر دانیاں تقسیم نہیں ہوئیں: انکشاف

    ملیریا کے حوالے سے سندھ کے حساس اضلاع میں مچھر دانیاں تقسیم نہیں ہوئیں: انکشاف

    اسلام آباد: ذرائع وزارت صحت نے انکشاف کیا ہے کہ ملیریا کے حوالے سے سندھ کے حساس اضلاع کے بیش تر دیہات میں مچھر دانیاں تقسیم نہیں ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت صحت کا کہنا ہے کہ سندھ کے 12 سیلاب زدہ اضلاع ملیریا کے حوالے سے حساس ہیں، جن میں 6 مشرقی، اور 6 مغربی اضلاع شامل ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ خیرپور، سانگھڑ، شہید بینظیر آباد، نوشہروفیروز، بدین، میرپور خاص، قمبر، جیکب آباد، جامشورو، لاڑکانہ، شکارپور، اور دادو ملیریا کے حوالے سے حساس ہیں۔

    ذرائع کے مطابق وفاق سندھ حکومت کو دوا لگی مچھر دانیاں اور ادویات فراہم کر چکی ہے، لیکن سندھ کے حساس اضلاع کے بیش تر دیہات میں مچھر دانیاں تقسیم نہیں ہوئیں۔

    پیشگی اقدامات نہ ہونے پر سندھ کے 12 اضلاع میں ملیریا کیسز بڑھے، سندھ کے ملیریا کے حوالے سے 12 حساس اضلاع میں مؤثر سرویلنس بھی نہیں کی گئی۔

    رواں ماہ سندھ میں بچوں میں 1 لاکھ 66743 آبی ڈائریا کیس، جب کہ رواں برس بچوں میں 8 لاکھ 38951 آبی ڈائریا کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔

    رواں ماہ سندھ میں بچوں میں 13 ہزار 377 اسہال کے کیس رپورٹ ہوئے، جب کہ رواں برس بچوں میں 91 ہزار 904 اسہال کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ سندھ میں رواں سال بچوں میں ہیضے کے بھی 438 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

    رواں ماہ سندھ میں ڈائریا، اسہال سے 6 بچے جاں بحق ہوئے، جب کہ رواں سال ڈائریا، اسہال سے 7 بچے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

  • یونیسیف کی سیلاب متاثرہ علاقوں میں تعلیم کے لیے تعاون کی یقین دہانی

    یونیسیف کی سیلاب متاثرہ علاقوں میں تعلیم کے لیے تعاون کی یقین دہانی

    کراچی: یونیسیف نے محکمہ تعلیم سندھ کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تعلیم کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرا دی۔

    تفصیلات کے مطابق یونیسیف کی چیف ایجوکیشن ایلن وان نے جمعرات کو عمرکوٹ میں وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ سے ملاقات کی۔

    صوبائی وزیر تعلیم نے ایلن وون کو بتایا کہ بارش اور سیلاب سے ابتدائی سروے کے مطابق سندھ میں 22 ہزار سے زائد اسکولوں کی عمارتیں مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہوئی ہیں، اور 28 لاکھ بچوں کی تعلیم متاثر ہوئی۔

    انھوں نے کہا کرونا وبا کہ وجہ سے ایک سال سے زائد عرصہ اسکول بند رہے اور بچوں کی تعلیم پہلے ہی کافی متاثر ہوئی ہے۔

    وزیر تعلیم نے یونیسیف کے ایجوکیشن چیف کو ٹینٹ سٹیز میں متاثرہ بچوں کے لیے قائم عارضی تعلیمی مراکز (TLC) سے متعلق بھی بریفنگ دی۔ انھوں نے کہا اس طرح کا منصوبہ انھوں نے بحیثیت وزیر تعلیم اپنے آبائی ضلع عمرکوٹ سے شروع کیا تھا۔

    یونیسیف کے سربراہ نے وزیر تعلیم سندھ کی قیادت میں محکمہ تعلیم کے بروقت رد عمل کو سراہا، ایل وون نے کہا موجودہ حالات میں ٹی ایل سی کا اقدام تعلیمی نقصانات کی تلافی اور ایسی ہنگامی صورت حال میں تعلیم کے تسلسل کو بحال رکھنے کے لیے ایک عملی متبادل ہے۔

    انھوں نے کہا اس ماڈل کو دیگر صوبوں کے سیلاب متاثرہ بچوں کے لیے بھی شروع کیا جائے گا۔

  • سندھ میں تمام اضلاع کے ترقیاتی فنڈز منجمد

    سندھ میں تمام اضلاع کے ترقیاتی فنڈز منجمد

    کراچی: سندھ حکومت نے کراچی کے سوا تمام اضلاع کے ترقیاتی فنڈز منجمد کردیے، فی الحال محکمہ آبپاشی، پی ڈی ایم اے اور ڈی سیز کو ریسکیو اور بندوں کی مرمت کے لیے 10 ارب 84 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں سیلاب کے بعد حکومت سندھ نے کراچی کے سوا تمام اضلاع کے ترقیاتی فنڈز منجمد کردیے، محکمہ ترقی و منصوبہ بندی نے تمام سیکریٹریز کو آگاہ کردیا۔

    رواں مالی سال میں 4 ہزار 158 ترقیاتی منصوبوں کے لیے 332 ارب روپے رکھے گئے، 118 ارب ریلیز کیے جا چکے ہیں اور ان میں سے صرف 20 ارب روپے خرچ کیے گئے ہیں۔

    فی الحال محکمہ آبپاشی، پی ڈی ایم اے اور ڈی سیز کو 10 ارب 84 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں، یہ فنڈز ریسکیو اور بندوں کی مرمت کے لیے جاری کیے گئے ہیں۔

  • سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض خطرناک صورت اختیار کر گئے

    سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض خطرناک صورت اختیار کر گئے

    کراچی: صوبہ سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض سے مزید 9 سیلاب متاثرین دم توڑ گئے، سندھ میں اب تک 318 سیلاب متاثرین مختلف وبائی امراض کے باعث انتقال کر چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض شدت اختیار کر گئے، گزشتہ 24 گھنٹے میں 9 سیلاب متاثرین دم توڑ گئے۔

    ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ انتقال کر جانے والے متاثرین وبائی امراض میں مبتلا تھے، 3 سیلاب متاثرین کا تعلق نوشہرو فیروز سے تھا، 2 جیکب آباد، 2 ٹنڈو الہٰ یار اور 2 قمبر عمر کوٹ سے تعلق رکھتے تھے۔

    ذرائع کے مطابق انتقال کر جانے والے متاثرین میں 5 مرد اور 4 خواتین شامل ہیں۔

    جاں بحق ہونے والے سیلاب متاثرین گیسٹرو، ڈائریا، ملیریا، بخار اور امراض قلب کا شکار تھے۔ سندھ میں اب تک 318 سیلاب متاثرین انتقال کر چکے ہیں۔

  • سندھ: وڈیرے کے اشارے پر خواتین کا سیلاب متاثرین کی مدد کرنے والی سماجی ورکر پر حملہ

    سندھ: وڈیرے کے اشارے پر خواتین کا سیلاب متاثرین کی مدد کرنے والی سماجی ورکر پر حملہ

    ٹنڈو محمد خان: صوبہ سندھ کے شہر ٹنڈو محمد خان میں ایک وڈیرے کے اشارے پر خواتین نے سماجی ورکر رضیہ سہتو پر حملہ کر کے انھیں سیلاب متاثرین کی مدد کرنے سے روک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹنڈو محمد خان کے گاؤں ہاشم سہتو میں سیلاب متاثرین کی مدد کرنے والی سماجی ورکر رضیہ سہتو پر خواتین نے حملہ کر کے ان پر تشدد کیا۔

    وڈیرے کے اشارے پر مشتعل خواتین نے رضیہ سہتو کو یرغمال بنایا اور موبائل چھیننے کی کوشش کی، ان کی گاڑی کے شیشے توڑ دیے۔

    رپورٹ کے مطابق رضیہ سہتو بیمار متاثرین میں دوائیں تقسیم کرنے گئی تھیں، وہ ڈیڑھ ماہ سے سیلاب متاثرین کو راشن اور خیمے فراہم کر رہی ہیں، تاہم گاؤں کا وڈیرہ ان کی راہ میں رکاوٹ بن گیا ہے۔

    وڈیرے کی بدمعاشی بھی سامنے آ گئی ہے، رضیہ سہتو کے مطابق وڈیرے کا کہنا ہے کہ جو بھی امدادی کام کرنا ہے مجھ سے پوچھ کر کرو، وڈیرے ہی نے خواتین کو حکم دیا کہ انھیں گاؤں میں نہ آنے دیں، اے آر وائی نیوز کو موصول ویڈیو میں رضیہ کی گاڑی پر خواتین حملہ کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

    دوسری طرف اے آر وائی نیوز پر سیلاب متاثرین کی مدد کرنے والی سماجی ورکر پر حملے کی خبر نشر ہونے کے بعد شیخ بھرکیو پولیس بھی الجھن کا شکار ہو گئی۔ پولیس نے فریادی سماجی ورکر غیر شادی شدہ خاتون کو شادی شدہ لکھ ڈالا، پولیس نے جلد بازی کرتے ہوئے فریادی کے والد کے نام کی جگہ پر شوہر لکھ دیا۔

    متاثرہ سماجی کارکن رضیہ سہتو کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر وڈیرے کی خواہش کے مطابق درج کی گئی ہے، پولیس جان بوجھ کر اس کی گرفتاری میں تاخیر کر رہی ہے، اور ایف آئی آر میں سہولت کار وڈیرے کا نام شامل نہیں کیا گیا۔