Tag: Slaughterhouse

  • کویت : قربانی کرنے والوں کیلئے حکومت کی اہم ہدایات

    کویت : قربانی کرنے والوں کیلئے حکومت کی اہم ہدایات

    کویت سٹی : قربانی کے لئے مذبح خانے کس طرح کام کریں گے اور ان کی اجرت کیا ہوگی اس حوالے سے المواشی لائیو اسٹاک ٹرانسپورٹ اینڈ ٹریڈنگ کمپنی نے اہم ہدایات جاری کی ہیں۔

    کمپنی نے منگل کوعیدالاضحٰی کے لیے اپنی تیاریوں اور عید کی نماز کے بعد براہ راست اپنے مذبح خانوں میں لوگوں کا استقبال کرنے کی تصدیق کی ہے۔

    المواشی کے سی ای او اسامہ بدائی نےمیڈیا کو بتایا کہ انہوں نے عید کی نماز کے بعد قربانی کرنے کے خواہشمند لوگوں سے فون یا ان کی اسمارٹ ایپلی کیشن (المواشی) کے ذریعے آرڈر لینا شروع کر دیا ہے اور وہ پیغام کے ذریعے ذبح اور ترسیل کے عمل کی تکمیل کی تصدیق کریں گے۔

    بودائی نے مزید کہا کہ بھیڑوں کی قیمتیں آسٹریلیائی بھیڑوں کے لیے 75 کویتی دینار جبکہ النعیمی بھیڑوں کی قیمتیں 135 کویتی دینار سے شروع ہوتی ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ المواشی سے منسلک العاصمہ سلاٹر ہاؤس مویشیوں کی صحت کی جانچ کے لیے جانوروں کا ڈاکٹر فراہم کرے گا اور ذبح کیے گئے مویشیوں کو روزانہ گیارہ بجے کے بعد الرای میں حوالے کیا جائے گا۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ صبح کی شفٹ کے دوران افراد وصول کریں گے اور رات کی شفٹ کے دوران خیرات کے ساتھ ساتھ ان لوگوں کے لیے الگ جگہ مختص کی جائے گی جو پانچ سے زیادہ مویشیوں کو ذبح کرنا چاہتے ہیں۔

    خیال رہے کہ المواشی لائیو اسٹاک ٹرانسپورٹ اینڈ ٹریڈنگ کمپنی جو 1973 میں قائم ہوئی ایک کویتی کمپنی ہے جو کہ مویشیوں کی نقل و حمل فراہم کرتی ہے اور اسے خطے کی سب سے قدیم لائیو اسٹاک ٹریڈنگ کمپنی سمجھی جاتی ہے۔؎

  • آدھی رات کو بھاگنے والی گائے نے پولیس کی دوڑیں لگوا دیں

    آدھی رات کو بھاگنے والی گائے نے پولیس کی دوڑیں لگوا دیں

    امریکا میں رات کے وقت مذبح خانے سے بھاگ جانے والی ایک گائے نے پولیس کی دوڑیں لگوا دیں، پولیس نے 2 گھنٹے کی محنت کے بعد گائے کو ڈھونڈ کر قابو کیا۔

    امریکی ریاست نیو جرسی کی سرحد کے قریب اس گائے کی سڑک پر گھومنے کی اطلاع پولیس کو رات ڈھائی بجے موصول ہوئی۔

    یہ گائے ٹرانسپورٹ کی جانے والی گاڑی سے بھاگی تھی اور رات میں جاگتے کچھ افراد نے اسے دیکھ کر پولیس کو اطلاع کی، ایک شخص نے گائے کی ویڈیو بھی بنائی اور اسے فیس بک پر پوسٹ کردیا۔

    پولیس اور اینیمل کنٹرول افسران نے اسے ڈھونڈنے کا عمل شروع کیا اور 2 گھنٹے بعد انہیں کامیابی ملی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ گاڑی جانوروں کو مذبح خانے لے کر جارہی تھی۔

  • حاملہ بھینس روتی ہوئی قصائی کے سامنے گھٹنوں کے بل بیٹھ گئی

    حاملہ بھینس روتی ہوئی قصائی کے سامنے گھٹنوں کے بل بیٹھ گئی

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک دردناک ویڈیو نے لوگوں کے دل پگھلا دیے جس میں ایک حاملہ بھینس آنکھوں میں آنسو لیے قصائی کے سامنے گھٹنوں کے بل بیٹھ گئی اور ذبح ہونے کے لیے جانے سے انکار کردیا۔

    انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والی ویڈیو چین کے ایک مذبح خانے کی ہے، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مذبح خانے کا قصائی ممکنہ طور پر ذبح کرنے کے لیے بھینس کو لے جانے لگا تو وہ گھٹنوں کے بل بیٹھ گئی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بھینس کی آنکھوں میں آنسو بھی ہیں، ممکنہ طور پر بھینس حاملہ ہے۔ مذبح خانے کے ایک اور ملازم کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب بھینس کو ذبح کرنے کے لیے لے جایا جانے لگا۔

    تمام واقعے کی ویڈیو مذبح خانے کے ملازم نے اپنے موبائل میں عکسبند کرلی اور چینی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ وی چیٹ پر اپلوڈ کردی۔ اس نے لکھا کہ چونکہ بھینس حاملہ معلوم ہوتی ہے لہٰذا اس میں زندہ رہنے کی امنگ بہت زیادہ ہے۔

    ویڈیو کے وائرل ہوجانے کے بعد لوگوں نے مذبح خانے کے لیے 27 سو پاؤنڈز عطیہ کردیے کہ اسے بھینس کی قیمت سمجھ کر اسے آزاد کردیا جائے۔

    ایک اور ویڈیو میں دیکھا گیا کہ لوگوں کے پرزور اصرار پر جب مذبح خانے کے مالک نے بھینس کو چھوڑنے پر رضا مندی کا اظہار کیا تو کچھ لوگ ایک ٹرک لے کر بھینس کو آزاد کروانے پہنچ گئے۔

    بھینس کو گولڈن لائن نامی عبادت گاہ کے قریب چھوڑا گیا تو اس موقع پر بھینس نے ایک بار پھر اپنے محسنوں کے سامنے ویسے ہی گھٹنوں کے بل بیٹھ کر ان کا شکریہ ادا کیا۔

    لوگوں نے عبادت گاہ کی انتظامیہ کو 4 ہزار یو آن بھی دیے تاکہ بھینس کے اخراجات پورے کیے جاسکیں۔

  • بھارت میں گوشت کے خلاف کریک ڈاؤن: جانور بھی بھوکے رہنے پر مجبور

    بھارت میں گوشت کے خلاف کریک ڈاؤن: جانور بھی بھوکے رہنے پر مجبور

    الہٰ آباد: بھارتی ریاست اتر پردیش میں نو منتخب وزیر اعلیٰ یوگی ادیتیا ناتھ کے گوشت کے خلاف کریک ڈاؤن کے حکم کے بعد چڑیا گھروں میں شیروں اور شیرنیوں نے مرغی یا بکرے کا گوشت کھانے سے انکار کردیا۔

    اتر پردیش میں نو منتخب وزیر اعلیٰ یوگی ادیتیا ناتھ کے انتہا پسندانہ اقدام سے جہاں ایک طرف تو گوشت کے کاروبار سے وابستہ ہزاروں افراد بے روزگار ہوئے، وہیں گوشت پر انحصار کرنے والے جانور بھی بھوکے رہنے پر مجبور ہوگئے۔

    اتر پردیش کے جنوبی قصبے کانپور کے ایک چڑیا گھر میں حاملہ شیرنی نے مرغی یا بکرے کا گوشت کھانے سے انکار کردیا جس کے بعد چڑیا گھر کی انتظامیہ کو شیرنی اور اس کے بچوں کی زندگی کے بارے میں خدشات پیدا ہوگئے۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کانپور میں واقع چاروں مذبح خانوں کو زبردستی بند کروایا جا چکا ہے جس کے بعد مجبوراً شیرنی کو کھلانے کے لیے مرغی کے گوشت کا انتظام کیا گیا، تاہم شیرنی نے اس کی طرف آنکھ بھی نہ اٹھائی اور بھوکی بیٹھی رہی۔

    انتظامیہ کے مطابق نر شیروں کو روزانہ 12 کلو گرام جبکہ مادہ شیرنیوں کو 10 کلو گرام گوشت درکار ہوتا ہے۔

    مزید پڑھیں: بھارت میں گوشت کی دکانوں کو آگ لگا دی گئی

    تاہم اب ان کا کہنا ہے کہ جانوروں کے لیے گوشت کا انتظام مشکل ہوتا نظر آرہا ہے اور اب وہ پریشان ہیں کہ ان جانوروں کو آخر کیا کھلایا جائے۔

    واضح رہے کہ بھارتی ریاست یو پی میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے نامزد کردہ وزیر اعلیٰ یوگی ادیتیا نے کچھ روز قبل ہی وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالا ہے۔ منصب پر فائز ہوتے ہی وزیر اعلیٰ نے پوری ریاست میں گوشت کی دکانوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کا حکم دے دیا تھا۔

    اس سے قبل ریاست گجرات میں بھی ریاستی حکومت نے گائے ذبح کرنے والوں کے خلاف سخت ترین اقدامات کرتے ہوئے ذبح کرنے والے کے لیے عمر قید کی سزا تجویز کی تھی۔

    یاد رہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی 2001 سے 2014 تک ریاست گجرات کے وزیر اعلیٰ رہے تھے اور ان کے دور میں گجرات میں گائے ذبح کرنے، گائے کے گوشت کی نقل و حمل اور اس کی فروخت پر مکمل پابندی عائد تھی۔