Tag: سندھ

  • صوبائی وزیر جام اکرام اللہ کا کرونا ٹیسٹ بھی مثبت آ گیا

    صوبائی وزیر جام اکرام اللہ کا کرونا ٹیسٹ بھی مثبت آ گیا

    کراچی: صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو کا کرونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو چند دنوں سے تھکن اور ہلکا بخار محسوس کر رہے تھے، جس پر ان کا کرونا ٹیسٹ کیا گیا، جس کی رپورٹ آج مثبت آ گئی ہے۔

    صوبائی وزیر نے خود کو اپنی رہائش گاہ پر قرنطینہ کر لیا ہے، انھوں نے دوست، احباب اور خیر خواہوں سے جلد صحت یابی کی دعاؤں کی درخواست بھی کر دی ہے۔

    واضح رہے کہ آج وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ بھی پازیٹو آئی ہے، جس پر انھوں نے ڈاکٹرز کی ہدایت پر خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے کرونا ٹیسٹ کا نتیجہ آ گیا

    وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق انھیں جمعے کو ہلکا بخار محسوس ہوا تھا، نماز جمعہ کے بعد انھوں نے کو وِڈ 19 کا ٹیسٹ کروایا جس کی رپورٹ مثبت آ گئی، ان کا کہنا تھا کہ انھیں ہلکا بخار ابھی بھی ہے تاہم باقی طبیعت ٹھیک ہے۔

    گزشتہ ماہ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی راشد ربانی کرونا وائرس انفیکشن سے انتقال کرگئے تھے، وہ کئی روز سے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے اور انھیں انتقال سے دو دن قبل سانس لینے میں دشواری کی وجہ سے وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا۔

    آج پنجاب اسمبلی میں کی جانے والی کرونا وائرس ٹیسٹنگ کے دوران عملے کے مزید 10 افراد میں بھی انفیکشن کی تصدیق ہوگئی ہے جس کے بعد پنجاب اسمبلی سے رپورٹ شدہ کو وِڈ 19 کیسز کی مجموعی تعداد 17 ہو گئی ہے۔

  • وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے کرونا ٹیسٹ کا نتیجہ آ گیا

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے کرونا ٹیسٹ کا نتیجہ آ گیا

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی کرونا وائرس میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے کو وِڈ 19 ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آ گیا ہے، انھیں بخار ہو گیا تھا جس پر ان کا کرونا ٹیسٹ کیا گیا تھا۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے ڈاکٹرز کی ہدایت پر خود کو قرنطینہ میں منتقل کر دیا ہے، انھوں نے کہا کہ ہلکا بخار ہے باقی طبعیت بہتر ہے۔

    ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ عبدالرشید چنا نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ جمعے کے دن انھیں ہلکا بخار محسوس ہوا تھا، نمازِ جمعہ کے بعد انھوں نے کو وِڈ 19 کا ٹیسٹ کروایا جو مثبت آ گیا۔ مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ ڈاکٹروں کی ہدایت پر میں نے خود کو آئسولیٹ کیا ہے، ابھی ہلکا بخار ہے باقی طبیعت کافی بہتر ہے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آج سی پی او کا دورہ بھی کرنا تھا، کشمور کے اے ایس آئی، ایس ایس پی کو بھی آج تقریب میں بلایا گیا تھا۔

    پی پی کے سینئر رہنما کرونا کے باعث انتقال کرگئے

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی راشد ربانی کرونا وائرس انفیکشن سے انتقال کرگئے تھے، وہ کئی روز سے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے اور انھیں انتقال سے دو دن قبل سانس لینے میں دشواری کی وجہ سے وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ نہایت مہلک اور نئے کرونا وائرس کو وِڈ 19 کی پہلی لہر کو پاکستان میں بہترین حکمت عملی سے قابو کیا گیا تھا، اب دوسری لہر شروع ہو چکی ہے، جسے قابو کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں تاہم کو وِڈ 19 کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے۔

    ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس انفیکشن کی وجہ سے مزید 19 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، جب کہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 2 ہزار 128 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے، جس سے ملک میں کرونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 59 ہزار 32 ہو گئی ہے۔

  • کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح ساڑھے 7 فیصد ہوگئی: مرتضیٰ وہاب

    کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح ساڑھے 7 فیصد ہوگئی: مرتضیٰ وہاب

    کراچی: ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ سردی میں اضافے کے ساتھ ہی کرونا وائرس کیسز بھی بڑھنا شروع ہوگئے ہیں، مثبت کیسز کی شرح ساڑھے 7 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کیسز کی شرح ساڑھے 7 فیصد تک پہنچ چکی ہے، سردی میں اضافے کے ساتھ ہی کرونا وائرس کیسز بھی بڑھنا شروع ہوگئے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی پہلی لہر میں احتیاط کے پیش نظر شرح صرف ڈیڑھ سے 2 فیصد تھی، یہ تاثر قطعاً غلط ہے کہ ہمارے ہاں سے کرونا وائرس ختم ہوگیا۔ کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے پہلے کی طرح احتیاط کرنی ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ اوائل میں عوام نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیےحکومت کا بھرپور ساتھ دیا، ہمیں اپنے روزگار کے ساتھ ساتھ احتیاط بھی کرنا ہوگی۔

    مرتضیٰ وہاب کا مزید کہنا تھا کہ شہری ماسک کے استعمال پر ہر صورت عمل کریں۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں اب تک کرونا وائرس کے 3 لاکھ 54 ہزار 461 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جن میں سے فعال کیسز کی تعداد 24 ہزار 938 ہے۔

    اب تک ملک میں کرونا وائرس سے 7 ہزار 109 اموات ہوچکی ہیں جبکہ صحت یاب افراد کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 22 ہزار 414 ہوگئی ہے۔

  • اراکین سندھ اسمبلی کتنے اثاثوں کے مالک ہیں؟

    اراکین سندھ اسمبلی کتنے اثاثوں کے مالک ہیں؟

    کراچی: الیکشن کمیشن نے اراکین سندھ اسمبلی کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کردیں، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ 23 کروڑ 35 لاکھ روپے سے زائد اور اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی 10 کروڑ 20 لاکھ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے اراکین سندھ اسمبلی کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کردی گئیں۔

    الیکشن کمیشن کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق سندھ کے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ 23 کروڑ 35 لاکھ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں، ان کے پاس ڈیڑھ کروڑ مالیت کی 2 گاڑیاں ہیں۔ مراد علی شاہ کو والدہ سے 100 تولہ سونا تحفہ ملا، ان کی بیٹی کے نام 3 کروڑ کے 2 پلاٹ ہیں۔

    اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی 10 کروڑ 20 لاکھ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں، سرج درانی کے پاس 6 کروڑ 16 لاکھ روپے نقد موجود ہیں جبکہ انہوں نے 15 لاکھ روپے کا اسلحہ بھی ظاہر کیا۔

    رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور 39 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کی مالک ہیں، ان کے پاس 980 گرام کے زیورات اور کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 3 گاڑیاں ہیں۔

    سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی 2 کروڑ 31 لاکھ روپے اثاثوں کے مالک ہیں، ان کے پاس 100 تولہ سونا بھی ہے۔

    وزیر اطلاعات سندھ ناصرحسین شاہ 13 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں اور ان کے پاس 477 تولے سونا موجود ہے۔

    صوبائی وزیر سہیل انور سیال 9 کروڑ 28 لاکھ روپے کے مالک ہیں، فردوس شمیم نقوی 33 کروڑ 40 لاکھ روپے اور حلیم عادل شیخ 2 کروڑ سے زائد ااثاثوں کے مالک نکلے۔

    سابق رکن اسمبلی شرجیل میمن کے پاس ملک اور بیرون ملک میں بے شمار جائیدادیں ہیں، شرجیل میمن کی ڈی ایچ اے کراچی میں 44 لاکھ کی پراپرٹی ہے، ان کی ڈی ایچ اے میں ہی 97 لاکھ کی ایک اور پراپرٹی، تھر پارکرمیں 1 کروڑ 50 لاکھ 80 ہزار کا گھر اور زرعی زمین اور دبئی میں 5 کروڑ روپے کے 2 فلیٹس ہیں۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق شرجیل میمن کی اہلیہ کا دبئی میں 9 کروڑ 89 لاکھ مالیت کا ولا ہے،ا دبئی آفس میں اہلیہ کے 50 فیصد شیئرز کی مالیت 2 کروڑ 10 لاکھ ہے۔

    دونوں کے پاس 2 لینڈ کروزر اور 150 تولہ زیورات بھی ہیں، شرجیل میمن کے پاس 7 کروڑ 99 لاکھ 39ہزار 190 روپے اور اہلیہ کے پاس 14 کروڑ 93 لاکھ 4 ہزار 1 سو روپے ہیں۔

    شرجیل میمن نے 3 بینکوں سے قرضہ بھی لے رکھا ہے، ان کے ذمے 2 کروڑ 71 لاکھ 58 ہزار 3 سو 73 روپے کے قرضے واجب الادا ہیں۔

  • سندھ میں بارشوں سے متاثرہ افراد کے لیے معاوضے کی منظوری

    سندھ میں بارشوں سے متاثرہ افراد کے لیے معاوضے کی منظوری

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے رواں برس ہونے والی بارشوں کے متاثرین کو معاوضہ دینے کی منظوری دے دی، انہوں نے کہا کہ معاوضے کی رقم کی منظوری کابینہ دے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت رواں سال بارشوں کے نقصانات پر اجلاس منعقد ہوا، وزیر اعلیٰ سندھ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ رواں برس بارشوں میں 17 سو 52 دیہات ڈوب گئے۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ بارشوں میں 22 لاکھ سے زائد لوگ متاثر ہوئے تھے، 1.49 ملین ایکڑ فصلیں اور 29 لاکھ گھر تباہ ہوئے، گھر گرنے کے سبب 12 لاکھ 90 ہزار افراد متاثر ہوئے۔

    بریفنگ کے مطابق بارشوں میں 149 افراد جاں بحق اور 103 زخمی ہوئے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے سوشل پروٹیکشن کے تحت متاثرین کو معاوضہ دینے کی منظوری دے دی، انہوں نے کہا کہ معاوضے کی رقم کی منظوری کابینہ دے گی۔

    اجلاس میں صوبائی کابینہ کا اجلاس بھی جلد بلانے کا فیصلہ کیا گیا، وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ غریب اور متاثر شدہ لوگوں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔

    انہوں نے متاثرین کا ڈیٹا ایک بار پھر ویریفائی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہر متاثرہ فرد کا شناختی کارڈ دیکھ کر رقم ٹرانسفر کی جائے گی۔

  • سندھ میں رواں ہفتے 3 دن سی این جی اسٹیشنز بند رہیں گے

    سندھ میں رواں ہفتے 3 دن سی این جی اسٹیشنز بند رہیں گے

    کراچی: صوبہ سندھ میں رواں ہفتے سی این جی کی بندش کا شیڈول جاری کردیا گیا، رواں ہفتے 3 دن سی این جی اسٹیشنز بند رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کا کہنا ہے کہ لوکل گیس پر چلنے والے سی این جی اسٹیشنز رواں ہفتے 3 دن بند رہیں گے۔

    ایس ایس جی سی کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اسٹیشنز پیر، بدھ اور جمعہ کو صبح 8 بجے سے اگلے 24 گھنٹے کے لئے بند رہیں گے۔

    دوسری جانب سی این جی ایسوسی ایشنز کا کہنا ہے کہ آر ایل این جی پر منتقل اسٹیشنز بدستور 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔

    خیال رہے کہ حکومت نے گیس کی قلت سے نمٹنے کے لیے دسمبر سے ایل این جی خریداری کی تیاری شروع کردی ہے، دسمبر میں ایل این جی کے 6 کارگوز کے لیے عالمی کمپنیوں کی مہنگی ترین بولیاں وصول کی گئی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری کمپنی پی ایل ایل نے دسمبر کے لیے بولیاں طلب کر رکھی تھیں، پی ایل ایل نے ایل این جی کے 6 جہازوں کی بولیاں طلب کی تھیں۔

    ذرائع کے مطابق ایل این جی سابق حکومت کے معاہدوں کے تحت خریدی جارہی ہے، ایل این جی خام تیل کی قیمت کے 11.62 سے 13.37 فیصد تک خریدی جا رہی ہے۔

  • سندھ حکومت: فصلوں کی انشورنس کا انقلابی منصوبہ

    سندھ حکومت: فصلوں کی انشورنس کا انقلابی منصوبہ

    کراچی: سندھ حکومت نے فصلوں کی انشورنس کا انقلابی منصوبہ پیش کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں اب مخصوص فصلوں کی انشورنس کرائی جائے گی، اس سلسلے میں محکمہ زراعت نے مرکزی مالیاتی بینک اور کمرشل بینکوں سے رابطے شروع کر دیے ہیں۔

    منصوبے کے تحت موسمی فصلوں، کیش کراپس اور ایڈیبل آئل فصلوں کی انشورنس کی تجویز دی گئی ہے، فصلوں کی انشورنس سے کسانوں کو نقصانات کی صورت ازالہ ممکن ہوگا۔

    دوسری طرف سندھ حکومت نے اپنے فنڈز سے فصلوں کی انشورنس کا منصوبہ ترک کر دیا ہے، اب فصلوں کی انشورنس کمرشل بینکوں اور انشورنس کمپنیوں سے کرائی جائے گی۔

    ویر زراعت اسماعیل راہو نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ سندھ حکومت اپنے فنڈز سے فصلوں کی انشورنس کرانا چاہتی تھی، لیکن سندھ حکومت کے مالی وسائل محدود ہونے کی وجہ سے متعدد سماجی تحفظ پروگرام روکنا پڑ گئے ہیں۔

    انھوں نے کہا انشورنس کمپنیوں اور بینکوں سے فصلوں کی انشورنس کے لیے رابطہ کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ پنجاب میں جنوری 2019 میں حکومت پنجاب نے کاشت کاروں کے معاشی استحکام اور تحفظ کی فراہمی کے لیے فصلوں کی انشورنس اسکیم کا آغاز کیا تھا، جس کے تحت قدرتی آفات سے فصلوں اور باغات کو ہونے والے نقصان کا معاوضہ کاشت کار کو ادا کیا جاتا ہے۔

  • متنازع اتھارٹی نے جزائر پر کام شروع کر دیا

    متنازع اتھارٹی نے جزائر پر کام شروع کر دیا

    کراچی: سندھ اور بلوچستان اسمبلیوں کی جزائر سے متعلق قراردادیں بے سود ہو گئیں، متنازعہ اتھارٹی نے جزائر پر کام شروع کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاق کی جانب سے سندھ کے جزائر سے متعلق انتظامی فیصلوں میں پیش رفت جاری ہے، اس سلسلے میں سندھ اور بلوچستان اسمبلی میں پاس ہونے والی قراردادیں بے کار چلی گئیں۔

    متنازع پاکستان آئی لینڈ اتھارٹی نے بڈو اور بنڈل جزائر پر کام شروع کر دیا، جزائر پر ماحولیاتی اثرات سے متعلق رپورٹ کی تیاری کے لیے ٹینڈر میں توسیع کر دی گئی ہے۔

    پاکستان آئی لینڈ اتھارٹی نے ماحولیاتی تجزیے کے لیے اظہار دل چسپی میں 10 نومبر تک توسیع کی ہے، خیال رہے کہ سندھ اسمبلی نے صدارتی آرڈیننس غیر قانونی قرار دے کر قرارداد منظور کی تھی۔

    پوری طاقت سے جزائر آرڈیننس منسوخ کرائیں گے، وزیراعلیٰ سندھ

    گزشتہ ہفتے سندھ اسمبلی میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے جزائر سے متعلق وفاقی حکومت کے اقدام کو سندھ کی سالمیت پر حملہ قرار دیا تھا، اسمبلی میں قرارداد بھی پاس کی گئی، انھوں نے کہا ہم جزائر پر آرڈیننس پوری طاقت سے منسوخ کروائیں گے۔

    وزیر اعلیٰ نے وفاق کے جزائر سے متعلق آرڈیننس کو غیر قانونی قرار دیا، یہ آرڈیننس 29 اگست کو صدر نے منظور کیا تھا، وزیر اعلیٰ نے کہا آئین کے مطابق جزیرے صوبے کی ملکیت ہیں، اس سلسلے میں وفاقی حکومت کو لکھ بھی دیا گیا ہے کہ یہ جزائر آپ کی ملکیت نہیں ہیں۔

  • کرونا وائرس کی وجہ سے 30 نئے اسکولوں کا افتتاح نہ ہوسکا: سعید غنی

    کرونا وائرس کی وجہ سے 30 نئے اسکولوں کا افتتاح نہ ہوسکا: سعید غنی

    کراچی: صوبہ سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا ہے کہ کوویڈ 19 کی وجہ سے 30 نئے اسکولوں کا افتتاح نہ ہوسکا، کرونا وائرس کی وجہ سے اسکول بند رہے اور تعلیم کا نقصان ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق این جے وی اسکول میں ایک این جی او کی جانب سے طلبا میں ٹیبلٹ تقسیم کرنے کی تقریب ہوئی جس میں سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے شرکت کی۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ کوویڈ 19 کا مسئلہ نہ ہوتا تو ہم 30 نئے اسکولوں کا افتتاح کر چکے ہوتے، کوویڈ کی وجہ سے حکومتی معاملات بھی رک گئے تھی۔

    انہوں نے کہا کہ اگلے کچھ ہفتوں میں تعمیر شدہ اسکول شروع کریں گے، صوبے میں 40 ہزار اسکول ہیں۔ ہمیں کسی این جی او کے رحم و کرم پر نہیں رہنا چاہیئے، خود بھی آگے بڑھ کر ایسے اسکول بنانے ہیں۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ اسکولوں میں سب سے زیادہ ایس او پیز کو فالو کیا جا رہا ہے، کمیٹیز اب بھی اسکولز کے دورے کر رہی ہیں۔ ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کی کمی ہے جس کی وجہ سے مسائل ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے اسکول بند رہے اور تعلیم کا نقصان ہوا، اب اسکول کھلے ہیں لیکن کچھ نہیں پتہ کہ دوبارہ کب اسکول بند ہو جائیں۔

    سعید غنی کا مزید کہنا تھا کہ بہت سے علاقوں میں انٹرنیٹ اور دیگر سہولیات نہیں جس کی وجہ سے آن لائن تعلیم میں رکاوٹ پیدا ہوئی لیکن 60 فیصد علاقوں میں سہولیات موجود ہیں۔

  • کوئٹہ میں سردی کی شدت میں اضافہ، کراچی میں بدستور گرمی

    کوئٹہ میں سردی کی شدت میں اضافہ، کراچی میں بدستور گرمی

    اسلام آباد: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور اس کے گرد و نواح میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ دوسری جانب شہر کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور اس کے گرد و نواح میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، پہاڑی علاقوں میں موسم سرد رہنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ کا موجودہ درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، دوسری جانب گوادر کا موجودہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے آزاد کشمیر، شمالی علاقہ جات اور خیبر پختونخواہ میں بھی موسم سرد رہے گا۔ پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں اس وقت درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

    صوبہ پنجاب میں موسم دن کے اوقات میں گرم جبکہ رات کے اوقات میں سرد رہے گا، لاہور میں اس وقت درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ سندھ میں بھی موسم خشک رہے گا۔ کراچی میں آج مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

    شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے۔