Tag: skardu

  • کے ٹو پر مہم جوئی کے دوران کوہ پیما ٹیم برفانی تودے کی زد پر آ گئی، افتخار سد پارہ جاں بحق

    کے ٹو پر مہم جوئی کے دوران کوہ پیما ٹیم برفانی تودے کی زد پر آ گئی، افتخار سد پارہ جاں بحق

    اسکردو: کے 2 پر مہم جوئی کے دوران 4 رکنی کوہ پیما ٹیم برفانی تودے کی زد میں آ گئی ہے، حادثے میں افتخار سدپارہ جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کے ٹو پہاڑ پر مہم جوئی کرنے والی کوہ پیما ٹیم برفانی تودے کی زد میں آ گئی، تین کوہ پیماؤں کو بچا لیا گیا تاہم ایک کوہ پیما اور مقامی پورٹر لاپتا ہو گئے تھے۔

    بعد ازاں ریسکیو حکام نے کوہ پیما کی لاش ڈھونڈ لی، جو افتخار سدپارہ کی تھی، ڈی سی شکر کا کہنا ہے کہ ان کی میت بذریہ ہیلی کاپٹر اسکردو منتقل کی جائے گی۔

    اس حادثے میں 3 کوہ پیما زخمی ہو گئے تھے، تاہم ریسیکیو کا کہنا تھا کہ کوہ پیماؤں کو معمولی خراشیں آئیں، یہ حادثہ کیمپ 1 سے واپسی پر بیس کیمپ سے تقریباً 500 میٹر آگے پیش آیا، ریسکیو ٹیم نے 3 زخمی کوہ پیماؤں کو بہ حفاظت ایڈوانس بیس کیمپ منتقل کیا۔


    ساجد سدپارہ نے بغیر آکسیجن 7 ویں بلند ترین چوٹی سر کر لی


    ریسکیو ذرائع کے مطابق معروف کوہ پیما افتخار سدپارہ برفانی تودے کی زد میں آ گئے تھے، جاں بحق کوہ پیما کی آبائی گاؤں سدپارہ میں تدفین کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر شگر کے مطابق برفانی تودہ گرنے کا واقعہ گزشتہ روز پیش آیا تھا، حادثے میں 3 غیر ملکی کوہ پیما زخمی ہوئے تھے۔

  • کے ٹو مہم جوئی برفباری سے متاثر، خواتین کوہ پیما ثمینہ بیگ، آمنہ شگری بیمار پڑ گئیں

    کے ٹو مہم جوئی برفباری سے متاثر، خواتین کوہ پیما ثمینہ بیگ، آمنہ شگری بیمار پڑ گئیں

    کے ٹو پر مہم جوئی شدید برفباری کے باعث متاثر ہو گئی ہے، مہم جوئی میں شریک پاکستانی خواتین کوہ پیما ثمینہ بیگ اور آمنہ شگری بیمار پڑ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسکردو میں شدید برفباری کے باعث کے ٹو مہم جوئی متاثر ہو گئی ہے، کیوں کہ خواتین کوہ پیماؤں کی صحت خراب ہو گئی ہے۔

    ڈپٹی کمشنر شگر ولی اللہ کا کہنا ہے کہ شدید برفباری سردی اور موسم کی مسلسل خرابی سے خواتین کی صحت متاثر ہوئی ہے، دونوں کوہ پیما اس وقت بیس کیمپ میں موجود ہیں، جنھیں واپس لانے کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ کوہ پیماؤں کی واپسی کے لیے گاڑیوں کی روانگی کے لیے این او سی جاری کر دی گئی ہے، بیس کیمپ سے ماہر ریسکیو ٹیم خواتین کو واپس لائے گی، بیس کیمپ سے نیچے پہنچنے کے بعد گاڑیوں کی مدد سے کوہ پیماؤں کو شگر پہنچایا جائے گا۔

    ڈپٹی کمشنر کے مطابق ثمینہ بیگ اور آمنہ شگری کی مہم جوئی منسوخ کر دی گئی ہے، واضح رہے کہ کے ٹو پر مہم جوئی کے لیے یہ خواتین 21 جون کو روانہ ہوئی تھیں، ثمینہ بیگ پاکستانی خواتین کوہ پیماؤں کی سربراہی کر رہی تھیں، کوہ پیماؤں کی اس ٹیم میں 4 پاکستانی اور 4 اطالوی خواتین شامل تھیں۔

  • اسکردو کے لیے پی آئی اے کی پرواز ملتان میں کیوں اتاری گئی؟

    اسکردو کے لیے پی آئی اے کی پرواز ملتان میں کیوں اتاری گئی؟

    کراچی: قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کی کراچی اسکردو کی پرواز نے ملتان میں ٹیکنیکل لینڈنگ کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی پرواز ’پی کے 455‘ صبح 6:10 پر کراچی سے اسکردو کے لیے روانہ ہوئی تھی، تاہم درمیانی راستے میں ایئربس طیارے میں فنی خرابی کی نشان دہی ہوئی۔

    ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ اے ٹی سی کی ہدایت پر طیارے کو ملتان ایئرپورٹ پر اتارا گیا، جب طیارے کا معائنہ کیا گیا تو معلوم ہوا کہ انجن سے پرندہ ٹکرا گیا تھا۔

    ماہرین نے معائنے کے بعد طیارہ پرواز کے لیے فٹ قرار دے دیا، اور مسافر اسی طیارے میں اسکردو روانہ ہو گئے۔ خیال رہے کہ پاکستان میں طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات آئے روز پیش آتے رہتے ہیں، سی اے اے نے اس سلسلے میں متعدد اقدامات کیے ہیں۔

  • اسکردو میں زلزلے کے جھٹکے، سڑکوں پر لینڈ سلائیڈنگ، متعدد افراد زخمی

    اسکردو میں زلزلے کے جھٹکے، سڑکوں پر لینڈ سلائیڈنگ، متعدد افراد زخمی

    گلگت: گلگت بلتستان کے شہر اسکردو کے علاقے روندو میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، اب تک 5 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسکردو کے علاقے روندو میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4.6 ریکارڈ کی گئی تاہم اس کی گہرائی صرف 10 کلومیٹر تھی۔

    زلزلے کے باعث جگلوٹ اسکردو روڈ کئی مقامات پر بند ہوگئی، ملوپہ کے مقام پر پہاڑی تودہ گرنے سے شاہراہ بند ہوگئی، سڑکوں کی بندش کے باعث مسافر پھنس کر رہ گئے جبکہ ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے۔

    اسسٹنٹ کمشنر روندو محمد اویس کا کہنا ہے کہ زلزلے میں 5 افراد زخمی ہوگئے، 3 زخمیوں کو اسکردو اور 2 کو گلگت منتقل کیا گیا ہے، زلزلے سے جگلوٹ اسکردو روڈ مختلف مقامات پر بند ہوگئی۔

    اے سی کا کہنا ہے کہ علاقے میں سڑکوں اور واٹر چینلز کا بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے، یلبو کے مقام پر آفٹر شاکس کی بھی اطلاعات ہیں، فی الحال سڑکیں بند ہیں حتمی تفصیلات رابطے بحال ہونے پر فراہم ہوسکیں گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ کی ٹیمیں مکمل طور پر متحرک ہیں۔

    دوسری جانب گلگت بلتستان کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (جی بی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ اسکردو میں زلزلے کی وجہ سے نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

  • اسکردو میں خطرناک سیلاب : درجنوں مکانات اور شاہراہیں بہہ گئیں

    اسکردو میں خطرناک سیلاب : درجنوں مکانات اور شاہراہیں بہہ گئیں

    گلگت بلتستان : اسکردو، شگر کھرمنگ اور گانگچھے میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی پھیل گئی درجنوں گھر بہہ گئے اہم شاہراہیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔

    ملک بھر میں ہونے والی حالیہ تباہ کن بارشوں کے بعد مختلف شہروں میں سیلابی صوتحال پیدا ہوگئی ہے جس کے سبب بڑے پیمانے پر عوام کا مالی نقصان ہوا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سیلابی ریلے کے زد میں آکر کونیس گانگچھے میں 27گھر تباہ ہوگئے، سیلابی ریلوں سے 15گھر مکمل تباہ ،گمبہ اسکردو میں بھی درجنوں مکانات متاثر ہوئے۔

    اس کے علاوہ روندو میں بھی سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے رابطہ سڑکیں ،پل تباہ اور درجنوں مکانات متاثر ہوئے، دریائے مشہ بروم میں اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کردیا گیا۔

    غورسے رائشہ میں حفاظتی بند ٹوٹ گیا، سیلابی ریلا آبادی میں داخل ہوگیا جس کے نتیجے میں تاریخی مسجد زیر آب ہوگئی۔

    اسکردو میں سیلابی ریلوں کےباعث وسیع رقبے پرکھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں، بڑی تعداد میں درخت بھی دریا برد ہوگئے۔

    متاثرین نے حکومت سے متاثرہ علاقوں میں فوری ریلیف آپریشن شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن تیز کرنے کی ہدایت جاری کردی۔

  • چھٹیوں میں اسکردو  جانے والے افراد کیلئے بڑی خبر

    چھٹیوں میں اسکردو جانے والے افراد کیلئے بڑی خبر

    کراچی : پی آئی اے نے اسکردو جانے والے افراد کیلیے پروازوں میں اضافہ کا اعلان کردیا ، ترجمان کا کہنا ہے کہ عید اوراسکولوں کی گرمیوں کی چھٹیوں کے باعث سیاح بڑی تعداد میں اسکردو جا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے اسکردو کے لیے پروازوں میں اضافہ کردیا اور اسلام آباد سے اسکردو ہفتہ وار 12 پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ اسکردو جانے والوں کے لیے ہفتہ پروازوں میں اضافے کا فیصلہ کیا، عید اوراسکولوں کی گرمیوں کی چھٹیوں کے باعث سیاح بڑی تعداد میں اسکردو جا رہے ہیں۔

    خیال رہے سات ہزار فٹ بلندی پر قائم اسکردوائیرپورٹ دنیا کے چند بلند ترین اورخوبصورت ایئرپورٹس میں شمار کیا جاتا ہے جبکہ ائیرپورٹ کو لائف لائن اور k2 کا گیٹ وے بھی کہا جاتا ہے۔

    یاد رہے گذشتہ سال پی آئی اے نے سیاحت کےفروغ کیلئے تاریخ میں پہلی باراسکردو ائیرپورٹ ‏پر 8، 8 پروازیں آپریٹ کیں، اسکردو پر پروازیں بیک وقت کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے آپریٹ ہوئی تھیں۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ پی آئی اے نے تمام مسافروں سے حکومتی ہدایات پر مکمل ‏عمل درآمد کرایا ، پروازیں بڑھانے کامقصد علاقے کی ترقی، اور سیاحت کافروغ ہے۔

  • اسکردو میں برفباری، فضائی سروس اور درجنوں بالائی علاقوں سے زمینی رابطہ معطل

    اسکردو میں برفباری، فضائی سروس اور درجنوں بالائی علاقوں سے زمینی رابطہ معطل

    اسکردو : برفباری کے باعث اسکردو کی اسلام آباد سے فضائی سروس اور درجنوں بالائی علاقوں سے زمینی رابطہ معطل ہوگیا جبکہ معمولات زندگی متاثر ہے اور لوگ گھروں تک محدود ہوگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسکردو سمیت بلتستان میں برفباری جاری ہے ، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بالائی علاقوں میں 8 انچ برفباری اور میدانی علاقوں میں 4 انچ تک برفباری ریکارڈ کی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ برفباری کے باعث اسکردو کا درجنوں بالائی علاقوں سے زمینی رابطہ معطل جبکہ اسکردو کی اسلام آباد سے فضائی سروس بھی معطل ہوگئی ہے۔

    اسکردو میں برفباری کے باعث معمولات زندگی متاثر ہے اور لوگ گھروں تک محدود ہوکر رہ گئے ہیں۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسکردو کا درجہ حرارت منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا جبکہ بالائی علاقوں میں درجہ حرارت منفی10 ڈگری سینٹی گریڈتک گرگیا۔

    محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ برفباری کا سلسلہ آئندہ چوبیس گھنٹے بھی جاری رہے گا۔

  • بلتستان یونیورسٹی اور دیگر تعلیمی اداروں کے طلباء اور فیکلٹی ممبران کا فوج کے ساتھ ایک دن

    بلتستان یونیورسٹی اور دیگر تعلیمی اداروں کے طلباء اور فیکلٹی ممبران کا فوج کے ساتھ ایک دن

    راولپنڈی : بلتستان یونیورسٹی اور دیگر تعلیمی اداروں کے طلباء اور فیکلٹی ممبران نے فوج کے ساتھ ایک دن گزارا ، اس دوران طلباء اور فیکلٹی ممبران نے فیلڈ فائرنگ رینج سکردو میں فائر پاور کا مظاہرہ دیکھا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بلتستان یونیورسٹی اور دیگر تعلیمی اداروں کے طلباء اور فیکلٹی ممبران نے ضلع گھانچے کے علاقے اسکردو میں قائم فیلڈ فائرنگ رینج کا دورہ کیا۔

    جہاں انہوں نے پاک فوج کے ساتھ ایک دن گزارا، اس دوران طلباء نے فائر پاور کا مظاہرہ دیکھا اور چھوٹے ہتھیار بھی چلائے جبکہ طلباء اور فیکلٹی ممبران کو فوج کے مختلف ہتھیار اور آلات بھی دکھائے گئے۔

    طلباء نے افسروں اور جوانوں کے حوصلے اور پیشہ ورانہ صلاحیت کو سراہا، انہوں نے اس موقع کی فراہمی پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔

    یاد رہے رواں سال جولائی میں یونیورسٹیز کے طلبا نے لاہور گیریژن میں پاک فوج کے ساتھ ایک دن گزارا تھا، پروگرام کا مقصد طلبہ کو پاک فوج کے امور کار کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہے۔

    اس دوران طلبا کو پاک فوج کے تنظیمی ڈھانچے اور دفاعی صلاحیتوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا جبکہ طلبا نے ٹینکوں کی سواری اور آرمرڈ گاڑیوں میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی تھی۔

  • وزیراعظم عمران خان بھی اسکردو کی خوبصورتی کے دلدادہ

    وزیراعظم عمران خان بھی اسکردو کی خوبصورتی کے دلدادہ

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر گلگت بلتستان کے قدرتی حسن پر مبنی خوبصورت تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان کے میرے گزشتہ ٹوئٹ کےبعد مجھے مزید تصاویر بھیجی گئیں، اس بار مجھے اسکردو کےگردونواح کی تصاویربھیجی گئی ہیں۔

    تین روز قبل بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ایک ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کے قدرتی حسن پر مبنی خوبصورت تصاویر شیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ سردیوں کی آمد سے پہلے یہ گلگت بلتستان کے رنگ ہیں، یہ زمین پر میرے پسندیدہ ترین مقامات میں سے ایک مقام ہے۔

    جنت نظیر وادی، پرفضا مقام، بہتا پانی، پہاڑ اور ان پر چاندی جیسی برف، اسکردو کی خوبصورتی میں اپنی مثال آپ ہے، موسم سرما میں فطرت کو قریب سے دیکھنے اور مہم جوئی کے شوقین افراد موسم بدلتے ہی اس وادی کا رخ کرتے ہیں، یہاں آنے والے غیرملکی سیاح بھی اس کے گن گاتے ہیں۔

    رنگ برنگے نظارے، دلفریب موسم اور خوبصورت پہاڑوں سے سجا اسکردو ہر موسم میں اپنا منفرد روپ دکھاتا ہے یہی وجہ ہے کہ جو ایک بار اس خطے کا رخ کر لے وہ اس کی محبت میں ہمیشہ کے لیے گرفتار ہو جاتا ہے۔

  • سیکڑوں دیہات برف سے ڈھک  گئے

    سیکڑوں دیہات برف سے ڈھک گئے

    اسکردو: بلتستان میں شدید برف باری سے نظام زندگی بدستور مفلوج ہے، سیکڑوں دیہات برف سے پوری طرح ڈھک چکے ہیں، زمینی رابطے معطل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے گلگت بلتستان ریجن میں سیکڑوں دیہات کو برف کی دبیز چادر نے ڈھک دیا ہے، شدید ترین برف باری کے باعث شہری علاقوں میں بھی ٹرانسپورٹ معطل ہے، خوب صورت ترین سیاحتی شہر اسکردو میں رن وے کلیئر نہ ہونے کے باعث فضائی سروس بھی بحال نہ ہو سکی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد اور اسکردو کے درمیان 11 جنوری سے پروازیں معطل ہیں، گلگت اسکردو روڈ سے برفانی تودے اور لینڈ سلائیڈنگ ہٹا دی گئی ہے اور شاہراہ بحال ہو گئی ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسکردو کا درجہ حرارت منفی 10 ریکارڈ کیا گیا، جب کہ بالائی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 20 رہا، خون جما دینے والی سردی لوگ شدید مشکلات کا شکار ہیں، دوسری طرف جی بی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ دھوپ نکلنے سے برفانی تودے گرنے کا عمل تیز ہوگا، اس لیے بالائی علاقوں کے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

    ادھر این ڈی ایم اے نے رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ برف باری اور بارش کے باعث نقصانات بڑھتے جا رہے ہیں، مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 104 ہو گئی ہے، جب کہ 96 زخمی ہیں، بلوچستان میں برف باری سے 20 افراد جاں بحق ہوئے، کے پی میں 5 جب کہ آزاد کشمیر میں جاں بحق افراد کی تعداد 77 ہو گئی ہے، گلگت بلتستان میں 2 افراد جاں بحق ہوئے۔

    رپورٹ کے مطابق 236 مکانات کو بھی برف باری سے نقصان پہنچا، کے پی، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں رابطہ سڑکیں متاثر ہو چکی ہیں، متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ٹیمیں فیلڈ میں مصروف عمل ہیں، 2000 ٹینٹ، 1250 کمبل اور 2250 دیگر اشیا متاثرین تک پہنچائی جا چکی ہیں۔