Tag: snake

  • کوٹلی آزاد کشمیر میں زہریلے سانپ نے ننھے بہن بھائی کو ڈس لیا

    کوٹلی آزاد کشمیر میں زہریلے سانپ نے ننھے بہن بھائی کو ڈس لیا

    کوٹلی (31 جولائی 2025): کوٹلی آزاد کشمیر میں زہریلے سانپوں کے حملے سے چوبیس گھنٹوں کے دوران 2 معصوم بہن بھائی سمیت 3 افراد جان کی بازی ہار گئے، سانپوں سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوٹلی کے نواحی علاقوں میں زہریلے سانپوں کے ڈسنے کے واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے، تازہ ترین واقعے میں کلر منیل کے علاقے میں ایک نوجوان نیورو ٹاکسک سانپ کے ڈسنے سے جاں بحق ہو گیا۔

    اس سے قبل چوکی مونگ کے، دو معصوم بہن بھائی بھی سانپ کاٹنے سے جان کی بازی ہار چکے ہیں، متاثرہ نوجوان کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال کوٹلی منتقل کیا گیا، مگر ورثا کے مطابق اسپتال میں اینٹی وینم ویکسین نہ لگائی گئی جس پر لواحقین نے لاش کے ہمراہ اسپتال کے باہر احتجاج کیا اور حکومت و محکمہ صحت کے خلاف نعرے بازی کی۔

    ڈاکٹرز کے مطابق نیورو ٹاکسک سانپ کے ڈسنے کے بعد 10 سے 30 منٹ کے اندر موت واقع ہو سکتی ہے، دوسری جانب محکمہ وائلڈ لائف تاحال سانپ کی نوعیت یا شناخت سے متعلق کوئی بریفنگ جاری نہیں کر سکا۔

    شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری حفاظتی اقدامات کیے جائیں اور وائلڈ لائف کو متحرک نگرانی کی ہدایات دی جائیں، تاکہ مستقبل میں ایسے جان لیوا واقعات سے بچا جا سکے۔

  • ویڈیو: سری لنکا اور بنگلادیش کا میچ، گراؤنڈ میں خطرناک سانپ کی انٹری

    ویڈیو: سری لنکا اور بنگلادیش کا میچ، گراؤنڈ میں خطرناک سانپ کی انٹری

    سری لنکا اور بنگلادیش کے درمیان پہلے ایک روزہ میچ کے دوران گراؤنڈ میں خطرناک سانپ داخل ہوگیا۔

    کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کے خلاف 245 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کی اننگز کے تیسرے اوور میں سانپ نے گراؤنڈ میں انٹری دی۔

    رپورٹس کے مطابق گراؤنڈ میں داخل ہونے والا کوبرا زہریلا اور خطرناک تھا، جو دیکھنے میں کئی فٹ بڑا تھا، سری لنکا کے گراؤنڈ پر سانپ کے داخلے کا پہلا واقعہ نہیں ہے۔

    سری لنکا میں سانپوں کی کثیر تعداد پائی جاتی ہے، جو کھیلوں کے اکثر مقابلوں میں اپنی موجودگی کو ظاہر کرتے ہیں۔

    اس سے قبل ویمنز انڈر 19 ٹی 20 ورلڈ کپ میں انگلینڈ اور آئرلینڈ کے میچ کے دوران پچ پر کوبرا آگیا تھا۔

    ویمنز انڈر 19 ٹی 20 ورلڈ کپ میں انگلینڈ اور آئرلینڈ کا میچ جاری تھا اس دوران پچ پر سانپ کی وجہ سے میچ کو روکنا پڑ گیا۔

    انگلش بیٹر جمائمہ نے بیٹ کے ہینڈل سے سانپ کو دور کردیا۔

    جلد وائٹ بال میں بھی ایکشن میں نظر آؤں گا، ساجد خان

    میچ کے دوران سانپ کی موجودگی کی ویڈیو سوشل میڈیا بھی گردش کررہی ہے۔

    بعد ازاں دونوں ٹیموں کے درمیان میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا اور کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا۔

  • نرسری کے بچوں کو دیے گئے کھانے کے پیکٹ سے سانپ نکل آیا

    نرسری کے بچوں کو دیے گئے کھانے کے پیکٹ سے سانپ نکل آیا

    مہاراشٹر: بھارت میں نرسری اسکول کے بچوں کو دیے گئے کھانے کے ایک پیکٹ سے مرا ہوا سانپ نکل آیا، جسے دیکھ کر بچوں کی چیخیں نکل گئیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کے روز بھارتی اسکولوں میں ’مڈ ڈے میل‘ کے نام سے فراہم کیے جانے والے کھانے ایک بار پھر غیر معیاری نکلے ہیں، مغربی مہاراشٹر کے ضلع سانگلی میں ایک سرکاری نرسری اسکول میں بچوں کو دیے گئے کھانے کے پیکٹ سے مبینہ طور پر ایک چھوٹا مرا ہوا سانپ برآمد ہوا۔

    کھانے کے پیکٹ سے سانپ برآمد ہونے پر اسکول میں افرا تفری پھیل گئی تھی، جس بچے کے پیکٹ سے سانپ نکلا تھا، اس کے والدین نے ریاست کی ایمپلائی یونین کو معاملے کی اطلاع دے دی جس کے بعد اس معاملے کی تحقیقات شروع کی گئی۔

    ضلع افسران کا کہنا تھا کہ بچے کے والدین نے تصویر کھینچ کر سانپ کو پھینک دیا تھا، حکام نے مذکورہ پیکٹ سے کھانے کا نمونہ لے لیا ہے اور جانچ کے لیے تجربہ گاہ بھیجا گیا ہے۔

    یونین کی نائب سربراہ آنندی بھوسلے کے مطابق مذکورہ پیکٹ میں دال کھچڑی ہوتی ہے، جو گزشتہ چھ ماہ سے 3 سالہ بچوں کو اسکولوں میں دیے جا رہے ہیں۔ حکام نے واقعے کا نوٹس لیا اور فوڈ سیکیورٹی کمیٹی کے افسران نے اسکول کا دورہ کیا۔

    واقعے کے بعد اس گودام کو سیل کر دیا گیا جس میں کھانے کے پیکٹ رکھے جاتے تھے، آنندی بھوسلے نے دعویٰ کیا کہ کھانے کے پیکٹ کی فراہمی کے لیے ذمہ دار ٹھیکیدار کے بارے میں پہلے بھی شکایتیں ملی ہیں۔

  • میٹرو میں سانپ اُٹھائے شخص کی آمد، مسافروں میں بھگدڑ، ویڈیو وائرل

    میٹرو میں سانپ اُٹھائے شخص کی آمد، مسافروں میں بھگدڑ، ویڈیو وائرل

    اگرچہ دیکھا جائے تو زیادہ تر لوگ سانپوں سے ڈرتے ہیں، مگر بعض افراد انہیں پالتو جانور کے طور پر رکھتے ہیں اور سفر کے دوران بھی انہیں اپنے ہمراہ لے جاتے ہیں۔

    ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخض پبلک ٹرانسپورٹ میں سانپ لئے بیٹھا ہے۔

    انسٹاگرام پر شیئر کیے گئے کلپ میں ایک شخص کو سانپ کے ہمراہ دیکھا جاسکتا ہے، جبکہ دوسرا شخص اسے اپنی گردن پر لٹکائے کھڑا ہے، ویڈیو میں سانپ کو آہستہ آہستہ اپنے مالک کی طرف بڑھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

    اگرچہ اس شخص کے اس عمل سے زیادہ تر لوگ خوف کھائے ہوئے ہیں، جبکہ ایک عورت بہت زیادہ فکرمند ہے کہ کہیں سانپ حملہ نہ کردے، تاہم، وہ کوئی ردِ عمل ظاہر نہیں کرتی بلکہ اپنا حوصلہ برقرار رکھنے کی کوشش کرتی ہے۔

    جیسے ہی اس کلپ کو انسٹاگرام پر اپ لوڈ کیا گیا، اسے صارفین کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا سامنا کرنا پڑا۔ بہت سے لوگ پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے اس قسم کے جانوروں کی نقل و حمل کو غیر قانونی اور خطرناک سمجھتے ہیں۔

    لاش کی اطلاع پر پہنچنے والی پولیس بیوقوف بن گئی، ویڈیو وائرل

    انسٹا گرام پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو پر 23.4 کمنٹس موصول ہوچکے ہیں، جبکہ آراء دینے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

  • ویڈیو: کیبل وائر پر سے سانپ گزرنے کے منظر نے ٹریفک جام کروا دیا

    ویڈیو: کیبل وائر پر سے سانپ گزرنے کے منظر نے ٹریفک جام کروا دیا

    حیدرآباد: بھارتی شہر حیدرآباد میں ایک سڑک کے اوپر گزرنے والی کیبل وائر پر سے ایک سانپ کے گزرنے کے منظر نے ٹریفک جام کروا دیا۔

    بھارت میں حیدرآباد شہر کے علاقے لبرٹی چوک کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے، جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، ویڈیو میں ایک کیبل وائر پر سے گزرتے سانپ کو دیکھا جا سکتا ہے۔

    منظر دیکھ کر راہگیروں میں سنسنی پھیل گئی تھی، حمایت نگر، لبرٹی چوک کے پاس لوگوں نے دیکھا کہ ایک سانپ کیبل کے تاروں سے سگنل کے کھمبے کی طرف جا رہا تھا، منظر دیکھ کر بڑی تعداد میں لوگ وہاں جمع ہو کر ٹھہر گئے۔

    موٹر سائیکل اور گاڑیوں میں سوار افراد نے بھی اپنی اپنی گاڑیاں سڑک پر روک دیں، اور یہ منظر دیکھنے لگے، انھوں نے اس منظر کو اپنے کیمروں میں قید بھی کیا۔

    معلوم ہوا ہے کہ اس واقعے کی وجہ سے لبرٹی چوک پر ایک گھنٹے تک ٹریفک جام رہا، جب سانپ سگنل کے کھمبے سے اتر کر ساتھ والی خالی عمارت میں چلا گیا، تو پولیس نے ٹریفک کو بحال کیا۔

  • سانپ کو انتہائی مہارت سے بوتل میں بند کرنے کی ویڈیو وائرل

    سانپ کو انتہائی مہارت سے بوتل میں بند کرنے کی ویڈیو وائرل

    سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوری ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص انتہائی مہارت کے ساتھ سانپ کو پلاسٹک کی بوتل میں بند کررہا ہے۔

    انٹرنیٹ ہال آف فیم کے نام سے ایک صفحہ کے ذریعے X پر پوسٹ کئے گئے مختصر کلپ کو اب تک تقریباً 3ملین کے قریب لوگ دیکھ چکے ہیں۔

    یہ کام اتنا آسان نہیں تھا جسے اس باکمال شخص نے انتہائی مہارت کے ساتھ مکمل کیا، وہ آہستہ آہستہ ثابت قدمی سے سانپ کو بوتل میں بند کرنے میں کامیاب ہوگیا۔

    اس دوران سانپ نے اس پر حملہ کرنے کی کوشش کی لیکن سانپ اپنی کوشش میں ناکام رہا، سانپ کا سر بوتل کے اندر دھکیلنے کے بعد اس نے آہستہ آہستہ اس کی دم کو جار میں دھکیل دیا اور بوتل کو بند کردیا۔

    اس دوران قریب کھڑے لوگ کافی بے چین دکھائی دیئے، کیونکہ وہ اس کے انتظار میں تھے کہ سانپ کیسے قابو میں آئے گا۔

  • چھت کے پنکھے سے سانپ آدمی پر گر گیا، رونگٹے کھڑی کرنے والی ویڈیو

    چھت کے پنکھے سے سانپ آدمی پر گر گیا، رونگٹے کھڑی کرنے والی ویڈیو

    چھت پر چلتے ہوئے پنکھے سے سانپ اڑتا ہوا نیچے موجود شخص پر جا گرا، خوف ناک ویڈیو  نے دیکھنے والوں کے رونگٹے کھڑے کر دیے۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چھت پر لگے چلتے ہوئے پنکھے کے پروں سے ٹکرا کر سانپ اڑتا ہوا نیچے کھڑے شخص پر جا گرا۔ ویڈیو میں نظر آرہا ہے کہ چھت اور پنکھے کے درمیان موجود خلا سے ایک سانپ نکل کر پنکھے کے گرد لپٹ رہا ہے جب کہ نیچے ایک شخص اس کی ویڈیو بنا رہا ہے۔

    پنکھا چلنے کے دوران نیچے آنے کی کوشش میں سانپ کا سر پنکھے کے پروں سے ٹکرا گیا، اور پھر کچھ دیر تک وہ پروں میں پھنس گیا اور اس کے بعد اڑ کر ویڈیو بنانے والے شخص پر جا گرا، اس ویڈیو کو اب تک سوشل میڈیا پر نصف ملین سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں۔

    ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ گھروں میں چھپے سانپ نے لوگوں کو مشکلات میں ڈالا ہے۔ اس سے قبل امریکی ریاست کنساس میں ایک شخص کے گھر کے احاطے سے 6 فٹ لمبا سانپ برآمد ہوا تھا۔ بڑے سائز کے برازیلی نسل کے اس سانپ نے خود کو صوفے میں چھپایا ہوا تھا۔

    اس رہائشی شخص کا کہنا تھا کہ وہ پچھلے چار سال سے اس مکان میں رہائش پذیر ہیں تاہم اس نے کبھی یہ نہیں سوچا تھا اس علاقے میں اتنا بڑا سانپ بھی موجود ہو سکتا ہے۔

  • سانپ کو رسی کی طرح گھما کر مارنے والا شخص گرفتار

    سانپ کو رسی کی طرح گھما کر مارنے والا شخص گرفتار

    کینیڈا کی ایک سڑک پر اس وقت ایک حیران کن منظر دیکھنے میں آیا جب بیچ سڑک پر لڑتے ہوئے دو افراد میں سے ایک نے پالتو سانپ نکالا اور اسے لہرا لہرا کر اپنے حریف کو اس سے مارنا شروع کردیا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل یہ ویڈیو کینیڈا کے شہر ٹورنٹو کی ہے، ویڈیو میں دو افراد کو ایک دوسرے سے گتھم گتھا دیکھا جاسکتا ہے۔

    ان میں سے ایک شخص کے ہاتھ میں رسی نما کوئی شے ہے جسے لہرا کر وہ اپنے حریف پر وار کر رہا ہے۔

    غور سے دیکھنے پر علم ہوا کہ وہ کوئی رسی نہیں بلکہ پائتھون سانپ ہے جو اس شخص کا پالتو تھا۔

    اسی دوران ایک پولیس کی گاڑی وہاں آ کر رکتی ہے اور دونوں کو زمین پر لیٹنے کا حکم دیتی ہے۔

    پولیس نے سانپ لہرانے والے شخص کو گرفتار کرلیا اور اس پر مندرجہ ذیل چارجز لگائے گئے ہیں۔

    خطرناک جانور کی سرعام نمائش اور لوگوں کو اس سے خوفزدہ کرنا۔

    جانور کو تکلیف پہنچانا۔

    ایک شخص پر حملہ اور اس کی جان لینے کی کوشش کرنا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اس ویڈیو پر لوگوں نے مختلف کمنٹس کیے اور اس شخص کو نہایت تنقید کا نشانہ بنایا۔

  • ویڈیو: سانپ نے سی اے اے دفتر میں کھلبلی مچا دی

    ویڈیو: سانپ نے سی اے اے دفتر میں کھلبلی مچا دی

    سکھر: سول ایوی ایشن اتھارٹی کے دفاتر زہریلے سانپوں کے نشانے پر آ گئے، سکھر کے دفتر میں سانپ نے گھس کر ملازمین میں کھلبلی مچا دی۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر ایئر پورٹ پر شعبہ فائر میں سانپ گھسنے سے سی اے اے ملازمین خوف و ہراس کا شکار ہو گئے، تاہم ملازمین نے ہمت دکھاتے ہوئے لکڑیوں سے سانپ کو مار دیا۔

    سانپ گھسنے کے بعد سی اے اے ملازمین دفتر خالی کر کے باہر نکل گئے تھے، سانپ سی اے اے کے شعبہ فائر کے دفتر کی کھڑکی سے داخل ہوا تھا، بڑی کوششوں کے بعد سی اے اے ملازمین نے ڈنڈے اور لاٹھی سے اسے مارا۔

    سانپ زہریلا بتایا جا رہا ہے، کراچی سمیت ملک بھر کے ایئر پورٹس پر کئی بار سانپ دیکھے گئے ہیں، بارشوں کے بعد سے گھاس اور جھاڑیوں میں سے سانپ سی اے اے دفاتر اور رن ویز پر دیکھے جاتے ہیں۔

    سیدو شریف ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن ایک سال سے معطل، کروڑوں‌ کا مالی نقصان

    ذرائع سی اے اے کے مطابق سول ایوی ایشن کے کسی بھی فائر اسٹیشن پر سانپ کے ڈسنے کی کٹ دستیاب نہیں ہے۔

  • کمرے سے سانپ برآمد ہونے پر گھر والوں کے ہوش اڑ گئے

    کمرے سے سانپ برآمد ہونے پر گھر والوں کے ہوش اڑ گئے

    برمنگھم: برطانیہ میں ایک گھر کے آرام کمرے سے سانپ برآمد ہونے پر گھر والوں پر دہشت طاری ہو گئی۔

    برطانیہ اور آسٹریلیا کے خاندانوں کے لیے ٹوائلٹس اور گارڈنز میں سانپوں کو دیکھنا کوئی غیر معمولی بات نہیں ہے، تاہم معاملہ اس وقت واقعی خوف ناک ہو سکتا ہے جب سانپ بیڈ روم یا آرام کمرے میں ظاہر ہو جائے۔

    ایسا ہی واقعہ برطانوی شہر برمنگھم کے ہوج ہل علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک خاندان کے ساتھ پیش آیا، آرام کمرے کے فرش پر 5 فٹ لمبے سانپ کو دیکھ کر گھر والوں کے ہوش اڑ گئے۔

    گھر کے مالک شخص نے سانپ دیکھ کر اپنے بچوں کو گھر کے دوسرے کمرے میں لے جا کر محفوظ کر دیا اور پھر ایمرجنسی سروسز کو کال کی، لیکن بدقسمتی سے جانوروں کے تحفظ کے محکمے کی جانب سے کہا گیا کہ وہ صبح تک ان کی کوئی مدد نہیں کر سکیں گے۔

    محکمے سے جواب ملنے کے بعد گھر کے مالک نے پولیس سے مدد طلب کر لی، جس پر کچھ ہی دیر میں پولیس اہل کار پہنچ گئے، اور انھوں نے گھر کے لیوِنگ روم سے 5 فٹ لمبا سانپ پکڑ کر نکال لیا، ریسکیو کی جانب سے اس کی تصاویر بھی آن لائن شیئر کی گئیں۔

    ریسکیو اہل کاروں نے جب کمرے کی تلاشی لی تو سانپ صوفے کے نیچے چھپا ہوا ملا، یہ سیاہ اور سفید رنگ کا بڑا سانپ تھا۔

    اہل کاروں نے سانپ کو پہلے گریبر سے پکڑا، اور پھر اسے تکیے کے غلاف میں ڈال دیا، بعد ازاں اسے پنجرے میں منتقل کیا گیا، اہل کاروں کا خیال تھا کہ یہ سانپ گھر میں پائپ سسٹم کے ذریعے ہی داخل ہوا ہوگا۔

    مڈلینڈز پولیس نے ایک بیان میں کہا ہمارے کال سینٹر کے عملے میں سے ایک اہل کار سانپوں سے متعلق مہارت رکھتے ہیں، جو یونیورسٹی آف برٹش کولمبیا میں جانوروں کی تحقیق میں کام کر چکے ہیں، انھوں نے ہمیں سانپ کی ممکنہ قسم اور اس سے نمٹنے کے بارے میں کارآمد مشورہ دیا تھا۔