Tag: Sinkhole

  • سڑک پر اچانک بننے والے گڑھے میں کار غائب ہو گئی، ویڈیو

    سڑک پر اچانک بننے والے گڑھے میں کار غائب ہو گئی، ویڈیو

    امریکی ریاست پنسلوینیا کے شہر فلاڈیلفیا میں ایک گلی کی سڑک میں اچانک بہت بڑا گڑھا پڑ گیا، اور ایک کار اس کے اندر گر گئی۔

    مقامی حکام کے مطابق منگل کی سہ پہر کو فلاڈیلفیا کے ایک محلے پورٹ رچمنڈ کی گلی کے نیچے پانی کی لائن پھٹنے سے اچانک ایک سنک ہول کھل گیا، اور اس نے ایک کار نگل لی، اور دوسری کار اس میں گرتے گرتے بچی۔

    اس واقعے میں خوش قسمتی سے کوئی زخمی نہیں ہوا، حکام کا کہنا تھا کہ سنک ہول پانی کے 6 انچ کے ٹوٹے ہوئے پائپ کی وجہ سے کھلا تھا، پائپ پھٹنے کے باعث درجنوں گھروں تک پانی کی سروس بند ہو گئی تھی۔

    گلی کے ایک رہائشی کا کہنا تھا کہ انھوں نے ایک بڑا دھماکا سنا تھا، جس سے انھیں ایسا لگا جیسے ان کا پورا گھر کسی غار میں گرنے والا ہے، رہائشی کے مطابق سنک ہول میں گرنے والی ایس یو وی کار فلاڈیلفیا کے پولیس افسر اسٹیو ولیمز کی اہلیہ کی تھی۔

    واقعے کے بعد حکام نے نقصان کا جائزہ لینے کے لیے سڑک کو دونوں سمتوں سے بند کر دیا، جب کہ واقعے کی وجہ سے تقریباً 30 گھر پانی سے محروم ہو گئے، جب کہ پائپ لائن کی مرمت کے لیے عملے کو طلب کیا گیا۔

  • سوئمنگ پول میں اچانک گڑھا پڑ گیا، نہانے والے پھسل کر نیچے گرنے لگے، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    سوئمنگ پول میں اچانک گڑھا پڑ گیا، نہانے والے پھسل کر نیچے گرنے لگے، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    اسرائیل میں ایک حیرت انگیز اور غیر معمولی واقعے میں اس وقت ایک شخص اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا جب سوئمنگ پول کے بیچوں بیچ اچانک گڑھا نمودار ہوا اور وہ شخص اس کے اندر گر گیا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق واقعہ مرکزی اسرائیل کے علاقے میں ایک گھر میں پیش آیا جہاں پول پارٹی جاری تھی۔

    گھر میں ایک جوڑا رہائش پذیر تھا تاہم پارٹی میں متعدد مہمان مدعو تھے جو سوئمنگ اور مشروبات سے لطف اندوز ہورہے تھے۔

    عینی شاہدین کے مطابق اچانک سوئمنگ پول کے درمیان زمین دھنس گئی اور گہرا گڑھا نمودار ہوا، وہاں موجود 30 سالہ شخص نیچے جا گرا جبکہ پول کا سارا پانی بھی نیچے چلا گیا۔

    موقع پر موجود افراد نے فوراً ریسکیو اداروں کو کال کی، ریسکیو اہلکاروں نے پول کے مزید گرنے کے خدشے کے تحت فوراً پول کے اندر جانے سے گریز کیا اور پہلے کیمرے کی مدد سے مذکورہ شخص کو تلاش کیا۔

    کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد مذکورہ شخص کو 15 میٹر نیچے ایک سرنگ سے نکالا گیا، تب تک اس شخص کی موت واقع ہوچکی تھی۔

    مقامی پولیس واقعے کی تفتیش کر رہی ہے جبکہ اس بات کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے کہ آیا مذکورہ جوڑے نے اپنے گھر میں موجود تمام سہولیات کے لیے ضروری لائسنس حاصل کیا تھا یا نہیں۔

  • زرعی زمین میں اچانک سینکڑوں فٹ چوڑا گڑھا نمودار

    زرعی زمین میں اچانک سینکڑوں فٹ چوڑا گڑھا نمودار

    شمالی امریکی ملک میکسیکو میں ایک گاؤں میں اچانک زمین میں ایک گہرا گڑھا بن گیا جو چند روز میں پھیلتے پھیلتے 300 فٹ تک پھیل گیا۔

    میکسیکو کے علاقے سانٹا ماریا زکاٹیپیک میں یہ سنک ہول چند روز قبل نمودار ہوا تھا اور اس وقت اس کی چوڑائی صرف 15 فٹ تھی، لیکن صرف ایک رات میں یہ مزید 100 فٹ تک پھیل گیا۔

    اس کے بعد دن بدن اس کی چوڑائی میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور اب تک یہ 300 فٹ چوڑا اور 60 فٹ گہرا ہوچکا ہے، گڑھے کے اندر پانی بھرا ہوا ہے۔

    اب تک یہ گڑھا سینکڑوں میٹر زرعی زمین نگل چکا ہے، زرعی زمین کے کنارے پر ایک گھر موجود ہے اور اب خدشہ ہے کہ یہ گھر بھی گڑھے کی نذر ہوجائے گا۔

    گھر کے مالکان کا کہنا ہے کہ واقعے کے روز انہیں ایک زوردار گڑگڑاہٹ سنائی دی جس کے بعد وہ خوفزدہ ہو کر باہر نکلے، شروع میں گڑھے کی چوڑائی کم تھی لیکن اگلے روز تک یہ کئی گنا پھیل چکا تھا جس کے بعد انہیں گھر خالی کرنا پڑا۔

    مالکان پریشانی کا شکار ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اگر گڑھا ان کا گھر بھی نگل گیا تو وہ بے گھر ہوجائیں گے، ان کا اس علاقے میں کوئی جاننے والا نہیں اور وہ بالکل اکیلے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ سنک ہول بننے کی وجہ ارضیاتی فالٹ ہے جبکہ زمین کے نیچے پانی کی سطح میں بھی تبدیلی ہورہی ہے۔

    حکام کے مطابق اس مقام سے دور بھی زمین چٹخ رہی ہے جس کی وجہ پانی کا دباؤ ہے اور اس وجہ سے پورا علاقہ خطرے میں ہے۔

  • اسپتال کے باہر زمین دھنس گئی، کووڈ 19 کے مریضوں کا ہنگامی اخراج

    اسپتال کے باہر زمین دھنس گئی، کووڈ 19 کے مریضوں کا ہنگامی اخراج

    اٹلی میں ایک اسپتال کے باہر زمین اچانک دھنس گئی اور ایک گہرا گڑھا پڑ گیا، اسپتال میں موجود کووڈ مریضوں کو ہنگامی طور پر اسپتال سے باہر نکالا گیا۔

    یہ واقعہ اٹلی کے شہر نیپلز میں پیش آیا جہاں صبح 6 بجے کے قریب ایک اسپتال کے باہر پارکنگ ایریا کی زمین اچانک دھنس گئی اور ایک گہرا گڑھا پڑگیا۔

    22 ہزار اسکوائر فٹ پر محیط یہ گڑھا 66 فٹ گہرا تھا، زمین دھنسنے سے وہاں موجود سینکڑوں گاڑیاں گڑھے میں گر گئیں، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔

    مذکورہ مقام کے قریب اسپتال کا کووڈ وارڈ تھا جہاں سے کرونا مریضوں کو فوری طور پر باہر نکالا گیا، زمین دھنسنے سے علاقے کی فراہمی آب اور بجلی بھی معطل ہوگئی۔

    مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ زمین کے نیچے کسی ارضیاتی گڑبڑ کی وجہ سے ہوسکتا ہے، مقامی مجسٹریٹ کی ہدایت پر یہاں تکنیکی ماہرین کو طلب کیا گیا ہے تاکہ اندازہ لگایا جاسکے حادثے کا سبب کیا تھا۔

    انتظامیہ کے مطابق شہر میں دو ہفتے قبل موسلا دھار بارشیں ہوئی تھیں اور اس کے باعث زمین کے نیچے پانی کی سطح میں اضافہ اس حادثے کا سبب ہوسکتا ہے۔

    پولیس کتوں کی مدد سے مذکورہ مقام کا جائزہ لے رہی کہ کہیں کوئی شخص اس جگہ پھنسا ہوا نہ ہو۔

    نیپلز کا مذکورہ اسپتال کرونا وائرس کی پہلی لہر کے دوران کووڈ 19 کے مریضوں کے علاج کا اہم مرکز تھا تاہم اس وقت یہاں کووڈ کے صرف 6 مریض زیر علاج ہیں۔