Tag: Smart application

  • سعودی عرب : بینک جانے سے پہلے اس ہدایت پر لازمی عمل کریں

    سعودی عرب : بینک جانے سے پہلے اس ہدایت پر لازمی عمل کریں

    ریاض : سعودی عرب میں مقیم تمام ملکی اور غیر ملکیوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اپنے بینک کے معاملات نمٹانے کیلئے حکومتی ہدایات پر لازمی عمل پیرا ہوں۔

    اس حوالے سے سائبر سکیورٹی کی سعودی آرگنائزیشن کے ترجمان یاسر العصیمی نے کھاتے داروں سے کہا ہے کہ صارفین بینک اسمارٹ فون ایپلی کیشنز استعمال کریں جو ہر طرح سے محفوظ ہیں۔

    آن لائن خریداری کے لیے غیرمعروف اور انجانی ویب سائٹس کے استعمال سے گریز کریں۔ غیرمعروف ویب سائٹس عام طور پرمحفوظ نہیں ہوتیں۔

    الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے العصیمی کا مزید کہنا تھا کہ آن لائن خریداری کو محفوظ بنانے کے لیے ایسی ویب سائٹس پر جائیں جو معروف ہوں اوران کے بارے میں کسی قسم کا شک و شبہ نہ پایا جاتا ہو۔

    واضح رہے مملکت میں بینکنگ سیکٹر کو محفوظ بنانے کے لیے سعودی مرکزی بینک کی جانب سے وقتاً فوقتاً لوگوں کی آگاہی کے لیے مہم شروع کی جاتی ہے جس کا مقصد آن لائن خریداری کرتے وقت لوگوں کو فرضی ویب سائٹس سے محفوظ رکھنا ہے۔

    مملکت میں کام کرنے والے بینکوں کی جانب سے سمارٹ فونز پر ایپس لانچ کی گئی ہیں، جن کی سکیورٹی کو بھی محفوظ بنایا گیا ہے تاکہ کھاتے داروں کے بینک اکاونٹس ہیکرز سے محفوظ رہیں۔

  • سعودی ایئر لائن کی جانب سے مسافروں کیلئے بڑی سہولت کا اعلان

    سعودی ایئر لائن کی جانب سے مسافروں کیلئے بڑی سہولت کا اعلان

    ریاض : سعودی ایئر لائن نے مسافروں کی سہولت کیلئے نئے اقدامات اٹھاتے ہوئے خدمات میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے، یہ تمام سہولیات ایک ایپلی کیشن کے ذریعے فراہم کی جائیں گی۔

     سعودی عریبین ایئرلائنز (السعودیہ) نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مسافروں کے لیے نئی خدمات کا اضافہ کیا ہے جو اسمارٹ آلات پر ایپلی کیشن کے ذریعے مہیا ہوں گی۔

    السعودیہ شہری ہوا بازی کی دنیا میں جدید ترین تبدیلیوں کے سنگ چلتے ہوئے جدید ڈیجیٹل خدمات میں مسلسل اضافہ کررہی ہے۔

    سعودی خبررساں ادارے کے مطابق السعودیہ نے گیسٹ ڈیجیٹل سروس میں سفری سہولت بہتر بنانے کا موقع فراہم کیا ہے، ڈیجیٹل سروس کے ذریعے یہ پتہ لگایا جاسکتا ہے کہ آپ کا سامان کب کہاں پہنچا۔ علاوہ ازیں متعدد پروازوں کی بکنگ میں بھی سہولت دی جانے لگی ہے۔

    السعودیہ کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ کے مطابق معلومات کی سکریننگ کے ذریعے مسافروں کے کوائف کا اندراج تیزی سے کیا جا رہا ہے۔ مسافر کو بتایا جاتا ہے کہ ایئرپورٹ پر گاڑی کہاں کھڑی ہوگی۔

    بیان میں کہا گیا کہ سابقہ خدمات کے ساتھ نئی خدمات بھی مسافروں کو مہیا ہوں گی۔ ریزرویشن، ٹکٹ خریدنے، آن لائن ادائیگی، کریڈٹ کارڈز کا خود کار سسٹم کے ذریعے استعمال، سفری کارروائی تیزی سے نمٹانا، بورڈنگ کارڈ کا ایپ میں اندراج، ریزرویشن وغیرہ سے متعلق تمام معلومات کا حصول اور ریزرویشن میں ھجری تاریخ کے استعمال کی سہولت بھی دی ہے۔

    السعودیہ نے اپنی ایپ میں یہ تمام سہولیات مہیا کردی ہیں جسے ایپل اور اینڈرائڈ سسٹم پر اب تک 66 لاکھ سے زیادہ افراد ڈاؤن لوڈ کر چکے ہیں۔