Tag: Smuggling attempt failed

  • دودھ کے ڈبوں میں منشیات بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

    دودھ کے ڈبوں میں منشیات بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

    راولپنڈی : اے این ایف کی منشیات کے خلاف ملک گیر کارروائیاں جاری ہیں۔ دودھ کے ڈبوں میں چھپائی گئی منشیات برآمد کرکے مسافر کو حراست میں لے لیا گیا۔

    کراچی ائیرپورٹ سے اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے مسقط جانے والے ملزم کو گرفتار کرلیا، تلاشہ کے دوران اس کے بیگ سے1450نشہ آورگولیاں برآمد ہوئی تھیں۔

    اے این ایف ذرائع کے مطابق اسلام آباد جی پی او سے بحرین جانے والے پارسل سے2 کلو آئس برآمد ہوئی ہے۔ برآمد شدہ منشیات کو دودھ کے ڈبوں میں چھپایا گیا تھا۔

    اس کے علاوہ گجرات جی ٹی روڈ چناب ٹول پلازہ کے قریب ٹرک سے 12 کلو ہیروئن برآمد کرکے 2ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

    ایک اور کارروائی میں مستونگ بائی پاس کے قریب کار سے 10 کلو افیون برآمد کرکے قلات کے رہائشی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

    اےاین ایف ذرائع کا کہنا ہے کہ تربت دنوک کے قریب زیرتعمیر مکان سے100 کلو چرس برآمد کی گئی ہے، گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

  • کسٹمز اہلکاروں نے کروڑوں مالیت کی اسمگلنگ ناکام بنادی : 3 گرفتار

    کراچی : ڈائریکٹوریٹ کسٹمز انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کراچی نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دو ٹرکوں سے کروڑوں روپے کی اشیاء اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔

    اس حوالے سے ڈی جی کسٹمزانٹیلی جنس کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی روڈ اور راشد منہاس روڈ سے ممنوعہ سامان سے بھرے دو ٹرک تحویل میں لے کر اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادیا۔

    انہوں نے بتایا کہ کسٹمز انٹیلی جنس نے کارروائی کے دوران3ملزمان کو بھی گرفتارکیا، مذکورہ ٹرکوں سے38کروڑ30لاکھ روپے مالیت کا ممنوعہ سامان ضبط کیا گیا ہے۔

    ڈی جی کسٹمز کے مطابق برآمد کیے جانے والے سامان میں 3600لیپ ٹاپ،2396گھڑیاں، ایئرکرافٹ انجن آئل، اور دیگر بھارتی سامان شامل ہے۔

    انہوں نے چھاپے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کسٹمز انٹیلی جنس کے عملے نے اسمگلنگ کے سامان سے بھرے ٹرکوں کا پیچھا کرکے گودام کا سراغ لگایا۔

    دوران تفتیش ٹرک ڈرائیور اسمگل شدہ سامان کی قانونی دستاویز فراہم کرنے میں ناکام رہے، ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے اور مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

  • سعودی بحریہ کا زبردست کارنامہ، سمندر سے اسمگلنگ کی کوشش ناکام

    سعودی بحریہ کا زبردست کارنامہ، سمندر سے اسمگلنگ کی کوشش ناکام

    ریاض : سعودی عرب میں بڑی مقدار میں اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی گئی، سعودی بحریہ نے کھلے سمندر میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں ڈالر مالیت کی حشیش برآمد کرلی۔

    سعودی بحریہ کی سپیشل فورس 150 نے پیر کو ایک جہاز کو روک کر تلاشی لی جس پر حشیش لدی ہوئی تھی۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی جنگی جہاز نے سمندر میں جہاز کو روک کر تلاشی لی تو اس سے1579 کلو گرام حشیش برآمد ہوئی۔ اس کی لاگت 80 لاکھ ڈالر ہے۔

    اسپیشل فورس کے کمانڈر سلیمان الفقیہ نے بتایا کہ سعود ی بحریہ گہرے سمندر میں اسمگلنگ کی کئی کوششوں کو ناکام بنا چکی ہے اور یہ ان میں سے ایک ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سمندر میں جہاز کو روک کر تلاشی لینے کا آپریشن فرانسیسی جنگی جہاز کے ذریعے انجام دیا گیا ہے۔ سعودی کمانڈر نے جنگی جہاز کے کمانڈ ر کو آپریشن کی کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔

  • علامہ اقبال ایئر پورٹ : اسمگلنگ کی کوشش ناکام، سامان ضبط

    علامہ اقبال ایئر پورٹ : اسمگلنگ کی کوشش ناکام، سامان ضبط

    لاہور : علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کسٹمز کے عملے نے دو مختلف کارروائیوں میں اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی، مسافر کا سامان ضبط کرکے جانے کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بیرون ملک سے آئے مسافر کے سامان سے19 شراب کی بوتلیں برآمد کرلی گئیں، پاکستانی نژاد امریکی شہری امریکہ سے بذریعہ دوحہ لاہور پہنچا تھا۔

    دوسری کارروائی میں کسٹم عملے نے بیوٹی کریم کی بڑی تعداد ترکی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی، اس حوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ دوران چیکنگ مسافر کے سامان سے بیوٹی کریم کی 450 ڈبیاں برآمد ہوئی تھیں۔

    کسٹمز حکام کے مطابق مذکورہ مسافر ترکش ایئر کی پرواز سے استنبول جارہا تھا، کسٹمز اہلکاروں نے سامان قبضے میں لے کرمسافر کو سفر کرنے کی اجازت دے دی۔

  • سعودی بحریہ کی تاریخی کامیابی، خطرناک سازش ناکام بنادی

    سعودی بحریہ کی تاریخی کامیابی، خطرناک سازش ناکام بنادی

    ریاض : سعودی عرب کی بحری افواج نے سمندری حدود میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے منشیات کی بہت بڑی کھیپ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی بحریہ نے تاریخ میں پہلی بار ریکارڈ مقدار میں نشہ آور میتھا فیٹامن (کرسٹل میتھ) ضبط کرلی جس کی مالیت سو ملین ڈالر سے زیادہ ہے۔

    سعودی بحریہ نے اپنی تاریخ میں اتنی بڑی مقدار میں کرسٹل میتھ ضبط نہیں کی تھی، ذرائع کے مطابق پکڑی گئی میتھا فیٹامن ( کرسٹل میتھ) کا وزن 450کلو گرام سے زیادہ ہے۔

    اس حوالے سے بحریہ فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر سلیمان الفقیہ نے میڈیا کو بتایا کہ سعودی بحریہ نے اپنی تاریخ میں اتنی بڑی کامیابی کبھی حاصل نہیں کی، کامیاب آپریشن میں مونٹروز جہاز بھی شامل رہا۔

    Royal Saudi Naval Forces

    فورس کے ڈپٹی کمانڈر دین باسیت نے بتایا کہ اس آپریشن میں کئی ٹیموں نے حصہ لیا، ایک ٹیم ایسی بھی تھی جو سمندر میں پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے میں مدد دیتی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ مشترکہ فورس کی اس کارروائی میں دہشت گردی، اسمگلنگ اور قذاقی جیسی سرگرمیوں کے لیے سمندری ماحول سے ناجائز فائدہ اٹھانے والے عناصر کی تلاش پر مامور ٹیم سے بھی تعاون لیا گیا، بحریہ کی مشترکہ فورس نے تمام ٹیموں کے تعاون سے یہ آپریشن کرکے بڑی کامیابی حاصل کرلی۔

    یاد رہے کہ مشترکہ سمندری فورس بحر احمر، خلیج عدن، بحر عرب، خلیج عمان اور بحرہند میں 303 ملین میل کے دائرے میں کام کررہی ہے، یہ منشیات اور اسلحہ کی سمگلنگ کے انسداد، جہاز رانی کی سلامتی اور بین الاقوامی تجارتی جہازوں کے لیے سمندری راستوں کی سلامتی پر مامور ہے۔