Tag: سندھ

  • حکومت کا بائیو گیس بسیں لانے کا منصوبہ

    حکومت کا بائیو گیس بسیں لانے کا منصوبہ

    کراچی: الیکٹرک بسوں کے بعد حکومت سندھ نے ماحول دوست بائیوگیس پر مبنی بسیں بھی لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ کی زیر صدارت بی آر ٹی ریڈ لائن کے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ، سی ای او کراچی ماس ٹرانز سمیت دیگر افسران شریک ہوئے۔

    اجلاس میں حکومت سندھ نے الیکٹرک بسوں کے بعد ماحول دوست بائیوگیس پر مبنی بسیں لانے کا فیصلہ کیا۔

    چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے کہا ریڈ لائن بی آر ٹی بس منصوبے پر 250 بسیں ماحول دوست توانائی بائیو گیس پر بھی چلیں گی۔

    کراچی میں پاکستان کی پہلی الیکٹرک بس کا افتتاح کردیا گیا

    انھوں نے منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا اس سلسلے میں لانڈھی کیٹل کالونی میں بائیوگیس پلانٹ بنایا جائے گا، جہاں سے بسوں کے لیے 11 ٹن کمپریسرڈ بائیو گیس فراہم کی جائے گی۔

    ممتاز علی شاہ کا کہنا تھا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی ملیر ہالٹ سے براستہ یونی ورسٹی روڈ نمائش تک چلے گی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سندھ حکومت نے کراچی میں پاکستان کی پہلی الیکٹرک بس کا باقاعدہ افتتاح کیا تھا، وزیر ٹرانسپورٹ سید اویس شاہ نے کہا تھا کہ نجی شعبے کے تعاون سے مزید الیکٹرک بسیں شہر کی سڑکوں پر لائی جائیں گی، اور اس سال کے آخر تک 100 سے زیادہ برقی بسیں سڑکوں پر آئیں گی۔

  • موسم گرم، سندھ میں اہم پیش گوئی

    موسم گرم، سندھ میں اہم پیش گوئی

    کراچی: محکمہ موسمیات نے سندھ میں ہیٹ ویو کی پیش گوئی کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں ہیٹ ویو کے خدشے کے پیش نظر ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے سندھ بھر کے ڈپٹی کمشنرز اور چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔

    مراسلے میں خبردار کیا گیا ہے کہ محکمہ موسمیات نے ملک کے دیگر حصوں کی طرح سندھ میں بھی ہیٹ ویو کی پیش گوئی کر دی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق ہیٹ ویو کے خدشات منگل سے ہفتے تک رہیں گے۔

    پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ انسانی جانوں کو محفوظ رکھنے کے لیے تمام ضروری احتیاطی اقدامات اٹھائے جائیں، سڑکوں پر پانی کی سبیلیں، اور ہیٹ ویو کے حوالے سے کیمپ لگائے جائیں۔

    واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے آج ملک میں رواں ہفتے کے دوران گرمی کی پہلی لہر کی پیش گوئی کر دی ہے، اس دوران ملک کے بیش تر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ میدانی علاقے شدیدگرمی کی لہر کے زیر اثر رہیں گے، منگل سے ہفتے کے دوران سندھ کے میدانی علاقے گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، جب کہ سندھ اور بلوچستان میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا بھی امکان۔

    میدانی علاقوں میں درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری سے زیادہ رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

  • درگاہوں اور مزارات سے متعلق نئے احکامات آ گئے

    درگاہوں اور مزارات سے متعلق نئے احکامات آ گئے

    کراچی: کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی آنے کے بعد چند دن قبل کھلنے والی درگاہیں اور مزارات دوبارہ بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے پھر اپنے فیصلے میں رد و بدل کر دیا، اور چند دن قبل صوبے بھر کی تمام کھلنے والی درگاہوں اور مزارات کو دوبارہ بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔

    یہ فیصلہ وزیر اوقاف سہیل انور سیال کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا، اجلاس کے بعد محکمہ اوقاف نے تمام مزارات اور درگاہیں دوبارہ بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔

    28 مارچ سے 8 اپریل تک سندھ بھر کی درگاہیں اور مزارات بند رہیں گے، محکمہ اوقاف سندھ کا کہنا ہے کہ درگاہیں اور مزارات زائرین کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ منگل کو محکمہ اوقاف نے کراچی، سکھر، حیدر آباد کے ایڈمنسٹریٹر اوقاف کو مراسلہ لکھ کر حکم دیا تھا کہ سندھ بھر میں تمام مزارات اور درگاہیں کھول دی جائیں۔

    درگاہوں اور مزارات کھولنے کے لیے 18 نکاتی ایس او پیز بھی جاری کیے گئے تھے، محکمہ اوقاف نے ہدایت کی تھی کہ درگاہوں اور مزارات پر ایس او پیز کا مکمل خیال رکھا جائے۔

    محکمہ اوقاف کے مراسلے کے بعد کراچی میں عبداللہ شاہ غازی کے مزار کو کھول دیا گیا، زائرین کو ماسک لازمی پہننے اور سماجی فاصلوں کو یقینی بنانے کی سخت ہدایت کی گئی تھی۔

  • گورنر سندھ استعفیٰ دینے والے رکن اسمبلی شہزاد اعوان کو راضی نہ کر سکے

    گورنر سندھ استعفیٰ دینے والے رکن اسمبلی شہزاد اعوان کو راضی نہ کر سکے

    کراچی: شہر قائد کے انتخابی حلقے این اے 249 میں امجد آفریدی کو ٹکٹ دیے جانے پر اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دینے والے ملک شہزاد اعوان کو گورنر سندھ راضی نہ کر سکے۔

    تفصیلات کے مطابق این اے 249 میں امجد آفریدی کو ٹکٹ دینے پر تحریک انصاف میں اختلافات برقرار ہیں، اس سلسلے میں آج گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ناراض اور استعفی دینے والے رکن سندھ اسمبلی شہزاد اعوان سے ملاقات کی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ ملاقات میں شہزاد اعوان کو استعفیٰ واپس لینے پر راضی نہ کر سکے، شہزاد اعوان کا احتجاج برقرار ہے، اور وہ امجد آفریدی سے ٹکٹ واپس لینے پر اصرار کر رہے ہیں۔

    ذرائع نے بتایا کہ ملک شہزاد اعوان این اے 249 کے امیدوار کو تبدیل کرنے کے مؤقف پر قائم ہیں، انھوں نے ملاقات میں گورنر سندھ کو مخالفین کے امیدواروں کی پختگی اور پی ٹی آئی امیدوار کی کمزوری کی وجہ بھی بتائی۔

    انھوں نے کہا میں پی ٹی آئی کا حصہ تھا اور ہمیشہ رہوں گا، ووٹ عمران خان کی امانت ہے، خیانت نہیں کر سکتا، اس کمزور امیدوار کے ساتھ کام نہیں کر سکتا یہ میرا واضح مؤقف ہے۔

    ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا بلدیہ ٹاؤن عمران خان کا قلعہ ہے، اس قلعے کو نقصان نہیں ہونے دیں گے۔ انھوں نے مزید کہا میری امجد سے کوئی ذاتی مخالفت نہیں، یہ ہماری جیتی ہوئی سیٹ ہے اور ہم نے یہ سیٹ دوبارہ جیت کر وزیر اعظم کو تحفے میں پیش کرنی ہے۔

    انھوں نے گورنر سندھ سے مطالبہ کیا کہ ہمیں آپ امیدوار تبدیل کر کے دیں، ورکرز کو مشاورت میں لے کر دوسرا امیدوار دیں، اور ہم آپ کو یہ سیٹ جیت کر دیں گے۔

  • سندھ: دہشت گردی سے متعلق قانون کا 24 سال بعد پہلی بار استعمال

    سندھ: دہشت گردی سے متعلق قانون کا 24 سال بعد پہلی بار استعمال

    کراچی: دہشت گردوں کے سرپرستوں کے خلاف بنے قانون کا صوبہ سندھ میں 24 سال بعد پہلی بار استعمال ہوا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے اورنگی ٹاؤن میں رینجرز پر حملے کے مقدمے میں 21 آئی کی دفعہ کا پہلی بار استعمال کیا ہے۔

    1997 سے موجود قانون کی اس دفعہ کا استعمال سندھ میں پہلی بار کیا گیا ہے، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد نے بتایا کہ اس سے قبل پولیس 109 کی دفعہ استعمال کرتی تھی جو قابل ضمانت تھی۔

    عمر شاہد کا کہنا تھا کہ 21 آئی دفعہ نا قابل ضمانت ہے، اس دفعہ کے استعمال سے اب دہشت گردوں کے سرپرستوں کا محاسبہ ہو سکے گا، اور دہشت گرد جن کی ایما پر کارروائیاں کرتے ہیں انھیں بھی کٹہرے میں لایا جا سکے گا۔

    یاد رہے کہ منگل کو اورنگی ٹاؤن کراچی میں رینجرز موبائل پر حملے کا مقدمہ درج کیا گیا، تفتیش کاروں کا کہنا تھا کہ دھماکا کالعدم علیحدگی پسند تنظیموں اور متحدہ لندن کی مشترکہ کارروائی ہو سکتی ہے۔

    سی ٹی ڈی میں درج ایف آئی آر میں دہشت گردی، قتل اور اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں، تفتیشی ٹیموں نے منگل کو دھماکے کی جگہ کا دورہ بھی کیا۔

    تفتیش کاروں کا کہنا تھا کہ بارود کی نوعیت کا جائزہ لے کر دہشت گرد گروپ کی شناخت کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، موٹر سائیکل لانے والے دہشت گردوں کی عمر 25 سے 30 سال کے درمیان لگتی ہے۔

  • سندھ  میں اہم شخصیات اور بااثر افراد کو کورونا ویکسین لگائے جانے کاانکشاف

    سندھ میں اہم شخصیات اور بااثر افراد کو کورونا ویکسین لگائے جانے کاانکشاف

    کراچی : سندھ میں اہم شخصیات اور بااثر افراد کو فرنٹ لائن ورکرز ظاہر کرکے کورونا ویکسین لگائے جانے کاانکشاف ہوا، لوگوں کو ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل عملہ اورایمبولینس ڈرائیور ظاہرکیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں اہم شخصیات اور بااثر افراد کو کورونا ویکسین لگائے جانے کاانکشاف سامنے آیا، کراچی میں بااثر افراد کو فرنٹ لائن ورکرز ظاہر کرکے کورونا ویکسین لگائی جارہی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ویکسین کیلئے لوگوں کو ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل عملہ اورایمبولینس ڈرائیور ظاہرکیا جاتا ہے۔

    دوسری جانب مارچ کے 12 روز میں کراچی میں 1298 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوئے جبکہ 83 افراد کورونا وائرس سے جان کی بازی ہار گئے۔

    محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ افراد ضلع شرقی میں 574 کورونا وائرس کا شکار ہوئے، دوسرے نمبر پر ضلع جنوبی میں 235 افراد اور ضلع وسطی تیسرے نمبر پر رہا جہاں 158 افراد کورونا کا شکار ہوئے۔

    کورنگی میں 133 ،ملیر میں 126 افراد کورونا سے متاثر ہوئے جبکہ سب سے کم ضلع غربی میں 72 افراد کورونا میں مبتلا ہوئے۔

    محکمہ صحت کے مطابق سب سے زیادہ ہلاکتیں ضلع شرقی میں 34 رپورٹ ہوئیں، ضلع وسطی میں 27، ضلع جنوبی میں 16 افراد کورونا سے جاں بحق ہوئے جبکہ ضلع ضلع غربی میں 3 ، کورنگی میں 2,اور ضلع ملیر میں 1 فرد کورونا سے انتقال کرگیا۔

    یادرہے  سندھ میں دوسرے مرحلے میں 60 سال سے زائد عمر کے افراد کی کورونا ویکسی نیشن جاری ہے ، چند روز قبل صوبائی وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کرونا ویکسین لگوائی تھی۔

    خیال رہے پاکستان میں ساٹھ سال سےزائدعمرکے افرادکی ویکسی نیشن جاری ہے، ویکسین لگوانے کے خواہش مند افراد آن لائن رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔

  • گھوٹکی اسپتال سے متعلق سندھ حکومت کا بڑا قدم

    گھوٹکی اسپتال سے متعلق سندھ حکومت کا بڑا قدم

    کراچی: سندھ حکومت نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال 4 گھوٹکی کو اپ گریڈ کرنے کے لیے کام شروع کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر گھوٹکی اسپتال کو انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میرپور ماتھیلو کا درجہ دیا جائے گا، وزیر اعلیٰ ہاؤس نے محکمہ صحت کو اس سلسلے میں ہدایت جاری کر دی۔

    ہدایات میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ اسپتال کو انسٹیٹیوٹ کا درجہ دینے کے لیے جلد از جلد درکار اور ضروری اقدامات کیے جائیں۔

    واضح رہے کہ محکمہ لائیو اسٹاک نے وزیر اعلیٰ ہاؤس کو ڈسٹرکٹ اسپتال گھوٹکی کو اپ گریڈ کرنے کی سفارش کی تھی، بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا تھا کہ غریب مریضوں کو ضلعی اسپتال میں علاج کی بہتر سہولیات میسر نہیں۔

    مراسلے کے مطابق اس وقت غریب مریضوں کو 200 کلو میٹر دور جانا پڑتا ہے، ایمرجنسی کے مریضوں کو رحیم یار خان اور دیگر اسپتالوں میں لایا جاتا ہے۔

    مراسلے میں سفارش کی گئی کہ ضلعی اسپتال کو انسٹی ٹیوٹ کا درجہ دیا جائے تاکہ غریب مریضوں کو علاج کی بہتر سہولیات میسر ہو سکیں۔

    وزیر اعلیٰ ہاؤس نے صوبائی وزیر عبد الباری پتافی کے مراسلے پر فوری اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔

  • سندھ: جعلی ڈومیسائل اور پی آر سی کے خلاف اہم قدم

    سندھ: جعلی ڈومیسائل اور پی آر سی کے خلاف اہم قدم

    کراچی: حکومت سندھ نے پی آر سی اور ڈومیسائل پر کمیٹی تشکیل دی ہے، جو جعلی دستاویزات کی اسکروٹنی کرے گی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ حکومت نے جعلی ڈومیسائل اور پی آر سی کے خلاف اہم قدم اٹھاتے ہوئے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو سندھ بھر میں بننے والے ڈومیسائل کی پہلے اسکروٹنی کرے گی۔

    5 رکنی یہ کمیٹی ایڈیشنل چیف سیکریٹری کی سربراہی میں صوبائی کابینہ کے فیصلے کے مطابق بنائی گئی ہے، ڈومیسائل پی آر سی کے لیے اب درخواست گزار مقامی اور مطلوبہ رہائش ثابت کرنے کا پابند ہوگا۔

    سیکریٹری محکمہ داخلہ اس کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے، جب کہ ایڈیشنل سیکریٹری ہوم ڈیپارٹمنٹ کمیٹی کے سیکریٹری ہوں گے، سیکریٹری قانون، سیکریٹری یونی ورسٹیز اینڈ بورڈ اور رجسٹرار ایس ٹی اے / اے ٹی سی کورٹ اس کمیٹی کے رکن ہوں گے۔

    یہ کمیٹی ضرورت پڑنے پر درخواست گزار سے ریکارڈ کے تمام دستاویزات طلب کر سکتی ہے، یاد رہے کہ ایم کیو ایم نے جعلی ڈومیسائل کے حوالے سے عدالت سے بھی رجوع کر رکھا ہے۔

    جعلی ڈومیسائل اسکینڈل کا ذمہ دار کون؟ انکوائری رپورٹ

    یاد رہے کہ گزشتہ برس جون میں وفاق کی جانب سے سندھ میں جعلی ڈومیسائلز کے معاملے پر چیئرمین نیب کو خط لکھ کر تحقیقات کی درخواست کی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ سندھ میں ہزاروں لوگوں کو نوکریاں دینے کے لیے جعلی ڈومیسائل جاری کیے گئے ہیں۔

    خط میں نشان دہی کی گئی تھی کہ سرکاری نوکریوں میں 40 فی صد کوٹہ شہری علاقوں، 60 فی صد کوٹہ اندرون سندھ کے لوگوں کا ہے، لیکن حیدر آباد کے ساڑھے 5 ہزار سے زائد جعلی ڈومیسائلز پر نوکریاں دی گئیں، اور کراچی میں ساڑھے 30 ہزار سے زائد ملازمین سرکاری نوکری کے مستحق نہیں تھے۔

    جعلی ڈومیسائل معاملہ سامنے آنے پر حکومت سندھ نے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی تھی، جس نے جعلی ڈومیسائلز کی تیاری میں ڈپٹی کمشنرز کو قصور وار قرار دیا، رپورٹ میں انکوائری کمیٹی نے سندھ حکومت کو پی آرسی کے قانون میں مزید سختی کی سفارش کرتے ہوئے تجویز دی کہ جعلی ڈومیسائل سے ملازمتیں حاصل کرنے والوں کو فارغ کیا جائے اور 10 سال میں جاری ڈومیسائل کی جانچ کی جائے۔

  • محکمہ اطلاعات سندھ، ڈمی اخبارات کو اشتہارات کی تحقیقات میں پیش رفت

    محکمہ اطلاعات سندھ، ڈمی اخبارات کو اشتہارات کی تحقیقات میں پیش رفت

    کراچی: محکمہ اطلاعات سندھ میں ڈمی اخبارات کو اشتہارات دینے اور مبینہ کرپشن کے معاملے میں جاری تحقیقات میں پیش رفت ہوئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پانچ مارچ کو سیکریٹری اطلاعات رفیق احمد برڑو کی جانب سے ڈائریکٹر اطلاعات سلیم خان کو 20 دن میں انکوائری رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی تھی، جس پر انھوں نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوری کے پہلے 15 دن کے اشتہارات کا ریکارڈ انکوائری افسر نے حاصل کر لیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق اس کیس میں بڑے پیمانے پر ذاتی مفادات حاصل کرنے اور کرپشن کے ذریعے پیسا کما کر قومی خزانے کو اربوں کا نقصان پہنچایا گیا ہے۔

    رواں سال جاری اشتہارات پر سندھ حکومت کا بڑا قدم

    واضح رہے کہ سیکریٹری محکمہ اطلاعات رفیق برڑو نے رواں سال کے جنوری تا مارچ کے دوران غیر قانونی اشتہارات دینے کے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا تھا، محکمے کو ڈمی اخبارات کو اشتہارات جاری کر کے مبینہ کرپشن کی شکایات موصول ہوئی تھیں۔

    یاد رہے کہ جنوری میں ضلع غربی کے محکمہ اشتہارات کو بغیر نیلامی غیر قانونی ٹھیکے پر دینے کا منصوبہ ناکام بنایا گیا تھا، ذرائع کا کہنا تھا کہ 50 لاکھ کے آفر ریٹ پر ڈی ایم سی کا پورا محکمہ ٹھیکے پر دے دیا گیا تھا، تاہم ڈی سی غربی نے ڈی ایم سی کے کرپٹ افسران کا منصوبہ ناکام بنا کر ٹھیکے کو منسوخ کر دیا، اس معاملے پر محکمہ لوکل گورنمنٹ سندھ نے بھی ایکشن لے لیا تھا۔

  • رواں سال جاری اشتہارات پر سندھ حکومت کا بڑا قدم

    رواں سال جاری اشتہارات پر سندھ حکومت کا بڑا قدم

    کراچی: کمیشن پر اشتہارات کے سلسلے میں حکومت سندھ نے بڑے پیمانے پر تحقیقات کا حکم دے دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ اطلاعات سندھ میں کمیشن پر اشتہارات دینے کے معاملے پر حکومت سندھ نے بڑے پیمانے پر تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

    محکمہ اطلاعات سندھ نے جنوری، فروری اور مارچ 2021 میں جاری کیے جانے والے اشتہا رات کی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔

    کمیشن پر اشتہارات دینے کے متعلق میڈیا پر چلنے والی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری اطلاعات رفیق احمد برڑو نے انکوائری کے احکامات دے دیے۔

    ڈائریکٹر اطلاعات سلیم خان کو 20 دن میں انکوائری رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔

    سیکریٹری اطلاعات رفیق احمد برڑو کا کہنا ہے کہ اخبارات کو اشتہار پالیسی کے تحت دیے جائیں گے، جنوری، فروری اور مارچ 2021 میں جاری کیے جانے والے اشتہارات کی بھی تحقیقات کی جائے گی۔

    ضلع غربی کراچی کا پورا محکمہ غیر قانونی ٹھیکے پر دے دیا گیا، تحقیقات شروع

    یاد رہے کہ جنوری میں ضلع غربی کے محکمہ اشتہارات کو بغیر نیلامی غیر قانونی ٹھیکے پر دینے کا منصوبہ ناکام بنایا گیا تھا، ذرائع کا کہنا تھا کہ 50 لاکھ کے آفر ریٹ پر ڈی ایم سی کا پورا محکمہ ٹھیکے پر دے دیا گیا تھا، تاہم ڈی سی غربی نے ڈی ایم سی کے کرپٹ افسران کا منصوبہ ناکام بنا کر ٹھیکے کو منسوخ کر دیا، اس معاملے پر محکمہ لوکل گورنمنٹ سندھ نے بھی ایکشن لے لیا تھا۔