Tag: skin care

  • روئی کو دودھ میں ڈبو کر ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ !!چہرے پر نیا روپ اور دلکشی پائیں

    روئی کو دودھ میں ڈبو کر ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ !!چہرے پر نیا روپ اور دلکشی پائیں

    خواتین اپنے چہرے کی حفاظت اور اس کی دلکشی کیلئے بیت زیادہ حساس ہوتی اور اس کیلئے وہ ہر طرح کے جتن بھی کرتی ہیں۔

    یقینی طور ان کا خوبصورت نظر آنا فطری حق ہے لیکن غیر متوازن غذا، نیند کی کمی، ذہنی تناؤ اور آلودگی کی وجہ سے چہرہ کی رونق ماند پڑنے لگتی ہے۔

    اس کیلئے دودھ کا استعمال انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جسے ایک خاص طریقے سے استعمال میں لاکر خواتین اپنے چہرے کو دلکش جاذب نظر اور خوبصورت بنا سکتی ہیں۔ آج ہم آپ کو دودھ سے جلد کو خوبصورت بنانے کے گھریلو نسخے بتانے جارہے ہیں۔

    کیا آپ جانتی ہیں کہ دودھ میں شامل ان گنت مفید اجزاء آپ کے چہرے کو ایک نیا روپ اور شادابی دے سکتے ہیں۔ اس حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر دودھ پینا جسم کے لیے بہتر ہے تو اس کا براہِ راست استعمال آپ کے حسن کے لیے بھی انتہائی اہم ہے۔

    دودھ

    جلد اور چہرے کے ماہرین کے مطابق دودھ جلد کے لیے بہت مفید ہے لیکن اس کا باقاعدہ استعمال مزید فوائد بھی فراہم کرتا ہے جن میں سے چند درج ذیل ہیں۔

    دودھ بطور اسکن کلینزر :

    دودھ چہرے کی جلد کو صاف کرنے کےلیے انتہائی مؤثر ہے۔ یہ چہرے سے گرد وغبار صاف کرتا ہے اور جلد کے مردہ خلیات کو ہٹاکر بند مسام کھولتا ۔ دودھ سیاہ بدنما کیلوں کو بننے روکتا ہے اور خشک جلد کو تر و تازہ بناتا ہے۔

    طریقہ استعمال : روئی کے پھوئے (کاٹن بال) کو دودھ میں ڈبوئیے اور پانچ منٹ تک چہرے کے ہر حصے پر دائروں کی صورت میں گھمائیے۔ کچھ دیر بعد نیم گرم پانی سے چہرے کو دھو لیجئے۔

    دودھ سے خشک جلد کا علاج :

    خشک اور پپڑی والی جلد کےلیے دودھ ایک بہترین موئسچرائزر ہے جس کا استعمال جلد کو نمی اور غذائیت دے کر آپ کی جلد کو سارا دن شگفتہ رکھتا ہے۔

    طریقہ استعمال : روئی کے پھوئے کو دودھ میں ڈبو کر پورے چہرے پر لگائیں۔ دودھ کو 20 منٹ تک چہرے پر رہنے دیجئے اور پھر ٹھنڈے پانی سے دھولیجئے۔ بہترین نتائج کے لیے دودھ میں کچلا ہوا کیلا ملا کر چہرے پر لگائیں اور نصف گھنٹے تک لگا رہنے دیجئے۔

    دودھ کا اسکرب :

    دودھ کو ایک اسکرب کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس میں قدرتی طور پر ایلفا ہائیڈروآکسل ایسڈ (اے ایچ اے) کی بڑی مقدار موجود ہوتی ہے اور یہ مرکب مہنگی ترین کاسمیٹکس مصنوعات میں بھی شامل کیا جاتا ہے۔ اے ایچ اے جلد سے مردہ خلیات کو نکال باہر کرتا ہے، جلد کی سطح کو نرم اور روشن بناتا ہے۔

    طریقہ استعمال : دودھ اور شہد کو ملاکر ایک قدرتی اسکرب بنایا جاسکتا ہے۔ اسے جلد پر لگائیں اور 15 منٹ بعد نیم گرم پانی سے چہرے کو دھولیجئے۔ آپ کی جلد میں فوری نکھار اور چمک نظر آنے لگیں گی۔

    داغ دھبوں کو دور کیجئے :

    جلد پر جھائیاں اور دھبے دور کرنے میں بھی دودھ اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اسے استعمال کرنے کے بعد آپ کیمیکل بھری مہنگی کاسمیٹکس استعمال نہیں کریں گے کیونکہ یہ ایک مؤثر وائٹنر اور اسکن ٹونر بھی ہے۔ دودھ میں موجود لیکٹک ایسڈ اہم کردار ادا کرتا ہے اور جلد کو ہموار بناتا ہے۔

    طریقہ استعمال : دودھ کو برابر مقدار میں سبز چائے (گرین ٹی) میں ملائیں۔ اب روئی سے ڈبو کر جھلسی ہوئی جلد کے ہر دھبے پر لگائیے اور چہرے کو 15 منٹ بعد دھولیجئے۔ ہفتے میں تین مرتبہ استعمال کیجئے اور حیرت انگیز نتائج حاصل کیجئے۔

    دھوپ سے جلی ہوئی جلد (سن برن) کا علاج :

    دودھ میں موجود پروٹین جلد پر اس کی ایک باریک پرت لگادیتے ہیں جو آپ کی جلد کو جھلسنے اور خراب ہونے سے بچاتی ہے۔ اسی طرح بعض لوگوں کی جلد پر دھوپ سے جلن ہوتی ہے اور دودھ اسے بھی دور کرتا ہے۔

    طریقہ علاج : فل کریم ملک (بالائی سے بھرپور دودھ) لے کر اسے جلد پر آزمائیے۔ اس میں موجود صحت بخش چکنائیاں دھوپ سے جھلسنے والی جلد کی مرمت کرتی ہیں۔

  • خوبصورت جلد کے لیے کیا اسکن کیئر روٹین ہونی چاہیئے؟

    خوبصورت جلد کے لیے کیا اسکن کیئر روٹین ہونی چاہیئے؟

    جلد اور بال بہت زیادہ خیال اور وقت کا تقاضہ کرتے ہیں جس کے بغیر بالوں اور جلد کا صحت مند رہنا ناممکن ہے، جلد کا خیال رکھنے کے لیے کچھ باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہے۔

    جلد کو صحت مند رکھنے کے لیے روزانہ کم از کم دو بار اسے صاف کرنا چاہیئے جسے AM-PM اسکن کیئر روٹین کہا جاتا ہے۔

    صبح کے وقت: رات میں لگائے گئے تمام اسکن پروڈکٹس صبح اٹھ کر صاف کریں، اس کے بعد یہ جانیں کہ آپ کی جلد کو حقیقت میں کس چیز کی ضرورت ہے، جیسے پگمینٹیشن، ڈی ہائیڈریشن اور اینٹی ایجنگ کے لیے جلد کو کس چیز کی ضرورت ہے۔

    جلد کے مسائل جاننے کے بعد آپ اس کے علاج کے طور پر ہائیلورونک ایسڈ، وٹامن سی اور نیاسینامائیڈ والے پروڈکٹس کا استعمال کریں۔

    اس کے بعد اپنی جلد کی قسم کی بنیاد پر موئسچرائزر لگائیں، تیل والی جلد کے لیے جیل بیسڈ موئسچرائزر استعمال کریں اور خشک جلد کے لیے کریم بیسڈ موئسچرائزر استعمال کریں۔

    آخری مراحل میں ایس پی ایف 30 اور اس سے اوپر ایس پی ایف والے سن اسکرین کا استعمال کریں۔

    جو لوگ میک اپ استعمال کرتے ہیں ان کے لیے ایسے فاؤنڈیشن بھی آتے ہیں جس میں سن اسکرین بھی ہوتا ہے۔

    شام کے وقت: اگر آپ کی جلد حساس یا خشک ہے تو آپ صابن سے پاک کلینزر کا استعمال کرسکتے ہیں اور اگر آپ کی جلد آئلی ہے تو چہرہ دھونے کے لیے فیس واش کا استعمال کر سکتے ہیں۔

    اس کے بعد ائیلورونک ایسڈ، وٹامن سی اور نیاسینامائیڈ کا استعمال کریں اور آخر میں موئسچرائزر لگائیں۔

    شام کا وقت جلد کو صاف کرنے کا بہترین وقت ہے لیکن 3 باتیں یاد رکھیں، ہر پروڈکٹ لگانے سے پہلے ایک منٹ کا وقفہ لیں کیونکہ یہ جلد کو مصنوعات کو جذب کرنے میں کافی وقت فراہم کرتا ہے۔

    جلد کے مطابق اسکن روٹین کو اپنائیں۔

    اگر آپ کی عمر 30 سے اوپر ہے تو اپنی روٹین میں اینٹی ایجنگ والے پروڈکٹس کا استعمال کریں۔

  • بارش کے موسم میں جلد کو خراب ہونے سے کیسے بچائیں؟

    بارش کے موسم میں جلد کو خراب ہونے سے کیسے بچائیں؟

    ماہرین کا کہنا ہے کہ سال کے تمام موسموں میں جسم کی جلد اور بالوں کا مختلف طریقے سے خیال رکھنا ضروری ہے جو موسم کے حساب سے ہو۔

    جلد کی حفاظت ہر موسم میں ہی کرنا چاہیئے، لیکن بارشوں کا موسم کیونکہ زیادہ نمی اور بیکٹیریا کا باعث بنتا ہے تو اس موسم میں جلد کو اضافی توجہ درکار ہے۔

    اس موسم میں جلد کا خیال رکھنے کے لیے مندرجہ ذیل طریقے اپنائیں۔

    اسکربنگ

    نمی کے اس موسم میں جلد کی اچھی اور تفصیلی صفائی کی ضرورت پڑتی ہے، جیسے کہ کلینزنگ اور اسکربنگ وغیرہ۔ ہفتے میں ایک دفعہ بھی اگر ڈیپ کلینزنگ کر لی جائے تو چہرہ چمک اٹھے گا۔

    وٹامن سی سیرم

    جلد اور چہرے کی حفاظت اور خوبصورتی کے لیے وٹامن سی کتنا ضروری ہے یہ سب جانتے ہیں، اس لیے وٹامن سی سپلیمنٹس کا استعمال اور چہرے کی دلکشی کے لیے وٹامن سی سیرم کا استعمال معمول بنا لیں۔

    سن بلاک

    سن بلاک سورج کی شعاعوں کو بلاک کرتا ہے، یہ سورج کی خطرناک الٹرا وائلٹ شعاعوں کو آپ کی جلد تک پہنچنے سے روکتا ہے، باہر نکلتے ہوئے اس کا استعمال ضرور کریں۔

    گھر میں بھی چولہے کی تپش اور اس کی نقصان دہ گرمی سے بچاتا ہے۔

    کم میک اپ

    ایسے موسم میں میک اپ کا استعمال کم سے کم کریں، اگر آپ ہاؤس وائف ہیں تو کوشش کریں کہ میک اپ نہ کریں، صرف گھر سے نکلتے ہوئے ہلکا پھلکا میک اپ کریں۔

    الکحل فری ٹونر

    چہرے کی جلد کی نمی کو برقرار رکھنے کے لیے اس پر الکحل فری اسکن ٹونر کا استعمال ضرور کریں، یہ جلد کے پی ایچ لیول کو برقرار رکھتا ہے اور چہرے کو مناسب اور صحت مند نمی بخشتا ہے۔

    ملتانی مٹی کا ماسک

    چہرے کی خوبصورتی برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ چہرے کو اضافی تیل سے بچایا جائے۔

    یہ تیل چہرے پر مٹی، دھول اور گندگی کو چپکا دیتا ہے جس کی وجہ سے ایکنی ہوجاتی ہے اور اس کے ساتھ رنگت بھی ماند پڑ جاتی ہے۔ اس لیے اس سے بچاؤ کے لیے ضروری ہے کہ اپنے چہرے پر ملتانی مٹی کا ماسک یا مڈ ماسک لگائیں۔

    یہ چہرے کا اضافی تیل جذب کر کے چہرے کو فریش رکھے گا۔

  • دھوپ میں جھلسنے والی جلد کے لیے ماسک

    دھوپ میں جھلسنے والی جلد کے لیے ماسک

    موسم گرما میں دھوپ کی سختی سے جلد جھلسنے لگتی ہے، ایسے میں کھیرے سے جلد کی خوبصورتی کو بحال کرنا نہایت آسان ہے۔

    کھیرے کے استعمال سے جِلد کی خوبصورتی برقرار رہتی ہے، کھیرے کے قتلے بنا کر آنکھوں پر رکھے جائیں تو اس سے آنکھوں کی سوجن اور ان کے گرد بننے والے سیاہ حلقے بھی ختم ہونے لگتے ہیں۔

    آج آپ کو کھیرے کا ماسک بنانے کا طریقہ بتایا جارہا ہے جو جلد کی حساسیت کو کنٹرول کرے گا۔

    ایک پیالے میں 5 چمچ چاول کا آٹا، 2 چمچ کھیرے کا رس، 1 چمچ لیموں کا رس، 2 چمچ آلو کا رس اور 1 چمچ ایلو ویرا جیل ڈال کر مکس کریں۔

    اس پیسٹ کو چہرے پر لگائیں اور 20 منٹ کے لیے چھوڑ دیں، پھر سادے پانی سے دھو کر خشک کرلیں، اب ایک چمچ ناریل کا تیل جلد پر روزانہ دن میں کسی بھی وقت 5 منٹ کے لیے لگائیں اور دھو لیں۔

    اس سے جلد کی حساسیت بھی کنٹرول ہوگی اور آپ کی جلد نکھر بھی جائے گی۔

  • دھوپ سے کملائی ہوئی جلد کو بحال کرنا بے حد آسان

    دھوپ سے کملائی ہوئی جلد کو بحال کرنا بے حد آسان

    موسم گرما میں بیرونی سرگرمیاں جلد کو جھلسا دیتی ہیں، جھلسی ہوئی جلد ایک دو دن تک تکلیف بھی دیتی ہے اس کے بعد اس کا رنگ گہرا ہوجاتا ہے۔

    موسم سرما شروع ہونے سے قبل گرمی کی ایک شدید لہر جلد اور صحت کے حوالے سے کئی خطرات کھڑے کردیتی ہے، اس موسم میں جھلس جانے والی جلد سے مندرجہ ذیل اجزا سے نجات پائی جاسکتی ہے۔

    دہی

    دہی کے ذریعے جھلسی ہوئی جلد سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔ ایک کپ دہی میں کھیرا، لیموں اور ٹماٹر کا رس شامل کریں۔ اب اس میں تھوڑا بیسن شامل کرلیں۔

    اب اس ماسک کو چہرے یا جہاں جلد جھلسی ہے وہاں لگائیں اور 30 منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔ بعد میں نیم گرم پانی سے چہرے کو صاف کرلیں۔

    ایلو ویرا

    ایلو ویرا جھلسی ہوئی جلد سے نجات کا بہترین طریقہ ہے۔ سونے سے پہلے ایلو ویرا کو متاثرہ جلد پر لگائیں اور صبح اٹھ کے اچھی طرح دھو لیں۔ جب تک جلن ختم نہ ہو ایلو ویرا کا استعمال جاری رکھیں۔

    آلو

    آلو بھی جلن سے نجات کے لیے بے حد مفید ہے۔ آلو میں وٹامن سی موجود ہوتا ہے اور وٹامن سی جلد کے لیے بہت فائدہ مند ہوتا ہے۔ آلو کو قدرتی فیشل بھی کہا جاتا ہے۔

    آلوؤں کو چھیل کے ٹکڑوں میں کاٹ لیں اور بلینڈر میں پیس لیں۔ اب اس پیسٹ کو متاثرہ جلد پر 30 منٹ تک لگائیں۔ اس کے بعد ٹھنڈے پانی سے دھولیں۔ بہترین نتائج کے لیے اس پیسٹ میں لیموں بھی شامل کرلیں۔

    بیسن

    بیسن سن برن ختم کرنے کا بہترین نسخہ ہے۔ بیسن کے ذریعے سے جلد کے مردہ خلیہ نکل جاتے ہیں اور اس سے آپ کی جلد تروتازہ ہوجاتی ہے۔

    بیسن کو سادے پانی میں حل کریں اور گاڑھا سا پیسٹ بنا کے سن برن والے حصے پر لگالیں۔ 20 منٹ بعد اس پیسٹ کو صاف کرلیں۔ یہ عمل ہفتے میں 2 بار کرنے سے نہ صرف سن برن ختم ہوگا بلکہ آپ کا رنگ بھی صاف ہوجائے گا۔

  • جلد کے 5 مسائل، گھریلو ٹوٹکوں سے حل

    جلد کے 5 مسائل، گھریلو ٹوٹکوں سے حل

    جلد کی حفاظت اور نکھار کو برقرار رکھنا ایک قدرتی مسئلہ ہے جس کے لیے آج کے مرد و خواتین سب ہی پریشان ہیں ، اکثر مہنگی پراڈکٹس بھی کام نہیں کرپاتیں ، لہذا ہم لائیں ہیں آپ کےلیے ایسے گھریلو نسخے جو بغیر کسی سائیڈ افیکٹ جلد کے پانچ مسائل حل کریں گے۔

    جیسے جیسے ماحولیاتی آلودگی دنیا میں بڑھ رہی ہے جلد سے متعلق مسائل میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ، دوسری جانب مسابقت میں مبتلا کاروباری دنیا صارفین کے مسائل کے حقیقی حل کے بجائے ،کیمیکلز پر مبنی پراڈکٹس بیچنے میں مصروف ہیں جس کے سبب متعدد جلدی امراض میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

    جلد کے متعدد امراض کے پیچھے آلودگی ، آلودہ یا کھارا پانی ، سورج کی بنفشی شعاعیں اور اس جیسے دیگر کئی عوامل کارفرما ہیں ۔ قدرت کے نظام میں خلل کے نتیجے میں پیدا ہونے والے مسائل کی درستی قدرتی طریقے سے کرنا ہی سب سے بہتر ہے ۔

    آئیے دیکھتے ہیں آپ کے گھر میں موجود وہ کونسی اشیا ہیں جن کی مدد سے آپ جلد کے پانچ بنیادی مسائل بنا کسی ماہر کے پاس گئے با آسانی حل کرسکتے ہیں۔ امید ہے کہ یہ گھریلو ٹوٹکے اپنانے کے بعد آپ کو کسی جلد کے ماہر کے پاس نہیں جانا پڑے گا۔

    داغ اورجھائیاں

    کسی بھی انسان کے لیے چہرےپر داغ اور جھائیاں سب سے بڑا مسئلہ ہیں ، ان کا حل آسان نہیں ہے لیکن اچھی بات یہ ہے کہ ایک سادہ سی شے یعنی دہی اس مسئلے کو باآسانی حل کرسکتی ہے، چہرے پر دہی لگائیں اور 20 منٹ کے لیے آپ آرام سے لیٹ جائیں ، اسکے چہرے پر ہلکا مساج کریں اورسادہ پانی سے منہ دھولیں ۔ بغیر کسی مہنگی کریم ، انجکشن یا دوا کے اکچھ ہی دنوں میں فرق نظر آنا شروع ہوجائے گا۔

    مرجھائی ہوئی جلد

    اگر آپ کی جلد مرجھا گئی ہے تو اس میں پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ ایک ایسی چیز جسے آپ فضول سمجھ کر پھینک دیتے ہیں ، اسی میں آپ کے مسئلے کا حل موجود ہے۔ اخروٹ کا چھلکا لے کر اس کا سفوف یعنی پاؤڈر بنالیں، اس میں پپیتے کا گودا اور لیموں کا عرق شامل کریں اور اس سے چہرے پر مساج کریں ۔ بازار کے مہنگی مساج کریموں کی نسبت گھر میں تیار کردہ یہ مساج کریم نہ صرف تیز ترین اثرات دکھائے گی بلکہ آپ کو کیمیکل کے مضر اثرات سے بھی بچائے گی۔

    جھلسی ہوئی جلد

    ہمارے ملک میں سورج سال کا زیادہ تر وقت آگ برساتا ہے ، اوپر سے شہری علاقوں میں گاڑیوں سے پیدا ہونے والی حدت اور دھواں جلد کو جھلسا کررکھ دیتے ہیں، اکثر اوقات سن بلا ک کا باقاعدہ استعمال بھی کام نہیں آتا بلکہ کچھ ماہرین اسے نقصان دہ قرار دیتے ہیں ۔ ایک چمچہ کھیرے کا رس ، ایک چمچہ لیموں کا عرق اور اس میں شامل کریں خالص عرقِ گلاب اور روزانہ اپنی جلد پر لگائیں ، چند دنوں میں جھلسی ہوئی جلد بہتر ہونا شروع ہوجائے گی۔

    خشک جلد

    خشک جلد کے لیے ناریل کے تیل سے بہتر کوئی بھی شے دنیا میں نہیں ہے ، اگر آپ کی جلد خشک ہوتی ہے تو ناریل کا تیل نیم گرم کرکے اس سے اپنے چہرے اور گردن پر مساج کریں ، باقاعدہ مساج سے آپ کی خشک جلدکچھ ہی دنوں میں ملائم ہونا شروع ہوجائے گی۔ اگر آپ ایک ہی وقت میں دو کام کرنا چاہتے ہیں تو ناریل کے تیل میں چینی ملا لیں جو ہ چہرے پر اسکرب کا کام انجام دیے گا۔

    چکنی ( آئلی ) جلد کا علاج

    اگر آپ کی جلد آئلی ہے تو پریشان ہونے کی کوئی بات نہیں کہ اس کا علاج انتہائی آسان ہے ۔ ایک چمچہ لیموں کے عرق میں دو چمچ پانی ملائیں اور اس سے اپنے چہرے کا مساج کرکے دس منٹ کے لیے لگا رہنے دیں ، اس کے بعد چہرے کو گرم پانی سے دھو لیں ، لیموں کی چکناہٹ ختم کرنے کی صلاحیت سے کون واقف نہیں ہے ، کچھ ہی دنوں میں جلد کی چکناہٹ ختم ہوجائے گی۔

  • موسمِ گرما میں سورج سے نبرد آزما جلد کا خاص خیال رکھیئے

    موسمِ گرما میں سورج سے نبرد آزما جلد کا خاص خیال رکھیئے

    خواتین بے حد محنت اور وقت صرف کر کے خود کو سنوارتی ہیں ان کی تمام ترمحنت کا مقصد خوبصورت اور پرکشش نظرآنا ہوتا ہے۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ قدرت نے صنفِ نازک کو حسن عطا کیا تو ساتھ ہی اس حسن کی حفاظت اور تزئین و آرائش کا شعور بھی عطا کیا ہے۔ یہ شعور وقت، حالات اورزمانے کی تیزرفتارترقی کے اعتبار سے تبدیل ہوتا رہتا ہے جو فیشن کہلاتا ہے اورپھرموسم بھی اثرانداز ہوتے ہیں یوں تو سبھی موسم اچھے ہوتے ہیں لیکن گرمیوں کے موسم میں حبس اور تیزگرمی ہونے سے جلد پر بھی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

    موسمِ گرما میں جلد کے اپنے مسائل ہیں خاص طور پرجلد اگرچکنی ہو تو تیل پونچھ پونچھ کرتنگ آجاتے ہیں سورج کی حدت جلد کو نہ صرف جھلسا دیتی ہے بلکہ رنگت بھی سیاہ ہو جاتی ہے۔

    گرمیوں کے موسم میں چہرے پر سے شادابی ختم ہوجاتی ہے جو کافی بدنما معلوم ہوتی ہے اسے نکھارنے اور تر و تازہ کرنے کے لئے پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں ٹھنڈی تاثیر والی چیزیں کھائیں، گرمی کے موسم میں درجہ حرارت زیادہ ہونے کی وجہ سے پسینہ زیادہ آتا ہے تا کہ جسم کا اندرونی درجہ حرارت نارمل رہ سکے اس کی وجہ سے جلد کو بہت زیادہ کام کرنا پڑتا ہے اس کے مسام کھل جاتے ہین ان میں میل کچیل جمع ہو کربد نما دانے بناتے ہیں اس سے بچنے کےلئے کم از کم تین سے چار مرتبہ چہرہ دھوئیں گھر سے باہر نکلیں تو کوشش کریں کہ چھتری کا استعمال کریں۔

    اگر حجاب یا اسکارف پہنیں تو ہلکے یا سفید رنگ کا استعمال کریں کیونکہ سیاہ رنگ گرمی جذب کرتا ہے گلاسز اور سن بلاک لگانا نہ بھولیں۔ یاد رکھیں ایک بارلگایا ہوا سن بلاک پورے دن کےلئے کافی نہیں ہوتا بلکہ بارباراستعمال کرنا پڑتا ہے۔

    آپ کو معلوم ہونا چاہیئے کہ آپ کی جلد کیسی ساخت کی حامل ہے چکنی، خشک، نارمل، یا ملی جلی ہرجلد کے اپنے مسائل ہوتے ہیں جو بھی پروڈکٹ خریدیں وہ جلد کی مناسبت سے خریدیں اور خریدتے وقت اس پرپروڈکٹ بننے کی تاریخ اورمدت ختم ہونے کی تاریخ ضرور دیکھیں عام طور پر میک اپ کی اشیاء ایک سال تک قابلِ استعمال رہ سکتی ہیں۔

    چکنی جلد


    اس کی نشانی یہ ہے کہ ماتھا، ناک، ٹھوڑی چکنی باقی چہرہ خشک ہوتا ہے چکنی جلد کی حامل خواتین کو عموما، دانے کیل مہاسے، کی شکایت رہتی ہے گرمیوں میں تو ان میں اضافہ ہوجاتا ہے ان کےلئے ملتانی مٹی کا ماسک بہترین حل ہے اسکے علاوہ نیم کے پتوں کو ابال کرپانی ٹھنڈا کرکے منہ دھوئیں تو مہاسوں میں کمی آسکتی ہے۔

    خشک جلد


    خشک جلد والی کواتین کی جلد گرمیوں میں نارمل رہتی ہے سردیوں میں اکڑجاتی ہے داغ دھبے جھائیاں اور جھرئیاں ہونے لگتی ہیں ان خواتین کے لئے مشورہ ہے کہ شہد، زیتون کا تیل، عرق گلاب ملا کرلگائیں تو جلد کی خوبصورتی برقرار رہتی ہے۔

    نارمل جلد


    یہ نہ زیادہ خشک نہ چکنی اس قسم کی جلد کےلئے زیادہ محنت نہیں کرنی پڑتی ذرا سی توجہ اور احتیاط سے بھی خواتین اپنی خوبصورتی برقرار رکھ سکتی ہیں گرمیوں میں جب دھوپ میں سے آئیں تو عرق گلاب کا چھڑکاؤ چہرے پرکرلیں۔ اسپرے والے عرق گلاب بازار میں دستیاب ہیں اس کے علاوہ کلیزنگ کریم استعمال کر سکتی ہیں۔

    کلینزنگ کریم گھر پربنانے کی آسان ترکیب


    قابلِ اعتبار کلینزنگ کریم گھرپربنانے کے لئے ایک کھانے کا چمچ سوکھا دودھ اور چند قطرے عرق گلاب لے کر مکس کرلیں اورچہرے کے ساتھ ساتھ گردن پربھی لگائیں کیونکہ کچھ خواتین گردن کی طرف توجہ نہیں دیتی جس کی وجہ سے گردن کالی اور بری لگتی ہے چہرے سے ہم رنگ کرنے کےلئے یہ نسخہ بہت کارآمد ہے۔

    جھائیاں دور کرنے کا آسان طریقہ


    ان سب باتوں کے علاوہ اگر چاہتی ہیں کہ آپ کی جلد پر جھائیاں نہ ہوں اورجلد تروتازہ رہے تو آپ متوازن غذا کا استعمال کریں اور سمندری جھاگ تھوڑے سے لیمن جوس میں ملا کرلگائیں یا پھربنفشہ کی پتیاں روغن بادام میں پیس کرلگائیں ہلکے ہاتھوں سے مساج کریں، پانی خوب پئیں، موسم کے پھل کھائیں، نیند پوری کریں اورکام کے ساتھ ساتھ اپنا خیال بھی رکھیں خود کو وقت دیں تو گرمیوں کے موسم میں بھی تر و تازہ اور فریش نظر آسکتی ہیں۔