Tag: Singer Maryam Siddique

  • گلوکارہ مریم صدیق کی مسحور کن آواز کے سوشل میڈیا پر چرچے

    گلوکارہ مریم صدیق کی مسحور کن آواز کے سوشل میڈیا پر چرچے

    کراچی : پاکستان کی ابھرتی ہوئی گلوکارہ مریم صدیق کی مسحور کن آواز میں غزلوں نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی، ان کی گائی ہوئی غزلیں صارفین بہت پسند کررہے ہیں۔

    مریم صدیق نے آل پاکستان میوزک کانفرنس میں دو مرتبہ گولڈ میڈل حاصل کیا ہے، وہ جی سی یونیورسٹی میں میوزک سوسائٹی کی صدر بھی ہیں، اس کے علاوہ پی ٹی وی کے پروگرام سر کا ستارہ کی ونر بھی قرار پاچکی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں مریم صدیق نے بطور مہمان شرکت کی ان کے ساتھ گٹارسٹ طلحہ رسول بھی موجود تھے۔

    انہوں نے بتایا کہ مجھے بچپن سے ہی گانے کا شوق ہے، میری والدہ نے میری بہت حوصلہ افزائی کی وہ کہتی ہیں کہ تم اس وقت بھی گاتی اور نعتیں پڑھتی تھیں جب ٹھیک طرح بول بھی نہیں پاتی تھیں۔

    انہوں نے بتایا کہ کالج میں آنے کے بعد میں نے موسیقی کو باقاعدہ سیکھنے کا اغاز کیا اور اب یونیورسٹی میں بھی یہ سلسلہ جاری ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ مجھے لگتا ہے کہ غزل اور کلاسیکل موسیقی ذرا اچھے طریقے سے گا لیتی ہوں لیکن اس کا فیصلہ سامعین اور بہتر طور پر کرسکتے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ آل پاکستان میوزک کانفرنس میں پہلی بار غزل کیٹیگری میں حصہ لیا اور علامہ اقبال کی غزل گائی تھی اور سیمی کلاسیکل میں استاد بڑے غلام علی کی ٹھمری ’یاد پیا کی آئے‘ پرفارم کی تھی جن پر مجھے گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔

    مریم صدیق نے بتایا کہ میرے پسندیدہ گلوکاروں میں میڈم نورجہاں، مہدی حسن غلام علی خان اور دیگر شامل ہیں جن کی نقل کرنے کی میں کوشش کرتی ہوں۔

    اس موقع پر انہوں نے اپنی خوبصورت آواز میں غزل گا کر سنائی، مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر صارفین مریم صدیق کی مسحور کن آواز میں غزل کے بول اور دلفریب انداز کو دل کھول کر خراج تحسین پیش کررہے ہیں۔