Tag: Siraj ul Haq

  • حماس نے اسرائیل کا غرور خاک میں ملادیا، سراج الحق

    حماس نے اسرائیل کا غرور خاک میں ملادیا، سراج الحق

    مٹیاری : امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حماس نے اسرائیل کا غرور خاک میں ملادیا، امت مسلمہ حماس مجاہدین کی پشت پر ہے۔

    ہالہ منصورہ میں کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ گریٹر اسرائیل کا خواب چکنا چور ہوچکا ہے، اب مسلم حکمران بھی ہمت جرات کا مظاہرہ کریں۔

    انہوں نے کہا کہ اگر آج ملک میں جماعت اسلامی کی حکومت ہوتی تو اسرائیلی فوج غزہ کے نہتے فلسطینیوں پرکبھی حملہ آور نہیں ہوتی۔

    پیپلز پارٹی کی گزشتہ حکومت پر شدید الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ سندھ میں بدترین حکمرانی نے صوبے کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا ہے۔

    قدرتی وسائل سے مالا مال صوبے میں مہنگائی، غربت اور بیروزگاری ہے، ہم غلام قوم ہیں غلامی کی زندگی گزار رہے ہیں، امریکا کے غلاموں کو باری باری ہم پر مسلط کیا جاتا ہے۔

    امیرجماعت اسلامی نے کہا کہ پٹرول کی قیمت ورلڈ بینک طے کرتا ہے، دوائی بھی عالمی ادارہ صحت کی تجویز پر خریدتے ہیں اور نوازشریف کا بھی بیانیہ وہی ہے جو پہلے تھا اس سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں۔

  • حضرت حسینؓ اور ان کے ساتھیوں نے ملوکیت کو چیلنج کیا، سراج الحق

    حضرت حسینؓ اور ان کے ساتھیوں نے ملوکیت کو چیلنج کیا، سراج الحق

    لاہور : امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ نواسہ رسول حضرت حسینؓ اور ان کے ساتھیوں نے ملوکیت کو چیلنج کیا تھا۔

    یوم عاشورہ کی مناسبت سے اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ دنیا میں حسینیت اور یزیدیت آج بھی برسرِ پیکار ہے، حضرت حسینؓ ہمارے آئیڈل، ان کی قربانی، قربانیوں کی معراج ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حضرت حسینؓ اور اس کے ساتھیوں نے ملوکیت کو چیلنج کیا تھا، پاکستان اسلام کے نام پر قائم ہوا تھا لیکن آج بھی یہاں ملوکیت قائم ہے۔

    سراج الحق نے کہا کہ کربلا کادرس یہ نہیں کہ ایک روزغم حسینؓ میں گزارکر364دن ظالم کا ساتھ دیں، کربلا کا سبق یہ نہیں کہ مردہ یزید پر لعن طعن، زندہ یزید کاجھنڈا اٹھا رکھا ہو۔

    امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ دنیا میں یزید کا ساتھی جنت میں حضرت حسینؓ کا ہمراہی نہیں ہوگا، واقعہ کربلاکا درس ہے کہ ظاہری کامیابی کی کوئی حیثیت نہیں، حق کا ساتھ دینا اور اس پر ڈٹے رہنا اصل کامیابی ہے۔

    سراج الحق نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم فرسودہ نظام کو جمہوری جدوجہد سے اسلامی نظام میں بدلنے کیلئے میدان عمل میں آئے۔

     

  • امیر جماعت اسلامی نے پاناما کیس میں عدالتی سوالات کے جواب جمع کرا دیے

    امیر جماعت اسلامی نے پاناما کیس میں عدالتی سوالات کے جواب جمع کرا دیے

    اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے پاناما کیس میں عدالتی سوالات کے جواب جمع کرا دیے۔

    تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی نے پاناما پیپرز میں شامل افراد کے خلاف تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی کی استدعا کر دی ہے، اس سلسلے میں سراج الحق نے عدالتی سوالات کے جواب جمع کرائے۔

    جماعت اسلامی نے کہا کہ جے آئی ٹی میں ایف آئی اے، نیب، ایف بی آر سمیت متعلقہ اداروں کے افسران شامل کیے جائیں، دنیا بھر میں پاناما پیپرز لیک ہونے کے بعد کارروائی کا آغاز کیا گیا۔

    عدالت کو جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ درخواست کو مرکزی پاناما کیس سے عدالتی آبزرویشن پر الگ کیا گیا تھا، جب کہ پاناما کیس میں دیگر درخواستیں صرف پبلک آفس ہولڈر کے خلاف کارروائی کے لیے تھیں، پاناما کیس ایف بی آر کا معاملہ ہونے کے حوالے سے سپریم کورٹ فیصلہ دے چکی۔

    جمع کرائے گئے جواب میں جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ چیئرمین ایف بی آر نے عدالت کو کہا تھا کہ حسن اور حسین نواز پاکستان میں مقیم نہیں ہیں، ہم نے نیب اور ایف آئی اے سے بھی رجوع کیا لیکن اس سلسلے میں کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

    جماعت اسلامی نے استدعا کی کہ پاناما پیپرز میں شامل افراد کے خلاف تحقیقات کے لیے کمیشن یا جے آئی ٹی تشکیل دی جائے، اس سے کسی متعلقہ ادارے کا کام متاثر نہیں ہوگا، اور نواز شریف کے ساتھ باقیوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔

  • ایمرجنسی یا مارشل لاء مسائل کا حل نہیں، سراج الحق

    ایمرجنسی یا مارشل لاء مسائل کا حل نہیں، سراج الحق

    لاہور : امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ہے ملک میں ایمرجنسی یا مارشل لاء کا نفاذ مسائل کا حل نہیں اس سے بحران مزید بڑھے گا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ جتنی ضرورت ڈائیلاگ کی آج ہے پہلے کبھی نہ تھی۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں ایمرجنسی یا مارشل لاء کا نفاذ مسائل کا حل نہیں اس سے بحران مزید بڑھے گا، عوام کو فیصلے کا اختیار دیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سازشوں کا گھڑ بن گیا ہے، لڑائی نہ روکی گئی تو یہ گلی کوچوں تک پھیل جائے گی، سیاسی جماعتیں بلوغت کا مظاہرہ کریں۔

    سراج الحق نے کہا کہ تمام صورت حال کے براہ راست متاثرین ملک بھر کے کروڑوں غریب عوام ہیں،پی ڈی ایم اس وقت حکومت میں ہے، جلسوں کی بجائے نظام ٹھیک کرنے پر توجہ دے۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ کی تجویز پیش کی گئی تھی، اجلاس میں اسمبلیوں کی مدت میں توسیع کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔

    دوسری جانب تحریک انصاف کے وکیل شعیب شاہین نے اپنے بیان میں کہا کہ پی ڈی ایم جماعتیں الیکشن کا التواء چاہتی ہیں، پی ڈی ایم کی حکومت ملک میں ایمرجنسی لگانے کے بہانے ڈھونڈ رہی ہے یہ امن وامان کی صورتحال کے بہانے بنا کر الیکشن سے فرار چاہتے ہیں۔

  • ملک میں جاری بحران کا واحد حل عام انتخابات ہیں، سراج الحق

    ملک میں جاری بحران کا واحد حل عام انتخابات ہیں، سراج الحق

    لاہور : امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی و معاشی بحران کا واحد حل انتخابات ہیں۔

    لاہور میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے حکومت اور پی ٹی آئی مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ سیاسی جماعتیں بے معنی کی بجائے بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات کریں۔

    سراج الحق نے کہا کہ ملک میں سیاسی افراتفری اور انتشار کے ہوتے ہوئے ملکی معیشت ٹھیک نہیں ہوسکتی، ملک کو سیاسی، آئینی،معاشی بحرانوں سے نکالنے کا راستہ قومی انتخابات ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کے لیے تمام جماعتوں میں اتفاق رائے سب کی ضرورت ہے، پارلیمان، عدلیہ ایک دوسرے کو فتح کرنے کی بجائے عوامی مسائل پر توجہ دیں۔

    امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ الیکشن پر اتفاق رائے پیدا ہونے تک جماعتوں سے رابطےجاری رکھیں گے، علاوہ ازیں سراج الحق نے سوڈان میں پھنسے پاکستانیوں کے بحفاظت انخلاء پر سعودی عرب کاشکریہ ادا کیا۔

  • عام انتخابات : سراج الحق کی چوہدری شجاعت حسین سے اہم اپیل

    عام انتخابات : سراج الحق کی چوہدری شجاعت حسین سے اہم اپیل

    لاہور : امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے پاکستان مسلم لیگ (ق ) کے صدر چوہدری شجاعت حسین کو فون کیا، دونوں رہنماؤں نے ملک کی موجودہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری شجاعت حسین نے ملک میں جاری سیاسی بحران پر امیر جماعت اسلامی کی کوششوں کو سراہا اور ان کی تعریف کی۔

    دوران گفتگو سراج الحق نے چوہدری شجاعت کو عید کی مبارک باد دی اور ان خیریت دریافت کی، ان کا کہنا تھا کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں چوہدری شجاعت کردار ادا کریں۔

    امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین واحد سیاستدان ہیں جن کے کردار پر کوئی داغ نہیں، ہماری خواہش ہے کہ ملک بھر میں الیکشن ایک ہی دن کرانے کیلئے چوہدری شجاعت اپنا کردار ادا کریں۔

    اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ میں خود بھی یہی چاہتا ہوں کہ تمام صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن ایک ہی دن ہوں، صرف پنجاب میں الیکشن ہونے سے جو بھی وزیراعلیٰ بنے گا وہ بادشاہ بن کر رہ جائے گا۔

    ق لیگ کے سربراہ نے کہا کہ جو صوبہ پنجاب کا وزیراعلیٰ بنے گا وہ دیگر انتخابات میں بھی اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے گا، اس طرح ملک میں افراتفری پیدا ہوگی۔

    چوہدری شجاعت نے کہا کہ پرویزالہٰی سراج الحق کے سامنے پی ٹی آئی کا مؤقف دیں گے، پاکستان مسلم لیگ کا مؤقف صرف میں ہی دے سکتا ہوں اور میرا مؤقف ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں ہے۔

     

  • جماعت اسلامی کا عید کے بعد آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ

    جماعت اسلامی کا عید کے بعد آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ

    لاہور: جماعت اسلامی نے عید الفطر کے بعد آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کر لیا ہے، سیاسی جماعتوں کو الیکشن کی ایک تاریخ پر متفق کرنے کے مشن کے دوران امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی وزیر اعظم شہباز شریف اور عمران خان سے ملاقاتیں مثبت رہیں۔

    ذرائع کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے الیکشن کی کسی ایک تاریخ پر اتفاق رائے کے سلسلے میں شہباز شریف اور پی ٹی آئی چیئرمین سے ملاقاتیں کی ہیں جن کا نتیجہ مثبت نکلا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ عید الفطر کے بعد انتخابات پر سیاسی جماعتوں کی مشاورت کو عملی شکل دی جائے گی، اور جماعت اسلامی ہر جماعت سے انفرادی طور پر ملاقاتیں کرے گی۔

    ذرائع نے بتایا کہ عید الفطر کے بعد فیصلے حالات کے مطابق کیے جائیں گے، اے پی سی میں پیپلز پارٹی، تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن سب کو دعوت دی جائے گی۔

    جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ مشاورتی عمل میں پارلیمان میں موجود تمام جماعتیں شامل ہوں گی، اور آل پارٹیز کانفرنس کی میزبانی جماعت اسلامی کرے گی۔

  • ملک میں گورنرز کا عہدہ ختم کردینا چاہیے، سراج الحق

    ملک میں گورنرز کا عہدہ ختم کردینا چاہیے، سراج الحق

    کوئٹہ : امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے پاکستان میں گورنرز کو ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین میں ترمیم کرکے یہ عہدہ بالکل ختم کردینا چاہیے۔

    بلوچستان کے شہرکوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نااہل اور نالائق حکمرانوں نے پاکستان کو بسترمرگ تک پہنچا دیا ہے۔

    سراج الحق کا کہنا تھا کہ آج پاکستان اپنی تاریخ کی بلند ترین مہنگائی کی سطح پر پہنچ چکا ہے،
    اور ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپیہ زمین بوس ہوچکا ہے، حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ کرکے عوام کو بڑا جھٹکا دیا۔

    اتنی بری معیشت کے باوجود ہمارے حکمرانوں کے پروٹوکول اورعیش و عشرت میں کوئی کمی نہیں آئی،احتساب کے ادارے کو خود حکومت نے کمزور کردیا ہے۔

    امیرجماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت مہنگائی کی شرح 42 جبکہ بنگلادیش میں 7 فیصد ہے، اگر معاملات کو سنجیدہ نہیں لیا گیا تو ہمیں مشرقی پاکستان کا واقعہ یاد رکھنا چاہیے۔

  • مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں نیلسن منڈیلا ہیں، سراج الحق

    مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں نیلسن منڈیلا ہیں، سراج الحق

    لاہور : امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں نیلسن منڈیلا ہیں، اس کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔

    یہ بات انہوں نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے مختلف ممالک کے سفراء سے ملاقات کے موقع پر کہی، انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر دنیا کی سب سے بڑی جیل اور قبرستان بن چکا ہے۔

    سراج الحق کا کہنا تھا کہ وادی کشمیر میں انسانی المیہ روکنے کیلئے دنیا بھر کے سفیروں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ایک موقع پر امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ایک نہیں مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں نیلسن منڈیلا موجود ہیں۔

    سراج الحق کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر یو این اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے، جب مشرقی تیمور، مغربی سوڈان دیگر ممالک میں استصواب رائے ہوسکتا ہے تو مقبوضہ کشمیر میں کیوں نہیں؟

    امیرجماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام آزادی اور خوشحال زندگی سے محروم ہیں۔

  • سندھ کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ پیپلزپارٹی ہے، سراج الحق

    سندھ کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ پیپلزپارٹی ہے، سراج الحق

    بدین : امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سندھ کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ پیپلزپارٹی ہے،حکمران طبقہ ہی بجلی اور ٹیکس چوری میں ملوث ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدین میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ سندھ کے حکمرانوں کی ملکیت میں اضافہ ہورہا ہے اورغریب روٹی کو بھی ترس رہے ہیں۔

    سراج الحق کا کہنا تھا کہ سندھ کے حقوق کیلئے بلاول ہاؤس اور وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب مارچ کرینگے، 2022میں سندھ کے وسائل کو تب بھی لوٹا گیا جب عوام سیلاب سے متاثر تھے۔

    انہوں نے کہا کہ اس فرسودہ نظام کی تبدیلی تک سندھ کی ترقی ممکن نہیں، عوام کو بیدار ہونا پڑے گا اور اپنے حق کے لئے بھرپور آواز اٹھانی پڑے گی۔

    امیر جماعت اسلامی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج سندھ کا پڑھا لکھا نوجوان نوکری کیلئے سیاسی سفارش کا محتاج ہے آخر کیوں؟ حکمرانوں کے رویے سے عوام میں مایوسی بڑھتی جا رہی ہے۔

    سراج الحق نے کہا کہ چالیس چوروں کو جیل جانا پڑے گا یہ سیاست نہیں کریں گے، ہم نے وزارت کے بعد خود کو احتساب کے لیے پیش کیا، لوگوں کے سامنے کہا کہ خود کو آپ کے سامنے احتساب کے لیے پیش کرتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ ان سب لوگوں نے مل کر توشہ خانہ کو لوٹا ہے، یہی وہ لوگ ہیں جنہوں نے آج تک افغٖانستان کو تسلیم نہیں کیا، سندھ میں پیپلزپارٹی اور کے پی میں پی ٹی آئی حکومت ہے وہاں بھی کرپشن عام ہے۔

    اپنے خطاب میں ان کا مزید کہنا تھا کہ عدالت نے فیصلہ کیا کہ اسلام آباد میں 31تاریخ کو الیکشن ہونا چاہیے لیکن ان لوگوں نے عدالت کے فیصلے کا بھی احترام نہیں کیا۔