Tag: سندھ

  • سندھ بلدیاتی انتخابات، الیکشن کمیشن کا بڑا فیصلہ سامنے آگیا

    سندھ بلدیاتی انتخابات، الیکشن کمیشن کا بڑا فیصلہ سامنے آگیا

    کراچی: صوبہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرےمرحلے کا نظر ثانی شدہ شیڈول جاری کردیا گیا۔

    صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانےکی تاریخ میں چار دن کی توسیع کردی گئی ہے، دوسرے مرحلے کے انتخابات میں حصہ لینے کے خواہش مند افراد اب 15 جون تک اپنے کاغذات نامزدگی جمع کراسکتے ہیں، امیدواروں کی ابتدائی فہرست 16جون کوجاری کی جائےگی جبکہ 17سے19جون تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جائےگی۔

    ترجمان کے مطابق کاغذات نامزدگی مسترد یا منظور کرنےکےخلاف 20سے22جون تک اپیل کی جاسکےگی، 27 جون کو ظرثانی شدہ فہرستیں آویزاں کی جائیں گے، 28 جون کوکاغذات نامزدگی واپس لیےجاسکیں گے جبکہ 29 جون کو انتخابی نشانات الاٹ کیےجائیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: سندھ بلدیاتی انتخابات پہلا مرحلہ، 946 امیدوار بلامقابلہ منتخب

    صوبہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لئے پولنگ چوبیس جولائی کو ہوگی جبکہ اٹھائیس جولائی کو بلدیاتی انتخابات کے سرکاری نتائج جاری کئے جائیں گے۔

    واضح رہے کہ سندھ میں اس بار دو مرحلوں میں بلدیاتی الیکشن کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے، سندھ میں پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات 26 جون کو ہوں گے۔

    ادھر سندھ میں پہلے مرحلے میں 14 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں 946 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں، اے آر وائی نیو کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق ضلع کشمور کندھ کوٹ میں 96، قمبر شہداد کوٹ میں 70 اور جیک آباد میں 135 امیدوار بلامقابلہ منتخب قرار پائے۔

    اسی طرح شکارپور میں 94، لاڑکانہ میں 11، میرپور خاص میں 65 اور عمرکوٹ اضلاع میں 69 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے،ضلع تھرپارکر میں 18، سکھر میں 34، گھوٹکی میں 48، خیرپور میں 67 اور شہید بے نظیر آباد ضلع میں بھی 105امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں، نوشہروفیروز میں 48 اور سانگھڑ میں 87 امیدوار بلامقابلہ منتخب قرار پائے۔

  • سندھ میں کسانوں کے لیے خوش خبری، عمران خان کی دی ہوئی سبسڈی رقم جاری

    سندھ میں کسانوں کے لیے خوش خبری، عمران خان کی دی ہوئی سبسڈی رقم جاری

    کراچی: سندھ میں کسانوں کے لیے سابق وزیر اعظم عمران خان کی دی ہوئی سبسڈی رقم جاری کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے کسانوں کو ربیع و خریف سیزن کے لیے سبسڈی جاری کر دی، صوبے میں کسانوں کو 2 ارب 52 کروڑ کی سبسڈی دی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کسانوں کو سبسڈی کی یہ رقم مالی سال کے اختتام اور بلدیاتی الیکشن کے موقع پر جاری ہوئی ہے۔

    ربیع سیزن میں کسانوں کو فرٹیلائزر پر 1650 ملین روپے کی سبسڈی، سندھ کے کاشت کاروں کو ڈی اے پی، کاٹن بیج پر 902 ملین روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔

    محکمہ خزانہ نے وزیر اعظم پیکج کے تحت کسان سبسڈی فنڈز محکمہ زراعت کو جاری کر دیے ہیں۔

    یاد رہے کہ مارچ 2021 میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے احساس پروگرام کے تحت کسانوں سمیت 3 کروڑ خاندانوں کو براہ راست سبسڈی دینے کا اعلان کیا تھا، اس سلسلے میں کسانوں میں کسان کارڈ بھی تقسیم کیے جا چکے ہیں۔

    اس کارڈ کے ذریعے کسانوں کو کھادوں، بیجوں اور کیڑے مار ادویات میں اعانت کے ساتھ ساتھ کسی بھی قدرتی آفت کی صورت میں متاثرہ فصلوں کے لیے قرضے اور معاونت فراہم کی جاتی ہے۔

  • سندھ میں بوٹی مافیا کا راج، انٹرمیڈیٹ امتحانات مذاق بن گئے

    سندھ میں بوٹی مافیا کا راج، انٹرمیڈیٹ امتحانات مذاق بن گئے

    سکھر: امتحانات سے متعلق تمام حکومتی دعوے بے سود ثابت ہوئے، لاڑکانہ میں اعلیٰ ثانوی بورڈ کا پہلا ہی پرچہ قبل از وقت آؤٹ ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں لاڑکانہ بورڈ کے زیر اہتمام اعلیٰ ثانوی بورڈ کے زیراہتمام جاری امتحانات میں نقل مافیا نے پہلےروز ہی گیارہویں جماعت اردوسلیبس کا آسان پرچہ وقت سےقبل آوٹ کرالیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ بھرمیں انٹرمیڈیٹ کےامتحانات کا آغاز ہوگیا، تاہم انتظامیہ نقل کی روک تھام میں ناکام رہی سکھر، نواب شاہ اورلاڑکانہ میں پرچہ آؤٹ ہوااور واٹس ایپ گروپ پر گردش کرتا رہا جبکہ دادو کیدو تحصیلوں میں گیارہویں جماعت کاپہلا پرچہ منسوخ کردیاگیا ہے۔

    سکھرمیں نقل مافیا سرگرم رہی امتحان کے دوران بیشترامتحانی مراکز پر سہولیات کا فقدان رہا ، بجلی کی لوڈشیڈنگ کےباعث طلبا گرمی سے بےحال رہے۔

    لاڑکانہ بورڈ کے مطابق امتحانات میں 74ہزارسےزائدامیدوار امتحانات میں حصہ لے رہے ہیں، نقل کی روک تھام کے لئے تعلیمی بورڈاور محکمہ تعلیم کی33چھاپہ مارٹیمیں بھی تشکیل دے رکھی ہیں۔

    اس سے قبل سندھ میں میٹرک کے امتحانات میں بھی نقل مافیا سرگرم رہی، وزیر تعلیمی بورڈز اسماعیل راہو نے کہا کہ نقل کرنے اور اپنی جگہ کسی اور فرد کو امتحان میں بٹھانے والوں پر ایک سے 3 سال تک پابندی لگانے جا رہے ہیں، ہمیں سندھ میں نقل روکنے کے لیے مزید سخت فیصلے لینے ہوں گے۔

    مگر ان کے تمام دعوے کھوکھلے ثابت ہوئے اور سندھ بھر میں بوٹی مافیا کا راج رہا۔

  • 8 بجے مارکیٹس، شادی ہال 10 بجے، ریسٹورینٹس 11 بجے بند کرنے کا فیصلہ مسترد

    8 بجے مارکیٹس، شادی ہال 10 بجے، ریسٹورینٹس 11 بجے بند کرنے کا فیصلہ مسترد

    کراچی: سندھ حکومت اور ایسوسی ایشنز کے درمیان مارکیٹوں، شادی ہالز اور ریسٹورنٹس کے اوقات کار کے معاملے پر مذاکرات بے نتیجہ ختم ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق تاجر ایسوسی ایشنز نے 8 بجے مارکیٹیں، شادی ہال 10 بجے، اور ریسٹورینٹس 11 بجے بند کرنے کا سندھ حکومت کا فیصلہ مسترد کر دیا ہے۔

    یہ مذاکرات مرتضیٰ وہاب، اکرام دھاریجو اور کمشنر کراچی اور الیکٹرونک ڈیلرز ایسوسی ایشن، کراچی سندھ تاجر اتحاد، شادی ہال ایسوسی ایشن، اور ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن کے درمیان ہوئے۔

    صدر کراچی سندھ تاجر اتحاد حبیب شیخ کا کہنا تھا کہ 10 سے 12 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ سے کاوربار پہلے ہی تباہ ہو چکا ہے، کے الیکٹرک جب چاہتی ہے بجلی بند کر دیتی ہے، اس لیے مارکیٹیں 8 بجے بند نہیں کر سکتے۔

    الیکٹرونک ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر رضوان عرفان نے کہا کہ الیکٹرونکس کا کاروبار بجلی سے چلتا ہے اس لیے 8 بجے دکانیں بند نہیں کریں گے۔

    شادی ہال ایسوسی ایشن نے بھی اوقات کار کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ 11 بجے ہال بند نہیں کریں گے، 12 بجے تک کھولیں گے، ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ شہری ریسٹورنٹس پر آنا ہی 9 بجے شروع کرتے ہیں، کاروبار رات ایک بجے تک چلتا ہے، اس لیے 10 بجے بند نہیں کریں گے۔

    مذاکرات کے بعد وزرا نے تاجروں کی تجاویز وزیر اعلیٰ سندھ کو پیش کرنے کے لیے وقت مانگ لیا۔

    دوسری طرف کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے دعویٰ کیا ہے کہ توانائی کی بچت کے اقدامات کے تحت حکومت نے تجارتی اور کاروباری تنظیموں کے ساتھ مشاورت مکمل کر لی، تاجر تنظیموں کی اکثریت نے اجلاس میں حکومت کے فیصلے پر عمل درآمد میں بھرپور تعاون کا یقینی دلایا ہے۔

  • سندھ حکومت کا آئندہ بجٹ میں 7 محکموں کے لیے نئی اسکیمز شامل نہ کرنے پر غور

    سندھ حکومت کا آئندہ بجٹ میں 7 محکموں کے لیے نئی اسکیمز شامل نہ کرنے پر غور

    کراچی: سندھ حکومت نے آئندہ بجٹ میں 7 محکموں کے لیے نئی اسکیمز شامل نہ کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مالی سال 23-2022 کے لیے سندھ کے میزانیے کی تیاری جاری ہے، یہ بجٹ 14 جون کو پیش کیا جائے گا۔

    سندھ حکومت 7 محکموں کے لیے بجٹ میں نئی اسکیمز شامل نہ کرنے پر غور کر رہی ہے، جب کہ سالانہ ترقیاتی بجٹ میں 30 ارب روپے اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔

    آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ضلعی ترقیاتی پروگرام کے لیے 32 ارب مختص کرنے کی تجویز ہے، جب کہ نئی اسکیمز کا بجٹ 18 ارب روپے کم کرنے کی تجویز ہے۔

    غیر ملکی امداد سے چلنے والے منصوبوں کا تخمینہ 100 ارب روپے متوقع ہے، رواں مالی سال کے مقابلے میں آئندہ بجٹ میں صحت کے مجموعی بجٹ میں صرف 9 ملین روپے اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔

    آئندہ بجٹ میں سندھ کا ہیلتھ سیکٹر کا مجموعی بجٹ 18 ہزار 509 ملین روپے کرنے کی تجویز ہے، جب کہ تعلیم کا بجٹ 27 ہزار 449 ملین روپے کرنے کی تجویز ہے، اس کے ساتھ آئی ٹی، ٹرانسپورٹ، زراعت، داخلہ کے بجٹ میں اضافہ نہ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    سندھ حکومت آئندہ مالی سال کے میزانیے کو 10 جون تک حتمی شکل دے گی، اس سلسلے میں تمام محکموں کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

  • سندھ میں 200 امیدواروں  کا جعلی ڈومیسائل پر اساتذہ کے امتحان میں کامیاب ہونے کا انکشاف

    سندھ میں 200 امیدواروں کا جعلی ڈومیسائل پر اساتذہ کے امتحان میں کامیاب ہونے کا انکشاف

    کراچی : سندھ میں 200 امیدوار کا جعلی ڈومیسائل پر اساتذہ کے امتحان میں کامیاب ہونے کا انکشاف سامنے آیا، امیدواروں کا تعلق سبی، مالاکنڈ، اسلام آباد، ایبٹ آباد اور چترال کے اضلاع سے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں اساتذہ ٹیسٹ میں 200 دیگر صوبوں کے امیدواروں کے پاس ہونے کا انکشاف سامنے آیا ، پاس ہونے والوں میں کراچی کے ایسٹ، ملیر، کورنگی،سینٹرل میں 122 سے زائد امیدوار شامل ہیں۔

    ذرائع نے بتایا کہ جمشید ٹاؤن میں 50، سینٹرل کراچی سے11امیدواروں ، ملیر میں 14، کورنگی میں22 امیدواروں کا ڈومیسائل جعلی ہے۔

    اس کے علاوہ تدریسی آسامیوں کے لیے 14 امیدواروں کے پاس ضلع بدین کا ڈومیسائل جعلی ہے جبکہ گھوٹکی میں 12، کشمور میں 2 اور حیدرآباد میں 6 امیدواروں ، لاڑکانہ سے 5 اور مٹیاری میں ایک پی ایس ٹی فی میل امیدوار کا ڈومیسائل جعلی نکلا۔

    ذرائع کے مطابق ان پی ایس ٹی اور جے ایس ٹی امیدواروں کے پاس دوسرے صوبوں کے قومی شناختی کارڈز جعلی ‘ڈی’ فارم ہیں۔

    ذرائع نے انکشاف کیا کہ جعلی ڈومیسائل سرٹیفکیٹ پر بھرتی ہونے والے ٹیچنگ امیدواروں کا تعلق سبی، مالاکنڈ، اسلام آباد، ایبٹ آباد اور چترال کے اضلاع سے ہیں۔

    خیال رہے سندھ ہائی کورٹ نے صوبے میں اکیس ہزار سے زائد سرکاری ملازمتوں میں مبینہ بے ضابطگیوں اور اس معاملے پر فل بینچ بنانے کیلئے ایم کیو ایم رہنماؤں کی درخواست مسترد کردی ہے۔

  • سندھ میں پانی کی قلت شدت اختیار کرگئی

    سندھ میں پانی کی قلت شدت اختیار کرگئی

    کراچی : سندھ میں پانی قلت شدت اختیار کرگئی، صوبائی حکومت نے پانی کی قلت کے باعث صوبے میں کی فصلیں متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا۔

    اس حوالے سے مشیر زراعت منظور وسان نے کہا ہے کہ ارسا، پنجاب سندھ کا پانی بند کرکے ریگستان بنانا چاہتے ہیں، ارسا کی مدد سے پنجاب لفٹ مشینوں کے ذریعے30 ہزار کیوسک پانی چوری کررہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ارسا کی نااہلی سے سندھ کو اس وقت53فیصد پانی کی قلت کاسامنا ہے، کینجھر جھیل میں پانی کی سطح کافی حد تک کم ہونے لگی ہے۔

    سندھ میں پانی کی قلت شدت اختیار کرگئی

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ چشمہ اور تونسہ بیراج پر پانی کی سطح میں40ہزار کیوسک کمی ہوگئی، پانی نہ ہونے سے سندھ میں کپاس اور گنے کی فصل جل چکی ہے۔

    منظوروسان نے کہا کہ زرعی پانی کی عدم فراہمی کے باعث سندھ میں زیادہ تر فصلیں خراب ہوچکی ہیں،
    لوگوں کے پاس اپنے مال مویشیوں کیلئے بھی پانی دستیاب نہیں ہے۔

    سندھ میں زرعی پانی کی قلت شدت اختیار کرگئی، خریف کی فصلیں متاثر ہونے کا خدشہ

    مزید پڑھیں : سندھ میں پانی چوری روکنے کیلئے صوبائی حکومت کا اہم فیصلہ

    مشیر زراعت نے وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ سندھ کے حصے کا پانی چوری ہونے کا نوٹس لے کر فوری کارروائی کریں۔

  • حقیقی آزادی مارچ : اندرون سندھ بھی پی ٹی آئی کارکنان کی گرفتاریاں جاری

    حقیقی آزادی مارچ : اندرون سندھ بھی پی ٹی آئی کارکنان کی گرفتاریاں جاری

    موجودہ حکومت کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کا ” حقیقی آزادی مارچ” کے سلسلے میں پنجاب کے بعد سندھ میں بھی لوگوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی۔

    اس حوالے سے سندھ کے شہر مٹیاری میں پی ٹی آئی کے کارکنان اپنے چیئرمین کی ہدایت پر حکومت کیخلاف سراپا احتجاج ہیں۔

    سندھ پولیس نے صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا، پولیس نے مقامی صدر اویس گل سمیت20کارکنان کو گرفتار کرکے لاک اپ کردیا۔

    پی ٹی آئی مٹیاری کے مقامی رہنما اویس گل میمن نے کہا کہ جیل اور ہتھکڑیوں سے نہیں ڈرتے، عمران خان کیلئے جان دینے سے بھی گریزنہیں کریں گے۔

    واضح رہے کہ موجودہ حکومت کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کا ” حقیقی آزادی مارچ” پشاور سے شروع ہوگیا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی قیادت میں تاریخی مارچ آج اسلام آباد کے لئے روانہ ہوگا۔

    چیئرمین پی ٹی آئی کا اہم پیغام

    چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ہمارا ایک مقصد ہے الیکشن کرائیں اور اسمبلی تحلیل کریں، ہم اگر اب نہیں نکلیں گے تو ہماری آئندہ نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی، قوم سے اپیل ہے کل ہمیں موقع مل رہا ہے اس کو ضائع نہ ہونے دیں۔

  • سندھ میں دفعہ 144 نافذ

    سندھ میں دفعہ 144 نافذ

    کراچی: محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے میں دفعہ 144 نافذ کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے بھر میں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کر دی ہے، محکمے کا کہنا ہے کہ صوبے میں جلسے جلوسوں اور عوامی اجتماعات پر مکمل پابندی ہوگی۔

    دفعہ 144 کا نفاذ 30 دن تک جاری رہے گا، محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ ممکنہ دہشت گردی کے پیش نظر دفعہ 144 کا نفاذ کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ عمران خان کے حقیقی آزادی مارچ سے پہلے پولیس نے کراچی سمیت ملک بھر میں رہنماؤں اور سرگرم کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے، لاہور میں حماد اظہر کے گھر پر چھاپا مارا گیا، پولیس اہل کار سیڑھی لگا کر گھر میں داخل ہوئے، گارڈز کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

    کریک ڈاؤن: پی ٹی آئی کراچی کے جنرل سیکریٹری سیف الرحمان محسود گھر سے گرفتار

    پی ٹی آئی رہنما اسد عمر اور ڈاکٹر بابر اعوان کے گھروں پر بھی چھاپے مارے گئے، کراچی میں پی ٹی آئی کراچی کے جنرل سیکریٹری سیف الرحمان محسود کو گھر سے اور عطاللہ ایڈووکیٹ کو گھر کا دروازہ توڑ کر گرفتار کیا گیا۔

    کینسر سے نبرد آزما ڈاکٹر یاسمین راشد حماد اظہر کے گھر پر چھاپے کے وقت پہنچیں تو انھیں بھی مرد اہل کاروں نے پکڑنے کی کوشش کی۔

  • ممتحن نے گرمی سے پریشان طلبہ کے لیے امتحانی گتے کو دستی پنکھا بنا لیا، بورڈ چیئرمینز لوڈ شیڈنگ کے آگے بے بس

    ممتحن نے گرمی سے پریشان طلبہ کے لیے امتحانی گتے کو دستی پنکھا بنا لیا، بورڈ چیئرمینز لوڈ شیڈنگ کے آگے بے بس

    کراچی: سندھ بھر کے میٹرک بورڈ چیئرمینز لوڈ شیڈنگ کے آگے بے بس ہو گئے ہیں، حیدرآباد میں ایک اسکول میں ممتحن نے گرمی سے پریشان طلبہ کے لیے امتحانی گتے کو دستی پنکھا بنا لیا، ویڈیو میں انھیں پنکھا جھلاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک بھر میں میٹرک کے امتحانات بری طرح نقل اور لوڈ شیڈنگ کے نرغے میں آ چکے ہیں، ایسے میں امتحان لینے والے استاد کی ایک ویڈیو سامنے آ گئی جس میں وہ امتحانی گتے کو دستی پنکھا بنا کر گرمی سے پریشان طلبہ کو جُھلا رہے ہیں۔

    یہ ویڈیوز حیدرآباد شہر کے حیات آباد اسکول کی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چھت کے پنکھے بند پڑے ہوئے ہیں اور طلبہ سخت گرمی میں پرچا دینے پر مجبور ہیں، لڑکوں کو آستینوں سے چہرے سے پسینہ صاف کرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

    نقل، کسی اور کو امتحان میں بٹھانے پر 1 سے 3 سال پابندی کا عندیہ

    کراچی میں کے الیکٹرک کی جانب سے امتحانی مراکز پر جاری لوڈ ششڈنگ پر چیئرمین میٹرک بورڈ سید شرف علی شاہ نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کے الیکٹرک بادشاہ ہے وہ حکومت کی بھی نہیں سنتے، اے آر وائی نیوز کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کے الیکٹرک وزیر اعلیٰ اور وزرا کی بات نہیں سنتی، میں تو صرف ایک بورڈ کا چیئرمین ہوں۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ انتہا کو پہنچنے لگی ہے، کم سےکم 14 گھنٹے اور زیادہ سے زیادہ 18 گھنٹے بجلی غائب رہنے لگی ہے، شہباز شریف نے کہا تھا یکم مئی سے لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی لیکن ایسا لگ رہا ہے جیسے انھوں نے کہا ہو کہ یکم مئی سے بجلی نہیں آئے گی۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ نہ رات کو گھر میں بجلی، نہ دن میں امتحانی مراکز میں، بچے میٹرک کے امتحانات کی تیاری کیسے کریں؟ پرچے کیسے دیں؟ ملک کا کوئی والی وارث نہیں، کہاں جائیں؟ کس سے فریاد کریں؟

    اے آر وائی نیوز کے مطابق صوبائی حکومت کے محمکہ بورڈ و جامعات کی جانب سے سندھ بھر میں بجلی فراہم کرنے والے اداروں کو خطوط ارسال کیے گئے تھے، لیکن اس کے باوجود کے الیکٹرک سمیت حیسکو لیسکو اور دیگر اداروں نے لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

    میٹرک بورڈ کے چیئر مین شرف علی شاہ کی جانب سے تمام امتحانی مراکز کی فہرست اور طلبہ کی تعداد اور امتحانات کے اوقات کار کا ڈیٹا بھی دیا گیا تھا، اسی طرج سندھ کے دیگر بورڈ کے چیئرمینز کی جانب سے متعلہ اضلاع کے حکام کوآگاہ کیا گیا تھا، تاہم لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔