Tag: slaps

  • آسکرز 2022: اہلیہ کے لیے نامناسب مذاق پر ول اسمتھ نے میزبان کو مکا جڑ دیا

    آسکرز 2022: اہلیہ کے لیے نامناسب مذاق پر ول اسمتھ نے میزبان کو مکا جڑ دیا

    آسکر ایوارڈز 2022 کی براہ راست تقریب کے دوران امریکی اداکار ول اسمتھ نے اہلیہ کے خلاف نامناسب مذاق پر میزبان کرس راک کو مکا جڑ دیا۔

    94 ویں اکیڈمی ایوارڈز کی تقریب گزشتہ شب ہر بار کی طرح اس بار بھی لاس اینجلس کے ڈولبی تھیٹر میں منعقد ہوئی جہاں ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آیا۔

    تقریب کی میزبانی کامیڈین کرس راک کر رہے تھے، ایک موقع پر انہوں نے بہترین اداکار نامزد ہونے والے ول اسمتھ کی اہلیہ جاڈا پنکیٹ اسمتھ کے لیے نہایت حساس مذاق کر ڈالا۔

    انہوں نے جاڈا کے بالوں کو نشانہ بناتے ہوئے ایک فلم جی آئی جین کا حوالہ دیا اور کہا کہ وہ اس کے سیکوئل میں جلد انہیں دیکھنے کے خواہشمند ہیں۔

    ول اسمتھ کی اہلیہ جاڈا پنکیٹ اسمتھ جو خود بھی اداکارہ ہیں، گنج پن کی بیماری ایلوپیشیا کا شکار ہیں جس کی تشخیص کا انہوں نے سنہ 2018 میں عوام کے سامنے انکشاف کیا تھا۔

    کرس کے اس بھونڈے مذاق پر لمحے بھر کو ڈولبی تھیٹرز میں خاموشی چھا گئی، جاڈا اور ول اسمتھ بھی اس پر خفا دکھائی دیے، اگلے ہی لمحے ول اسمتھ اپنی جگہ سے اٹھے، اسٹیج پر گئے اور میزبان کو زوردار مکا دے مارا۔

    مکا کھانے کے بعد کرس کھسیانے انداز میں وضاحت پیش کرتے دکھائی دیے تاہم ول اسمتھ نے چلا کر انہیں اپنی اہلیہ کے بارے میں بات کرنے سے باز رہنے کو کہا اور نازیبا زبان بھی استعمال کی۔

    ول اسمتھ کے جملے کے دوران امریکا بھر میں آسکرز کی نشریات کو مختصر وقفے کے لیے سنسر بھی کیا گیا۔

    واقعے کی ویڈیو دنیا بھر کے سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ اچھنبے میں ہیں کہ آیا یہ واقعہ سچ مچ ہوا تھا یا پہلے سے اسکرپٹڈ تھا۔

  • سابق سوڈانی سیکیورٹی چیف کا امریکا میں‌ داخلہ بند

    سابق سوڈانی سیکیورٹی چیف کا امریکا میں‌ داخلہ بند

    واشنگٹن : مائیک پومپیو نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ صلاح قوش سوڈان میں بدعنوانی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے مقدمات میں ملوث ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اعلان کیا ہے کہ سوڈان کے سیکورٹی ادارے کے سابق چیف صلاح قوش اور ان کے اہل خانہ کے امریکا میں داخلے کی ممانعت ہو گی کیوں کہ قوش سوڈان میں بدعنوانی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے مقدمات میں ملوث ہیں۔

    پومپیو نے اپنی سلسلہ وار ٹویٹس میں لکھا کہ سوڈان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزام میں قوش اور دیگر افراد کا احتساب عمل میں آئے گا۔

    امریکی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ انتظامیہ کے پاس مصدقہ معلومات ہیں کہ صلاح قوش سیکورٹی اینڈ نیشنل انٹیلی جنس ادارے کی سربراہی کے دوران تشدد اور عقوبت کی کارروائیوں میں ملوث رہے۔

    امریکا میں داخلے کی ممانعت کے فیصلے کا اطلاق صلاح قوش کی اہلیہ عواطف احمد سعید اور ان کی بیٹی شیماء صلاح پر بھی ہو گا۔

    سوڈان میں اپریل میں صدر عمر البشیر کو معزول کرنے والی عبوری کونسل کی قیادت کے بیان کے مطابق صلاح قوش نے ملکی حالات کو عوامی انقلاب میں تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تبدیلی واقع ہونے کے دو روز بعد قوش اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ عبوری کونسل کے ذمے داران نے اْس وقت بتایا تھا کہ قوش کو نظر بند کر دیا گیا ہے۔ بعد ازاں یہ اعلان کیا گیا کہ وہ نامعلوم مقام پر منتقل ہو گئے ہیں۔

    سوڈان میں سرکاری استغاثہ پہلے ہی عبوری عسکری کونسل سے یہ مطالبہ کر چکی ہے کہ سیکورٹی ادارے کے سابق ڈائریکٹر صلاح عبداللہ قوش کو حالیہ عوامی احتجاجات کے دوران سوڈانی مظاہرین کے قتل کے الزام میں طلب کیا جائے۔

    استغاثہ کے ذرائع نے العربیہ نیوز چینل کو بتایا کہ انہیں قوش کے بیرون ملک سفر کرنے کے بارے میں کوئی علم نہیں ہے۔

    میڈیا ذرائع کے مطابق یہ موقف ان خبروں کے بعد سامنے آیا جن میں کہا گیا تھا کہ قوش امریکا اور مصر کا بیرونی سفر کر رہے ہیں۔

  • مصر میں نماز تراویح کیلئے لاوڈ اسپیکر پر پابندی عائد کرنے کا حکم

    مصر میں نماز تراویح کیلئے لاوڈ اسپیکر پر پابندی عائد کرنے کا حکم

    قاہرہ : مصری وزارت اوقاف نے تراویح سے متعلق مساجد کو حکم نامہ جاری کیا ہے کہ عوام رات کی عبادات کو مختصر کریں۔

    تفصیلات کے مطابق مصر میں رمضان المبارک کے موقع پر وزارت اوقاف نے مساجد کو حکم دیا ہے کہ رات کی عبادات کو مختصر کریں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وزارت مذہبی امور کے سربراہ جابر طیاح کا کہنا تھا کہ رمضان کی تراویح میں مسجد امام کو 10 منٹ سے لمبی رکعت نہیں پڑھانا چاہیے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ یہ ہدایت بھی جاری کی گئی ہیں کہ تراویح کی نماز کیلئے لاؤڈ اسپیکر پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ پیش امام اپنی تقریر کے دوران حکومت اور حکام کے خلاف گفتگو سے پرہیز کریں۔

    واضح رہے کہ اذان و نماز پر پابندیاں کوئی نئی بات نہیں گزشتہ برس جرمنی کے شہر ڈورٹمنڈ کے نواحی قصبے اوہر ایرکنشویک میں واقع مسجد میں لاؤڈ اسپیکر پراذان دینے پرپابندی عائد کردی گئی تھی۔

    مسجد میں لاؤڈ اسپیکر پراذان دینے کے خلاف 69 سالہ ہانس یوآخم لیمہان نے اپنی بیوی کے ہمراہ مقامی عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔

    مزید پڑھیں : جرمنی میں لاؤڈ اسپیکرپراذان دینےپرپابندی

    درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ اذان میں الفاظ کے ذریعے عقائد کا اظہار کیا جاتا ہے اور اذان سننے والے کو نماز میں شرکت کے لیے مجبورکیا جاتا ہے اور یہ ان کے مسیحی عقائد اور مذہبی آزادی کے منافی ہے۔

    عدالت نے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے لاؤڈ اسپیکر پراذان دینے پرپابندی عائد کرتے ہوئے کہا کہ حکام نے قواعد وضوابط کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مسجد میں لاؤڈ اسپیکرپراذان دینے کی اجازت دی۔

  • راس الخیمہ: اہلیہ پر تشدد کرنے کے جرم میں شوہر پر جرمانہ عائد

    راس الخیمہ: اہلیہ پر تشدد کرنے کے جرم میں شوہر پر جرمانہ عائد

    راس الخیمہ : متحدہ عرب امارات کی عدالت نے زوجہ کو چہرے پر تھپڑ مارنےکے جرم میں شوہر کو 2 ہزار درہم جرمانے کی سزا سنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ کی عدالت نے ریاست میں پرچون کا سامان فروخت کرنے والے شخص کو اپنی اہلیہ کو تشدد کرنے کے  جرم میں سزا سنائی ہے۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاتون نے عدالت کو بتایا کہ اس کا شوہر  آئے روز اسے جسمانی طور پر تشدد کا نشانہ بناتا رہتا ہے اور آخری مرتبہ اس نے نامناسب بحث کے بعد میرے چہرے پر چار مرتبہ زور دار تھپڑ رسید کیے تھے۔

    متاثرہ خاتون نے کیس کی سماعت کے دوران عدالت کو بیان دیا کہ میرے شوہر کے غصے پُر تشدد مزاج کا کوئی اختتام نہیں ہے اس لیے میں نے راس الخیمہ پولیس کو اپنے شوہر کے خلاف شکایت درج کروانے کا فیصلہ کیا اور عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا۔

    دوسری جانب متاثرہ خاتون کے شوہر نے عدالت کے سامنے بیان دیا کہ میں اپنی اہلیہ کو مارنا نہیں چاہتا تھا اور مجھے نہیں یاد میں اہلیہ کو کتنے تھپڑ مارے ہیں۔

    ملزم کا مزید کہنا تھا کہ میں نے بہت کوشش کی کہ گھر کا معاملہ گھر میں ہی حل ہوجائے لیکن میری اہلیہ مجھے عدالت کے دروازے تک لے آئی۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ عدالت نے شوہر اور اہلیہ کے بیانات سننے کے بعد شوہر کو مجرم قرار دیتے ہوئے اہلیہ کو تھپڑ مارنے کے جرم میں 2 ہزار درہم جرمانے کی رقم ادا کرنے کا حکم دیا۔