Tag: smartphone

  • اسمارٹ فون دماغ کو کیسے کمزور کرتا ہے؟ ماہر نفسیات کے ہوشربا انکشافات

    اسمارٹ فون دماغ کو کیسے کمزور کرتا ہے؟ ماہر نفسیات کے ہوشربا انکشافات

    اکثر لوگوں کو اپنی ذہنی حالت کا اندازہ اس وقت ہوتا ہے جب پانی سر سے اونچا ہوجاتا ہے، یہی حال اب اسمارٹ فون کی وجہ سے ہوگیا ہے کیونکہ اس کے بے دریغ استعمال کے نقصانات بتدریج سامنے آرہے ہیں۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں جناح اسپتال کے ماہر نفسیات ڈاکٹر پروفیسر اقبال آفریدی نے ناظرین کو اسمارٹ فونز کے استعمال سے دماغ پر پڑنے والے اثرات سے آگاہ کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ اسمارٹ فون آنے کے بعد لوگوں نے اپنے ذہن کو استعمال کرنا بہت کم کر دیا ہے پہلے جو بات ذہن میں رہا کرتی تھی اب وہ موبائل فون میں ہوتی ہے تاکہ بوقت ضرورت اسے ڈھونڈ کر نکال لیا جائے۔

    اس کے علاوہ ہماری جسمانی سرگرمیاں بھی کم ہوگئی ہیں کیونکہ زندگی کو ہم نے آرام دہ کرلیا ہے، جس کی وجہ سے لوگ وقت سے پہلے بڑھاپے کی دہلیز پر پہنچ جاتے ہیں، اسی طرح اگر دماغ کو استعمال نہ کیا جائے تو وہ بھی ایک حد تک محدود ہوجاتا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ خصوصاً نوجوان نسل ہر وقت موبائل فون ساتھ رکھتی ہے چاہے کھانے کی میز ہو یا سونے کا بستر حتیٰ کہ سفر کے دوران گاڑی چلاتے ہوئے بھی موبائل فون کا استعمال جاری رہتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پہلے کے لوگوں کو پہاڑے زبانی یاد ہوتے تھے اور وہ کئی زبانوں پر عبور بھی رکھتے تھے لیکن اب یہ حال ہے کہ آج کا نوجوان موبائل میں موجود کیلکولیٹر، گوگل میپ اور دیگر ایپلی کیشنز کی مدد کے بغیر خود کو ادھورا محسوس کرتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یاد رکھیں اگر دماغ پر زور نہیں دیں گے تو آپ کا ذہن سُست ہوجائے گا اس سے بچنے کیلیے ضروری ہے کہ زیادہ سے زیادہ جسمانی اور دماغی سرگرمیاں کی جائیں وہ جتنی زیادہ ہوں گی اس کے اتنے ہی فائدے ہیں۔

  • تعلیمی اداروں میں اسمارٹ فون کے استعمال پر اقوام متحدہ کی رپورٹ

    تعلیمی اداروں میں اسمارٹ فون کے استعمال پر اقوام متحدہ کی رپورٹ

    نیویارک: اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ پڑھائی کے دوران موبائل فون کے استعمال سے طلبہ کی کارگردگی اور صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یو این ایجنسی یونیسکو نے کہا ہے کہ اس امر کے شواہد موجود ہیں کہ موبائل فون کے زیادہ استعمال سے تعلیمی کارکردگی میں کمی آتی ہے۔

    یونیسکو رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسکرین پر زیادہ وقت گزارنے سے بچوں کے جذباتی استحکام پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں، 2023 کی گلوبل ایجوکیشن مانیٹر رپورٹ کے مصنف مانوس انتونینیس کے مطابق اسمارٹ فونز سے نہ صرف طلبہ کی پرائیویسی کو خطرہ لاحق رہتا ہے بلکہ اس سے طلبہ کے سیکھنے کی صلاحیت میں کمی پیدا ہو رہی ہے۔

    مانوس انتونینیس نے واضح کیا کہ ٹیکنالوجی تعلیم کے حصول میں مددگار ہوتی ہے، لیکن اسکول میں کس قسم کی ٹیکنالوجی لانے کی اجازت ہو، اس سلسلے میں بہتر رہنمائی کی ضرورت ہے، ایسی ٹیکنالوجی جو سیکھنے کے عمل میں مدد دے۔

    یونیسکو رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ متعدد مطالعات سے پتا چلتا ہے کہ اسکولوں میں موبائل فون پر پابندی لگانے سے تعلیمی کارکردگی بہتر ہوتی ہے، برطانوی ماہرین تعلیم کے حوالے سے کہا گیا کہ ان کا کہنا ہے کہ اسکول میں اسمارٹ فون کی اجازت سے لاحق خطرات میں تعلیمی کارکردگی متاثر ہونا، پڑھائی میں توجہ نہ ہونا، سیکھنے کی صلاحیت میں کمی جیسے مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ان خطرات کو کم کرنے کے لیے اساتذہ کو موبائل فون پر پابندی لگانے پر غور کرنا چاہیے، واضح رہے کہ برطانیہ میں اساتذہ فون کے استعمال کے حوالے سے قوانین طے کرتے ہیں لیکن زیادہ تر اسکولوں میں اس پر پابندی ہے، اور یونیسکو رپورٹ کے مطابق دنیا میں ہر 4 میں سے صرف ایک ملک ایسا ہے جہاں اسکولوں میں موبائل فون پر پابندی کے قوانین یا پالیسیاں موجود ہیں۔

  • اسمارٹ فون آپ کو کن کن بیماریوں میں مبتلا کر سکتا ہے؟

    اسمارٹ فون آپ کو کن کن بیماریوں میں مبتلا کر سکتا ہے؟

    آج کل کے دور میں اسکرین زندگی کا لازمی حصہ بن چکی ہے، ہر عمر کے افراد اپنی زندگی کے اکثر کام اسکرینز کے بغیر انجام نہیں دے سکتے۔

    دوسری جانب دنیا بھر میں ڈپریشن اور اعصابی تناؤ بڑھتا جا رہا ہے جس کی بڑی وجہ اسکرینز کا بے تحاشہ استعمال ہے، اسکرین کے بہت زیادہ استعمال سے جسم میں کئی طرح کی تبدیلیاں جنم لینے لگتی ہیں، آئیں جانتے ہیں وہ تبدیلیاں کیا ہیں۔

    ہاضمے کے مسائل

    ضرورت سے زیادہ اسکرین دیکھنا ہاضمے کے مسائل کو جنم دیتا ہے، اسکرینز کے استعمال سے جسمانی سرگرمی کم ہوتی ہے جس سے ہاضمے کا عمل متاثر ہوتا ہے اور پیٹ کا درد اور قبض کی شکایت ہوتی ہے۔

    دانتوں کی صحت

    آپ جتنا زیادہ وقت اسکرین کو دیکھ کر گزارتے ہیں، اتنے ہی دانتوں کے مسائل جنم لینے لگتے ہیں، یہ بات سننے میں کچھ عجیب سی لگتی ہے مگر حقیقت یہی ہے۔

    اس کی وجہ یہ ہے کہ زیادہ تر وقت اسکرین پر چپکے رہنے کے نتیجے میں اسنیکنگ میں اضافہ ہوتا ہے، اور غیر صحت بخش کھانوں جیسے سوڈا، میٹھے اسنیکس اور چپس کا استعمال بڑھ جاتا ہے جو دانتوں کی صحت پر منفی اثر ڈال سکتا ہے۔

    کمزور جذباتی فیصلے

    زیادہ اسکرین دیکھنا آپ کو کم سماجی بناتا ہے، کیونکہ اس طرح آپ لوگوں کے ساتھ براہ راست بات چیت نہیں کر پاتے اور ساتھ ہی یہ تنہائی آپ کے جذباتی فیصلے کو بھی متاثر کر سکتی ہے۔

    خاص طور پر ان بچوں کے ساتھ جو حقیقی زندگی کی بات چیت سے محروم ہیں۔

    ایک بڑی تشویش یہ ہے کہ اسکرین کا کثرت سے استعمال بچوں کو پرتشدد بنا کر غیر حساس بنا سکتا ہے، زیادہ اسکرین ٹائم سے جذباتی فیصلہ سازی مستقل طور پر بدل جاتی ہے۔

    خود اعتمادی کی کمی

    یہ کوئی تعجب کی بات نہیں ہے کہ جب آپ آن لائن بہت زیادہ وقت گزارتے ہیں تو آپ کی خود اعتمادی متاثر ہوسکتی ہے۔

    دوسرے لوگوں کے ساتھ میل جول کی کمی ایک شخص کے اعتماد کو نمایاں طور پر کم کر سکتی ہے، اور جب آپ سوشل میڈیا سائٹس پر اپنی آن لائن موجودگی کے بارے میں فکر مند ہوتے ہوئے اتنا وقت گزارتے ہیں تو آپ خود پر توجہ نہیں دے پاتے جس سے آپ کا اعتماد کم ہونے لگتا ہے۔

    موٹاپے کی بنیادی وجہ

    اسکرین کا زیادہ استعمال موٹاپے کے خطرے کو بڑھا دیتا ہے، اس کی ایک وجہ جسمانی سرگرمی کا نہ ہونا جبکہ دوسری جانب غیر صحت بخش غذاؤں کا استعمال ہے۔

    کمر اور گردن میں درد

    بیٹھنے کا غلط انداز زیادہ اسکرین ٹائم کے بدترین اثرات میں سے ایک ہے، کیونکہ ہم اس کا ادراک کیے بغیر طویل دوانیہ تک ان آلات پر مسلسل جھکے رہتے ہیں جس سے گردن اور کمر میں شدید درد ہو سکتا ہے۔

    ایسا ہونے کی وجہ یہ ہے کہ جب ہم نیچے دیکھتے ہیں تو ہماری گردن پر غیر فطری دباؤ پڑتا ہے اور ریڑھ کی ہڈی غیر فطری حالت میں آجاتی ہے۔ یہ تناؤ کا باعث بھی بن سکتا ہے جسے ٹیکسٹ نیک کہتے ہیں۔

    کوشش کریں کہ اسکرین پر وقت صرف کرنے کے بجائے صحت مند جسمانی سرگرمیوں کو اپنائیں تاکہ صحت مند رہ سکیں۔

  • رات بھر اسمارٹ فون کو چارج کرنا واقعی نقصان دہ ہے؟

    رات بھر اسمارٹ فون کو چارج کرنا واقعی نقصان دہ ہے؟

    اکثر افراد رات سوتے ہوئے اپنے اسمارٹ فون کو چارجنگ پر لگا دیتے ہیں اور فون رات بھر چارج ہوتا رہتا ہے۔

    کہا جاتا ہے کہ رات بھر فون کو چارج کرنا بیٹری کے لیے نقصان دہ ہوتا ہے، تو کیا یہ بات واقعی درست ہے؟

    اس کا جواب سادہ نہیں بلکہ کچھ پیچیدہ ہے جس کے لیے یہ جاننا ضروری ہے کہ فون کو چارج کرنے کا عمل کس طرح مکمل ہوتا ہے۔

    موجودہ عہد میں اسمارٹ فونز کو ڈیزائن کرتے ہوئے یہ خیال رکھا جاتا ہے کہ اس کی بیٹری اور اندرونی حصوں کو تحفظ حاصل ہو۔

    بیشتر اسمارٹ فونز کو چارجنگ پر لگایا جاتا ہے تو شروع میں وہ بہت تیزی سے چارج ہوتے ہیں مگر بتدریج یہ رفتار سست ہو جاتی ہے اور جب بیٹری 100 فیصد چارج ہو جاتی ہے تو چارجنگ رک جاتی ہے۔

    مگر چارجنگ رک جانے کے بعد بیٹری سست روی سے ڈسچارج ہونے لگتی ہے، جب وہ 99 فیصد پر پہنچتی ہے تو پھر دوبارہ چارج ہو کر 100 فیصد ہو جاتی ہے۔

    ایسا اس وقت تک بار بار ہوتا ہے جب تک آپ فون کو چارجر سے نہیں نکال لیتے، یعنی فون اوور چارج تو نہیں ہوتا مگر لگ بھگ مسلسل چارج ہوتا رہتا ہے۔

    اسمارٹ فونز تیار کرنے والی کمپنیوں کے مطابق بیٹریوں کو مکمل چارج کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی، درحقیقت زیادہ بہتر تو یہ ہے کہ انہیں مکمل طورپر چارج ہی نہ کریں جس کی وجہ بیٹری میں موجود ایک ہائی وولٹیج اسٹریس ہوتا ہے جو طویل المیعاد بنیادوں پر نقصان پہنچاتا ہے۔

    ہر فون کی بیٹری لائف وقت کے ساتھ کم ہو جاتی ہے مگر رات بھر چارجنگ کی عادت سے بیٹری کی تنزلی کا عمل تیز ہو جاتا ہے۔

    تو رات بھر اسمارٹ فون چارج کرنا نقصان دہ ہوتا ہے یا نہیں، اس کا جواب یہ ہے کہ کبھی کبھار فون کو رات بھر چارج کرنا نقصان دہ نہیں مگر اس کو عادت بنا لینے سے ضرور بیٹری لائف متاثر ہو سکتی ہے۔

    اگر آپ اپنے فون کو رات بھر چارج کرنا چاہتے ہیں تو بہتر ہے کہ آپٹمائزڈ چارجنگ فیچرز کو استعمال کریں جو اب تمام کمپنیوں کی جانب سے ڈیوائسز میں دیے جا رہے ہیں تاکہ طویل المعیاد بنیادوں پر بیٹری لائف کو کم از کم نقصان پہنچے۔

  • خبردار! آپ کے اسمارٹ فون میں موجود یہ ایپ آپ کو کنگال کر سکتی ہے

    خبردار! آپ کے اسمارٹ فون میں موجود یہ ایپ آپ کو کنگال کر سکتی ہے

    اسمارٹ فون رکھنے والے افراد اپنے فون میں مختلف ایپلی کیشنز رکھتے ہیں جس کا مقصد مختلف سرگرمیوں کو آسان بنانا ہوتا ہے، تاہم ایک ایپ ایسی ہے جو بظاہر بہت معتبر معلوم ہوتی ہے، لیکن درحقیقت وہ صارفین کو نقصان پہنچانے کے لیے بنائی گئی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹو ڈو: ڈے مینیجر نامی اسمارٹ فون ایپلی کیشن کے حوالے سے ایک رپورٹ شائع کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اگر آپ کے موبائل فون میں مذکورہ ایپ موجود ہے تو یہ موبائل سے آپ کے بینک اکاؤنٹس کی تمام معلومات چوری کر کے آپ کو کنگال کر سکتی ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ ایپ صارف کی پرائیویسی یعنی موبائل کے کوڈز، فنگر پرنٹ اور چہرے کی شناخت سمیت تمام معلومات حاصل کرلیتی ہے۔

    ماہرین نے اسمارٹ فون رکھنے والے ایسے صارفین جو اس ایپ کو پہلے ہی اپنے موبائل میں ڈاؤن لوڈ کر چکے ہیں، خبردار کیا ہے کہ اگر وہ کسی بڑی مصیبت سے محفوظ رہنا چاہتے ہیں تو فوراً اس ایپ کو ڈیلیٹ کردیں، ورنہ انہیں پچھتاوا ہوگا۔

    یہ ایپ بنیادی طور پر دن بھر کی مصروفیات کا شیڈول بنانے کے ساتھ ساتھ اہم تقریبات یا پھر نماز کے اوقات کی یاد دہانی میں مدد کے لیے بنائی گئی ہے۔

    ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ایپ نہ صرف اسمارٹ فون پر آنے والے تحریری پیغامات تک رسائی حاصل کر سکتی ہے بلکہ آپ کی بینکنگ کی حساس معلومات بھی چوری کر کے اس کا غلط استعمال کر سکتی ہے۔

  • کم آمدنی والے افراد اسمارٹ فون خرید سکیں گے، وزارت آئی ٹی کا بڑا اقدام

    کم آمدنی والے افراد اسمارٹ فون خرید سکیں گے، وزارت آئی ٹی کا بڑا اقدام

    اسلام آباد: ملک میں کم آمدنی والے افراد کو موبائل فون فراہم کرنے کے لیے آسان اقساط پر اسمارٹ فون فراہم کرنے کی اسکیم شروع کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونی کیشن سید امین الحق نے عوام کے لیے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے اسمارٹ فون فار آل کے تحت کم آمدنی والے افراد کے لیے آسان اقساط پر موبائل فونز اسکیم کا اجرا کردیا۔

    اسکیم عالمی ادارے جی ایس ایم اے کے تعاون سے مقامی کمپنی قسط پے کی جانب سے جاری کی گئی ہے۔

    اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر امین الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسکیم کے تحت 20 سے 30 فیصد ادائیگی پر کوئی بھی فرد موبائل حاصل کر سکے گا۔

    انہوں نے کہا کہ اسکیم کا مقصد عام آدمی تک فون پہنچانا اور چھوٹے کاروباری افراد کو ای کامرس کی جانب لانا ہے۔

    امین الحق کا کہنا تھا کہ کسی ضمانت یا طویل کاغذی کارروائی کے تحت صرف شناختی کارڈ پر موبائل کا حصول یقینی بنا رہے ہیں، ابتدائی طور پر 10 ہزار سے 1 لاکھ روپے مالیت کے فون 3 سے 12 ماہ کی اقساط میں دیے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ موبائل میں جدید سافٹ ویئر ہوگا، عدم ادائیگی پر فون لاک ہوجائے گا اور کہیں استعمال نہیں ہوسکے گا۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک میں کنیکٹوٹی سہولیات کے لیے 65 سے 70 ارب روپے سے زائد کے پروجیکٹس ہیں، کنیکٹوٹی کے ساتھ اسمارٹ فونز کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے مذکورہ اسکیم کا اجرا کیا گیا ہے۔

  • پانی میں گر جانے والے موبائل کو دوبارہ قابل استعمال کیسے بنائیں؟

    پانی میں گر جانے والے موبائل کو دوبارہ قابل استعمال کیسے بنائیں؟

    آج کے دور میں اسمارٹ فون ہر انسان کی ضرورت ہے اور ہر شخص کو اس کی عادت ہو گئی ہے۔

    عموماً جب چھوٹے بچے موبائل کا استعمال کرتے ہیں تو اس کی زیادہ احتیاط نہیں کرتے اور اکثر ایسا بھی ہوتا ہے کہ وہ پانی میں گرا دیتے ہیں۔

    آج ہم آپ کو بتائیں گے کہ اگر آپ کا موبائل پانی میں گر جائے تو اس کو کیسے ٹھیک کر سکتے ہیں۔

    اگر موبائل پانی میں گر جائے تو سب سے پہلے اس کو پاور آف کر دیں، سم اور میموری کارڈ کو فون میں سے نکال لیں اور موبائل کو ایسی جگہ رکھ دیں جہاں دھوپ آتی ہو تاکہ اس کے اندر موجود پانی سوکھ جائے۔

    اس کے علاوہ ہیئر ڈرائیر کے ذریعے بھی موبائل میں گئے پانی کو خشک کر سکتے ہیں۔

    ایک اور دلچسپ طریقہ یہ ہے کہ اگر پانی میں گر جانے والے موبائل کو چاولوں میں رکھ دیا جائے تو وہ اس میں موجود نمی کو خشک کر دیتے ہیں۔

    اس پورے عمل کو مکمل کرنے کے بعد موبائل کو دکان پر لازمی لے کر جائیں۔

  • ننھے بندر کی اسمارٹ فون لینے کی ضد، ماں اسے روکتی رہی، دلچسپ ویڈیو وائرل

    ننھے بندر کی اسمارٹ فون لینے کی ضد، ماں اسے روکتی رہی، دلچسپ ویڈیو وائرل

    انسان تو انسان اب بندر کے بچے بھی اسمارٹ فون کے لیے ضد کرنے لگے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر ایک نہایت دل چسپ ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں ایک ننھا بندر اسمارٹ فون چھینے کی کوشش کر رہا ہے لیکن بندریا اسے مسلسل روک رہی ہے۔

    یہ ویڈیو ٹویٹر پر انڈین فاریسٹ سروس آفیسر سوسنتا نندا نے شیئر کی ہے، انھوں نے یہ دل چسپ جملہ بھی لکھا کہ نوجوان نسل اسمارٹ فونز کی دیوانی ہے۔

    ویڈیو میں بالکل انسانوں کے بچوں کی طرح بندر کا بچہ اسمارٹ فون کے لیے کافی متجسس نظر آ رہا ہے، اور اس کے مالک سے اسے چھیننے کی کوشش کر رہا ہے۔

    دراصل کسی نے بندریا اور اس کے ننھے بچے کی تصویر لینی چاہی، تو ننھے بندر کو موبائل فون بہت بھا گیا، لیکن ماں اسے مسلسل اپنی طرف کھینچتی رہی، اور وہ فون پکڑنے کے لیے واپس جاتا رہا، کافی دیر یہ دل چسپ کھینچا تانی جاری رہی۔

    صارفین نے اس ویڈیو پر بہت دل چسپ تبصرے کیے، ایک صارف نے لکھا "گھر گھر کی کہانی۔”

    ایک صارف نے لکھا کہ بچہ تو اسمارٹ فون سے چپک گیا ہے، اور دوسرے صارف نے اس پر لکھا لیکن ہر نسل میں ماں کا رویہ ایک سا ہی ہوتا ہے۔

  • وہ اسمارٹ فون جو دنیا میں سب سے زیادہ فروخت ہوا

    وہ اسمارٹ فون جو دنیا میں سب سے زیادہ فروخت ہوا

    دنیا بھر میں 10 عدد مختلف اسمارٹ فونز میں سے اپریل کے مہینے میں جو سب سے زیادہ فروخت ہوا، اس کے بارے میں آپ کو جان کر حیرت نہیں ہوگی کہ یہ ہے ایپل کا آئی فون 13۔

    کاؤنٹر پوائنٹ ریسرچ کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق ایپل کے آئی فون 13 نے اپریل 2022 میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والے اسمارٹ فونز کی عالمی رینکنگ میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

    ایپل کے آئی فون 13، آئی فون 13 پرو میکس، آئی فون 13 پرو، اور آئی فون 12 نے اپریل 2022 میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والے 10 اسمارٹ فونز میں سرفہرست چار پوزیشنز حاصل کی ہیں۔ جب کہ ان کے علاوہ سام سنگ اور ریڈمی وہ برانڈز ہیں جنھوں نے اس ٹاپ 10 میں اپنی جگہ بنائی۔

    فروخت ہونے والے ٹاپ 10 ماڈلز کا مارکیٹ شیئر کُل اسمارٹ فون مارکیٹ کا 21 فی صد رہا، آئی فون 13 مارکیٹ شیئر کے 5.5 فی صد کے ساتھ عالمی سطح پر سب سے زیادہ فروخت ہونے والا اسمارٹ فون بن کر ابھرا۔

    آئی فون 13 پرو میکس، جو اس وقت مارکیٹ میں سب سے مہنگا آئی فون ہینڈ سیٹ ہے، 3.4 فی صد عالمی مارکیٹ شیئر کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔ جب کہ آئی فون 13 پرو اور آئی فون 12 نے مارکیٹ کا بالترتیب 1.8 اور 1.6 فی صد حصہ حاصل کیا۔

    آئی فون ایس ای 2022 عالمی اسمارٹ فون کی فروخت میں 1.4 فی صد حصص کے ساتھ ساتویں نمبر پر رہا، یعنی ٹاپ 10 کی فہرست میں پانچ ایپل ہینڈ سیٹس نے جگہ بنائی، رپورٹ کے مطابق اس ہینڈ سیٹ نے جاپانی اسمارٹ فون مارکیٹ کے 18 فی صد حصے پر قبضہ جمایا۔

    Samsung Galaxy S22 Ultra 5G اور Samsung Galaxy A13 فروخت کے 1.5 فی صد اور 1.4 فی صد حصے کے ساتھ بالترتیب پانچویں اور چھٹی پوزیشن پر آئے۔

    سامسنگ گیلکسی A03 کور 1.4 فیصد، A 53 فائیو جی 1.3 فی صد، جب کہ چینی اسمارٹ فون ریڈ می نوٹ 11 LTE بھی 1.3 فی صد کے ساتھ بالترتیب آٹھویں، نویں اور دسویں پوزیشن پر آئے۔

    A03 Core سو ڈالر سے بھی کم ہول سیل قیمت میں فروخت ہونے والا اسمارٹ فون تھا، نوٹ 11 LTE نے بھی Xiaomi کی کل فروخت میں 11 فی صد حصہ ڈالا۔

  • موبائل فون کے زیادہ استعمال سے جلد موت کا خطرہ

    موبائل فون کے زیادہ استعمال سے جلد موت کا خطرہ

    موبائل فون کے اب تک بے شمار نقصانات سامنے آچکے ہیں، اب حال ہی میں ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا کہ موبائل فون کا زیادہ استعمال جلد موت کے خطرے کو بڑھا دیتا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک نئی تحقیق میں سائنسدانوں نے یہ حیران کن انکشاف کیا ہے کہ موبائل فون کا زیادہ استعمال لوگوں میں خطرناک بیماریوں کا سبب بن کر ان کی عمر میں کمی کر سکتا ہے۔

    سائنسدانوں نے بتایا ہے کہ اسکرین زیادہ دیر تک دیکھنے سے آنکھوں کو جو نقصان پہنچتا ہے وہ جسم کے دیگر اعضا پر بھی منفی اثرات مرتب کرتا ہے۔

    اس تحقیق میں سائنسدانوں نے مکھیوں پر تجربات کیے ہیں، اس دوران جن مکھیوں کو زیادہ روشنی میں رکھا گیا تھا ان کی عمر دیگر مکھیوں کی نسبت واضح طور پر کم ہو گئی تھی۔

    نتائج میں سائنسدانوں نے بتایا ہے کہ اسکرین سے آنکھوں کو پہنچنے والا نقصان دیگر اعضا کے ساتھ ساتھ مدافعتی نظام کو بھی کمزور کرتا ہے اور کئی حوالوں سے نقصان دہ ثابت ہوتا ہے۔