Tag: سندھ

  • سندھ سے پی ٹی آئی کے سینیٹ امیدوار کون؟

    سندھ سے پی ٹی آئی کے سینیٹ امیدوار کون؟

    کراچی: پی ٹی آئی سندھ میں سینٹ کے خواہش مند اراکین کے درمیان مقابلے کا طریقہ کار طے کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ سے پی ٹی آئی کے امیدوار کون ہوں گے، اس کا فیصلہ ایم پی ایز ووٹنگ کے ذریعے کریں گے۔

    امیدواروں کا نام شارٹ لسٹ کرنے کے لیے پی ٹی آئی سندھ نے پروسس آف الیمینیشن متعارف کرا دیا، ٹیکنوکریٹ اور جنرل نشستوں پر خواہش مند امیدواروں کے لیے پروسس آف الیمینیشن اختیار کیا جائے گا۔

    فردوس شمیم نقوی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے اراکین سندھ اسمبلی تمام امیدواروں کے لیے ووٹنگ کریں گے، ہر کٹیگری پر کم ووٹ حاصل کرنے والا مرحلہ وار خارج کر دیا جائے گا۔

    سینیٹ انتخابات: پیپلز پارٹی کے ٹکٹ کس کس کو ملیں گے؟

    رہنما پی ٹی آئی نے بتایا کہ آخر میں بچ جانے والے 3 نام پی ٹی آئی پارلیمانی بورڈ کو بھیجے جائیں گے، امیدواروں کے نام کا حتمی فیصلہ پارلیمانی بورڈ ہی کرے گا۔

    واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا مارچ میں تین ریٹائر ہونے والے سینیٹرز کو دوبارہ سینیٹ انتخابات میں اتارنے کا ارادہ ہے، جن میں شیری رحمان، فاروق ایچ نائک اور سلیم مانڈوی والا شامل ہیں۔

    پی پی کی جانب سے سینیٹ انتخابات کے لیے نئے چہروں کے نام پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

  • پیپلز پارٹی کا گیس بحران کے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ

    پیپلز پارٹی کا گیس بحران کے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی نے پورے ملک خصوصاً سندھ میں گیس بحران کے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا، انہوں نے سوال کیا کہ سردیوں سے قبل بروقت بحران سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیوں نہیں کیے گئے؟

    تفصیلات کے مطابق رکن سندھ اسمبلی نفیسہ شاہ کا کہنا ہے کہ ملک میں گیس کا بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے، شدید سردیوں میں عوام کو گیس کی عدم فراہمی ناقابل قبول ہے۔

    نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ گیس بحران کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، سردیوں سے قبل بروقت بحران سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیوں نہیں کیے گئے؟

    انہوں نے کہا کہ تحقیقات کی جائیں کہ گیس بحران کا اصل ذمہ دار کون ہے، مافیاز کا راگ الاپنے والے خود مافیاز کے ساتھ ملے ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم مافیاز کی سرپرستی کرنا چھوڑ دیں۔

    نفیسہ شاہ کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم گیس بحران کے ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کریں۔

  • موٹر وے پولیس کی عوام کے لیے ضروری ہدایات

    موٹر وے پولیس کی عوام کے لیے ضروری ہدایات

    کراچی: صوبہ سندھ میں شدید دند کا راج جاری ہے، موٹر وے پولیس نے عوام سے احتیاط کرنے اور گاڑیوں میں فوگ لائٹس استعمال کرنے کی تاکید کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان موٹر وے پولیس ساؤتھ زون کا کہنا ہے کہ سکھر میں سرحد بائی پاس سے سندھ پنجاب بارڈر تک دھند ہے جہاں حد نگاہ 30 میٹر ہے، سکھر میں سرحد بائی پاس سے روہڑی بائی پاس تک حد نگاہ 20 میٹر ہے۔

    ترجمان کے مطابق سکھر میں روہڑی بائی پاس سے ٹنڈو مستی تک حد نگاہ 0 سے 30 میٹر ہے، ٹنڈو مستی سے ہالانی تک حد نگاہ 80 میٹر ہے۔

    اسی طرح سکرنڈ میں سدھوجا سے ہالانی تک حد نگاہ 20 سے 30 میٹر اور سکرنڈ میں مشاق سے سدھوجا تک حد نگاہ 60 سے 80 میٹر ہے۔

    بھالائی موڑ سے بھان سعید آباد کے مقام پر حد نگاہ 15 سے 20 میٹر ہے، خان پور سے نصیر آباد کے مقام پر حد نگاہ 50 میٹر ہے، نصیر آباد سے رتو ڈیرو ٹول پلازہ تک حد نگاہ 10 سے 20 میٹر ہے۔

    ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ عوام سے گزارش ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور گاڑی کی رفتار کم رکھیں۔

  • گزشتہ برس سندھ میں کتنا ٹیکس وصول کیا گیا؟

    گزشتہ برس سندھ میں کتنا ٹیکس وصول کیا گیا؟

    کراچی: گزشتہ برس 2020 کے 6 ماہ میں صوبہ سندھ میں 43945.876 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا، صوبائی وزیر برائے ایکسائز مکیش کمار چاولہ کا کہنا ہے کہ ٹیکسز وصولی کی مجموعی صورتحال تسلی بخش ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ نے جولائی 2020 سے دسمبر 2020 تک مجموعی طور پر 43945.876 ملین روپے ٹیکس وصول کیا، گزشتہ مالی سال میں اسی مدت کے دوران 39981.528 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا تھا۔

    محکمے کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق مؤثر وہیکل ٹیکس کی مد میں 4138.992 ملین روپے اور انفراسٹرکچر سیس کی مد میں 35682.748 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔

    پروفیشنل ٹیکس کی مد میں 321.290 ملین روپے، جائیداد ٹیکس کی مد میں 1192.959 ملین روپے، کاٹن فیس کی مد میں 68.724 ملین روپے اور انٹرٹینمنٹ ڈیوٹی کی مد میں 13.252 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔

    صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات مکیش کمار چاولہ کا کہنا ہے کہ ٹیکسز کی وصولی کی مجموعی صورتحال تسلی بخش ہے، پروفیشنل اور جائیداد ٹیکس کے نادہندگان فوری طور پر اپنے ٹیکسز جمع کروائیں۔

    صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ افسران ٹیکسز کی وصولی کی رفتار تیز کریں۔

  • تیز ترین انٹرنیٹ، سندھ کے لیے وفاق کی جانب سے بڑی خوش خبری

    تیز ترین انٹرنیٹ، سندھ کے لیے وفاق کی جانب سے بڑی خوش خبری

    کراچی: سندھ کے مختلف اضلاع میں فائبر آپٹیکل کیبل بچھانے کے 2 الگ الگ معاہدوں پر دستخط کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکشن کے تحت سندھ کے لیے 3 ارب روپے کے دو منصوبوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔

    دونوں منصوبوں پر مجموعی لاگت 3 ارب روپے سے زائد آئے گی، جن کی تکمیل پر سکھر، خیرپور، گھوٹکی اور کشمور اضلاع کے مختلف علاقوں کی 140 یونین کونسلوں کے 47 لاکھ سے زائد افراد کو تیز ترین انٹرنیٹ کی سہولیات میسر آ سکیں گی۔

    معاہدوں پر دستخط وزارت آئی ٹی کے ادارے یونی ورسل سروس فنڈ کے سی ای او حارث محمود چوہدری اور پی ٹی سی ایل کے قائم مقام سی ای او ندیم خان نے کیے۔

    منصوبوں کی تکمیل سے مذکورہ اضلاع میں 5 مربع کلومیٹر کی حدود میں آنے والے 372 تعلیمی ادارے، 170 صحت کے مراکز، 217 سرکاری دفاتر اور 131 بینکوں کو تیز ترین انٹرنیٹ سے منسلک کیا جا سکے گا۔

    وفاقی وزیر سید امین الحق کا کہنا تھا کہ سندھ کے دیہی علاقوں تک آئی ٹی خدمات پہنچانے کا عمل جاری ہے، سندھ میں 6 ارب روپے سے زائد رقم سے فائبر آپٹک کو پچھایا جارہا ہے۔

    انھوں نے کہا حکومت ای پارلیمنٹ پر بھی کام کر رہی ہے، جون 30 کے بعد پارلیمنٹ میں ہر سیٹ پر ٹیلنٹ آویزاں ہوگا۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کرونا وبا میں پاکستان کی آئی ٹی ایکسپورٹ میں اضافہ ہوا ہے، سال 2018۔19 میں آئی ٹی ایکسپورٹ 99 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تھی، جب کہ سال 2019۔20 میں ایکسپورٹ 1 ارب 23 کروڑ ڈالر ہو گئی، آئی ٹی کی ایکسپورٹ میں 24 فی صد اضافہ ہوا۔

  • وزیر اعلیٰ سندھ نے گیس لوڈ شیڈنگ پر وزیر اعظم کو خط لکھ دیا

    وزیر اعلیٰ سندھ نے گیس لوڈ شیڈنگ پر وزیر اعظم کو خط لکھ دیا

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ میں گیس کی بد ترین لوڈ شیڈنگ پر وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھ دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آج وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھ کر ان کی توجہ سندھ میں گیس کی بد ترین لوڈ شیڈنگ کی جانب مبذول کرائی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ سندھ میں گیس کی لوڈ شیڈنگ غیر قانونی ہے، آئین کے تحت پہلے سندھ کوگیس فراہم کرنی چاہیے، وزیر اعظم عمران خان قانون پر عمل درآمد کو ممکن بنائیں۔

    خط کے متن میں وزیر اعلیٰ نے کہا بد قسمتی سے جس صوبے میں 68 فی صد گیس پیدا ہو رہی ہے اُسی صوبے کے گھریلو اور صنعتی صارفین گیس سے محروم ہیں۔

    وزیراعظم عمران خان کا گیس لوڈشیڈنگ کی شکایت پر فوری نوٹس، اہم فیصلہ

    خط میں وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ گیس کی گھریلو بندش کی وجہ سے کھانا پکانے اور دیگر امور متاثر ہو رہے ہیں تو صنعتوں کی گیس پریشر میں کمی کی وجہ سے یومیہ اجرت والے افراد بے روزگار ہو رہے ہیں۔

    خط کے مطابق سندھ سے 2500 سے 2600 ایم ایم سی ایف ڈی گیس پیدا ہو رہی ہے، اور صوبے کو صرف 900 سے 1000 ایم ایم سی ایف ڈی گیس دی جا رہی ہے جو کہ آئین کے آرٹیکل 158 کی بھی خلاف ورزی ہے۔

    خط میں مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کو 1500 سے 1600 ایم سی سی ایف ڈی گیس کی ضرورت ہے۔

  • بلاول بھٹو اور مریم نواز کی ملاقات کی اندرونی کہانی، انتخابات سے متعلق اہم فیصلہ

    بلاول بھٹو اور مریم نواز کی ملاقات کی اندرونی کہانی، انتخابات سے متعلق اہم فیصلہ

    لاڑکانہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر جلسے میں شرکت کے لیے ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز گڑھی خدا بخش آئی تھیں، آج مریم نواز نے پی پی رہنماؤں کے مزارت پر حاضری بھی دی اور بلاول بھٹو کے ساتھ ان کی اہم ملاقات ہوئی۔

    اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان متعدد نکات پر اتفاق رائے ہوا، انھوں نے اتفاق کیا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی ایک دوسرے کے خلاف محاذ آرائی نہیں کریں گی۔

    بلاول اور مریم نواز اس بات پر بھی متفق تھے کہ انتخابی میدان خالی نہیں چھوڑا جائے گا، ن لیگ اور پی پی ضمنی انتخابات میں حصہ لے گی، تاہم ضمنی انتخاب سے متعلق حتمی فیصلہ پی ڈی ایم اجلاس میں ہوگا۔

    بلاول بھٹو نے مریم نواز کی گاڑی خود ڈرائیو کی، مزارات پر حاضری

    واضح رہے آج مریم نواز اور بلاول بھٹو زرداری نے ایک ساتھ ذوالفقار علی بھٹو، بے نظیر بھٹو اور دیگر پی پی رہنماؤں کے مزارت پر حاضری دی، مریم نواز کو گڑھی خدا بخش پہنچانے والی گاڑی خود بلاول بھٹو نے ڈرائیو کی۔

    مریم نواز نے مزارات پر پھول چڑھائے اورفاتحہ خوانی کی، وہ کچھ دیر گڑھی خدا بخش میں موجود رہیں، بلاول بھٹو نے گڑھی خدا بخش کی اہمیت اور پی پی شہدا کی تفصیلات سے مریم نواز کو آگاہ کیا، انھوں نے شہدا گیلری کا بھی دورہ کیا۔

  • 31 جنوری تک عمران خان نے استعفیٰ نہ دیا تو مارچ ہوگا: بلاول بھٹو

    31 جنوری تک عمران خان نے استعفیٰ نہ دیا تو مارچ ہوگا: بلاول بھٹو

    لاڑکانہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 31 جنوری تک عمران خان نے استعفیٰ نہ دیا تو لانگ مارچ ہوگا، ہم اسلام آباد کا رخ کریں گے اور بھرپور تحریک چلائیں گے، عوام موجودہ حکومت کا بوجھ مزید نہیں اٹھا سکتے، مزید وقت دیا گیا تو ملک کا بیڑہ غرق ہو جائے گا۔

    بلاول بھٹو گڑھی خدا بخش میں بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر جلسے سے خطاب کر رہے تھے، انھوں نے کہا وقت آگیا ہے تیاری کرلو،گڑھی خدا بخش کے میدان میں وعدہ کریں، لانگ مارچ کی کال دوں تو دمادم مست قلندر کا نعرہ لگا کر نکلیں گے۔

    انھوں نے کہا تاریکی چھٹنے والی ہے، حکمرانوں کے احتساب کا وقت آ چکا ہے، عوام کو عوامی راج دے کر نکلیں گے۔

    بلاول کا کہنا تھا معیشت تباہ ہو چکی، صوبوں کو ان کا حق نہیں دیا جا رہا، وزیر اعظم صوبوں کو حق دینے کی بجائے اس پر بات تک نہیں کرتے، حکومت نے ڈھائی سال میں ریکارڈ قرض لیے، پاکستان کی پوری تاریخ پر ان کے ڈھائی سال کے قرضوں کا وزن زیادہ ہے۔

    حکومتوں میں لانا اور لے جانا سیاسی جماعتوں کا نہیں، عوام کا کام ہے، مریم نواز

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا سندھ اور بلوچستان کے جزیروں پر قبضے کیے جا رہے ہیں، یہ عوام کے ساحل ہیں ہم کسی کو قبضہ کرنے نہیں دیں گے، ملک میں سب سے زیادہ گیس سندھ، بلوچستان پیدا کرتے ہیں، لیکن کراچی سے کشمور، کوئٹہ سےگوادر بلکہ سوئی کے عوام کو بھی گیس نہیں ملتی، آئین کے مطابق جس کا پہلا حق ہے وہی عوام گیس کو ترس رہے ہیں۔

    ہم نے ملک کو اپنے بچوں کی طرح سنبھال کر چلایا، آصف زرداری

    انھوں نے کہا ہم آج بھی چاہتے ہیں کہ سی پیک کامیاب ہو، لیکن صرف وہ سی پیک کامیاب ہو سکتا ہے جو مقامی لوگوں کو فائدہ دے، ہمیں وہ سی پیک چاہیے جس کی بنیاد آصف زرداری نے رکھی تھی، جس کے لیے نواز شریف نے محنت کی، سی پیک سندھ یا پنجاب کی وجہ سے نہیں بلکہ بلوچستان اور جی بی کی وجہ سے ہے۔

    بلاول کا کہنا تھا آج بے نظیر درمیان ہوتیں تو موجودہ حکمران ان کا مقابلہ نہیں کر پاتے، آج ہمیں بے نظیر کی بہادری اور ذہانت کی ضرورت ہے، بے نظیر بھٹو نے جس صبح کے لیے شہادت قبول کی وہ انشاء اللہ آئے گی۔

  • سندھ کو اس کے حصے کی گیس ملنا اس کا آئینی حق ہے: مرتضیٰ وہاب

    سندھ کو اس کے حصے کی گیس ملنا اس کا آئینی حق ہے: مرتضیٰ وہاب

    کراچی: سندھ حکومت کے مشیر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ سندھ کو اس کے حصے کی گیس ملنا اس کا آئینی حق ہے، صوبے کو صرف 800 سے 900 ایم ایم سی ڈی ایف گیس مل رہی ہے جبکہ ضرورت 1500 ایم ایم سی ڈی ایف گیس کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ سندھ ملک کی 68 فیصد گیس پیدا کرتا ہے، افسوس کی بات ہے صنعتی ہوں یا گھریلو تمام صارفین کو گیس کی کمی کا سامنا ہے۔

    مشیر سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ 2400 سے 2500 ایم ایم سی ایف ڈی گیس سندھ پیدا کرتا ہے، سندھ کو 800 سے 900 ایم ایم سی ڈی ایف گیس مل رہی ہے جبکہ صوبے کو 1500 ایم ایم سی ڈی ایف گیس کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ کو اس کے حصے کی گیس ملنا اس کا آئینی حق ہے، وفاقی حکومت کے وعدوں کے باوجود پاکستان اسٹیل کے ساڑھے 4 ہزار ملازمین کو بے روزگار کر دیا گیا، اب ریلوے کے نئے وزیر نے کہا ہم ادارہ نہیں چلا سکتے اس کی نجکاری کرنی پڑے گی۔

    مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ لیبر ایک ایسا شعبہ ہے جو صوبوں کو دیا گیا ہے، لیبر پر اب وفاقی حکومت کا کوئی حق نہیں ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ 2 سال سے وفاق کے تحت چلنے والا ایف بی آر اداروں کو خطوط لکھ رہا ہے، خطوط لکھے گئے کہ یہ پیسے آپ صوبے کو نہیں وفاقی حکومت کو دیں گے۔ پنجاب حکومت بھی کہہ رہی ہے یہ معاملہ صوبائی حکومت کا ہے، صوبائی حقوق کو پامال کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

  • بغیر علامات والے کرونا مریضوں کی تعداد کا کچھ پتا نہیں: عذرا پیچوہو

    بغیر علامات والے کرونا مریضوں کی تعداد کا کچھ پتا نہیں: عذرا پیچوہو

    کراچی: صوبائی وزیر صحت عذرا پیچوہو نے کہا ہے کہ ہمارے پاس کرونا مریضوں کے اعداد و شمار وہ ہیں جن کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں، بغیر علامات والے مریضوں کی تعداد کا کچھ پتا نہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر صحت سندھ نے کہا کہ کرونا کی موجودہ لہر جون جولائی کے مقابلے میں تین سے چار گنا بڑی ہو سکتی ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ کرونا کا مرض ہزاروں کی تعداد میں پھیل رہا ہے، سندھ میں یومیہ 16 سے 18 ہزار تک ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں، سردیوں کی موجودہ لہر عین ممکن ہے گرمیوں سے کئی گنا زیادہ بڑی ہو۔

    ان کا کہنا تھا کہ کرونا مریضوں کی جو موجودہ تعداد ہے وہ ٹیسٹ کروانے والوں سے متعلق ہے، لیکن کرونا کے ایسے مریض بھی ہیں جن میں کوئی علامات نہیں ہوتیں، اس لیے وہ ٹیسٹ بھی نہیں کرواتے، ان کی تعداد کتنی ہے کچھ کہا نہیں جا سکتا۔

    کرونا کے وار جاری، 24 گھنٹے میں مزید 71 مریض دم توڑ گئے

    عذرا پیچوہو نے کہا کہ کراچی میں دستیاب وینٹی لیٹرز کی تعداد 237 ہے، ایچ ڈی یو بیڈز کی تعداد 828 ہے، جب کہ آئسولیشن وارڈز میں 1536 بیڈز کی سہولت موجود ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 2 ہزار 729 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جب کہ کو وِڈ نائنٹین کے انفیکشن کے باعث مزید 71 مریض جاں بحق ہوئے۔