Tag: small height

  • پستہ قد عظیم منصوری کو ریحانہ کا رشتہ مل گیا

    پستہ قد عظیم منصوری کو ریحانہ کا رشتہ مل گیا

    اتر پردیش : بھارت کے پستہ قد نوجوان کو دلہن مل گئی، اپنی شادی کیلئے در در جانے والے عظیم منصوری کو ریحانہ کے والدین نے رشتہ دینے کی حامی بھرلی۔

    بھارتی ریاست اتر پردیش کے علاقے شاملی کے تین فٹ کے عظیم منصوری کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اب انہیں شادی کے لئے ایک رشتہ مل گیا ہے۔

    اتر پردیش کے غازی آباد کی ڈھائی فٹ کی ریحانہ کے گھر والوں نے عظیم منصوری سے اپنی بیٹی کی شادی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

    پستہ قد ریحانہ ڈھائی فٹ کی ہے، پچھلے دنوں عظیم منصوری کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ان کے گھر ریحانہ کے والدین نے اپنی بیٹی کے لئے رشتہ بھیجا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریحانہ کے ایک رشتہ دار نے سوشل میڈیا پر عظیم کی وائرل ویڈیو دیکھی جس میں انہوں نے خواتین تھانہ پہنچ کر اپنی شادی کرانے کی اپیل کی تھی، جس کے بعد انہوں نے اس بات کا ذکر ریحانہ کے والد سے کیا اور پھر بات آگے بڑھی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں عظیم اپنی شادی نہ ہونے کی فریاد لے کر وومن تھانے پہنچے تھے، 26 سالہ عظیم اس سے قبل بھی اتر پردیش کے کئی بڑے رہنماؤں سے مل کر اپنے لئے دلہن تلاش کرنے کی گزارش کر چکے ہیں لیکن ہمیشہ انہیں ناامیدی ہی ہاتھ لگتی تھی، اس کے لئے انہوں نے اپنے گھر والوں پر بھی الزام عائد کیا تھا۔

    مزید پڑھیں : شادی نہ ہونے پر پستہ قد نوجوان کا انوکھا اقدام

    یاد رہے کہ پچیس سالہ ریحانہ بھی ڈھائی فٹ کی ہیں اور وہ گھر کا بھی سارا کام کر لیتی ہیں، پستہ قد ہونے کی وجہ سے ریحانہ کے والدین ان کیلئے کافی پریشان تھے لیکن اب نہیں امید ہے کہ ان کی بیٹی کی شادی ہو جائے گی۔

  • تین فٹ کے دلہا کو جیون ساتھی مل گیا

    تین فٹ کے دلہا کو جیون ساتھی مل گیا

    میانوالی : تین فٹ کے پستہ قد دلہے کو بالآخر اپنے برابر قد والی دلہن مل ہی گئی، پستہ قد جوڑا آج رشتہ ازواج میں منسلک ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق میانوالی کے رہائشی محمد فیاض پستہ قامت کے باعث اپنی شادی کے معاملے میں کافی پریشان تھے تا ہم ان کی مشکل آسان ہوگئی اور محمد فیاض کو اپنے ہی قد و قامت والی دلہن مل گئی، دونوں آج رشتہ ازواج میں بندھ گئے۔

    اے آر وائی نیوزکے رپورٹر کا کہنا ہے کہ تین فٹ قد رکھنے والے 27 سالہ محمد فیاض آج اپنے ہی قد کے برابر خاتون مدیحہ نورین کے ساتھ زندگی کا نیا سفر شروع کر رہے ہیں اس پُر مسرت موقع پر دلہا دلہن اور ان کے اہل خانہ بہت خوش دکھائی دے رہے ہیں۔

    اہل محلہ نے شادی کی رسومات میں شرکت کر کے دلہا دلہن کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور خوشی میں بھنگڑے بھی ڈالے۔

    اپنی شادی پر خوشی سے نہال دلہا کا کہنا تھا کہ وہ اللہ کا جتنا شکر ادا کرے کم ہے اور وہ اپنی شادی کے لیے نہایت پریشان رہتا تھا تاہم آج ثابت ہو گیا کہ جوڑے آسمانوں پر بنتے ہیں مجھے خوشی ہے کہ میری دلہن بھی میرے قد کے ہی برابر ہے۔