Tag: Singer

  • معروف پاپ سنگر حسن رحیم نے لاکھوں خواتین مداحوں کے دل توڑ دیے

    معروف پاپ سنگر حسن رحیم نے لاکھوں خواتین مداحوں کے دل توڑ دیے

    پاکستان کے نامور پاپ سنگر حسن رحیم شادی کے بندھن میں بندھ گئے جس کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے۔

    نئی نسل کے شہرت یافتہ پاپ سنگر حسن رحیم نے اپنی شادی کی تصدیق کردی ساتھ ہی انہوں نے انسٹاگرام پر اپنی دلہن کے ہمراہ تصویر شیئر کی ہے تاہم انہوں نے اپنی دلہن کے چہرے کا آدھا حصہ دکھایا ہے۔

    حسن رحیم اپنے اس خاص دن پر بے حد خوش نظر آرہے ہیں تاہم انہوں نے تصویر شیئر کرتے ہوئے شادی سے منسلک کوئی بھی پوسٹ، تصاویر یا ویڈیو کو ری شیئر کرنے سے منع کر دیا ہے۔

    حسن رحیم نے کیپشن میں لکھا کہ "زندگی کا سب سے بڑا دن، بالکل سادہ اور پرسکون انداز میں۔”

    گلوکار نے کیپشن میں مزید لکھا کہ ‘ہماری شادی کی کوئی بھی تصاویر یا ویڈیوز آن لائن شیئر کرنا ہماری پرائیویسی کی خلاف ورزی ہے۔ ہم اپنی تقریبات کی کسی بھی تصویر یا ویڈیو کی اشاعت یا پوسٹنگ کی اجازت نہیں دیتے۔’

    گلوکار کی جانب سے شادی کا اعلان ہوتے ہی شوبز انڈسٹری سے وابستہ ساتھی گلوکار و فنکار سمیت مداحوں کی بڑی تعداد انہیں مبارک باد دیتی دکھائی دے رہی ہے۔

    لیکن دوسری جانب حسن رحیم کی شادی کا سن کے خواتین مداحوں کے جیسے دل ہی ٹوٹ گئے، شادی کی تصویر خواتین مداحوں نے دل ٹوٹنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔

    ایک خاتون نے کمنٹ میں لکھا کہ ‘اس طرح کا مذاق نہ کریں، ایک اور خاتون کا کہنا تھا کہ آپ نے کیوں شادی کرلی؟’ ایک اور خاتون نے کہا کہ میں خوش ہوں لیکن میرا دل ٹوٹ گیا’۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Hasan Raheem (@hasan_raheem)

  • افشاں احمد نے پہلا گانا کتنے سال کی عمرمیں گایا ؟

    افشاں احمد نے پہلا گانا کتنے سال کی عمرمیں گایا ؟

    سنہ 1980 کی دہائی میں پی ٹی وی سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی پاکستان کی معروف گلوکارہ افشاں احمد جنہیں صرف تین سال کی عمر میں پی ٹی وی پر گلوکاری کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام شان سحور میں گلوکارہ افشاں احمد نے شرکت کی اور مداحوں سے اپنی زندگی اور فن کے حوالے سے بہت سی باتیں شیئر کیں۔

    خوبصورت سُروں اور سریلی آواز کی مالک سینئر گلوکارہ افشاں احمد نے بطور چائلڈ آرٹسٹ پی ٹی وی پر کام کیا اور سب کے دل جیتنے میں کامیاب ہوئیں۔

    انہوں نے بتایا کہ میرے دو بھائی ہیں اور میں سب سے چھوٹی ہوں، ہم تینوں بہت اچھا گاتے ہیں بلکہ ان کو تو میوزک بجانا بھی آتا ہے لیکن شوق بس اپنی حد تک ہے، مجھے موقع ملا تو میں آگے بڑھ گئی۔

    افشاں احمد کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے میں نے ریڈیو پاکستان جانا شروع کیا، وہاں بچوں کا پروگرام تھا ’بچوں کی دنیا‘ اس میں کام کیا پھر ٹی وی سے آفر ہوئی تو ظاہر ہے اسکرین پر آنے کا شوق تو سب کو ہوتا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ میرے والد بہت آزاد خیال اور لبرل قسم کے انسان تھے ان کا کہنا تھا کہ سب شوق پورے کرو لیکن اگر پڑھائی خراب ہوئی تو سارے کام بند کرا دوں گا۔

  • علی حیدر بچپن میں کس اداکارہ کے فین تھے ؟

    علی حیدر بچپن میں کس اداکارہ کے فین تھے ؟

    ظالم نظروں سے، پرانی جینز اور گٹار جیسے سپر ہٹ گیتوں کے خالق اور نامور گلوکار علی حیدر نے اپنی ماضی کی خوشگوار اور تلخ یادوں سے پردہ اٹھا دیا۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام شان سحور میں گلوکار علی حیدر  نے اپنی والدہ کے ہمراہ شرکت کی اس موقع پر ان کی والدہ نے بھی علی حیدر کے بچپن کی شرارتوں اور دیگر دلچسپ واقعات کا ذکر کیا۔

    پروگرام میں سوال جواب کے سیگمنٹ میں میزبان ندا یاسر سے گفتگو کرتے ہوئے علی حیدر نے بتایا کہ ان کو لڑکپن میں والد صاحب کے ہاتھوں سے کھائی جانے والی مار ہمیشہ یاد رہے گی۔

    واقعے کے بارے میں بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایک روز سنیما پر بابرہ شریف کی نئی فلم لگی تھی کیونکہ میں ان کا بہت بڑا فین ہوں اس لیے دوستوں کے ساتھ فلم دیکھنے چلا گیا۔

    اس بات کا علم میرے والد صاحب کو نہیں تھا کہ میں کہاں پر ہو اور ہر طرف میری تلاش شروع کردی گئی، میرے گھر واپس آنے کے بعد جب انہیں علم ہوا تو مجھے کمرے میں بند کرکے بیلٹ سے اتنی بری طرح مارا کہ زندگی بھر نہیں بھول سکتا۔

    علی حیدر کی اس بات کی تصدیق ان کی والدہ نے بھی کی انہوں نے بتایا کہ ان کے والد نے ہم سب کو کمرے سے نکال کر علی کی ٹھیک ٹھاک پٹائی کی تھی ہم میں سے کسی کی ہمت نہیں ہوئی کہ ان کو روکیں۔

     

  • لائیو پرفارمنس کے دوران گلوکار کی دردناک موت : ویڈیو دیکھیں

    لائیو پرفارمنس کے دوران گلوکار کی دردناک موت : ویڈیو دیکھیں

    ہر ذی روح کو موت کا مزہ چکھنا ہے اور اس کا کوئی دن مقرر نہیں موت کبھی بھی اور کہیں بھی ہر جاندار کو اپنا شکار بنا سکتی ہے۔

    ایک ایسی ہی افسوسناک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے کہ جس میں دکھایا گیا کہ کہ انسان کتنا بے بس ہے اور اس کے اختیار میں کچھ بھی نہیں۔

    ویڈیو کے دردناک منظر میں مشہور ریپر کوسٹا ٹیچ جنوبی افریقہ میں اپنے کنسرٹ کے دوران مداحوں کے سامنے کھڑے کھڑے انتقال کرگئے، ان کے اچانک انتقال نے ان پرستاروں کو غمزدہ کردیا۔

    جنوبی افریقی ریپر جن کا اصل نام "کونسٹان ٹی نوس سوپانوگلو” تھا۔ اس ویڈیو نے لوگوں کو ہلا کر رکھ دیا جس میں مذکورہ گلوکار جوہانسبرگ میں اسٹیچ پر گانا گاتے ہوئے گرگیا اور پھر وہی جان کی بازی ہار گیا، سنگر کی عمر صرف 28 سال تھی۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بڑے پیمانے پر گردش کرنے والی اس ویڈیو میں جنوبی افریقہ میں "الٹرا میوزک” فیسٹیول کے دوران "کوسٹا ٹیچ” کو گاتے ہوئے اور پھر اسٹیج پر گرتے ہوئے دکھایا گیا۔

    حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس کے بعد وہاں موجود افراد نے اسے اپنے پیروں پر کھڑا ہونے میں مدد کی گلوکار نے پھر گانا شروع اور تھوڑی دیر بعد پھر دوبارہ گر کر بے ہوش ہوگیا جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی، تاہم مصدقہ ذرائع سے اس کی موت کی وجہ تاحال واضح نہیں کی۔

    گلوکار کے بھائی نے موت کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے مرحوم کے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر ایک پیغام پوسٹ کیا جس میں انہوں نے اپنے بھائی کی کی موت کا اعلان کیا انہوں نے اس ہنگامی حالت میں اور آخری گھنٹوں میں کوسٹا ٹیچ کے قریب موجود تمام افراد کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    گانے کو 45 لاکھ ویوز ملے
    کوسٹا ٹیچ سواتینی اور موزمبیق کی سرحدوں کے قریب مبومبیلا شہر سے تعلق رکھنے والا گلوکار تھا۔ اسے افریقہ میں اسٹار بنانے والے گانوں میں گانے "بگ فلیکسا” کا کردار رہا۔ اس گانے کو ٹک ٹاک پر شاندار کامیابی ملی اور اس نے یوٹیوب پر بھی 45 ملین ویوز حاصل کر لیے۔

  • لتا منگیشکر جیسی آواز رکھنے والی پاکستانی طالبہ

    لتا منگیشکر جیسی آواز رکھنے والی پاکستانی طالبہ

    برصغیر کی معروف گلوکارہ لتا منگیشکر رواں ماہ چل بسیں، تاہم ان کی گائیکی کا انداز جگہ جگہ نئے گلوکاروں میں دکھائی دیتا ہے جن میں سے ایک کراچی کی علیشبہ بھی ہیں۔

    کراچی کی نویں جماعت کی طالبہ علیشبہ عامر لتا منگیشکر جیسی آواز رکھتی ہیں۔

    علیشبہ بتاتی ہیں کہ انہیں بچپن سے گانے کا شوق تھا اور جب وہ گھریلو محفلوں میں گایا کرتی تھیں تو ان کے عزیز و اقارب ان کی آواز کو لتا جیسی آواز کہتے۔

    ان کے والد عامر ریاض نے ہمیشہ ان کے شوق کی حوصلہ افزائی کی، اب وہ باقاعدہ ریاض بھی کرتی ہیں۔

    علیشبہ تعلیم کے ساتھ اپنا شوق بھی جاری رکھے ہوئے ہیں، ان کے والد نے انہیں درکار تمام ضروری ساز و سامان بھی گھر میں مہیا کر رکھا ہے۔

    علیشبہ کہتی ہیں کہ لتا جی اب اس دنیا میں نہیں لیکن وہ ان جیسے نوآموز گلوکاروں کے لیے قیمتی اثاثہ چھوڑ گئی ہیں۔

  • سریلے پرندوں کے میوزک البم نے نامور گلوکاروں کو پیچھے چھوڑ دیا

    سریلے پرندوں کے میوزک البم نے نامور گلوکاروں کو پیچھے چھوڑ دیا

    آسٹریلیا میں نایاب سریلے پرندوں  کے البم نے میوزک چینل چارٹ میں تیسری پوزیشن پر پہنچ کر کئی معروف گلوکاروں کو پیچھے چھوڑ دیا۔

    چڑیوں کا چہچہانا، کوئل کی کوک، مرغ کی بانک سب نے سنی ہوگی، مگر آسٹریلیا میں پائے جاتے ہیں ایسے نایاب سریلے پرندے جن کے گیتوں نے پہلی بار میوزک چینل چارٹ میں تیسری پوزیشن پر براجمان ہوکر ٹیلر سوئفٹ سمیت کئی معروف گلوکاروں کو پیچھے چھوڑ دیا۔

    ہے ناں ناقابل یقین خبر، مگر ہے حقیقت۔

    گزشتہ سال کے اختتام پر گیتوں کے البم کی دوڑ میں معدومی کے خطرے سے دوچار پرندوں کی سریلی آوازوں پر مبنی ایک پورے البم نے آسٹریلیا کے ٹاپ ففٹی آڈیو البم کی فہرست میں تیسری نشست حاصل کرلی۔

    اس البم میں مجموعی طور پر تریپن پرندوں کی آوازیں شامل ہیں جب کہ اس حوالے سے دیگر معلومات بھی شامل ہے۔

    اس دلچسپ البم کو بنانے والے چارلس ڈارون یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی کے طالبعلم اور موسیقار اینتھونی ایلبریخت ہیں، اس البم سے حاصل ہونے والی آمدنی برڈ لائف آسٹریلیا نامی تنظیم کو دی جائے گی جو ان پرندوں کی بقا کے لیے سرگرم ہے اور لوگوں میں ان نایاب پرندوں سے متعلق آگہی اور شعور بیدار کررہی ہے۔

    موسیقی کے ماہرین نے پرندوں کی چہچہاہٹ پر مبنی اس سریلی البم کو پرندوں کا آرکسٹرا قرار دیا ہے۔

  • گلوکار میاں بیوی نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی

    گلوکار میاں بیوی نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی

    پاکستانی گلوکار میاں بیوی نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی، اہلیہ نے اپنی خوبصورت آواز میں گانا سنا کر اور شوہر نے گٹار بجا کر لوگوں کو مسحور کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر دھوم مچانے والے گلوکار میاں بیوی اقرا اور فراز نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں شرکت کی۔

    اقرا نے بتایا کہ وہ طالب علمی کے زمانے سے ہی گلوکاری میں اپنا رجحان رکھتی تھیں، پھر اب انہوں نے شوہر کے ساتھ باقاعدہ سوشل میڈیا پر گانا شروع کردیا جسے بے حد پسند کیا جارہا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ وہ زیادہ تر صوفی کلام گاتی ہیں جو عوام میں بے حد مقبول ہے۔

    دونوں نے مل کر کئی کنسرٹس میں حصہ لیا ہے جبکہ 14 اگست اور مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بھی نغمے گائے ہیں۔

    اقرا اور فراز لاہور میں اپنا اسٹوڈیو بھی قائم کرچکے ہیں اور ان کے مطابق یہ نئے بینڈز اور گلوکاروں کے لیے ایک پلیٹ فارم ہے جہاں سے وہ اپنا کام دنیا کو دکھا سکتے ہیں۔

  • خواتین کے پرس چرانے والی بھارتی گلوکارہ گرفتار

    خواتین کے پرس چرانے والی بھارتی گلوکارہ گرفتار

    نئی دہلی: بھارت میں شاپنگ مالز اور بیوٹی پارلرز میں خواتین کے پرس چرانے والی ایک گلوکارہ کو پولیس نے گرفتار کرلیا، گلوکارہ اب تک لاکھوں روپے مالیت کی اشیا چرا چکی ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ارچنا بروا نامی آرکسٹرا گلوکارہ مختلف شہروں میں سفر کرتی تھی اور وہاں بیوٹی سیلونز اور شاپنگ مالز میں خواتین کے پرس اور ہینڈ بیگز چرا لیتی تھی۔

    گزشتہ برس اپریل میں ارچنا نے ایک مال میں مبینہ طور پر ایک خاتون کا پرس چرایا تھا جس میں لگ بھگ 15 لاکھ روپے مالیت کے سونے کے زیورات اور نقد رقم موجود تھی۔

    اس کے بعد پولیس کو شکایت درج کروائی گئی اور پولیس نے مال کی سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھنے کے بعد تحقیقات کا آغاز کیا۔

    بعد ازاں گلوکارہ کی ایک اور واردات سامنے آئی، ممبئی کے ایک بیوٹی سیلون میں اس نے ایک خاتون کا پرس چرایا جس میں 4 لاکھ روپے مالیت کے زیورات اور رقم موجود تھی۔

    ممبئی پولیس کے مطابق تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ اسی نوعیت کے 3 کیسز ممبئی پولیس کو درج کروائے گئے تھے۔

    پولیس نے تینوں کیسز میں جائے وقوعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیجز چیک کیں جس کے بعد ارچنا کی تلاش شروع کی گئی، بعد ازاں اسے بنگلورو سے گرفتار کرلیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ نے اپنی وارداتوں کا اعتراف کرلیا ہے اور مزید کارروائی جاری ہے۔

  • شہنشاہ غزل مہدی حسن کو بچھڑے 8 برس بیت گئے

    شہنشاہ غزل مہدی حسن کو بچھڑے 8 برس بیت گئے

    کراچی: شہنشاہِ غزل استاد مہدی حسن کو بچھڑے 8 برس بیت گئے، مگر اُن کا فن آج بھی زندہ ہے، ان کا نام اور ان کی آواز کسی تعارف کی محتاج نہیں ہے۔

    سانسوں کو سروں میں ڈھال دینے کے ماہرمہدی حسن پچیس ہزار سے زائد فلمی وغیر فلمی گیت اور غزلیں گائیں، حکومت پاکستان نے مہدی حسن کو ان کی خدمات کے اعتراف تمغہ امتیاز اور صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا۔

    انیس سو نواسی میں مہدی حسن کو بھارتی حکومت نے اپنا بڑا ایوارڈ ”کے ایل سہگل“ سے بھی نوازا، مہدی حسن 1927ء میں بھارتی ریاست راجستھان کے ایک گاؤں لونا میں پیدا ہوئے تھے ۔

    اُن کے والد اور چچا دُھرپد گائیکی کے ماہر تھے اور مہدی حسن کی ابتدائی تربیت گھر ہی میں ہوئی۔ خود اُن کے بقول وہ کلاونت گھرانے کی سولہویں پیڑھی سے تعلق رکھتے تھے۔

    انہوں نے موسیقی کی تربیت اپنے والد استاد عظیم خان اور اپنے چچا استاد اسماعیل خان سے حاصل کی، جو کلاسیکل موسیقار تھے۔

    1947ء میں مہدی حسن اہل خانہ کے ساتھ ہجرت کر کے پاکستان چلے گئے اور محنت مزدوری کے طور پر سائیکلیں مرمت کرنے کا کام شروع کیا۔

    سال انیس سو پچاس کی دہائی اُن کے لیے مبارک ثابت ہوئی جب اُن کا تعارف ریڈیو پاکستان کے پروڈیوسر سلیم گیلانی سے ہوا۔ اس وقت سے لے کراپنی وفات تک انہوں نے پچیس ہزار سے زیادہ فلمی ،غیر فلمی گیت اور غزلیں پاکستان میں فنِ گائیکی کی نذر کی ہیں۔60 اور70کی دہائیوں میں مہدی حسن پاکستان کے معروف ترین فلمی گائیک بن چکے تھے۔

    اس کے علاوہ کئی ملی نغمے بھی گائے جو لوگوں مداحوں میں بے حد مقبول ہوئے، سنتوش کمار، درپن، وحید مراد اور محمد علی سے لے کر ندیم اور شاہد تک ہر ہیرو نے مہدی حسن کے گائے ہوئے گیتوں پر لب ہلائے۔

    برِصغیر کے ملکوں کا کئی بار دورہ بھی کیا۔ ان کے شاگردوں میں سب سے پہلے پرویز مہدی نے نام پیدا کیا اور تمام عمر اپنے اُستاد کو خراجِ عقیدت پیش کرتے رہے۔

    بعد میں غلام عباس، سلامت علی، آصف جاوید اور طلعت عزیز جیسے ہونہار شاگردوں نے اْن کی طرز گائیکی کو زندہ رکھا۔ استاد مہدی حسن تیرہ جون سال 2012کو کراچی کے ایک نجی اسپتال میں اس دار فانی سے کوچ کرگئے تھے۔

  • نامور گلوکار و موسیقار سلمان احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

    نامور گلوکار و موسیقار سلمان احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

    نیویارک : جنون بینڈ گروپ کے گٹارسٹ اور نامور گلوکار و موسیقار سلمان احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا، انہوں نے خود کو سب سے الگ تھلگ کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سلمان احمد کا کہنا تھا کہ ‘ایک بری خبر ہے اور وہ یہ ہے کہ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ میں مکمنہ طور پر کورونا وائرس کا شکار ہوگیا ہوں۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سلمان احمد نے کہا کہ میری طبیعت بہت زیادہ خراب ہے، کھانسی اور نزلے کی بھی شکایت ہے ، اور سر بھی چکرا رہا ہے۔

    سلمان احمد ان دنوں امریکی شہر نیویارک میں مقیم ہیں، انہوں نے رواں ہفتے ہی طبیعت خراب ہونے پر کرونا وائرس کا ٹیسٹ کرایا تھا، سلمان کے بقول انہیں فلو کی شکایت ہے تاہم احتیاطاَ وہ آئسولیشن میں چلے گئے ہیں۔

    گلوکار سلمان احمد کا اپنے ایک اور ٹوئٹر پیغام  میں کہنا ہے کہ ان کے بھتیجے ڈاکٹر سلمان نے ان کا کرونا وائرس ٹیسٹ کیا ہے جو مثبت آیا ہے۔

    ڈاکٹر سلمان امریکی کی ریاست فلاڈلفیا کے ایک اسپتال میں سرجن ہیں اور کرونا وائرس کے مریضوں کا 24 گھنٹے علاج کرنے والی ٹیم میں شامل ہیں،انہوں نے ٹوئٹر پیغام میں اپنی خوارک سے متعلق بھی کئی باتیں اپنے مداحوں سے شیئر کی ہیں۔

    ساتھ ہی سلمان احمد نے اپنے مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا ہے،ان کا کہنا ہے کہ ان تمام لوگوں کا شکریہ جنہوں نے میرے لیے دعائیں کیں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    واضح رہے کہ اس وقت امریکا کورونا کے مریضوں کی تعداد کے لحاظ دنیا میں پہلے نمبر پر ہے جب کہ صرف نیو یارک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہے۔