Tag: Slide

  • ننھے ریچھ کو سلائیڈنگ سکھاتی ماں کی ویڈیو وائرل

    ننھے ریچھ کو سلائیڈنگ سکھاتی ماں کی ویڈیو وائرل

    سوشل میڈیا پر جانوروں کی مختلف ویڈیوز سامنے آتی رہتی ہیں جن میں وہ کبھی شرارتیں کرتے اور کبھی کھیلتے کودتے دکھائی دیتے ہیں، ایسی ہی مادہ ریچھ اور اس کے بچے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ریچھنی اپنے بچے کو سلائیڈ لینا سکھا رہی ہے۔

    یہ ویڈیو امریکی ریاست شمالی کیرولینا کے ایک اسکول کے پلے گراؤنڈ میں ریکارڈ کی گئی جہاں پلے گراؤنڈ خالی دیکھ کر ریچھنی اپنے بچے کو لے کر وہاں داخل ہوگئی۔

    ریچھنی نے پہلے خود بڑی سلائیڈ پر جھول کر بچے کو بتایا اس کے بعد اسے چھوٹی سلائیڈ سے آنے کی ترغیب دینے لگی۔ جب ننھا ریچھ وہاں سے جھول کر نیچے آگیا تو ماں نے اسے سینے سے لگا لیا۔

    اس دوران دونوں خوشی سے چلاتے بھی رہے۔

    اسکول کے اندر موجود ٹیچرز نے یہ سارا واقعہ اپنے موبائل فونز میں ریکارڈ کرلیا، وہ اس منظر کو دیکھ کر بے حد خوش اور حیران تھے۔

    بعد ازاں اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے ٹیچرز نے کہا کہ اس وقت اسکول بچوں سے خالی تھا، اگر اس وقت اسکول میں بچے ہوتے تو وہ حفاظتی اقدامات کرنے کو ترجیح دیتے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو پر صارفین نے بھی مسرت آمیز حیرت کا اظہار کیا۔

  • امریکی پابندیوں کے باعث‌ ایرانی تیل کے ذخائر میں اضافہ

    امریکی پابندیوں کے باعث‌ ایرانی تیل کے ذخائر میں اضافہ

    واشنگٹن/تہران : ایرانی تیل کی درآمدات پر پابندی کے باعث عالمی منڈی میں 4 لاکھ بیرل تیل یومیہ کم ہونے لگا جبکہ ایران میں کروڑوں بیرل تیل جمع ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی طرف سے ایرانی تیل کی درآمدات پرپابندی کے بعد ایران میں تیل کے ذخائر کی بڑی مقدار جمع ہوگئی ہے مگر اس کی خریداری کے لیے کوئی گاہک میسر نہیں۔

    امریکا سے فارسی میں نشریات پیش کرنے والے ریڈیو کی ویب سائٹ پر پوسٹ کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ جولائی کے مہینے میں 10 سے 11 کروڑ بیرل تیل جمع ہوا مگراس کا کوئی خریدار نہیں ملا ہے،یہ اعداد وشمار دنیا بھرمیں تیل بردار جہازوں کے بارے میں معلومات جمع کرنے والی کمپنی کپلر کی طرف جاری کیے گئے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق ایرانی جہازوں پر56 ملین بیرل تیل خلیج عرب میں ذخیرہ ہوچکا ہے،ایران میں جمع ہونے والے تیل کے ذخیرے کے بارے میں ملنے والی معلومات کے مطابق ایرانی تیل کو نہ صرف اندرون ملک ذخیرہ کیا جا رہا ہے بلکہ بیرون ملک بھی ایرانی تیل جمع کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ چین میں ڈالیان اور جینجو تیل تنصیبات میں بھی ایرانی تیل جمع کیا گیا ہے۔اس طرح مجموعی طورپر ایرانی تیل کی ذخیرہ شدہ مقدار 111 ملین بیرل تک پہنچ گئی ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تیل کا یہ ذخیرہ اس وقت سےجمع ہوا ہے جب امریکا نے مئی کے اوائل میں ایرانی تیل کی درآمدات پر پابندیاں عائد کردی تھیں، عالمی منڈی میں 4 لاکھ بیرل تیل یومیہ کم ہو رہا ہے۔