Tag: SM munir

  • ٹی ڈی اے کے سابق سربراہ ایس ایم منیر انتقال کرگئے

    ٹی ڈی اے کے سابق سربراہ ایس ایم منیر انتقال کرگئے

    کراچی: شہر قائد کی معروف کاروباری شخصیت ایس ایم منیر مختصر علالت کے بعد خالق حقیقی سے جا ملے، سابق صدر کاٹی دانش خان نے ایس ایم منیر کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔

    معروف صنعت کار ایس ایم منیر مرحوم کورنگی ٹریڈ ایسوسی ایشن اینڈ انڈسٹریز کے سرپرست اعلیٰ تھے، ایس ایم منیر کو دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔ وہ کئی مرتبہ ایف پی سی سی آئی کے صدر کے عہدے پر بھی فائز رہے۔

    اس کے علاوہ ایس ایم منیر ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں،صنعت کار ایس ایم منیر چمڑے کی صنعت سے وابستہ تھے، ایس ایم منیر مختلف کمپنیوں اور بینکوں کے بورڈ ممبر بھی رہے۔

    کراچی کی معروف کاروباری شخصیت کے انتقال پر مختلف سیاسی و تاجر برادری کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جارہا ہے۔

  • تاجر برادری کا قومی ایکشن پلان پر فوری عمل درآمد کا مطالبہ

    تاجر برادری کا قومی ایکشن پلان پر فوری عمل درآمد کا مطالبہ

    اسلام آباد : کاروباری برادری نے دہشت گردی کے خلاف قومی ایکشن پلان پر فوری عمل درآمد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ ہزاروں جانوں کے زیاں اور اربوں روپے کے نقصان کے بعدقوم متحد ہوئی ہے۔

    اس موقع پر قومی اتفاق رائے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والے خیر خواہ نہیں بلکہ دشمن ہیں، یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین افتخار علی ملک، ایس ایم منیر اور دیگر نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ فوج ہماری محسن اور جنرل راحیل ہیرو ہیں۔

    گڈ اور بیڈ طالبان کے علاوہ با ریش اور بے ریش دہشت گردوں میں بھی تمیز ختم کی جائے اور ان کی حمایت کرنے والے سیاستدان اور وکالت کرنے والے دانشورقوم سے معافی مانگیں۔

    انھوں نے کہا کہ یہ قوم جاگ اٹھی ہے ، جسے دوبارہ سونے کی اجازت نہیں دینگے،انھوں نے فوجی عدالتوں کے قیام کے خلاف ہر دلیل کو مستردکرتے ہوئے فوری آئینی تحفظ دینے کا مطالبہ کیا کیونکہ معمول کا نظام عدل کام نہیں کر رہا۔