Tag: Siraj ul Haq

  • آرٹیکل 370 : بھارت نے شملہ معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے، سراج الحق

    آرٹیکل 370 : بھارت نے شملہ معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے، سراج الحق

    اسلام آباد : جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ بھارت نے آئین میں سے آرٹیکل 370 کو ختم کرکے شملہ معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے، کسی بھی جنگ کو لڑنے کے لیے ایٹم بم سے زیادہ قومی اتحاد کی ضرورت ہوتی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت نے شملہ معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے، ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہم نے تجویز دی ہے کہ مشترکہ اجلاس اور بین الاقوامی کانفرنس بلوانی چاہیے۔

    ہم جنگ کے لیے تیار ہوں یا نہ ہوں بھارت بالکل تیار ہے ،لگتا ہے انڈیا آزاد کشمیر پر ثالثی کروانا چاہتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر تو بھارت ہڑپ کرگیا۔

    پاکستانی حکومت اور فوج کے پاس آپشن کھلے ہیں ،جنگ کو روکنے کے لیے بھی جنگ کی تیاری کرنا پڑتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی جنگ کو لڑنے کے لیے ایٹم بم سے زیادہ قومی اتحاد کی ضرورت ہوتی ہے۔ حکومت نے قومی یکجہتی کو خود سبوتاز کیا ہے۔

  • ماضی کی حکومتوں نے مسئلہ کشمیرکے بجائے تجارت کو فروغ دیا: سراج الحق

    ماضی کی حکومتوں نے مسئلہ کشمیرکے بجائے تجارت کو فروغ دیا: سراج الحق

    لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ماضی میں حکومتوں نے مسئلہ کشمیرکے بجائے تجارت کو فروغ دیا.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر اعظم مودی نے خود بھارت کو تباہی کے راستے پر ڈال دیا ہے.

    امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جوائنٹ سیشن میں تمام جماعتوں نے مل کرحکومت کو پیغام دیا تھا، یہ موثر اقدام تھا.

    انھوں نے کہا کہ حکومت کے بعض اقدامات کی وجہ سے اتحاد قائم نہیں ہوپا رہا ہے، یہ وقت کی ضرورت ہے.

    خیال رہے کہ بھارت نے غیر قانونی اقدام کرتے ہوئے کشمیر کی خصوصی اہمیت ختم کر دی ہے، آرٹیکل 370 کے خاتمے کو مقبوضہ کشمیر کے عوام نے رد کر دیا. ہزاروں افراد سڑکوں‌ پر نکل آئے.

    مزید پڑھیں: بھارت نے سرحدوں کی خلاف ورزی کی تو بھرپور سرپرائز دیں گے: ڈی جی آئی ایس پی آر

    گزشتہ تیرہ روز سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہے، جس کی وجہ سے روز مرہ سرگرمیاں معطل ہوگئی ہیں.

    اس موضوع پر گزشتہ روز پچاس سال کے طویل انتظار کے بعد سلامتی کونسل کا اجلاس ہوا، جس میں ارکان کو اس مسئلے پر بریفنگ دی گئی.

    تجزیہ کار اسے پاکستان کی بڑی کامیابی ٹھہرا رہے ہیں، سلامتی کونسل کے اجلاس سے ثابت ہوتا ہے کہ اب کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں رہا.

  • ہزاروں کشمیریوں کا پاکستانی پرچم تھامے مارچ کرنا بھارت کے لئے نوشتہ دیوارہے: سراج الحق

    ہزاروں کشمیریوں کا پاکستانی پرچم تھامے مارچ کرنا بھارت کے لئے نوشتہ دیوارہے: سراج الحق

    لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ہم کشمیرپر پاکستانی موقف کی حمایت پرچین کا شکریہ ادا کرتے ہیں.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ ہزاروں کشمیریوں کا پاکستانی پرچم تھامے مارچ بھارت کے لئے نوشتہ دیوارہے.

    سینیٹرسراج الحق نے کہا ہے کہ ہم پاکستانی قوم،عالمی برادری کو متحرک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں.

    ان کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرکی صورت حال پرعالمی کشمیرکانفرنس بلائیں گے، یہ اہم ترین معاملہ ہے.

    یاد رہے کہ گزشتہ روز امیر جماعت اسلامی نے ایک احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، بھارتی عمل قابل مذمت ہے۔آج پاکستان کی شہ رگ پر بھارت قابض ہے.

    ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیری آج اپنی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں، کشمیر پر بھارت کا قبضہ ناقابل قبول ہے.

    خیال رہے کہ بھارت نے غیر قانونی قدم اٹھاتے ہوئے کشمیر کی خصوصی اہمیت ختم کرکے اسے دو حصوں میں تقسیم کر دیا تھا.

    آرٹیکل 370 کے خاتمے کے غیر آئینی اقدام کے خلاف کشمیر میں شدید ردعمل آیا. گزشتہ روز ہزاروں افراد نماز جمعہ کے خطبے کے بعد احتجاج کرتے ہوئے باہر نکل آئے، جس سے بھارتی فورسز حواس باختہ ہوگئیں.

  • کشمیری آج اپنی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں: سراج الحق

    کشمیری آج اپنی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں: سراج الحق

    لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، بھارتی عمل قابل مذمت ہے۔

    ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کی شہ رگ پر بھارت قابض ہے.

    سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کشمیری آج اپنی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں، کشمیر پر بھارت کا قبضہ ناقابل قبول ہے.

    ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پاکستان مقبوضہ کشمیر سے متعلق باقاعدہ اعلان کرے اور بھارت سے سفارتخانہ تعلقات فوری مطلع کرے.

    سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکومت مقبوضہ کشمیرکی قیادت کے مطالبے کی حمایت کرے، یہ وقت کا تقاضا ہے.

    مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدام کے خلاف سینیٹ میں مذمتی قرار داد منظور

    خیال رہے کہ آج سینیٹ کمیٹی اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غیر قانونی اقدامات کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کری گئی ہے.

    قرار داد میں‌ مطالبہ کیا گیا ہے کہ بھارت خصوصی اہمیت ختم کرنے کا فیصلہ فوری واپس لے، اس سے خطے کی سلامتی اور امن کو شدید خطرہ ہے.

    قرار داد میں مزید کہا گیا کہ یہ ایوان بھارتی جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کی مذمت کرتا ہے، جموں کشمیر اقوام متحدہ میں متازعہ معاملہ ہے.

  • کشمیر کے لیے سب کی ایک آواز، وزیر اعظم قدم بڑھاؤ ہم آپ کے ساتھ ہیں: سراج الحق

    کشمیر کے لیے سب کی ایک آواز، وزیر اعظم قدم بڑھاؤ ہم آپ کے ساتھ ہیں: سراج الحق

    اسلام آباد: جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کا کہنا تھا کہ کشمیری قوم کو سلام پیش کرتا ہوں، قبروں پر پاکستانی جھنڈے ہیں۔ کشمیر کے لیے سب کی ایک آواز ہے وزیر اعظم قدم بڑھاؤ ہم آپ کے ساتھ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے سربراہ سراج الحق نے پارلیمنٹ کے مشترکہ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے لیے سب کی ایک آواز ہے وزیر اعظم قدم بڑھاؤ ہم آپ کے ساتھ ہیں۔

    سراج الحق کا کہنا تھا کہ اب تک لاکھوں کشمیری شہید ہو چکے ہیں، ہر روز تقریباً 4 کشمیری شہید ہو رہے ہیں، کشمیر کا امن پوری دنیا سے وابستہ ہے جو تباہی کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ دکھ ہوا ہم نے بھی کشمیر کو 3 حصوں میں تقسیم کرنے کی بات کی۔

    انہوں نے کہا کہ نیلسن منڈیلا سے زیادہ قربانی ڈاکٹر عاشق نے دی، تہاڑ جیل میں مقبول اور افضل گرو کی قبر اور اب یاسین ملک قید ہیں۔ کشمیری قوم کو سلام پیش کرتا ہوں، قبروں پر پاکستانی جھنڈے ہیں۔

    سراج الحق کا کہنا تھا کہ تمام کشمیری کہتے ہیں کہ میں پاکستانی ہوں۔ کشمیریوں کا اس لیے ساتھ نہیں دینا کہ زمین کا حصہ چاہتے ہیں۔ قائد اعظم نے فرمایا تھا کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آج قدم نہ اٹھایا تو بھارت کا اگلا اقدام گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر ہوگا۔ ہمیں تیاری کرنی ہوگی ورنہ پانی کی ایک ایک بوند کو ترسیں گے۔

    یاد رہے کہ 5 اگست کو بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کا بل بھارتی پارلیمنٹ میں پیش کیا تھا۔ بل کی تجاویز کے تحت غیر مقامی افراد مقبوضہ کشمیر میں سرکاری نوکریاں حاصل کرسکیں گے اور 370 ختم ہونے سے مقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت بھی ختم ہوجائے گی۔

    بعد ازاں بھارتی صدر نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کے بل پر دستخط کر دیے اور گورنر کا عہدہ ختم کر کے اختیارات کونسل آف منسٹرز کو دے دیے۔

  • اب ہمیں امریکا کے ڈومور کے کسی مطالبے پر کان نہیں دھرنا چاہئے، سراج الحق

    اب ہمیں امریکا کے ڈومور کے کسی مطالبے پر کان نہیں دھرنا چاہئے، سراج الحق

    لاہور : جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ہمیں اب امریکا کے ڈومور کے کسی مطالبے پر کان نہیں دھرنا چاہئے، قبائلی عوام کی محرومیوں کا بھی ازالہ کرنا ہوگا۔

    یہ بات انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ دورہ امریکہ کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان کو عالم اسلام کے مسائل پر بات کرنی چاہئے اور ڈونلڈ ٹرمپ سے مرعوب ہونے کی بجائے کھل کر پاکستان کا مقدمہ لڑنا چاہیے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں اب امریکا کے ڈومور کے کسی مطالبے پر کان نہیں دھرنا چاہیے کیونکہ افغانستان سے امریکی فوج کا انخلا اور افغان عوام کی مرضی کا نظام ضروری ہے۔

    فاٹا الیکشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے بعد قبائلی اضلاع باقاعدہ قومی دھارےمیں شامل ہوگئے ہیں، اب قبائلی اضلاع کی70سالہ محرومیوں کا ازالہ ہونا چاہیے، اس کے علاوہ ان اضلاع کو این ایف سی ایوارڈ سے3فیصد فنڈز اور سی پیک میں بھی حصہ ملنا چاہئے۔

    مزید پڑھیں: اشرف غنی اورسراج الحق ملاقات، امیر جماعت اسلامی کا فاصلے ختم کرنے پر زور

    واضح رہے کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے افغان صدر اشرف غنی کے دورہ پاکستان کے موقع پر ملاقات کی تھی ان کا کہنا تھا کہ افغانستان اور پاکستان کے پاس دوستی کے علاوہ کوئی اور چوائس نہیں۔

    سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کا روشن مستقبل امن سے وابستہ ہے، دونوں ممالک کے درمیان فاصلے امن دشمنوں کے پیدا کردہ ہیں، امن کے لئے افغان جماعتوں میں باہمی ڈائیلاگ ضروری ہیں۔

  • سودی نظام نے معیشت تباہ کردی ،خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے، سینیٹر سراج الحق

    سودی نظام نے معیشت تباہ کردی ،خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے، سینیٹر سراج الحق

    لاہور : امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ سودی نظام نے ملکی معیشت تباہ کردی جس کا خمیازہ پوری قوم کو بھگتنا پڑرہا ہے، عوام کی حکومت سے توقعات ختم ہورہی ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ لاہور میں جاری مرکزی مجلس شوریٰ کے تین روزہ اجلاس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    انہوں نے کہا کہ سود نے ملکی معیشت تباہ کردی ہے جس کا خمیازہ پوری قوم کو بھگتنا پڑرہا ہے،جب تک سودی قرضوں کی معیشت کا خاتمہ نہیں ہوتا ترقی اور خوشحالی نہیں آئے گی۔

    امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ حکومت آئی ایم ایف اور مقتدر قوتوں کی بیساکھیوں پر چل رہی ہے، اچھے کام کا کریڈٹ وزیر اعظم کو اور خرابی کا الزام اسٹیبلشمنٹ پرلگ رہا ہے، سروے بتاتے ہیں کہ عوام کی پی ٹی آئی حکومت سے توقعات ختم ہورہی ہیں۔

    سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کے نظریاتی تشخص بچانے کیلئے مسلسل سرگرم ہے، ہم نے اسلامی نظام کیلئے مسلسل آواز اٹھائی ہے، اس سلسلے میں اسمبلیوں میں قراردادیں اور بعض اوقات قوانین منظور کرائے ہیں۔

    اپنے خطاب میں انہوں نے ارکان شوریٰ سے کہا کہ غلبہ دین کیلئے منتخب اداروں میں اپنی قوت بڑھانے کی ضرورت ہے، اگرچہ قومی و صوبائی اسمبلیوں اور سینیٹ میں ہماری تعداد محدود ہے مگر اس کے باوجود ہم ملک کی اسلامی و جمہوری شناخت کو قائم رکھنے کیلئے اپنی جاری رکھیں گے۔

  • اشرف غنی، سراج الحق ملاقات، امیر جماعت اسلامی کا فاصلے ختم کرنے پر زور

    اشرف غنی، سراج الحق ملاقات، امیر جماعت اسلامی کا فاصلے ختم کرنے پر زور

    اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی، سراج الحق نے کہا ہے کہ افغانستان اور  پاکستان کے پاس دوستی کے علاوہ کوئی چوائس نہیں.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد میں افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کے موقع پر کیا.

    سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کا روشن مستقبل امن سے وابستہ ہے، امن کے لئے افغان جماعتوں میں باہمی ڈائیلاگ ضروری ہیں.

    امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ افغانستان اور پاکستان میں دوستی کےعلاوہ کوئی چوائس نہیں، دونوں ممالک کے درمیان فاصلے امن دشمنوں کے پیدا کردہ ہیں.

    سینیٹر سراج الحق  کا کہنا تھا کہ ان فاصلوں کو جلد از جلد ختم ہونا چاہییں، دونوں ممالک کا قریب آنا ضروری ہے.

    اس دوران افغانستان میں‌ہونے والے انتخابات بھی زیر بحث آئے. افغان صدر نے کہا کہ افغانستان میں بروقت انتخابات ہوں گے. انھوں نے مزید کہا کہ ہم پاکستان سے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتے ہیں.

    مزید پڑھیں: وزیرا عظم عمران خان اور افغان صدراشرف غنی کی ون آن ون ملاقات

    خیال رہے کہ افغان صدر اشرف غنی پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ہیں. آج وزیرا عظم عمران خان اور افغان صدراشرف غنی کی ون آن ون ملاقات ہوئی۔

    اس ملاقات میں خطے کی سیکیورٹی اورقیام امن سےمتعلق تبادلہ خیال کیا گیا.

  • بجٹ کو مسترد کرتے ہیں، منظور نہیں ہونے دیں گے، سینیٹر سراج الحق

    بجٹ کو مسترد کرتے ہیں، منظور نہیں ہونے دیں گے، سینیٹر سراج الحق

    لاہور : امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کے بجٹ کو مسترد کرتے ہیں، منظور نہیں ہونے دینگے، معیشت کو آئی ایم ایف کے حوالے کردیا گیا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ حکمران ملک میں خوشحالی لانا چاہتے ہیں تو انہیں سودی نظام کو ختم اور پاناما لیکس میں شامل436لوگوں کا احتساب کرنا ہوگا۔

    سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے بجٹ میں اعلان کیا ہے کہ کم ازکم تنخواہ17ہزار روپے ہوگی، میں حکومت سے کہتا ہوں کہ17ہزار روپے میں ایک گھر کا بجٹ بنا کر تو دکھائیں، حکومت نے معیشت کو آئی ایم ایف کے حوالے کردیا ہے، حکومت کے بجٹ کو مسترد کرتے ہیں، منظور نہیں ہونے دینگے۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے کلچرمیں کوئی فرق نہیں، سرمایہ کاروں اور جاگیرداروں کے ہوتے ہوئے پاکستان کبھی ترقی نہیں کرسکتا، پیپلزپارٹی اور ن لیگ دور حکومت میں جاگیردار ایوانوں میں جاتے تھے۔

    سراج الحق نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی پیپلزپارٹی یا ن لیگ کے ایجنڈے کاحصہ نہیں بنے گی، عوام کے لئے اب جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہے، جماعت اسلامی کشمیر کاز کے لئے کام کرے گی، میں عام شہری کیلئے ایوانوں کے دروازےکھول کر دکھاؤں گا۔

  • حکومت آئی ایم ایف کامسلط بجٹ واپس لے اور تنقید سننے کا حوصلہ پیدا کرے: سراج الحق

    حکومت آئی ایم ایف کامسلط بجٹ واپس لے اور تنقید سننے کا حوصلہ پیدا کرے: سراج الحق

    لاہور: امیر جماعت اسلامی، سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت بجٹ پر اپوزیشن کا مؤقف سننے کے لیےتیار نہیں.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں ہونے والے شور شرابے اور ہنگامے پر ردعمل دیتے ہوئے کیا.

    سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت آئینہ دیکھنا نہیں چاہتی، حکومت کو تنقید سننے کا حوصلہ پیدا کرنا چاہیے.

    امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت دھینگا مشتی کی بجائےآئی ایم ایف کامسلط بجٹ واپس لے، عام آدمی سے زندگی کا حق چھین لیا گیا ہے.

    سراج الحق نے کہا کہ آئی ایم ایف کے تیار کردہ بجٹ نےغریب کا چولہا بجھا دیا، حکومت ون ویلنگ کرنا چاہتی ہے، جوون ویلنگ کرتاہےاسےحادثات کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے.

    سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کوون ویلنگ چھوڑنا اور اپوزیشن کو برداشت کرنا پڑے گا.

    مزید پڑھیں: حکومت اپنے اتحادیوں سے مل کر بجٹ منظور کرائے گی، فردوس عاشق اعوان

    خیال رہے کہ آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں‌اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی تقریر کے دوران شدید شور شرابہ ہوا، جس کی وجہ سے اسپیکر قومی اسمبلی، اسد قیصر نے اجلاس ملتوی کر دیا.

    بعد ازاں ن لیگ کے رہنماؤں نے اسمبلی کے باہر پریس کانفرنس کی اور حکومتی رویے کو تنقید کا نشانہ بنایا.

    اس موقع پر خواجہ آصف نے کہا کہ حکومت کو کام اجلاس چلانا ہے، مگر احتجاج خود حکومت کر رہی ہے.